Tag: جنرل زبیر حیات

  • بھارت میں مسلمان مدد کے لیے پاکستان کی طرف دیکھ رہے ہیں: جنرل زبیر حیات

    بھارت میں مسلمان مدد کے لیے پاکستان کی طرف دیکھ رہے ہیں: جنرل زبیر حیات

    اسلام آباد: چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل زبیر محمود حیات نے کہا ہے کہ بھارتی ہندوتوا نظریہ جنوبی ایشیا کے امن کے لیے خطرہ ہے، بھارتی معاشرہ انتہا پسندی کی طرف جا رہا ہے، بھارت میں مسلمان مدد کے لیے پاکستان کی طرف دیکھ رہے ہیں۔

    ان خیالات کا اظہار وہ اسلام آباد میں سینٹر فار ایرو اسپیس اینڈ سیکیورٹی اسٹڈیز کے زیر اہتمام منعقدہ سیمینار سے خطاب میں کر رہے تھے، انھوں نے کہا جنوبی ایشیا کے امن و استحکام کو نئے چیلنجز درپیش ہیں، بھارت کا بڑھتا جنگی جنون دنیا کے لیے لمحہ فکریہ ہے، بھارت دنیا میں ہتھیاروں کی دوڑ میں اضافہ کر رہا ہے۔

    جنرل زبیر محمود حیات کا کہنا تھا بھارت نے کشمیر میں ظلم و ستم کا بازار گرم کر رکھا ہے، لیکن کشمیری آج بھی پاکستانی جھنڈے میں دفن ہوتے ہیں۔

    جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی کے چیئرمین نے کہا عالمی سطح پر معاشی، طبقاتی تفریق بڑھ رہی ہے، پاپولر ازم اور بڑھتی ہوئی انتہا پسندانہ سوچ بھی المیہ ہے، قوموں کے درمیان تعلقات سیاسی تناظر کی بنیاد پر بدلتے ہیں، دنیا میں بڑھتی ہوئی انتہا پسندی بھی لمحہ فکریہ ہے۔

    جنرل زبیر نے ملکی معیشت کے حوالے سے کہا کہ پاکستان کی معاشی صورت حال توجہ کی طلب گار ہے، دوسری طرف عالمی گورننس اور معیشت ترقی کے مراحل طے کر رہی ہے۔

    انھوں نے کہا کہ پاکستان کو سیکیورٹی خطرات لا حق ہیں، بھارت کے دفاعی اخراجات دگنا ہو گئے ہیں، بھارت دنیا کے بڑے اسلحہ خریداروں میں شامل ہے، بھارت کے دفاعی بجٹ کا بڑھنا ایک خطرہ ہے، جنوبی ایشیا کی سیکیورٹی ایک چیلنج کی شکل اختیار کر گئی ہے۔

    جنرل زبیر حیات کا کہنا تھا جنوبی ایشیا میں سیکیورٹی مسائل مسئلہ کشمیر سے جڑے ہیں، پلوامہ واقعہ ایک سازش تھی جو ناکام ہوئی، بھارت جو نتائج پلوامہ واقعے سے حاصل کرنا چاہتا تھا نہیں کر سکا۔

  • چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی کا نیول ہیڈ کوارٹرز کا دورہ

    چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی کا نیول ہیڈ کوارٹرز کا دورہ

    کراچی: چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل زبیر محمود حیات نے نیول ہیڈ کوارٹرز کا دورہ کیا۔ نیول چیف ایڈمرل ذکا اللہ نے کہا کہ جنرل زبیر حیات کی کمانڈ میں پاکستان کی مسلح افواج مزید ترقی کریں گی اور اپنا بااثر تشخص برقرار رکھیں گی۔

    ترجمان پاک بحریہ کے مطابق نیول ہیڈ کوارٹرز آمد پر نیول چیف ایڈ مرل ذکا اللہ نے چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی کا استقبال کیا۔ پاک بحریہ کے چاک و چوبند دستے نے معزز مہمان کوسلامی پیش کی۔

    جنرل زبیر محمود حیات نے نیول چیف سے ملاقات کی۔ چیئرمین کو پاک بحریہ کے کردار اور بحر ہند میں پاک بحریہ کی آپریشنل تیاریوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی نے بحریہ کی آپریشنل تیاریوں پر اطمینان کا اظہار کیا۔

    جنرل زبیر محمود حیات نے جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی کی کمان سنبھال لی *

    جنرل زبیر حیات نے نیول چیف سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی بحری سرحدوں کے دفاع کو ناقابل تسخیر بنانے میں پاک بحریہ کا کردار لائق تحسین ہے۔

    اس موقع پر نیول چیف کا کہنا تھا کہ آپریشنل اور دیگر انٹر سروسز امورکی انجام دہی اور باہمی تعاون و یکجہتی کو مزید بڑھانے کے لیے اپنی کاوشیں جاری رکھیں گے۔