Tag: جنرل راحیل شریف

  • 1965، پاک بھارت جنگ کے ہیرو میجرعزیز بھٹی کا 96 واں جنم دن

    1965، پاک بھارت جنگ کے ہیرو میجرعزیز بھٹی کا 96 واں جنم دن

    سنہ 1965 کی پاک بھارت جنگ میں دفاعِ وطن کی خاطر اگلے مورچوں پر اپنی قربان کرنے والے میجر عزیز بھٹی شہید نشان حیدر کی آج96 ویں سالگرہ ہے ۔

    شہید راجہ عزیز بھٹی 6 اگست1923 کو ہانگ کانگ میں پیدا ہوئے، وہ اکیس جنوری 1948 میں پاک فوج میں شامل ہوئے تو انہیں پنجاب رجمنٹ میں کمیشن دیا گیا، انہوں نے بہترین کیڈٹ کے اعزاز کے علاوہ شمشیرِاعزازی و نارمن گولڈ میڈل حاصل کیا اور ترقی کرتے ہوئے انیس سو چھپن میں میجر بن گئے۔

    سن 1965 میں بھارت نے پاکستان کی جانب پیش قدمی کی کوشش کی تو قوم کا یہ مجاہد سیسہ پلائی ہوئی دیوار ثابت ہوا، سترہ پنجاب رجمنٹ کے 28 افسروں سمیت عزیز بھٹی شہید نے دشمن کے دانت کھٹے کر دیے۔

    6 ستمبر 1965ء کو جب بھارت نے پاکستان پر حملہ کیا تو میجر عزیز بھٹی لاہور سیکٹر میں برکی کے علاقے میں ایک کمپنی کی کمان کر رہے تھے۔ اس کمپنی کے دو پلاٹون بی آر بی نہر کے دوسرے کنارے پر متعین تھے۔ میجر عزیز بھٹی نے نہر کے اگلے کنارے پر متعین پلاٹون کے ساتھ آگے بڑھنے کا فیصلہ کیا۔

    ان حالات میں جب کہ دشمن تابڑ توڑ حملے کر رہا تھا اور اسے توپ خانے اور ٹینکوں کی پوری پوری امداد حاصل تھی۔ میجر عزیز بھٹی اور ان کے جوانوں نے آہنی عزم کے ساتھ لڑائی جاری رکھی اور اپنی پوزیشن پر ڈٹے رہے۔

    9 اور 10 ستمبر کی درمیانی رات کو دشمن نے اس سارے سیکٹر میں بھرپور حملے کے لیے اپنی ایک پوری بٹالین جھونک دی۔ میجر عزیز بھٹی کو اس صورت حال میں نہر کے اپنی طرف کے کنارے پر لوٹ آنے کا حکم دیا گیا مگر جب وہ لڑ بھڑ کر راستہ بناتے ہوئے نہر کے کنارے پہنچے تو دشمن اس مقام پر قبضہ کرچکا تھا تو انہوں نے ایک انتہائی سنگین حملے کی قیادت کرتے ہوئے دشمن کو اس علاقے سے نکال باہر کیا اور پھر اس وقت تک دشمن کی زد میں کھڑے رہے جب تک ان کے تمام جوان اور گاڑیاں نہر کے پار نہ پہنچ گئیں۔

    انہوں نے نہر کے اس کنارے پر کمپنی کو نئے سرے سے دفاع کے لیے منظم کیا۔ دشمن اپنے چھوٹے ہتھیاروں‘ ٹینکوں اور توپوں سے بے پناہ آگ برسا رہا تھا مگر راجا عزیز بھٹی نہ صرف اس کے شدید دباؤ کا سامنا کرتے رہے بلکہ اس کے حملے کا تابڑ توڑ جواب بھی دیتے رہے۔

