Tag: جنرل ندیم رضا

  • چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی  کا بھارت کو واضح پیغام

    چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی کا بھارت کو واضح پیغام

    رسالپور : چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ندیم رضا نے بھارت کو واضح پیغام میں کہا ہے کہ ہماری امن کی خواہش کوکمزوری نہ سمجھے۔

    تفصیلات کے مطابق اصغرخان اکیڈمی رسالپور میں پاک فضائیہ کی 146 ویں گریجویشن کی تقریب ہوئی۔

    پاس آؤٹ ہونے والے کیڈٹس نے شاندار مارچ پاسٹ کیا ، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ندیم رضا نے پریڈ کا معائنہ کرتے ہوئے کیڈٹس کو مبارک باد دی۔

    چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ندیم رضا نے پی اے ایف کی گریجویشن تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تقریب میں شرکت پر بے حد خوشی محسوس کررہا ہوں، پاس آؤٹ گریجویٹس یادرکھیں کہ آج سے ان کی پیشہ ورانہ زندگی کا آغاز ہورہا ہے۔

    جنرل ندیم رضا کا کہنا تھا کہ آپ کو ہمیشہ جدید ٹیکنالوجی، رجحانات سے ہم آہنگ ہونا ہوگا۔

    چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی نے کہا کہ سعودی عرب سے پاکستان کے تاریخی، مذہبی ، ثقافتی اور برادرانہ تعلقات ہیں، سعودی رائل ایئرفورس کے کیڈٹس بھی آج پاس آؤٹ ہونیوالےگریجویٹس میں شامل ہیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ پاکستان پرامن بقائےباہمی کےاصول پر سختی سے کاربند ہے، عالمی امن کے قیام کیلئے پاکستان نے بڑی قربانیاں دی ہیں۔

    جنرل ندیم رضا نے کہا کہ پاکستان ہر خطرات سے نمٹنے کیلئے پوری طرح تیار ہے، تنبیہ کرناچاہتاہوں کہ امن کی خواہش کوکوئی کمزوری نہ سمجھے۔

  • ‘پاکستان اپنے نیوکلیئر پروگرام پرکسی بھی قسم کا سمجھوتہ نہیں کرے گا’

    ‘پاکستان اپنے نیوکلیئر پروگرام پرکسی بھی قسم کا سمجھوتہ نہیں کرے گا’

    اسلام آباد : ڈپٹی چیئرمین نیشنل کمانڈ اتھارٹی جنرل ندیم رضا کا کہنا ہے کہ پاکستان اپنے نیوکلیئر پروگرام پرکسی بھی قسم کا سمجھوتہ نہیں کرے گا۔

    تفصیلات کے مطابق پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے بیان میں کہا گیا کہ چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ندیم رضا نے نسٹ میں سیمینار سے خطاب کیا۔

    نیشنل انسٹیٹیوٹ آف پالیسی کے تحت علاقائی عوامل اور سیکیورٹی پر سیمینار منعقد کیا گیا۔

    ڈپٹی چیئرمین نیشنل کمانڈ اتھارٹی جنرل ندیم رضا نے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملکی نیوکلیئرصلاحیت مادروطن کےدفاع اورسالمیت کی ضامن ہے، ملکی نیوکلیئرپروگرام کوعوام،سیاسی جماعتوں کی حمایت حاصل ہے۔

    جنرل ندیم رضا کا کہنا تھا کہ سول وملٹری قیادت نیشنل کمانڈاتھارٹی کےاس اسٹریٹجک پروگرام کے ساتھ سیسہ پلائی دیوار کی طرح ہے،

    انھوں نے کہا کہ قومی سیکیورٹی ناقابل تقسیم ہے، پاکستان اپنے نیوکلیئر پروگرام پرکسی بھی قسم کا سمجھوتہ نہیں کرے گا، پاکستان ایک ذمہ داراور پر اعتماد نیوکلیئر ملک ہے۔

    ڈپٹی چیئرمین نیشنل کمانڈاتھارٹی کا کہناتھا کہ ملکی پالیسی فل اسپیکٹرم ڈیٹرنس ہے ، جو قابل اعتماد ایٹمی توازن کے دائرہ کارمیں ہے اور ہماری قومی سیکیورٹی،سیفٹی میکنزم ہرقسم کے خطرے کے خلاف تمام ضابطوں کے مطابق ہے۔

    جنرل ندیم رضا نے مزید کہا کہ قومی اسٹریٹجک پروگرام پربےبنیاداورغیرضروری تبصرےسےگریزکیاجائے ، نیوکلیئر ممالک میں رائج طریقے کے مطابق نیشنل کمانڈاتھارٹی اسٹریٹجک پروگرام پر رسپانس اور تبصرے کی مجاز ہے۔

  • چیئرمین جوائنٹ چیفس آف کمیٹی کی جرمن اور سوئس افواج کے سربراہان سے ملاقات

    چیئرمین جوائنٹ چیفس آف کمیٹی کی جرمن اور سوئس افواج کے سربراہان سے ملاقات

    اسلام آباد: چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ندیم رضا نے جرمنی اور سوئٹزر لینڈ کا دورہ کیا جہاں ان کی جرمن ڈیفنس فورسز اور سوئس مسلح افواج کے سربراہان سے ملاقات ہوئی۔

