Tag: جنرل قمر جاوید باجوہ

  • آرمی چیف کی ونگ کمانڈر نعمان اکرم شہید کےگھر آمد

    آرمی چیف کی ونگ کمانڈر نعمان اکرم شہید کےگھر آمد

    راولپنڈی: پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ شہید ونگ کمانڈر نعمان اکرم کے گھر گئے اور شہید کے ایصال ثواب کے لیے فاتحہ خوانی کی۔

    پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ لاہور میں ونگ کمانڈر شہید نعمان اکرم کے گھر پہنچے اور ان کے گھر والوں سے ملاقات کی۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف کی جانب سے شہید کے ایصال ثواب کے لیے فاتحہ خوانی کی گئی۔

    اس موقع پر پاک فوج کے سربراہ کا کہنا تھا کہ ملک میں امن واستحکام میں بہتری شہدا کی عظیم قربانیوں کی مرہون منت ہے، ہمارے شہدا کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔

    پاک فضائیہ کا لڑاکا طیارہ ایف – 16 گر کر تباہ، ونگ کمانڈر نعمان اکرم شہید

    یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے 11 مارچ کو اسلام آباد میں شکر پڑیاں کے قریب پاک فضائیہ کا ایف-16 طیارہ گر کر تباہ ہوگیا تھا جس میں سوار پائلٹ ونگ کمانڈر نعمان اکرم بھی شہید ہوگئے تھے۔ ایف-16 طیارہ 23 مارچ یوم پاکستان پریڈ کے لیے ریہرسل کر رہا تھا۔

  • کرونا وائرس: آرمی چیف نے اہم ہدایات جاری کر دیں

    کرونا وائرس: آرمی چیف نے اہم ہدایات جاری کر دیں

    راولپنڈی: پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے کرونا وائرس سے متعلق کنٹرول کے لیے متعلقہ حکام کو تیاریاں تیز کرنےکی ہدایت کر دی۔

    ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق جی ایچ کیو میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی زیر صدارت کور کمانڈر کانفرس میں علاقائی، داخلی سیکورٹی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

    آرمی چیف کا کہنا تھا کہ علاقائی امن واستحکام کا راستہ افغانستان سےگزرتا ہے، مشترکہ کوششوں اور تحمل سے تمام چیلنجز پر قابو پایا جاسکتا ہے، پاکستان پوری سنجیدگی سے خطے میں امن واستحکام کے لیے اپنا کردار ادا کرنے کو تیار ہے۔

    ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق کور کمانڈرز کانفرنس میں کرونا وائرس سے پیدا ہونے والی صورت حال پر بھی بات چیت کی گئی۔ پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے کرونا وائرس سے متعلق کنٹرول کے لیے متعلقہ حکام کو تیاریاں تیز کرنےکی ہدایت کر دی۔

    واضح رہے کہ دنیا بھر کی طرح پاکستان میں بھی کرونا وائرس سے نمٹنے کے لیے حفاظتی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ صوبہ سندھ میں سب سے زیادہ کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

  • ہمیں اپنی بہادر ماؤں، بہنوں اور بیٹیوں پر فخر ہے، آرمی چیف

    ہمیں اپنی بہادر ماؤں، بہنوں اور بیٹیوں پر فخر ہے، آرمی چیف

    راولپنڈی: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا ہے کہ ہمیں اپنی بہادر ماؤں، بہنوں اور بیٹیوں پر فخر ہے۔

    تفصیلات کے مطابق خواتین کے عالمی دن پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے اپنے پیغام میں خواتین کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ خواتین ہر شعبے میں بڑھ چڑھ کر قوم کی تعمیر میں حصہ لے رہی ہیں۔

    آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے اپنے پیغام میں مزید کہا کہ ہمیں اپنی بہادر ماؤں، بہنوں اور بیٹیوں پر فخر ہے۔

    آج پاکستان سمیت دنیا بھر میں خواتین کا عالمی دن منایا جارہا ہے

    واضح رہے کہ آج پاکستان سمیت دنیا بھر میں خواتین کا عالمی دن منایا جا رہا ہے، اس دن کا مقصد خواتین کی سماجی، سیاسی اور اقتصادی جدوجہد کو خراج تحسین پیش کرنا ہے۔