    میجر عزیز بھٹی کا لوح ِ مزار

    میجرراجہ عزیز بھٹی بارہ ستمبر کو صبح کے ساڑھے نو بجے دشمن کی نقل وحرکت کا دوربین سے مشاہدہ کررہے تھے کہ ٹینک کا ایک فولاد ی گولہ ان کے سینے کو چیرتا ہوا پار ہوگیا ، انہوں نے برکی کے محاذ پر جام شہادت نوش کیا۔

    میجرراجہ عزیز بھٹی کی جرات و بہادری پر انہیں نشان حیدر سے نوازا گیا، راجا عزیز بھٹی شہید یہ اعزاز حاصل کرنے والے پاکستان کے تیسرے سپوت تھے۔

    راجہ عزیز بھٹی شہید اس عظیم خاندان کے چشم و چراغ تھے کہ جس سے دو اور مشعلیں روشن ہوئیں، ایک نشان حیدر اور نشان جرات پانے والے واحد فوجی محترم میجر شبیرشریف جب کہ دوسرے جنرل راحیل شریف جو سابق آرمی چیف رہ چکے ہیں اور اب 41 ملکوں کے اسلامی اتحاد کی قیادت کررہے ہیں۔

  • اسلامی فوجی اتحاد کے قیام کا مقصد دہشت گردی کا خاتمہ ہے، جنرل راحیل شریف

    اسلامی فوجی اتحاد کے قیام کا مقصد دہشت گردی کا خاتمہ ہے، جنرل راحیل شریف

    ریاض: پاک فوج کے سابق سپہ سالار اور اسلامی فوجی اتحاد کے سربراہ جنرل راحیل شریف نے کہا ہے کہ سعودی عرب کے فوجی اتحاد کا بنیادی مقصد دہشت گردی کا خاتمہ کرنا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی گزشتہ روز 5 روزہ سرکاری دورے پر 8 رکنی وفد کے ہمراہ سعودی عرب پہنچے، کنگ خالد  ائیرپورٹ ریاض پر سعودی شوریٰ کونسل  کے اسسٹنٹ اسپیکر ڈاکٹر عبداللہ الثمن، سعودی سفیر نواف المالکی اور قائم مقام سفیر ذیشان احمد سمیت دیگر حکام نے پاکستانی وفد کا استقبال کیا۔

    چیئرمین سینیٹ اپنے وفد کے ہمراہ اسلامی فوجی اتحاد برائے انسداد دہشت گردی (IMCTC) کے ہیڈکوارٹر پہنچے جہاں اُن کا استقبال کمانڈر جنرل راحیل شریف نے کیا۔

    جنرل راحیل شریف نے اسلامی اتحاد کی کارکردگی اور اغراض و مقاصد پر بریفنگ دی۔ انہوں نے بتایا کہ ’اس ادارے کے قیام کا بنیادی مقصد دہشت گردی کا خاتمہ اور اس کا مقابلہ کرنا ہے‘۔ اسلامی اتحاد کے سربراہ کا کہنا تھا کہ ’یہ فوج کسی ملک، قوم، فرقے کے خلاف کارروائی کے لیے نہیں بنائی گئی‘۔

    مزید پڑھیں: پاکستانی فوج دنیا کی عظیم فوج ہے ، سابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف

    سینیٹ کے چئیرمین نے اپنے وفد کے ہمراہ  ریاض میں قائم سعودی شوریٰ کونسل کے اسپیکر عبداللہ بن محمد الشیخ سے ملاقات کی جس میں پاک سعودی فرینڈ شپ گروپ کے سربراہ عبداللہ الحربی اور دیگر ارکان  بھی موجود تھے۔

    دوران ملاقات دو طرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی سمیت دیگر امور پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔ اس موقع پر چیئرمین سینیٹ کا کہنا تھا کہ ’سعودی عرب نے مشکل کی ہر گھڑی میں پاکستان کا ساتھ دیا، پاکستانی عوام اور حکومت سعودی حکومت کے اقدامات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے‘۔

