Tag: جنرل قمر جاوید باجوہ

  • خواتین یونیفارم  میں ہوں یا گھرمیں ان کا کردار قابلِ فخرہے،آرمی چیف

    خواتین یونیفارم میں ہوں یا گھرمیں ان کا کردار قابلِ فخرہے،آرمی چیف

    راولپنڈی : آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا خواتین کے عالمی دن پر کہنا ہے کہ خواتین یونیفارم میں ہوں یا گھرمیں ان کا کردار قابلِ فخرہے۔

    تفصیلات کے مطابق ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور کا سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر کہنا ہے کہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے خواتین کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ ملک کی ترقی میں خواتین کاخصوصی کردار اور ذمہ داری ہے ہمیں خواتین کے کردار پر فخر ہے۔

    آرمی چیف کا کہنا تھا کہ خواتین یونیفارم میں ہوں یا گھرمیں ان کا کردار قابلِ فخرہے۔

    خیال رہے کہ دنیا بھر میں آج خواتین کا عالمی دن نہایت جوش و جذبے اور ادب و احترام سے منایا جارہا ہے۔

    خواتین نے دنیا کے ہر میدان میں مردوں کے شانہ بشانہ جدوجہد کرکے ثابت کیا ہے کہ ان کی شمولیت کے بغیرکوئی بھی معاشرہ ترقی کی راہ پرگامزن نہیں ہوسکتا۔ خواتین کی معاشرے میں اسی اہمیت کواجاگرکرنے کے لیے یہ دن منایا جاتا ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • بلوچستان کے عوام کا بنیادی سہولیات پر اتنا ہی حق ہے ، جتنا ملک کے دیگر علاقوں کے لوگوں کا ہے، آ رمی چیف

    بلوچستان کے عوام کا بنیادی سہولیات پر اتنا ہی حق ہے ، جتنا ملک کے دیگر علاقوں کے لوگوں کا ہے، آ رمی چیف

    تربت : پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ بلوچستان کے کم ترقی یافتہ علاقوں میں سہولیات اور امن کی فراہمی ایک خواب تھا جو پورا ہوچکا ہے، بلوچستان کے عوام کا بنیادی سہولیات پر اتنا ہی حق ہے ، جتنا ملک کے دیگر علاقوں کے لوگوں کا ہے۔

    پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آ رمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے مکران فیسٹیول کی اختتامی تقریب کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان بالخصوص تربت کے عوام کا بنیادی سہولیات پر اتنا ہی حق ہے ، جتنا ملک کے دیگر علاقوں کے لوگوں کا ، خوشحال بلوچستان پروگرام ایسے ہی لوگوں کو ان کے حقوق دلانے کے لیے شروع کیا گیا ہے۔

    جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ بلوچستان کے پسماندہ علاقوں میں سہولتوں کی فراہمی کا خواب پورا ہوچکاہے اور بلوچستان میں امن و امان کی فضا مستحکم ہوئی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ فیسٹیول میں اتنی بڑی تعداد میں لوگوں کی شرکت بلوچستان میں امن کی واپسی کا ثبوت ہے، بلوچستان پاکستان کا مستقبل اور خوشحالی کی ضمانت ہے، خوشحال بلوچستان کا مقصدعوام کو ان کے حقوق کی فراہمی ہے۔

    آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ جو بلوچستان کے دورے پر ہیں انہوں نے گذشتہ شب تربت میں بسر کی، اور مقامی عمائدین سے ایف سی ہیڈکوارٹر میں ملاقات کی۔


    مزید پڑھیں : بلوچستان کی ترقی پاکستان کی ترقی ہے: آرمی چیف


    اس موقع پر وزیراعلیٰ بلوچستان عبدالقادر بزنجو، کمانڈر سدرن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل عاصم سلیم باجوہ،آئی جی ایف سی میجر جنرل طارق امان بھی موجود تھے۔

    آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ آج آواران کا دورہ کریں گے۔

