Tag: جنرل قمر جاوید باجوہ

  • آرمی چیف کا کراچی کور کی فارمیشنز کا دورہ

    آرمی چیف کا کراچی کور کی فارمیشنز کا دورہ

    راولپنڈی: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کراچی کور کی فارمیشنز کا دورہ کیا، آرمی چیف نے کراچی کور اور رینجرز کی تیاریوں کو سراہا۔

    پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے کراچی کور کی فارمیشنز کا دورہ کیا، آرمی چیف نے سرحدی علاقے میں کراچی کور، سندھ رینجرز کی مشقیں دیکھیں۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے روایتی خطرات کے خلاف کراچی کور اور رینجرز کی تیاریوں کو سراہا۔

    آرمی چیف کا ایس ایس جی ہیڈ کوارٹرز کا دورہ

    یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے ایس ایس جی ہیڈکوارٹرز کا دورہ کیا تھا۔ آرمی چیف کا کہنا تھا کہ ایس ایس جی کمانڈوز ہمارا فخر ہیں، قیام پاکستان سے لے کر اب تک کمانڈوز، افسروں اور جوانوں نے ملکی دفاع کے لیے بےشمار خدمات سرانجام دی ہیں۔

    جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ ملک دشمن قوتوں کو ناکام کرتے ہوئے ملک میں استحکام لائے ہیں، کسی قیمت پر ملکی استحکام کو خراب نہیں ہونے دیں گے۔

  • آرمی چیف کی مزار قائد پر حاضری

    آرمی چیف کی مزار قائد پر حاضری

    کراچی: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا ہے کہ بابائے قوم نے پاکستان دو قومی نظریے پربنایا، آج دوقومی نظریے کا سب اعتراف کر رہے ہیں۔

    پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کے یوم پیدائش پر آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے مزار قائد پر حاضری دی، بابائے قوم کی قبر پر فاتحہ خوانی کی اور پھولوں کی چادر چڑھائی۔

    پاک فوج کے سربراہ نے کہا کہ بابائے قوم نے پاکستان دو قومی نظریے پربنایا، آج دوقومی نظریے کا سب اعتراف کر رہے ہیں، قیام پاکستان کے لیے قائد کا جتنا بھی شکریہ ادا کیا جائے کم ہے۔

    جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ انتہائی مشکل حالات میں بھی ہر پاکستانی متحد رہا، اقلیتوں نے بھی بلا تفریق مشکلات میں ساتھ دیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ قائداعظم کے وژن سے ہمیشہ رہنمائی لیتے رہیں گے، قائد کے ایمان، اتحاد اور تنظیم کے اصولوں پر چلتے رہیں گے۔

    قائدِ اعظم محمد علی جناحؒ کا 144 واں یومِ ولادت آج منایا جا رہا ہے

    واضح رہے کہ آج ملک بھر میں قائدِ اعظم محمد علی جناح کا 144 واں یومِ پیدائش مِلّی جوش و جذبے کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔

  • آرمی چیف سے جاپان کے خصوصی مشیر برائے امور خارجہ کی ملاقات

    آرمی چیف سے جاپان کے خصوصی مشیر برائے امور خارجہ کی ملاقات

    اسلام آباد: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے جاپانی وزیر اعظم کے خصوصی مشیر برائے امور خارجہ کی ملاقات ہوئی، ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور اور علاقائی سیکیورٹی کی صورتحال پر بات چیت ہوئی۔

    تفصیلات کے مطابق پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کا کہنا ہے کہ جاپانی وزیر اعظم کے خصوصی مشیر برائے امور خارجہ نے جی ایچ کیو کا دورہ کیا۔

    اس موقع پر آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ان کی ملاقات ہوئی۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور اور علاقائی سیکیورٹی کی صورتحال پر بات چیت ہوئی۔

    ملاقات میں باہمی تعلقات کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اعادہ کیا جبکہ خطے میں امن اور سیکیورٹی کے وسعت دینے پر بھی اتفاق ہوا۔