    اس موقع پر پاکستانی وفد نے شوریٰ کی براہ راست کارروائی بھی دیکھی۔

    بعد ازاں صادق سنجرانی نے مسک فاؤنڈیشن کے مرکزی دفتر کا دورہ کیا جہاں اُن کا استقبال سربراہ بدرالدین قاحیل نے کی اور ادارے کے اغراض و مقاصد سے آگاہ کیا۔

    یہ بھی پڑھیں: سعودی عرب: اسلامی فوجی اتحاد کا افتتاحی اجلاس، راحیل شریف کا خطاب

    بدرالدین نے بتایا کہ ’سعودی ولی عہد محمد بن سلمان مسک فاؤنڈیشن کے بانی ہیں، اس ادارے کے قیام کا مقصد سعودی نوجوانوں کو مستقبل کے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے تیار کرنا اور انہیں مختلف شعبوں میں تربیت دینا ہے۔

    چئیرمین سینیٹ نے ولی عہد محمد بن سلمان کے وژن 2030 کی تعریف کی اور اس خواہش کا اظہار کیا کہ پاکستانی نوجوانوں کو بھی اس کاوش میں شامل کیا جائے۔

  • جنرل راحیل شریف اپنے دفتر سے لاہور روانہ

    جنرل راحیل شریف اپنے دفتر سے لاہور روانہ

    راولپنڈی : جنرل راحیل شریف نے نئی روایت کام کرتے ہوئے فوج کی کمان چھوڑتے ہی آرمی ہاؤس کو بھی خیر باد کہہ دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق آج باضابطہ طور نئے آرمی چیف کو کمان دینے کے بعداپنے عہدے سے ریٹائرمنٹ ہوں گئے جس کے بعد نئی روایت قائم کرتے ہوئے سابق آرمی چیف نے فوری طور پر آرمی ہاؤس خالی کردیا ہے وہ تقریب کے بعد آرمی ہاؤس کے بجائے اپنے دفتر گئے اور وہاں سے ذاتی سامان لے کر لاہور روانہ ہوگئے ہیں۔

    اسی سے متعلق : جنرل قمر جاوید باجوہ نے پاک فوج کی کمان سنبھال لی

    ذرائع کے مطابق ریٹائرڈ جنرل راحیل شریف نے اپنی مدتِ ملازمت پوری ہونے سے دو ہفتے قبل ہی اپنا سامان آرمی ہاؤس سےلاہور منتقل کردیا تھا جہاں وہ اپنی اہلِ خانہ کے ہمراہ ذاتی گھر میں رہائش پذیر ہوں گے۔

    واضح رہے جنرل راحیل شریف آج اپنے عہدے ریٹائرڈ ہو گئے ہیں اور پاک افواج کی کمان نئے سپہ سالار جنرل قمرجاوید باجوہ نے ایک پُروقار تقریب میں سنبھال لی ہے۔

    جنرل راحیل شریف نے عوام کی پُرجوش مطالبے کے باوجود نہ تو مدتِ ملازمت میں توسیع لی اور نہ ہی کوئی دوسرا عہدہ قبول کیا،آپریشن ضربِ عضب اور کراچی میں آپریشن کے ذریعے امن قائم کرنے پر جنرل راحیل شریف نے خوب عوامی پذیرائی حاصل کی تھی۔

  • جنرل راحیل نے یقین دلادیا، کراچی آپریشن جاری رہے گا، ممنون حسین

    جنرل راحیل نے یقین دلادیا، کراچی آپریشن جاری رہے گا، ممنون حسین

    اسلام آباد: صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ آرمی چیف نے یقین دلایا ہے کہ کراچی آپریشن سمیت مقاصد کے حصول تک تمام آپریشن جاری رہیں گے۔

    یہ بات انہوں نے ایوان صدر میں آرمی چیف کے اعزاز میں منعقدہ عشایے سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

    قبل ازیں آرمی چیف جنرل راحیل شریف ایوان صدر پہنچے جہاں ان کا استقبال کیا گیا۔

    عشایے میں پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل ذکا اللہ، پاک فضائیہ کے سربراہ سہیل امان،وفاقی وزرا، مشیران، معاون خصوصی اور سروسز چیفس سمیت پاک فوج کے جنرلز، لیفٹیننٹ جنرل اور خفیہ اداروں کے افسران نے بھی شرکت کی۔