    گذشتہ روز آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے گوادر کا دورہ کیا، اس موقع انکا کہنا تھا کہ بلوچستان میں امن واستحکام کے لیے حکومت سے بھرپور تعاون کر رہے ہیں، صوبے میں ترقی اور امن کے لیے تمام اقدامات کیے جائیں گے، منصوبے عوام کی زندگیاں بدل دیں گے، خوش حال بلوچستان پروگرام سے صوبے میں خوشحالی آئے گی۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق گوادر میں پلانٹ متحدہ عرب امارات اور سوئس حکومت کے تعاون سے تعمیر کیا جارہا ہے، پلانٹ سے فراہمی آب کی گنجائش یومیہ 8۔8 ملین گیلن تک بڑھائی جاسکتی ہے، جبکہ منصوبے کی تکمیل 6 سے 8 ماہ میں مکمل ہوجائے گی۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • نوجوان ہمارا اثاثہ ہیں، معیارتعلیم میں‌ بہتری کے لئے بھرپوراقدامات کریں گے: آرمی چیف

    نوجوان ہمارا اثاثہ ہیں، معیارتعلیم میں‌ بہتری کے لئے بھرپوراقدامات کریں گے: آرمی چیف

    راولپنڈی: پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ نوجوان ہمارا اثاثہ ہیں۔ نوجوانوں کی کامیابیوں پر فخر ہے.

    ان خیالات کا اظہار آرمی چیف نے آرمی پبلک اسکولز اینڈ کالجز سسٹم کے زیر اہتمام تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا.

    پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی پبلک اسکولز و کالجز سسٹم کے فیڈرل بورڈ کے میٹرک و انٹر امتحانات میں پوزیشن ہولڈر طلبا میں تقسیم اسناد کی تقریب معنقد ہوئی.

    تقریب سے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے خطاب کیا. اس موقع پر آرمی چیف نے میٹرک اور انٹرمیڈیٹ کے امتحانات میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلبا میں انعامات تقسیم کئے اور نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلبا، ان کے والدین اور اساتذہ کو مبارک باد پیش کی.

    آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ نوجوان ہمارا اثاثہ ہیں، ملک میں معیار تعلیم بلند کرنے کے لئے بھرپور تعاون جاری رہے گا۔

    آرمی پبلک اسکول اینڈکالج سسٹم کے زیراہتمام ہونے والی اس تقریب میں اساتذہ ، طلباء اور والدین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔


    علاقائی امن واستحکام کاراستہ افغانستان سےگزرتا ہے: آرمی چیف


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔

  • آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ایرانی اور ترک سفیروں کی ملاقاتیں

    آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ایرانی اور ترک سفیروں کی ملاقاتیں

    راولپنڈی: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ایران کے سفیر مہدی ہنردوست اور ترک سفیر ایشان مصطفیٰ نے ملاقات کی، جس میں‌ خطے کی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے امور پر بات چیت ہوئی.

    پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف کی ترک سفیر ایشان مصطفیٰ سے ہونے والی ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور اور خطے کی سیکیورٹی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا اوردونوں ممالک کے درمیان برادرانہ تعلقات پر گفتگو ہوئی۔

    ملاقات میں دونوں برادر اسلامی ممالک میں سماجی اور اقتصادی تعلقات بڑھانے پر زور دیا گیا۔

    آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ایرانی سفیرسے نے بھی ملاقات کی، جس میں پاک ایران بارڈر مینجمنٹ سمیت دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔


    ان ملاقاتوں کا مقصد پاکستان کے ایران اور ترکی سے برادرانہ تعلقات کومزید فروغ دینا تھا.

    آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ سے ملاقات میں‌ ایرانی سفیرمہدی ہنردوست نے خطےمیں امن اوراستحکام کے لئے پاک فوج کےکردار کو سراہا۔ ترک سفیر نے بھی خطے میں امن ، استحکام اور قیام امن کے لیے پاک فوج کےکردار کی تعریف کی.