    یوم خواتین کے سلسلے میں پاکستان کے مختلف شہروں میں تقریبات، سیمینار اور ریلیاں نکالی جا رہی ہیں جن میں خواتین کے حقوق اور ان کے مسائل اجاگر کیے جا رہے ہیں۔

  • آرمی چیف سے یورپی یونین کے وفد کی ملاقات، اہم امور پر تبادلہ خیال

    آرمی چیف سے یورپی یونین کے وفد کی ملاقات، اہم امور پر تبادلہ خیال

    راولپنڈی: پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر) نے کہا ہے کہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے یورپی یونین کے وفد نے ملاقات کی، اس دوران کشمیر صورت حال سمیت اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ یورپی یونین کے وفد سے ملاقات میں باہمی دلچسپی اور علاقائی سیکیورٹی کی صورت حال پر گفتگو ہوئی

    افغانستان میں مفاہمتی عمل اور مقبوضہ کشمیر وایل اوسی کی صورت حال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ وفد میں بیلجیئم، جرمنی، اٹلی، ہالینڈ، اسپین، سویڈن اور رومانیہ کے سفیر بھی شامل تھے۔

    پاک فوج کا کہنا ہے کہ یورپی یونین کے وفد نے خطے میں امن واستحکام کے لیے پاکستان کے کردار کو سراہا۔

    خیال رہے کہ 17 فروری کو آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے امریکی نمائندہ خصوصی زلمے خلیل زاد نے ملاقات کی تھی جس میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا تھا۔

  • آرمی چیف کا کویت کا ایک روزہ سرکاری دورہ

    آرمی چیف کا کویت کا ایک روزہ سرکاری دورہ

    راولپنڈی: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور کویت کے نائب وزیراعظم احمدمنصور الاحمد الجبر الصباح کے درمیان ملاقات ہوئی جس میں باہمی دلچسپی، دفاعی وسیکورٹی تعاون پر بات چیت ہوئی۔

    پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کویت کا ایک روزہ سرکاری دورہ کیا۔ دورے کے دوران آرمی چیف کی کویتی نائب وزیراعظم احمدمنصور الاحمدالجبر الصباح سمیت کویتی وزیردفاع اور مسلح افواج کے سربراہان سے ملاقاتیں ہوئیں۔

    آئی ایس پی آر نے بتایا کہ ملاقاتوں میں باہمی دلچسپی، دفاعی وسیکورٹی تعاون سمیت علاقائی امن واستحکام کے امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقاتوں میں دفاعی پیداوار، تربیت، افرادی قوت میں تعاون کے فروغ پر بھی اتفاق کیا گیا۔

    پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کویتی سیاسی و عسکری قیادت نے انسداد دہشت گردی کے لیے پاکستانی قوم، فوج کی کامیابیوں کی تعریف بھی کی۔

    یاد رہے کہ تین روز قبل پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ سے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیوگوتریس نے جی ایچ کیو میں ملاقات کی تھی۔ ملاقات میں علاقائی سیکورٹی، مسئلہ کشمیر، افغانستان میں مفاہمتی عمل اور باہمی دلچسپی کے امور پر بات چیت کی گئی۔

  • آرمی چیف سے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کی ملاقات

    آرمی چیف سے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کی ملاقات

    راولپنڈی: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیوگوتریس سے ملاقات کی ہے۔

    پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ سے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیوگوتریس نے جی ایچ کیو میں ملاقات کی۔ ملاقات میں علاقائی سیکورٹی، مسئلہ کشمیر، افغانستان میں مفاہمتی عمل اور باہمی دلچسپی کے امور پر بات چیت کی گئی۔

    اس موقع پر انتونیوگوتریس کا کہنا تھا کہ مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عمل ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ انسداد دہشت گردی، امن مشن میں پاکستان کا کردار قابل تعریف ہے۔

    آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ مستحکم اور پرامن پاکستان کے لیے پرعزم ہیں۔

    اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کا کہنا تھا کہ یو این فوجی مبصرگروپ کو کشمیرمیں رسائی دینے پر شکرگزار ہیں، خطے میں امن واستحکام کے لیے پاکستان کی کوششیں قابل تقلید ہیں۔