    یہ بھی پڑھیں: راحیل شریف کو قابلیت کے باعث آرمی چیف بنایا، نواز شریف، الوداعی تقریب سے خطاب


    آرمی چیف نے ایوان صدر آتے ہی صدر ممنون حسین سے ون ٹو ون ملاقات کی اور مختلف امور پر تبادلہ ِخیال کیا۔

    صدر مملکت نے کہا کہ مجھے کراچی میں امن کے حوالے سے خدشات تھے تاہم جنرل راحیل شریف نے یقین دہانی کرائی ہے کہ مقاصد کے حصول تک سارے آپریشن جاری رہیں گے اسی طرح کراچی آپریشن بھی جاری رہے گا، آپریشن ضرب عضب میں جنرل راحیل شریف کا بہت بڑا کردار ہے۔

    raheel1

    انہوں نے جنرل راحیل کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ آرمی چیف لوگوں کے لیے ایک مثال بنیں گے، بلوچستان اور کراچی آپریشن تاریخ کا سنہرا باب ہے، جنرل راحیل شریف کو عزت و قار کے ساتھ الوداع کہہ رہے ہیں، وہ آئندہ بھی لوگوں کی فلاح و بہبود کے لیے کام کرتے رہیں گے، انسداد دہشت گردی اور بدامنی کے خاتمے کے لیے ان کی خدمات قابل تعریف ہیں۔

    raheel2

    صدر ممنون حسین نے مزید کہا کہ سی پیک منصوبہ خطے کے لیے اہم ہے،بہت سے ممالک سی پیک میں شمولیت چاہتے ہیں،

    raheel3

    آرمی چیف 29 نومبر کو ریٹائرڈ ہوجائیں گے جس کے لیے کئی رو ز سے ان کی ملاقاتیں جاری ہیں۔ راحیل شریف وہ دوسرے آرمی چیف ہیں جنہوں نے اپنی مدت ملازمت میں توسیع لینے سے انکار کیا تھا، توسیع لینے سے انکار کرنے والے پہلے آرمی چیف جنرل وحید کاکڑ تھے۔

  • وزیراعظم ہاؤس میں آرمی چیف کےاعزازمیں الوداعی تقریب ہوگی

    وزیراعظم ہاؤس میں آرمی چیف کےاعزازمیں الوداعی تقریب ہوگی

    اسلام آباد: آرمی چیف جنرل راحیل شریف کے اعزاز میں وزیراعظم ہاؤس میں الوداعی تقریب آج ہورہی ہے۔

    تفصیلات کےمطابق وزیراعظم نوازشریف آرمی چیف جنرل راحیل شریف کووزیراعظم ہاؤس میں الوداعیہ دیں گے۔ذرائع کاکہناہےکہ وزیراعظم اورآرمی چیف میں ون آن ون ملاقات میں نئےآرمی چیف کی تقرری کےلیےبھی مشاورت ہوگی۔

    خیال رہےکہ آرمی چیف کے لیے وزارت دفاع کی جانب سےسمری وزیراعظم ہاؤس کو موصول ہوگئی ہے۔

    وزیراعظم چیئرمین جوائنٹ چیف آف اسٹاف کمیٹی اور آرمی چیف کا تقرر ایک ساتھ کریں گے۔لیفٹننٹ جنرل زبیر حیات کا نام سینیارٹی لسٹ میں سرفہرست ہے۔ وہ اس وقت چیف آف جنرل اسٹاف کے عہدے پر فائز ہیں۔

    فہرست میں دوسرانام کورکمانڈر ملتان لیفٹیننٹ جنرل اشفاق ندیم کا ہے۔ضرب عضب کاخاکہ تیارکرنےکاسہرابھی انہی کےسرہے۔بہاولپورکےکورکمانڈرلیفٹیننٹ جنرل جاوید اقبال رمدےکانام بھی آرمی چیف کےلیےزیرغورہے۔