    ترک سفیر نے بھی خطےمیں امن اوراستحکام قائم امن کے لیے کے لئے پاک فوج کےکردار کی تعریف کی۔

    واضح رہے کہ اس وقت آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی سربراہی میں آپریشن ردالفساد جاری ہے، جس نے ملک میں موجود دہشت گردی کے نیٹ ورک کو توڑ دیا ہے، قوم اس آپریشن میں پاک فوج کے شانہ بہ شانہ کھڑی ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات  کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔

  • آرمی چیف کی سعودی ولی عہد سے ملاقات

    آرمی چیف کی سعودی ولی عہد سے ملاقات

    ریاض: آرمی چیف جنرل قمر باجوہ اور سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کی ملاقات ہوئی۔ ملاقات میں دو طرفہ فوجی تعاون سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

    ریڈیو پاکستان کی رپورٹ کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ ریاض میں موجود ہیں جہاں انہوں نے سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سے ملاقات کی۔

    ملاقات میں دو طرفہ فوجی تعاون سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید مضبوط کرنے پر بھی زور دیا گیا۔

    ملاقات میں سعودی وزیر دفاع، کونسل آف منسٹرز کے نائب صدر اور پاکستان عسکری حکام بھی شریک تھے۔

    اپنے دورے کے دوران جنرل قمر باجوہ نے سعودی کمانڈر آف گراؤنڈ فورسز لیفٹنینٹ جنرل شہزادہ فہد بن ترکی بن عبدالعزیز سے بھی ملاقات کی۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔

  • بھارتی جارحیت کا منہ توڑجواب دیا جائے گا: آرمی چیف

    بھارتی جارحیت کا منہ توڑجواب دیا جائے گا: آرمی چیف

    اسلام آباد: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے ایل اوسی اور ورکنگ باؤنڈری کا دورہ کیا، جہاں انھوں نے افسران اور جوانوں سے ملاقاتیں کیں۔

    پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف نے ایل او سی اور ورکنگ باؤنڈری کا دورہ کیا، جہاں‌ انھیں‌ مقامی کمانڈرز نے بھارت کی جانب سے جنگ بندی کی خلاف ورزیوں سے آگاہ کیا۔ اس موقع پر جنرل قمر جاوید باجوہ کو بھارتی فورسز کی جانب سے شہری آبادی کو نشانہ بنانےکے  واقعات پر بریفنگ بھی دی گئی.

    آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے جوانوں اور شہریوں کے بلند حوصلے کو سراہا اور بھارتی شرانگیزی پرمؤثر جواب کی تعریف کی.

    آرمی چیف نے بھارتی جارحیت کے خلاف مقامی آبادی کےعزم وحوصلےکو سراہتے ہوئے کہا کہ بھارتی جارحیت یا مہم جوئی کامنہ توڑجواب دیا جائے گا، 2003ء کے سیز فائر معاہدے کی پاسداری کو ہماری محدود جوابی صلاحیت نہ سمجھاجائے۔

    آرمی چیف کی جانب سے سول آبادی کے تحفظ کے لیے مؤثر اقدامات کی بھی ہدایت کی گئی۔ اس موقع پر آرمی چیف نے سی ایم ایچ سیالکوٹ کا بھی دورہ کیا اور بھارتی فوج کی فائرنگ سےزخمی افرادکی عیادت کی۔

    ایل او سی پر بھارتی اشتعال انگیزی، فائرنگ سے تین فوجی شہید: آئی ایس پی آر

    یاد رہے کہ ایل او سی پر بھارتی جارحیت معمول بن گئی ہے۔ گذشتہ روز بھی بھارت نے سیزفائر کی خلاف ورزی کرتے ہوئے نکیال سیکٹرپربلا اشتعال فائرنگ کی تھی، جس کے نتیجے میں خاتون سمیت دو افراد شہید ہوگئے تھے. یہ گذشتہ ہفتے میں سیز فائر کی خلاف ورزی کا چوتھا واقعہ تھا.