    تفصیلات کے مطابق پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ندیم رضا نے جرمنی اور سوئٹزر لینڈ کا دورہ کیا، جنرل ندیم رضا کی جرمن ڈیفنس فورسز کے سربراہ سے ملاقات ہوئی۔

    آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ ملاقات میں پیشہ وارانہ دلچسپی، سیکیورٹی امور اور دفاعی تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا، دونوں جانب سے خطے میں بالخصوص افغانستان میں امن کے لیے مل کر کام کرنے کے عزم کا بھی اعادہ کیا گیا۔

    جنرل ندیم رضا نے جرمن انفینٹری اسکول اور سینٹر فار انٹرنل لیڈر شپ کے بھی دورے کیے، جرمن وزارت دفاع آمد کے موقع پر انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔

    بعد ازاں جنرل ندیم رضا کی سوئس مسلح افواج کے سربراہ سے ملاقات ہوئی، ملاقات میں باہمی دفاعی تعاون اور عالمی و علاقائی امور پر تبادلہ خیال ہوا۔ ملاقات میں فوجی اور دفاعی تعاون کے فروغ کے امور بھی زیر غور آئے۔

    چیئرمین کمیٹی نے جنیوا سینٹر فار سیکیورٹی پالیسی کا بھی دورہ کیا جہاں انہوں نے پاکستان کی جیو اسٹریٹجک صورتحال اور سیکیورٹی امور پر بھی روشنی ڈالی۔

    آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ جنرل ندیم رضا نے خطے بالخصوص افغانستان کے تناظر میں اظہار خیال کیا، انہوں نے علاقائی امن کے لیے افغانستان میں مفاہمت پر بھی زور دیا۔

  • چیئرمین جے سی ایس سی کا تاجکستان کا سرکاری دورہ

    چیئرمین جے سی ایس سی کا تاجکستان کا سرکاری دورہ

    راولپنڈی: چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ندیم رضا نے تاجکستان کا سرکارہ دورہ کیا ہے۔

    ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق چیئرمین جے سی ایس سی نے تاجکستان کا سرکاری دورہ کیا، جنرل ندیم رضا نے تاجکستان کے صدر امام علی رحمان سے ملاقات کی۔

    اس دورے کے دوران تاجکستان کے وزیر دفاع جنرل شیر علی مرزو، وزیر برائے امور داخلہ جنرل رخیموزودا رمازون سے بھی علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں ہوئیں، تاجکستان کے قومی سلامتی کے چیئرمین اسٹیٹ کمیٹی یتیموف سائمومن کے ساتھ بھی انھوں نے ملاقات کی۔

    آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ ان ملاقاتوں میں باہمی دل چسپی کے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیاگیا، دو طرفہ تعاون بشمول سیکورٹی اور انسداد دہشت گردی اقدامات پر خصوصی بات چیت ہوئی۔

    علاقائی صورت حال بالخصوص افغانستان سے متعلق امور بھی ملاقاتوں میں زیر غور آئے، دونوں ممالک کے درمیان فوجی تعلقات کا دائرہ کار بڑھانے کے اقدامات پر غور بھی کیا گیا۔

    پاکستان، تاجکستان کے نکتہ نظر میں مماثلت کا پایا جانا خوش آئند ہے: وزیر خارجہ

    آئی ایس پی آر کے مطابق دونوں ممالک میں گہرے تعلقات کو جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا، جنرل ندیم رضا کا کہنا تھا کہ پاکستان تاجکستان سے فوجی تعاون میں وسعت کا خواہاں ہے۔

    دریں اثنا، ملاقاتوں میں تاجکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستانی فوج کی قربانیوں کا اعتراف بھی کیا۔

  • صدر پاکستان نے جنرل ندیم رضا کو نشان امتیاز ملٹری سے نوازا

    صدر پاکستان نے جنرل ندیم رضا کو نشان امتیاز ملٹری سے نوازا

    اسلام آباد: صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ندیم رضا کو نشان امتیاز ملٹری سے نوازا۔

    تفصیلات کے مطابق چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ندیم رضا کو نشان امتیاز عطا کرنے کی تقریب ایوان صدر میں منعقد ہوئی

    ترجمان ایوان صدر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق جنرل ندیم رضا کو نشان امتیاز عطا کرنے کی تقریب ایوان صدر میں منعقد ہوئی۔ تقریب میں وزیر دفاع پرویز خٹک، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور سربراہ پاک فضائیہ سمیت اعلیٰ عسکری وسول افسران نے بھی شرکت کی۔

    جنرل ندیم رضا کو ملکی دفاع کی خدمات کے اعتراف میں نشان امتیاز ملٹری سے نوازا گیا۔

    یاد رہے کہ رواں سال 21 نومبر کو وزیراعظم عمران خان نے لیفٹیننٹ جنرل ندیم رضا کو چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی بنانے کی منظوری دی تھی اور ان کی تقرری کا اطلاق 27 نومبر 2019 سے ہوگیا تھا۔

    اس سے قبل جنرل زبیر محمود حیات نے 28 نومبر 2016 کو چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کا عہدہ سنبھالا تھا۔