    جی ایچ کیو میں انسپکٹرجنرل آف ٹریننگ اینڈایوولوشن لیفٹیننٹ جنرل قمرجاویدباجوہ کانام بھی سینیارٹی لسٹ میں شامل ہے۔قمر باجوہ پاک فوج کی سب سے بڑی دسویں کورکی کمانڈکرچکےہیں۔

    یاد رہے کہ گزشتہ روز وزیراعظم نوازشریف کی جانب سے چیئرمین جوائنٹ چیف آف اسٹاف کمیٹی جنرل راشد محمود کے اعزاز میں ظہرانہ دیا گیا تھاجس میں پاک بحریہ، پاک فضائیہ اور قومی سلامتی کے مشیر ناصر جنجوعہ نے شرکت کی تھی۔

    واضح رہےکہ اس موقع پر وزیراعظم نواز شریف کا کہناتھاکہ جنرل راشد محمود کی ملک کے لیےخدمات پر فخر ہے۔انہوں نے کہاجنرل راشد محمود اپنے کیرئیر کے دوران سچے سپاہی ثابت ہوئے اور ان کا کردارآنے والوں کے لیے مشعل راہ ہے۔

  • بلوچستان کی فضا بدل چکی، فراری کمانڈرز ہتھیار ڈال رہے ہیں، راحیل شریف

    بلوچستان کی فضا بدل چکی، فراری کمانڈرز ہتھیار ڈال رہے ہیں، راحیل شریف

    کوئٹہ: آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے کہا ہے کہ بلوچستان کے عوام نے غیر ملکی مدد سے ہونے والی دہشت گردی مسترد کردی، پاک فوج نے عوام کی مدد سے دہشت گردوں کا نیٹ ورک توڑ دیا، بلوچستان کی فضا بدل چکی، فراری کمانڈرز اب ہتھیار ڈال رہے ہیں۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے کوئٹہ میں سدرن کمانڈ اور ایف سی افسران وجوانوں کے مشترکہ دربار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

    پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر) کے مطابق انہوں نے کہا کہ اب بلوچستان کی فضا بدل چکی ہے، بڑی تعداد میں فراری کمانڈرز ہتھیار ڈال رہے ہیں، پاک فوج بلوچستان میں قیام امن کے لیے وفاقی اور سندھ حکومت سے مکمل تعاون کررہی ہے۔

    جنرل راحیل شریف کا کہنا تھا کہ بلوچستان کے دوردراز علاقوں میں صوبائی حکومت کی مدد سے ترقی کے کام کو آگے بڑھایا گیا ہے، سدرن کمانڈ ون، ایف ڈبلیو او،اور این ایل سی کی بہترین کارکردگی کی بدولت ایک ہزار کلو میٹر روڈ مکمل ہوا، روڈ نیٹ ورک کی تکمیل سے سی پیک مقررہ وقت میں آپریشنل ہوا۔

    آرمی چیف کا کہنا تھا کہ بہتر سیکیورٹی صورتحال کے لیے حکومت کے ساتھ کام کرتے رہیں گے، صوبائی حکومت کی معاونت اور ترقیاتی کام اولین ترجیح رہے ،ان ترجیحات کی وجہ سے ہرماہ بلوچستان کا دورہ کیا۔

    انہوں نے کہا کہ سی پیک پاکستان کو خوشحالی کے دور میں داخل کرے گا ،گوادر اور سی پیک کے فوائد عام آدمی تک پہنچیں گے۔

    آرمی چیف نے کہا کہ گوادر پورٹ اور سی پیک عام آدمی کے لئے امید کی کرن ہے۔

    قبل ازیں آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے اپنے الوادعی دورہ کوئٹہ میں یادگارِ شہداء پر حاضری دی اور اور ان کی قبور پر پھولوں کی چادر چڑھائی۔ انہوں نے سدرن کمانڈ ،فرنٹیئر کور بلوچستان کے افسران سے بھی ملاقات کی۔