    واقعے کے بعد دفتر خارجہ نے بھارتی ڈپٹی کمشنرجے پی سنگھ کو طلب کرکے ایل او سی پر بھارتی فوج کی فائرنگ سے خاتون سمیت 2 شہریوں کی شہادت پراحتجاج ریکارڈ کرایا تھا.


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی وال پر شیئر کریں۔

  • وزیراعظم سےآرمی چیف کی اہم ملاقات متوقع

    وزیراعظم سےآرمی چیف کی اہم ملاقات متوقع

    اسلام آباد: وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کے درمیان آج اہم ملاقات متوقع ہے۔

    تفصیلات کے مطابق آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ متحدہ عرب امارات کا دورہ مختصر کرکے وطن واپس پہنچ گئے جہاں آج ان کی وزیراعظم شاہد خاقان عباسی سے ملاقات متوقع ہے۔

    ذرائع کے مطابق آرمی چیف کی وزیراعظم پاکستان سے ملاقات میں اسلام آباد دھرنے سے ملک میں پیدا ہونے والی ہنگامی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔


    آرمی چیف کا وزیراعظم کو اسلام آباد دھرنے کو پر امن طریقےسےحل کرنے کا مشورہ


    خیال رہے کہ گزشتہ روز آرمی چیف جنرل قمرجاویدباجوہ نے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کو اسلام آباد دھرنے کو پر امن طریقے سے حل کرنے کا مشورہ دیا تھا۔

    آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ اسلام آباد دھرنے کو پرامن طریقے سے حل کریں، دونوں جانب سے تشدد ملکی مفاد میں نہیں ہے۔

    یاد رہے کہ گزشتہ رات آرٹیکل 245 کے تحت اسلام آباد کی صورت حال کو کنٹرول کرنے کے لیے فوج کو غیر معینہ مدت کے لیے طلب کرتے ہوئے نوٹی فکیشن جاری کیا تھا۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔

  • پاک ایران سرحد امن اور دوستی کی سرحد ہے، جنرل قمرجاوید باجوہ

    پاک ایران سرحد امن اور دوستی کی سرحد ہے، جنرل قمرجاوید باجوہ

    راولپنڈی : آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ نے کہا ہے کہ پاک ایران سرحد امن اور دوستی کی سرحد ہے، بہتر سیکیورٹی مینجمنٹ سے دہشت گردی سے مؤثر طور پر نمٹا جاسکتا ہے۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے دورہ ایران کے موقع پر ایران کی سیاسی وعسکری حکام سےملاقات کے دوران کیا، پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر ) کے مطابق آرمی چیف نے ایرانی صدر اور وزیرخارجہ سے ملاقاتیں کی ہیں۔

    ملاقات میں پاکستان اورایران کے درمیان وفود کی سطح پر بات چیت کی گئی، آرمی چیف نے ایرانی قیادت سے ملاقات میں جیو اسٹریٹجک صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقاتوں میں باہمی تعاون اوررابطوں کو مزید بڑھانے پر اتفاق کیا گیا، اس کے علاوہ افغان صورتحال، خطے میں داعش کے بڑھتےہوئےخطرات پر بھی گفتگو کی گئی۔

    ایرانی حکام نے دہشت گردی کیخلاف جنگ میں پاکستان کی کامیابیوں کوسراہتے ہوئے اعتراف کیا کہ پاکستان خطے میں قیام امن کیلئے اپنامثبت کردار ادا کررہا ہے۔

    آرمی چیف نے کہا کہ پاکستان، ایران برادر ممالک اور تاریخی ثقافت کے حامل ہیں، بہتر سیکیورٹی مینجمنٹ سے دہشت گردی سے مؤثرطور پرنمٹا جاسکتا ہے۔