    پاکستان کے دستے امن کے لیے بہترین کام کر رہےہیں،انتونیوگوتریس

    اس سے قبل انتونیوگوتریس نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ پاکستانی دستوں نے دوسروں کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا، پاکستان کے دستے امن کے لیے بہترین کام کر رہے ہیں۔

  • جدوجہد آزادی میں کشمیری اکیلے نہیں، ہم ان کے ساتھ کھڑے ہیں: آرمی چیف کا پیغام

    جدوجہد آزادی میں کشمیری اکیلے نہیں، ہم ان کے ساتھ کھڑے ہیں: آرمی چیف کا پیغام

    اسلام آباد: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا ہے کہ آزادی کی جدوجہد میں کشمیری اکیلے نہیں، ہم ان کے ساتھ کھڑے ہیں، امن کی خواہش اور بھارت کے ہاتھوں کشمیریوں کے نقصان کے پیش نظر صبر کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق پاک فوج کے سپہ سالار جنرل قمر جاوید باجوہ نے یوم یکجہتی کشمیر پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں ریاستی جبر اور جارحیت مسلط کیے ہوئے ہے۔ کشمیریوں کے حقوق غصب کر کے طاقت کا اندھا دھند استعمال کیا جا رہا ہے۔

    آرمی چیف کا کہنا تھا کہ وادی کشمیر کو جیل میں تبدیل کر کے لاکھوں کشمیریوں کو قید کر دیا گیا ہے، کشمیری اقوام متحدہ سے اپنا حق خود ارادیت مانگ رہے ہیں۔ مرد، خواتین، بوڑھے اور بچے حق خود ارادیت کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ ہندوستانی جبر کا ثابت قدمی سے مقابلہ کرنے والے کشمیری بہن بھائیوں کو سلام، اس جدوجہد میں کشمیری اکیلے نہیں ہم ان کے ساتھ کھڑے ہیں۔

    آرمی چیف کا کہنا تھا کہ ہم دنیا کا ضمیر جھنجھوڑنے میں اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے، کشمیریوں کے لیے ہماری غیر متزلزل حمایت جاری رہے گی۔ پائیدار امن ابھی تک ایک خواہش سے زیادہ کچھ نہیں۔

    انہوں نے کہا کہ بھارتی افواج ایل او سی پر اشتعال انگیزیاں کر رہی ہیں، جان بوجھ کر آزاد کشمیر کی شہری آبادی کو نشانہ بنایا جارہا ہے۔ جوانوں اور شہریوں کی لازوال قربانیاں جدوجہد آزادی کو زندہ رکھے ہوئے ہے۔

    آرمی چیف کا کہنا تھا کہ پاک فوج اپنے فرائض کی انجام دہی میں مستعد ہے، پاک فوج ہر جارحیت کا مقابلہ کرنے کی صلاحیت اور استعداد رکھتی ہے۔ امن کی خواہش اور بھارت کے ہاتھوں کشمیریوں کے نقصان کے پیش نظر صبر کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔

  • آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا ہری پور کا دورہ

    آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا ہری پور کا دورہ

    راولپنڈی: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے الیکٹرانک وار فیئراور گراؤنڈ سر ویلنس لیبارٹریز کا افتتاح کیا، آرمی چیف نے 3 سال میں این آر ٹی سی کی کامیابیوں کی تعریف کی۔

    پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے این آر ٹی سی کا دورہ کیا، آرمی چیف کو این آرٹی سی میں تیار عالمی معیار کے آلات سے آگاہ کیا گیا۔ جنرل قمر جاوید باجوہ نے الیکٹرانک وار فیئراور گراؤنڈ سر ویلنس لیبارٹریز کا افتتاح کیا۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق این آر ٹی سی مسلح افواج کے لیے الیکٹرانک وار فیئر آلات تیار کرتی ہے ، آرمی چیف نے 3 سال میں این آر ٹی سی کی کامیابیوں کی تعریف کی۔ آرمی چیف نے این آرٹی سی کو جدت پسندی کے لیے ہرممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

    پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ نے بتایا کہ این آر ٹی سی میں گراؤنڈ سرویلنس ریڈاراعلیٰ پائے کے تیار کیے جاتے ہیں۔