  • نئے آرمی چیف کاچناؤ وزیراعظم کااستحقاق ہے، خواجہ آصف

    نئے آرمی چیف کاچناؤ وزیراعظم کااستحقاق ہے، خواجہ آصف

    اسلام آباد : وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ آرمی چیف اور دیگرسینئرافسران کی مشاورت سے نئے آرمی چیف کاچناؤ وزیراعظم کا استحقاق ہے جس کے لیے وزیراعظم کو نام بھیجوائے جائیں گے۔

    خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ قانون اور آئین کے مطابق وزیراعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف نئے آرمی چیف کی تعیناتی کا فیصلہ جنرل راحیل شریف اور دیگر افسران کی مشاورت سے نئے آرمی چیف کا فیصلہ کریں گے۔

    وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ جنرل راحیل شریف کے دور میں فوج نے بہت سی کامیابیاں حاصل کیں،دہشت گردی کے خلاف کامیاب اورموثر جنگ پاکستان کی تاریخ کا سنہری دور ہے جس میں پاکستان نے موثرانداز میں دہشت گردی کے خلاف جنگ لڑی ۔

    وفاقی وزیر دفاع نے کہا کہ آرمی چیف راحیل شریف ایک دلیر اور بہادر سپاہی ہیں اور ان کے اہلِ خانہ کی پاکستان کے لیے خدمات قابل فخر ہیں اُن کے گھر کے دو فوجی افسران نے فوج کا اعلیٰ ترین اعزاز نشانِ حیدر حاصل کیا ہے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ آرمی چیف نے اپنی خداداد صلاحیتوں اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اپنے مثبت کردار کی وجہ سے پوری دنیا میں پاکستان کا نام روشن کیا۔

  • راحیل شریف کبھی متنازع  نہیں رہے، خورشید شاہ

    راحیل شریف کبھی متنازع نہیں رہے، خورشید شاہ

    اسلام آباد : قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر سید خورشید شاہ نے کہا ہے کہ میں نے پہلے ہی کہہ دیا تھا کہ جنرل راحیل شریف توسیع نہیں لیں گے، راحیل شریف ان فوجی سربراہان میں سے ایک ہیں جو متنازع نہیں رہے۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، انہوں نے کہا کہ خورشید شاہ نے کہا ہے کہ میں نے پہلے ہی کہا تھا جنرل راحیل شریف اپنی مدت ملازمت میں توسیع نہیں لیں گے۔

    سید خورشید شاہ نے کہا کہ راحیل شریف ان فوجی سربراہان میں سے ایک ہیں جو کبھی متنازع نہیں رہے۔ آرمی چیف نے تاریخی دور گزارا۔ انہوں نے اپنے دور میں بہت سے چلینجز کا جواں مردی سے مقابلہ کیا۔

    راحیل شریف باوقار انداز میں رخصت ہو رہے ہیں، سید خورشید شاہ نے کہا کہ میری حکومت سے گزارش ہے کہ سینئر موسٹ افسران کو چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی اور آرمی چیف کے عہدوں پر ترقی دی جائے، ایسا کرنے سے فوجی افسران کا مورال بلند ہو گا۔

  • آرمی چیف کی کراچی میں درگاہ شاہ نورانیٌ کے زخمیوں کی عیادت

    آرمی چیف کی کراچی میں درگاہ شاہ نورانیٌ کے زخمیوں کی عیادت

    آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے سول اسپتال کراچی میں زخمیوں کی عیادت کی، کور کمانڈر کراچی لیفٹیننٹ جنرل نوید مختار اور ڈی جی رینجرز میجر جنرل بلال اکبر بھی ان کے ہمراہ تھے۔

    تفصیلات کے مطابق گزشتہ رات بلوچستان کے علاقے حب میں درگاہ شاہ نورانی پراندوہناک سانحے میں زخمی ہونے والوں کی مزاج پرسی کیلیے آرمی چیف جنرل راحیل شریف گوادرکا دورہ مکمل کرنے کے فوری بعد سول اسپتال کراچی پہنچ گئے، ان کے ساتھ کورکمانڈر کراچی اور ڈی جی رینجرز میجر جنرل بلال اکبر بھی موجود تھے۔