    اس سے قبل امریکی سینیٹر لنزے گراہم نے جی ایچ کیو کا دورہ کیا تھا جہاں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ان کی ملاقات ہوئی۔

    ملاقات میں افغان امن عمل سمیت خطے کی سیکیورٹی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ امریکی سینیٹر نے امن و استحکام کے لیے پاکستان کی کاوشوں کو سراہا تھا۔

  • آرمی چیف سے امریکی سینیٹر لنزے گراہم کی ملاقات

    آرمی چیف سے امریکی سینیٹر لنزے گراہم کی ملاقات

    اسلام آباد: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے امریکی سینیٹر لنزے گراہم کی ملاقات ہوئی، ملاقات میں افغان امن عمل سمیت خطے کی سیکیورٹی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے سربراہ میجر جنرل آصف غفور نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے بتایا کہ امریکی سینیٹر لنزے گراہم نے جی ایچ کیو کا دورہ کیا جہاں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ان کی ملاقات ہوئی ہے۔

    ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات میں افغان امن عمل سمیت خطے کی سیکیورٹی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ امریکی سینیٹر نے امن و استحکام کے لیے پاکستان کی کاوشوں کو سراہا۔

    خیال رہے کہ امریکی سینیٹر لنزے گراہم آج ہی 10 رکنی اعلیٰ سطح وفد کے ہمراہ پاکستان پہنچے ہیں، وفد کی سربراہی سینیٹر گراہم کر رہے ہیں۔

    وزیر اعظم عمران خان کی بحرین روانگی سے قبل امریکی سینیٹر نے ان سے بھی ملاقات کی، جس میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی بھی موجود رہے۔ ملاقات میں دونوں ممالک کے وفد بھی شامل تھے۔

    ملاقات کے دوران وزیر اعظم نے بھارت میں مسلمانوں کے ساتھ ناروا سلوک کا معاملہ اٹھایا، وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ اقلیتوں کے خلاف بھارتی حکومت امتیازی پالیسیاں اپنا رہی ہے۔

    انہوں نے کہا تھا کہ خطے میں امن کا بگاڑ روکنے کے لیے امریکا کی مستقل توجہ ضروری ہے۔ امن، خوشحالی اور ترقی کے لیے پاکستان اور امریکا میں شراکت داری اہم ہے۔

  • ہم نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں طویل سفر طے کیا: آرمی چیف

    ہم نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں طویل سفر طے کیا: آرمی چیف

    راولپنڈی: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ ہم سانحہ اے پی ایس کو کبھی بھول نہیں سکتے، ہم نے بطور قوم دہشت گردی کو شکست دی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ڈی جی آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کے طویل سفر کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے بہ طور قوم دہشت گردی کو شکست دے دی ہے۔

    جنرل قمر جاوید باجوہ نے سانحہ اے پی ایس کی پانچویں برسی کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ ہم شہدا اور ان کے اہل خانہ کو سلام پیش کرتے ہیں، ہم نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں طویل سفر طے کیا ہے اور دہشت گردی کو بہ طور قوم نا کام کیا ہے، ملک میں دیرپا امن و استحکام کے لیے ہم متحد ہیں۔

    آرمی چیف نے کہا کہ سانحہ آرمی پبلک اسکول میں ملوث 5 دہشت گردوں کو فوجی عدالتوں سے سزائیں سنائی جا چکی ہیں۔

    تازہ ترین:  پاکستان کی تاریخ کا بڑا سانحہ، اے پی ایس حملے کو 5 برس بیت گئے

    خیال رہے کہ آج پاکستان کی تاریخ کے بڑے سانحے آرمی پبلک اسکول پشاور پر حملے کو پانچ برس بیت گئے، بزدل دشمنوں نے اسکول میں قیامت برپا کی، 125 بچوں سمیت 151 افراد کو بے رحمی سے شہید کیا گیا۔