    آرمی چیف کا کراچی کور کی فارمیشنز کا دورہ

    آئی ایس پی آر کے مطابق گزشتہ ماہ پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے کراچی کور کی فارمیشنز کا دورہ کیا تھا، آرمی چیف نے سرحدی علاقے میں کراچی کور، سندھ رینجرز کی مشقیں دیکھیں تھی۔

  • کشمیر کاز اور کشمیری عوام کی ہر سطح پر حمایت جاری رکھیں گے، آرمی چیف

    کشمیر کاز اور کشمیری عوام کی ہر سطح پر حمایت جاری رکھیں گے، آرمی چیف

    راولپنڈی : پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے ایک بار پھر عزم کا اعادہ کیا ہے کہ کشمیر کاز اور کشمیری عوام کی ہر سطح پر حمایت جاری رکھے گی۔

    پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر) کے مطابق آزاد جموں و کشمیر کے صدر سردار مسعود خان نے جی ایچ کیو راولپنڈی کا دورہ کیا اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات کی۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات میں باہمی دلچسپی بالخصوص لائن آف کنٹرول (ایل اوسی) کی صورتحال پر بات چیت ہوئی جبکہ ملاقات میں مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

    پاک فوج کے سپہ سالار جنرل قمر جاوید باجوہ نے اس موقع پر اپنے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاک فوج کشمیر کاز کے لئے بھرپور سپورٹ جاری رکھے گی، اورکشمیر کاز اور کشمیری عوام کی ہر سطح پر حمایت جاری رکھیں گے۔

    مزید پڑھیں : مادر وطن کے دفاع پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا: آرمی چیف

    یاد رہے چند روز قبل آرمی چیف کی زیر صدارت کورکمانڈرز کانفرنس ہوئی تھی ، جس میں خطے اور ملکی سیکیورٹی صورت حال کا جائزہ لیا گیا اور بھارتی آرمی چیف کا بیان بھی اجلاس میں زیرغور آیا۔

    آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ خطے میں امن واستحکام کے لیے پاکستان نے بھرپور کردار ادا کیا ہے، قومی سلامتی اور مادروطن کے دفاع پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، ملک کا دفاع ہر قیمت پر یقینی بنائیں گے۔

  • وزیراعظم کی شاہ محمود قریشی کو ایران، امریکا اور سعودی عرب کے دورے کی ہدایت

    وزیراعظم کی شاہ محمود قریشی کو ایران، امریکا اور سعودی عرب کے دورے کی ہدایت

    اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کو ایران، امریکہ اور سعودی عرب کے دورے کی ہدایت کر دی۔

    تفصیلات کے مطابق سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر وزیراعظم عمران خان نے اپنے پیغام میں کہا کہ وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کو ایران، امریکہ اور سعودی عرب کے دورے کی ہدایت کی ہے۔

    وزیراعظم عمران خان نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کو متعلقہ ممالک کے فوجی سربراہان سے رابطوں کی ہدایت کی۔

    وزیراعظم پاکستان نے کہا کہ وزیرخارجہ، آرمی چیف واضح پیغام دیں پاکستان کسی جنگ کا حصہ نہیں بنے گا، پاکستان امن کے لیے کردار ادا کرنے کو تیار ہے۔

    ’جنرل قاسم سلیمانی کا واقعہ اسامہ اور بغدادی کے واقعے سے بھی زیادہ سنگین ہوسکتا ہے‘

    یاد رہے کہ دو روز قبل وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ مشرق وسطیٰ میں صورتحال بہت نازک اور تشویش ناک ہے، مشرق وسطیٰ کسی نئی جنگ کا متحمل نہیں ہوسکتا، جنرل قاسم سلیمانی کا واقعہ اسامہ بن لادن اور ابوبکر بغدادی کے واقعے سے بھی زیادہ سنگین ہوسکتا ہے۔

    شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ پاکستان کو خطے میں تشویش ناک صورت حال نظرآ رہی ہے، واقعےسے خطے میں عدم استحکام بڑھے گا اور واقعے کے ردعمل سے افغان امن عمل بھی متاثر ہوسکتا ہے۔