    COAS visits Shah Noorani incident victims at… by arynews

    آرمی چیف نے زخمیوں کی عیادت کی، اور فرداً فرداً  تمام زخمیوں سے ملے اور ان کی خیریت دریافت کی۔ وہ تھوڑی دیر ان کے ساتھ رہے اور ان کی داد رسی کی، آرمی چیف نے زخمیوں کے علاج معالجے کے حوالے سے انتظامئیہ کو ہدایات دیں کہ ان کو تمام تر بہترین سہولیات فراہم کی جائیں، آرمی چیف کی

     اسی سے متعلق : درگاہ شاہ نورانی میں دھماکا،65افراد جاں بحق، 100 سے زائد زخمی

    آمد کے موقع پرسیکیورٹی کے سخت انتطامات کیے گئے تھے۔

    سول اسپتال میں اس وقت سانحہ کے 23 زخمی زیرعلاج ہیں آرمی چیف نے زخمیوں کے لواحقین سے بھی ملاقات کی اور ان کو یقین دہانی کرائی کہ سانحہ میں ملوث دہشت گردوں کو گرفتار کرکے کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا اور کسی صورت دہشت گردوں کو نہیں چھوڑا جائے گا۔

    آرمی چیف کی آمد کے موقع پر سول اسپتال کے اطراف پاک فوج کے دستوں نے پوزیشن سنبھال لی تھی جبکہ پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری بھی  سول ہسپتال کے اطراف تعینات تھی۔

    یاد رہے کہ بلوچستان کے ضلع لسبیلا میں درگاہ شاہ نورانیؒ پر زور دار دھماکے کے نتیجے میں65 افراد جاں بحق جبکہ 100 سے زائد زخمی ہوئے تھے،زخمیوں میں بچوں اور خواتین کی بڑی تعاد متاثر ہوئی ہے۔

  • آپریشن ضرب عضب کی وجہ سے خطے میں امن قائم ہوا، جنرل راحیل شریف

    آپریشن ضرب عضب کی وجہ سے خطے میں امن قائم ہوا، جنرل راحیل شریف

    لاہور : آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے کہا ہے کہ آپریشن ضرب عضب کی وجہ سے خطے میں امن قائم ہوا۔
    پاک فوج نے دنیا بھر میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا۔

    یہ بات انہوں نے لاہور میں پاکستان آرمی کی پیسز انٹرنیشنل مقابلوں کی اختتامی تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہی۔

    آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ آرمی چیف جنرل راحیل شریف پیسز انٹرنیشنل مقابلوں کی اختتامی تقریب میں شرکت کیلئے لاہورکے فورٹریس اسٹیڈیم پہنچے توحاضرین نے کھڑے ہوکر تالیاں بجاکرشانداراستقبال کیا۔

    تقریب کے دوران اپنی مہارت کامظاہرہ کرنے والے جوانوں کوآرمی چیف نے تالیاں بجاکرداد دی۔ آرمی چیف جنرل راحیل شریف کا کہنا تھا کہ تقریب میں شرکت کرنے والوں اور منتظمین کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔

    دنیا کی 16 بہترین افواج نے چیمپیئن شپ میں شرکت کی،پیسز چیمپیئن شپ سے حصہ لینے والے ممالک کو قریب آنے کا موقع ملا، کھیلوں کے انعقاد سے تمام ممالک کے تعلقات مضبوط ہوں گے۔

    بعد ازاں جنرل راحیل شریف نے مقابلوں میں جیتنے والے کھلاڑیوں میں انعامات بھی تقسیم کئے۔ تقریب کے اختتام پر آرمی چیف نے کھلاڑیوں کے ساتھ مصافحہ کیااورتصاویر بھی بنوائیں۔