    ابھی سورج طلوع ہوئے کچھ ہی دیر ہوئی تھی کہ آرمی پبلک اسکول پشاور میں قیامت برپا کی گئی، اسکول کے عقبی حصے سے بموں اور آتشیں ہتھیاروں سے لیس دہشت گرد اندر داخل ہوئے اور قتل وغارت کا بازار گرم کر دیا۔ معصوم طلبہ، پرنسپل اور اساتذہ کو بے رحمی سے شہید کیا گیا۔ تھوڑی ہی دیر میں پاک فوج کے جوان اسکول پہنچ گئے اور ساتوں دہشت گردوں کو مار گرایا، اس کرب ناک دن کے اختتام پر پشاور کی ہر گلی سے جنازہ اٹھا، ڈیڑھ سو کے قریب شہادتوں نے پھولوں کے شہر کو آہوں اور سسکیوں میں ڈبو دیا۔

  • آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی داتا دربار پر حاضری

    آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی داتا دربار پر حاضری

    لاہور: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے داتا دربار پر حاضری دے کر چادر چڑھائی۔

    تفصیلات کے مطابق پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے آج داتا دربار پر حاضری دی ہے، آرمی چیف نے داتا دربار پر چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔

    داتا دربار حاضری کے موقع پر آرمی چیف نے ملکی سلامتی اور خوش حالی کے لیے بھی دعا کی۔

    یاد رہے کہ تین دن قبل بہاولپور کے قریب سرمائی تربیتی مشقوں کے موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا تھا کہ پاک افواج ہر طرح کے چیلنجز سے نبرد آزما ہونے کے لیے ہمہ وقت تیار ہے، تربیتی مشقیں حربی صلاحیتوں کو نکھارنے میں مدد دیتی ہیں۔

    یہ بھی پڑھیں:  پاک افواج تمام چیلنجز سے نبرد آزما ہونے کیلئے ہمہ وقت تیار ہے، آرمی چیف جنرل باجوہ

    آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے بہاولپور کے قریب اسٹرائیک کور کا دورہ کیا تھا، اس موقع پر آرمی چیف نے سرمائی تربیتی مشقیں دیکھیں، اس کے علاوہ آرمی چیف نے ٹرانس فرنٹیئر آپریشنز کا بھی جائزہ لیا۔

    ان مشقوں میں پاک فضائیہ اور سعودی زمینی افواج کے دستے بھی شریک تھے، سعودی افواج کے ڈپٹی کمانڈر میجر جنرل احمد بن عبداللہ المقرن نے بھی یہ مشقیں دیکھیں جب کہ آرمی چیف نے پاک فضائیہ سمیت تمام شرکا کے تربیتی معیار کی تعریف کی۔

  • ملک میں اقتصادی ترقی فورسز کی کوششوں سے ممکن ہوئی: آرمی چیف

    ملک میں اقتصادی ترقی فورسز کی کوششوں سے ممکن ہوئی: آرمی چیف

    پشاور: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے فرنٹیئر کور ہیڈ کوارٹرز کے دورے کے دوران کہا کہ وطن کے لیے جانیں قربان کرنے والے شہدا کو سلام پیش کرتے ہیں۔ ملک میں اقتصادی ترقی فورسز کی کوششوں سے ممکن ہوئی۔

    تفصیلات کے مطابق پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے فرنٹیئر کور ہیڈ کوارٹرز کا دورہ کیا۔ آرمی چیف نے یادگار شہدا پرحاضری دی اور پھول چڑھائے۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے فرنٹیئر کور میوزیم اور فورٹ گیلری کا بھی دورہ کیا۔

    اس موقع پر آرمی چیف نے کہا کہ خیبر پختونخواہ بالخصوص فاٹا میں امن کے لیے فرنٹیئر کور کا اہم کردار ہے، وطن کے لیے جانیں قربان کرنے والے شہدا کو سلام پیش کرتے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ ملک میں سماجی و اقتصادی ترقی فورسز کی کوششوں سےممکن ہوئی، ملک میں دیرپا امن و استحکام کے لیے اقدامات جاری رکھیں گے۔