    بعد ازاں آرمی چیف نے جنرل اسٹاف ہیڈ کوارٹرز میں یادگار شہداء پرحاضری دی اور پھولوں کی چادر چڑھائی، ایرانی قیادت نے دورہ ایران پر آرمی چیف کا شکریہ ادا کیا۔

  • آرمی چیف سے افغان میڈیا کے وفد کی ملاقات

    آرمی چیف سے افغان میڈیا کے وفد کی ملاقات

    راولپنڈی: افغان میڈیا کے 9 رکنی وفد نے جی ایچ کیو کا دورہ کیا اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات کی۔

    پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق افغان میڈیا کے 9 رکنی وفد نے جی ایچ کیو راولپنڈی کا دورہ کیا۔ اپنے دورے کے دوران انہوں نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے بھی ملاقات کی۔

    ملاقات کے دوران جنرل قمر جاوید باجوہ نے افغان میڈیا کے ارکان سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ افغانستان ہمسایہ ملک ہے، دہشت گرد ہمارے مشترکہ دشمن ہیں۔

    آرمی چیف کا کہنا تھا کہ پاکستان میں بلاتفریق دہشت گردوں کے خلاف آپریشنز کیے۔

    انہوں نے میڈیا ارکان پر واضح کیا کہ پاکستان میں دہشت گردوں کا کوئی محفوظ ٹھکانہ نہیں ہے۔ پاکستان کی سرزمین افغانستان میں دہشت گردی کے لیے استعمال نہیں ہو رہی۔

    انہوں نے کہا کہ پاک افغان سرحد پر مؤثر بارڈر مینجمنٹ بنانے کی ضرورت ہے۔ پاکستان نے اپنی سرحد پر پوسٹیں اور قلعہ قائم کر کے صورتحال بہتر کی۔

    آرمی چیف کا مزید کہنا تھا کہ میڈیا منفی فضا رد کر کے بہتر ماحول پیدا کرنے میں کردار ادا کر سکتا ہے۔

    ملاقات کے اختتام پر افغان میڈیا کے وفد نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا خصوصی طور پر شکریہ ادا کیا۔


  • فوج آئین کی بالادستی کے لیے کام کرتی رہے گی: آرمی چیف

    فوج آئین کی بالادستی کے لیے کام کرتی رہے گی: آرمی چیف

    راولپنڈی: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا ہے کہ فوج قومی اداروں کے ساتھ مل کر آئین کی بالادستی اور قانون کی حکمرانی کے لیے کام کرتی رہے گی۔

    تفصیلات کے مطابق جی ایچ کیو راولپنڈی میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی زیر صدارت کور کمانڈرز کانفرنس منعقد ہوئی۔

    کانفرنس میں ملکی داخلی اور بیرونی سیکیورٹی صورتحال اور پیشہ وارانہ امور پر بات چیت کی گئی۔

    اجلاس میں شرکا کو آپریشن رد الفساد کے تحت ہونے والی پیشرفت سے آگاہ کیا گیا۔ شرکا کو آپریشن خیبر 4 کی کامیابیوں سے متعلق تفصیلات اور لائن آف کنٹرول کی تازہ ترین صورتحال کے بارے میں بھی بتایا گیا۔

    کانفرنس میں اظہار خیال کرتے ہوئے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا ک پاکستان ہمسایوں کے ساتھ پر اعتماد باہمی تعاون پر مبنی تعلقات کا خواہاں ہے۔ خطے میں دیرپا امن و استحکام کے لیے باہمی تعاون کو فروغ دینا ہوگا۔

    آرمی چیف نے کہا کہ پاک فوج قومی دفاع اور سیکیورٹی کے لیے اپنا کردار ادا کرتی رہے گی۔ دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خاتمے کے لیے دیگر اداروں کے ساتھ مل کر کوششیں جاری رکھی جائیں گی۔

    انہوں نے کہا کہ آئین کی بالا دستی اور قانون کی پاسداری کو یقینی بنایا جائے گا۔ قانون اور آئین کی حکمرانی کے لیے تمام اقدامات جاری رہیں گے۔