Tag: جنرل قمر جاوید باجوہ

  • آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے پاک بحریہ کے نئے سربراہ کی ملاقات

    آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے پاک بحریہ کے نئے سربراہ کی ملاقات

    اسلام آباد: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے پاک بحریہ کے نئے سربراہ ایڈمرل امجد خان نیازی کی ملاقات ہوئی، آرمی چیف کا کہنا تھا کہ توقع ہے ان کی قیادت میں پاک بحریہ نئی بلندیاں طے کرے گی۔

    تفصیلات کے مطابق پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ نو متعین نیول چیف ایڈمرل امجد خان نیازی نے جی ایچ کیو کا دورہ کیا، جہاں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ان کی ملاقات ہوئی۔

    آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ ملاقات میں پیشہ ورانہ دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال ہوا۔

    آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے ایڈمرل امجد خان کو پاک بحریہ کی کمان سنبھالنے پر مبارک باد دی، آرمی چیف کا کہنا تھا کہ توقع ہے ان کی قیادت میں پاک بحریہ نئی بلندیاں طے کرے گی۔

    اس موقع پر امیر البحر ایڈمرل امجد خان نیازی نے یادگار شہدا پر حاضری دی اور فاتحہ بھی پڑھی۔

    خیال رہے کہ 7 اکتوبر کو ایڈمرل امجد خان نیازی نے بطور نیول چیف پاک بحریہ کی کمان سنبھالی تھی، ایڈمرل امجد خان نیازی پاک بحریہ کے 22 ویں سربراہ ہیں۔

  • پاکستان امن پسند ملک ہے، جنگ مسلط کی گئی تو اینٹ کا جواب پتھر سے دیں گے: آرمی چیف

    پاکستان امن پسند ملک ہے، جنگ مسلط کی گئی تو اینٹ کا جواب پتھر سے دیں گے: آرمی چیف

    راولپنڈی: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ چھ ستمبر کا دن ہماری تاریخ کا لازوال باب ہے، وہ دن جب محبت، قربانی اور بہادری کی داستانیں رقم ہوئیں، پاکستان ایک امن پسند ملک ہے اگر جنگ تھوپی گئی تو اینٹ کا جواب پتھر سے دیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق آج آرمی چیف جی ایچ کیو راولپنڈی میں فوجی اعزازات کی تقسیم کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے، انھوں نے کہا دشمن کے ناپاک عزائم کو شکست دینے کے لیے ہم ہمہ وقت تیار ہیں۔

    جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا میری بہنوں اور بھائیوں کی توجہ ایک اور چیلنج کی طرف مبذول کرانا چاہتا ہوں، یہ چیلنج ففتھ جنریشن یا ہائبرڈ وار کی صورت میں ہم پر مسلط کیا گیا ہے، اس چیلنج کا مقصد ملک اور افواجِ پاکستان کو بد نام کر کے انتشار پھیلانا ہے، لیکن ہم اس خطرے سے بخوبی آگاہ ہیں، قوم کے تعاون سے اس جنگ کو جیتنے میں بھی ہم ان شاء اللہ ضرور کامیاب رہیں گے۔

    آرمی چیف نے متنبہ کیا کہ مقبوضہ کشمیر کے معاملے پر ہم کسی لچک کا مظاہرہ نہیں کریں گے، ہمیں نئے حاصل شدہ اسلحے کے انبار سے مرعوب نہیں کیا جا سکتا، نہ ہی ہم پر کوئی دھمکی اثر انداز ہو سکتی ہے، افواج پاکستان پوری قوت سے لیس، چوکنا اور باخبر ہیں، ہم دشمن کی کسی بھی حرکت کا فوری اور پوری قوت سے جواب دینے کو تیار ہیں، وقت ہمیں کئی بار آزما چکا، ہم ہر بار سرخرو ہوئے ہیں۔

    انھوں نے کہا ہمسایہ ملک ہندوستان نے ہمیشہ کی طرح غیر ذمہ دارانہ رویہ اختیار کر رکھا ہے، بھارت نے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کر کے خطے کو خطرات سے دوچار کیا، کوئی شک نہیں جموں و کشمیر بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ مسئلہ ہے، اس حوالے سے ہم کسی بھی یک طرفہ فیصلے کو تسلیم نہیں کرتے۔

    آرمی چیف نے اعزازات حاصل کرنے والے آفیسرز، جونئیر کمیشنڈ آفیسرز اور جوانوں کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا آپ نے فرض کی ادائیگی کے دوران پاک فوج کی اعلیٰ روایت کو مقدم رکھا، آپ نے جس پیشہ ورانہ معیار کا ثبوت دیا ہم سب کو اس پر ناز ہے۔