    گزشتہ روز آرمی چیف نے آرمرڈ کور سینٹر نوشہرہ کا دورہ کیا تھا اور کرنل کمانڈنٹ کے بیجز لگانے کی تقریب میں لیفٹیننٹ جنرل سرفراز ستار کو کرنل کمانڈنٹ آرمرڈ کور کے بیجز لگائے۔

    آرمی چیف نے روایتی اور غیر روایتی جنگ میں آرمرڈ کور کی کارکردگی کو بھی سراہا تھا۔

  • آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے آسٹریلوی ہائی کمشنر کی ملاقات

    آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے آسٹریلوی ہائی کمشنر کی ملاقات

    اسلام آباد: آسٹریلوی ہائی کمشنر ڈاکٹر جیفری شا نے جی ایچ کیو کا دورہ کیا جہاں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ان کی ملاقات ہوئی۔

    تفصیلات کے مطابق پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ آسٹریلوی ہائی کمشنر ڈاکٹر جیفری شا نے جی ایچ کیو کا دورہ کیا۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے آسٹریلوی ہائی کمشنر کی ملاقات بھی ہوئی۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور سمیت علاقائی سیکیورٹی پر بات چیت ہوئی۔

    اس سے قبل 226 ویں کور کمانڈرز کانفرنس کے موقع پر آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ ہر قسم کے چیلنجز، مشرقی سرحد اور ایل او سی سے نمٹنے کے لیے تیار ہیں۔

    آرمی چیف کا کہنا تھا کہ قومی معاملات پر ہم آہنگی دشمن قوتوں کو شکست دینے کے لیے ضروری ہے۔

    انہوں نے کہا تھا کہ امن و استحکام کی صورتحال قوم اور اداروں کی مرہون منت ہے، مذموم مقصد کے لیے قربانیوں کے ثمرات رائیگاں نہیں جانے دیں گے۔ تمام خطرات کے خلاف ملک کا دفاع کریں گے، افواج پاکستان آئین کے مطابق فرائض انجام دیتی رہے گی۔

    آرمی چیف نے مزید کہا تھا کہ قومی کاشوں اور مسلح افواج کی قربانیوں سے بہتر اندرونی سیکیورٹی اور استحکام حاصل کیا ہے۔

  • بڑی خبر: صدر مملکت آرمی چیف کی دوبارہ تقرری کے نوٹیفکیشن پر دستخط کر چکے

    بڑی خبر: صدر مملکت آرمی چیف کی دوبارہ تقرری کے نوٹیفکیشن پر دستخط کر چکے

    اسلام آباد: آرمی چیف کی دوبارہ تقرری کے حوالے سے موجود ابہام ختم ہو گیا ہے، صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی دوبارہ تقرری کے نوٹیفکیشن پر دستخط کر دیے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق اے آر وائی نیوز کے پروگرام آف دی ریکارڈ میں یہ بڑی خبر سامنے آئی ہے کہ آرمی چیف کی دوبارہ تقرری کے نوٹیفکیشن پر دستخط ہو چکے ہیں۔

    کاشف عباسی نے پروگرام میں بتایا کہ صدر مملکت نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی مزید 3 سال کے لیے تقرری کے نوٹیفکیشن پر دستخط کر دیے ہیں۔

    بتایا گیا کہ آرمی چیف کی دوبارہ تقرری کی تمام کاغذی کارروائی اگست میں ہو گئی تھی، آرمی چیف کی دوبارہ تقرری کا نوٹیفکیشن بھی اگست میں تیار ہو چکا تھا۔

    واضح رہے کہ حکومتِ پاکستان نے اگست میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کو مزید تین سال کے لیے پاک فوج کا سالار مقرر کرنے کا نوٹی فکیشن جاری کیا تھا، نوٹی فکیشن میں کہا گیا تھا کہ جنرل قمر جاوید باجوہ کی مدت ملازمت میں توسیع خطے کے حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے دی گئی ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  جنرل قمرباجوہ مزید تین سال کے لیے آرمی چیف مقرر

    بتایا گیا تھا کہ وزیر اعظم عمران خان نے جنرل قمر باجوہ کی مدت ملازمت میں توسیع کا فیصلہ ملک کی مشرقی سرحد کی موجودہ صورت حال کے پیش نظر کیا، فیصلہ کرتے ہوئے بدلتی ہوئی علاقائی صورت حال، خصوصاً افغانستان اور مقبوضہ کشمیر کے حالات کے تناظرمیں کیا گیا۔

    یہ بھی کہا گیا تھا کہ جنرل قمر باجوہ کی توسیع کا فیصلہ کرتے ہوئے بھارت کی جانب سے ایٹمی ہتھیاروں کے استعمال کی دھمکیوں کو بھی مدنظر رکھا گیا۔

    یاد رہے کہ جنرل قمر جاوید باجوہ اس وقت پاک فوج کے آرمی چیف ہیں، سابقہ وزیر اعظم نواز شریف نے انھیں 29 نومبر 2016 کو پاکستان کا 16 واں سپہ سالار مقرر کیا تھا اور ان کی مدت ملازمت 29 نومبر 2019 کو ختم ہونا تھی، تاہم اب وہ مزید تین سال آرمی چیف کے عہدے پر رہیں گے۔

  • جنرل باجوہ کی قیادت میں پاکستان میں امن بحال ہوا: سابق برطانوی جنرل

    جنرل باجوہ کی قیادت میں پاکستان میں امن بحال ہوا: سابق برطانوی جنرل

    لندن: سابق برطانوی میجر جنرل جوناتھن ڈیوڈ شا نے اپنے ایک آرٹیکل میں لکھا ہے کہ جنرل قمر جاوید باجوہ کی قیادت میں پاکستان میں امن بحال ہوا۔

    تفصیلات کے مطابق سابق برطانوی میجر جنرل نے لکھا ہے کہ پاک فوج کے سربراہ کی قیادت میں پاکستان میں امن آیا، دنیا پاکستان کا احترام کرے، شاہی جوڑے کا دورہ پاکستان آج کے پاکستان کی عکاسی کرتا ہے۔

    جوناتھن ڈیوڈ شا کا کہنا تھا پاکستان نے لاکھوں افغانوں کو پناہ دی، یمن اور افغانستان میں بھی جنرل قمر جاوید باجوہ نے کردار ادا کر کے اپنا آپ منوایا، ان کی خدمات کو دیکھتے ہوئے انھیں توسیع ملی۔

    تازہ ترین:  بریگزٹ ڈیل : برطانوی ممبران پارلیمنٹ نے فیصلے میں تاخیر کے حق میں ووٹ دے دیا

    خیال رہے کہ میجر جنرل جوناتھن ڈیوڈ شا پاکستان کے متعدد دورے کر چکے ہیں، سابق سینئر برطانوی فوجی افسر نے لکھا کہ انھوں نے 2009 اور 2010 میں باقاعدگی کے ساتھ پاکستان کے دورے کیے، اس دوران میں نے پاکستان کو در پیش بحران کو بھی دیکھا۔

    انھوں نے اپنے آرٹیکل میں مزید لکھا کہ حالیہ اقدامات سے واضح ہوتا ہے کہ پاکستان نے کس طرح اپنی انٹرنل سیکورٹی کو تبدیل کر دیا ہے۔ اب اس کا وقت نہیں ہے کہ پاکستان سے مزید کوئی مطالبہ کیا جائے بلکہ اب وقت ہے کہ دنیا پاکستان کو مزید عزت دے، بہتر ہوتی سیکورٹی اور اقتصادی صورت حال کے ساتھ پاکستان علاقائی اور عالمی سیاست میں بتدریج ابھر رہا ہے۔