    انھوں نے کہا گزشتہ بیس سالوں میں ہم بڑی آزمائش سے گزرے ہیں، مشرقی و مغربی سرحدوں پر حالتِ جنگ کا سامنا رہا، ہمیں زلزلے اور سیلاب جیسی آزمائشیں بھی درپیش رہیں، دہشت گردی، شدت پسندی کے خلاف ہم نے اعصاب شکن جنگ لڑی، ہزاروں افراد کی قربانی دی، لاکھوں دربدر ہوئے، حال ہی میں کرونا جیسی وبا، ٹڈی دل جیسی آفت کا بھی سامنا رہا، لیکن ہم نے کامیابی سے ان کا مقابلہ کیا۔

    قبل ازیں، جی ایچ کیو راولپنڈی میں فوجی اعزازات دینے کی تقریب منعقد ہوئی، جس میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ مہمان خصوصی تھے، آرمی چیف نے جرات کا مظاہرہ کرنے والے افسروں اور جوانوں کو اعزازات سے نوازا، تقریب میں شہدا، غازیوں کے اہل خانہ، حاضر سروس افسران نے شرکت کی۔

    آرمی چیف نے 40 افسروں کو ستارہ امتیاز ملٹری، 24 افسروں اور جوانوں کو تمغہ بسالت، اور ایک جوان کو یونائیٹڈ نیشن میڈل سے نوازا۔ شہدا کے اعزازات ان کے اہل خانہ نے وصول کیے۔

  • کراچی کو 3 سال میں مکمل تبدیل کیا جائے گا: آرمی چیف

    کراچی کو 3 سال میں مکمل تبدیل کیا جائے گا: آرمی چیف

    کراچی: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ کراچی کے مسائل جلد حل کیے جائیں گے، کراچی کو 3 سال میں مکمل تبدیل کیا جائے گا.

    تفصیلات کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے آج کراچی کے تاجروں نے ملاقات کی، جس میں تاجروں نے آرمی چیف کو کراچی کے مسائل سے آگاہ کیا، اور مطالبہ کیا کہ کراچی 2 ہزار 600 ارب سالانہ ٹیکس دیتا ہے، شہر کے مسائل حل کیے جائیں۔

    تاجروں کا کہنا تھا کراچی میں بارشوں سے معاشی، تجارتی و صنعتی سرگرمیاں رک گئی ہیں، بجلی، گیس اور پانی کے اداروں کے سربراہان کو مسائل حل کرنے کا پابند کریں۔

    آرمی چیف نے تاجروں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کراچی کے مسائل جلد حل کیے جائیں گے، کراچی کو 3 سال میں مکمل تبدیل کیا جائے گا، اس کے لیے مرکزی و صوبائی حکومتوں کے نمائندوں پر مشتمل کمیٹی بنائی گئی ہے، جس میں بزنس کمیونٹی کو بھی نما ئندگی دی جائے گی۔

    جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کراچی کے مسائل کو تیزی سے حل کیا جائے گا، کراچی میں سڑکیں، پانی، بجلی و گیس کے مسائل سب حل ہوں گے۔

  • قدرتی آفت نے موقع دیا ہم میگا سٹی کو درست کریں، آرمی چیف

    قدرتی آفت نے موقع دیا ہم میگا سٹی کو درست کریں، آرمی چیف

    کراچی: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا ہے کہ قدرتی آفت نے ہمیں موقع دیا ہے کہ میگا سٹی کے انفرا اسٹرکچر کو ٹھیک کریں۔

    پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف دو روزہ دورے پر کراچی پہنچے، جنرل قمر جاوید باجوہ نے شہر کا فضائی جائزہ لیا اور حارلیہ بارشوں، اربن فلڈنگ کے نقصانات کا جائزہ لیا۔

    آرمی چیف نے کور ہیڈ کوارٹرز کراچی کا بھی دورہ کیا، انہیں کور ہیڈ کوارٹرز میں اربن فلڈنگ پر بریفنگ دی گئی، کوئی بھی شہر اس طرح کی قدرتی آفت کا سامنا نہیں کرسکتا۔

    پاک فوج کی جانب سے صورتحال سے نمٹنے کے لیے سول انتظامیہ کی مدد پر آگاہ کیا گیا، آرمی چیف کو بریفنگ دی گئی کہ غیرمعمولی بارش، بے ہنگم آبادی نے صورتحال کو پیچیدہ کیا، بغیر منصوبہ بندی بستیاں اور انفرا اسٹرکچر مسائل نے صورتحال کو خراب کیا۔

    مزید پڑھیں: وزیراعظم عمران خان کا جمعہ کو کراچی کا دورہ ، بڑے پیکج کا اعلان کریں

    پاک فوج کے سپہ سالار نے کہا کہ اس طرح کی قدرتی آفت سے نمٹنے کے لیے تیار نہیں، ہمارا مسئلہ وسائل کی دستیابی نہیں ترجیحات کو درست کرنا ہے۔

    جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ قدرتی آفت نے موقع دیا ہے کہ ہم میگا سٹی کو آئندہ درست کریں، آرمی چیف نے شہر میں ریلیف کے کاموں پر اطمینان کا اظہار کیا۔

    واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان بھی جمعہ کو کراچی کا دورہ کریں گے اور شہر کے لیے بڑے پیکیج کا اعلان کریں گے۔

  • آرمی چیف کی سعودی نائب وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان سے ملاقات

    آرمی چیف کی سعودی نائب وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان سے ملاقات

    ریاض: پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ کی سعودی نائب وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان سے ملاقات ہوئی ہے۔

    پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور سعودی نائب وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان کے درمیان ملاقات ہوئی ہے۔

    آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، دفاعی تعاون، علاقائی اور باہمی سیکیورٹی تعاون سمیت دیگر امور پر گفتگو ہوئی۔

    آرمی چیف کی لیفٹیننٹ جنرل فہد بن ترکی السعود سے اہم ملاقات

    اس سے قبل گزشتہ روز آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی لیفٹیننٹ جنرل فہد بن ترکی سے ملاقات ہوئی تھی جس میں دونوں ممالک کے مابین عسکری اور دفاعی تعاون کو مزید فروغ دینے پر غور کیا گیا تھا۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق سعودی وزارت دفاع پہنچنے پر آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا تھا۔

    واضح رہے کہ پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ کا دورہ سعودی عرب انتہائی اہم ہے۔

  • آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سعودی عرب پہنچ گئے

    آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سعودی عرب پہنچ گئے

    ریاض: پاک فوج کے سپہ سالار آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اہم دورے پر سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض پہنچ گئے، آئی ایس پی آر کے مطابق دورہ نہایت اہم اور دفاعی امور پر مبنی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پاک فوج کے سپہ سالار جنرل قمر جاوید باجوہ اور انٹر سروسز انٹیلی جنس (آئی ایس آئی) کے سربراہ لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید اہم دورے پر سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض پہنچ گئے۔

    آرمی چیف سوموار کی صبح ریاض کے ہوائی اڈے پر پہنچے جہاں ان کا استقبال سعودی عرب میں پاکستان کے سفیر راجا علی اعجاز اور دیگر اعلیٰ حکام نے کیا۔

    پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف کے دورے کے دوران دونوں ممالک میں حالیہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا جائے گا جبکہ مسئلہ کشمیر پر بھی گفتگوکی جائے گی۔

    ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل بابر افتخار کا کہنا ہے کہ یہ دورہ پہلے سے طے شدہ اور بنیادی طور پر دفاعی امور پر مبنی ہے۔

    اپنے دورے کے دوران آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اعلیٰ سعودی قیادت سے ملاقاتیں کریں گے، ان ملاقاتوں میں دونوں ممالک کے درمیان قائم دیرینہ برادرانہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے لیے باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

    ملاقاتوں کے دوران دو طرفہ دفاعی امور کے علاوہ علاقائی سلامتی کی صورتحال اور دفاعی تعلقات میں مزید تعاون پر بھی غور کیا جائے گا۔

  • سیلابی صورتحال کے پیش نظر ہر ممکن احتیاطی تدابیر اختیارکی جائیں،آرمی چیف

    سیلابی صورتحال کے پیش نظر ہر ممکن احتیاطی تدابیر اختیارکی جائیں،آرمی چیف

    راولپنڈی: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ سیلابی صورت حال کے پیش نظر ہر ممکن احتیاطی تدابیر اختیار کی جائیں۔

    ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف کی زیرصدارت کور کمانڈرز کانفرنس میں جیو اسٹریٹیجک اور نیشنل سیکیورٹی امور سمیت ایل اوسی اور پاک افغان بارڈر صورتحال پر بات چیت ہوئی۔کانفرنس میں شرکا نےافغان مفاہمتی عمل میں پیشرفت کو سراہا۔

    آرمی چیف نے کرونا وٹڈی دل کے خاتمے کے لیے سول انتطامیہ سے تعاون پر اظہار اطمینان کیا۔ جنرل قمر جاوید باجوہ نے پاک فوج کی فارمیشن کی پیشہ ورانہ تیاریوں پر بھی اطمینان کا اظہار کیا۔

    پاک فوج کے سربراہ نے محرم میں عوام کی سیکیورٹی وتحفظ کے لیے اقدامات کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ کرونا روک تھام کے لیے گائیڈ لائنز کو یقینی بنایا جائے۔

    آرمی چیف نے کراچی میں بارشوں سے پیدا سیلابی صورت حال سےتحفظ کی کوششوں کو سراہتے ہوئے سندھ اور بلوچستان میں سیلاب پر فوری رد عمل پر تعریف کی۔

    جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ سیلابی صورت حال کے پیش نظر ہر ممکن احتیاطی تدابیر اختیار کی جائیں۔

  • آرمی چیف سے سعودی سفیر کی ملاقات

    آرمی چیف سے سعودی سفیر کی ملاقات

    راولپنڈی: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی نے ملاقات کی ہے۔

    پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی نے ملاقات کی ہے۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات میں باہمی دلچسپی،علاقائی سکیورٹی پر تبادلہ خیال کرنے سمیت باہمی دفاعی تعاون پر تفصیلی بات چیت کی گئی۔

    آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے آئی ایس آئی ہیڈ کوارٹرز کا دورہ کیا۔ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید نے آرمی چیف کا استقبال کیا۔

    آرمی چیف کا سعودی نائب وزیر دفاع کے انتقال پر اظہار تعزیت

    اس سے قبل 8 اگست کو آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے سعودی عرب کے نائب وزیر دفاع محمد بن عبداللہ العائش کے انتقال پر تعزیتی پیغام میں کہا تھا کہ اللہ مرحوم کو جوار رحمت میں بلند مقام عطا کرے۔

    آرمی چیف کا کہنا تھا کہ اللہ مرحوم کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا کرے، محمد بن عبداللہ دونوں ممالک کے درمیان مثالی بھائی چارے کی علامت تھے، دکھ اور غم کی گھڑی میں سعودی بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔

  • آرمی چیف کا آئی ایس آئی ہیڈ کوارٹرز کا دورہ

    آرمی چیف کا آئی ایس آئی ہیڈ کوارٹرز کا دورہ

    اسلام آباد: پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے انٹر سروسز انٹیلی جنس (آئی ایس آئی) ہیڈ کوارٹرز کا دورہ کیا۔

    پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے آئی ایس آئی ہیڈ کوارٹرز کا دورہ کیا۔ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید نے آرمی چیف کا استقبال کیا۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج کے سربراہ کو ملکی داخلی وخارجہ سیکیورٹی صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

    آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے آئی ایس آئی کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے درپیش خطرات سے نمٹنے کے لیے آئی ایس آئی کی حکمت عملی کی تعریف کی۔

    اس سے قبل رواں سال 3 جون کو وزیراعظم عمران خان نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کے ہمراہ انٹر سروسز انٹیلی جنس (آئی ایس آئی) کے ہیڈ کوارٹرز کا دورہ کیا تھا۔

    اس موقع پر وفاقی وزراء وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، اسد عمر اور معاون خصوصی برائے قومی سلامتی معید یوسف بھی موجود تھے۔

    وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ ملکی سلامتی و خود مختاری کے تحفظ کے لیے کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے۔وزیراعظم کی جانب سے آئی ایس آئی کی قربانیوں اور انتھک کاوشوں کو خصوصی طور پر سراہا گیا تھا۔

  • آرمی چیف کا سعودی نائب وزیر دفاع کے انتقال پر اظہار تعزیت

    آرمی چیف کا سعودی نائب وزیر دفاع کے انتقال پر اظہار تعزیت

    راولپنڈی: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے سعودی نائب وزیر دفاع کے انتقال پر اظہار تعزیت کیا ہے۔

    آئی ایس پی آر کے اعلامیے کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے سعودی عرب کے نائب وزیر دفاع محمد بن عبداللہ العائش کے انتقال پر تعزیتی پیغام میں کہا ہے کہ اللہ مرحوم کو جوار رحمت میں بلند مقام عطا کرے۔

    آرمی چیف کا کہنا تھا کہ پاکستان ایک مثالی دوست سے محروم ہو گیا ہے، دکھ اور غم کی اس گھڑی میں ہم اپنے سعودی بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے سعودی قیادت کے ساتھ بھی اظہار تعزیت کیا، جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا محمد بن عبداللہ العائش کے انتقال سے پاکستان سچے دوست سے محروم ہو گیا۔

    محمد بن عبداللہ العائش جو 1952  میں پیدا ہوئے

    انھوں نے کہا اللہ مرحوم کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا کرے، محمد بن عبداللہ دونوں ممالک کے درمیان مثالی بھائی چارے کی علامت تھے، دکھ اور غم کی گھڑی میں سعودی بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔

    واضح رہے کہ عرب میڈیا کا کہنا ہے کہ سعودی نائب وزیر دفاع محمد بن عبد اللہ العائش جمعے کو 68 برس کی عمر میں انتقال کر گئے ہیں، وہ کچھ عرصے سے علیل تھے۔ انھوں نے مئی 2014 میں عہدہ سنبھالا تھا۔