Tag: جنریٹر

  • فوٹیج: مرکزی سڑک پر ہیوی جنریٹر چھین کر کرین کے ذریعے لے جانے والا ملزم پکڑا گیا

    فوٹیج: مرکزی سڑک پر ہیوی جنریٹر چھین کر کرین کے ذریعے لے جانے والا ملزم پکڑا گیا

    کراچی: شہر قائد میں ایک مرکزی سڑک پر ہیوی جنریٹر چھین کر کرین کے ذریعے لے جانے والا ملزم پکڑا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق اے آر وائی نیوز کو حاصل سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ڈکیت گروہ نے کس دیدہ دلیری سے ہیوی جنریٹر چھینا اور لوڈنگ گاڑی پر ڈال کر لے گئے۔

    کورنگی انڈسٹریل ایریا پولیس نے ٹیکنیکل بنیادوں پر بڑی کارروائی کرتے ہوئے لوڈنگ گاڑیوں سے لوٹ مارکرنے والے اس گروہ کے اہم کارندے کو گرفتارکر لیا ہے۔ ملزم کی نشان دہی پر شاہ لطیف تھانے کی حدود سے ہیوی جنریٹر برآمد کر لیا۔

    ایس ایس پی کورنگی توحید رحمان کے مطابق برآمد شدہ 30 کے وی اے جنریٹر کی قیمت لاکھوں روپے ہے، ملزمان نے 27 جولائی کو کورنگی کی حدود میں یہ واردات کی تھی، جب کار سوار ملزمان نے اسلحے کے زور پر سوزوکی ڈرائیور کو روکا اور 2 ملزمان سوزوکی کو چلا کر لے گئے، اور پھر ڈرائیور کو راستے میں اتار دیا۔

    توحید رحمان نے بتایا کہ دن رات اس کیس پر کام کیا گیا اور ملزمان تک رسائی کی گئی، چند روز کے اندر ہی ٹیکنیکل بنیادوں پر اس کیس کو حل کیا گیا، ان کا کہنا تھا کہ ملزم کے تین دیگر ساتھی فرار ہیں جنھیں جلد گرفتار کر لیا جائے گا۔

    فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ڈرائیور کو اتارنے کے بعد سوزوکی کو مرکزی سڑک پر ہی روکا گیا تھا، ملزمان ایک ہیوی کرین لے کر آئے اور مصروف سڑک پر اس کے ذریعے ہیوی جنریٹر سوزوکی سے ٹرک پر منتقل کر دیا۔ واضح رہے کہ یہ اے آر وائی نیوز کے ہیڈ آفس کا جنریٹر تھا، جسے گن پوائنٹ پر چھینا گیا تھا، تاہم پولیس نے 7 سے 8 دن کے اندر اس بلائنڈ کیس کو حل کیا، اور جنریٹر بھی ریکور کیا گیا۔

  • بجلی جانے پر جنریٹر چلانے والے مائیکل فیراڈے کو نہ بھولیں

    بجلی جانے پر جنریٹر چلانے والے مائیکل فیراڈے کو نہ بھولیں

    موسمِ گرما میں پاکستان کے عوام کو بجلی کی لوڈ شیڈنگ کی وجہ سے دہری مصیبت اٹھانا پڑتی ہے۔ ان دنوں ملک بھر میں شدید گرمی پڑ رہی ہے اور بجلی کی لوڈ شیڈنگ کے باعث سبھی کو مشکلات کا سامنا ہے۔

    مال دار، خوش حال یا متوسط طبقہ تو جنریٹر کے ذریعے اپنا کام نکال لیتا ہے، لیکن ملک کے غریب اور دیہاڑی دار طبقے کے لیے تو دو وقت کی روٹی کا حصول ہی مشکل ہے، وہ جنریٹر یا ایسے کسی دوسری سہولت کا سوچ بھی نہیں‌ دیکھ سکتے۔

    اگر آپ کو خوش قسمتی سے جنریٹر کی سہولت میسر ہے تو یہ بھی جان لیں کہ جنریٹر، جس کی مدد سے آپ بجلی جانے کے بعد پنکھوں کی ہوا اور کم از کم برقی قمقموں کی روشنی حاصل کرلیتے ہیں، کس انگریز سائنس داں کے طبیعیاتی قانون پر کام کرتا ہے؟

    یہ مائیکل فیراڈے ہیں جنھوں نے فزکس اور کیمسٹری کے میدان میں کار ہائے نمایاں انجام دیے۔ انھوں نے 1831 میں الیکٹرو میگنیٹک انڈکشن کا قانون پیش کیا تھا۔

    مائیکل فیراڈے نے دریافت کیا کہ برقی کرنٹ، مقناطیسی میدان پیدا کرتا ہے اور مسلسل بدلاؤ سے مقناطیسی میدان سے برقی کرنٹ پیدا ہوتا ہے۔

    اس سائنس داں کی انقلابی تھیوری کے نتیجے میں جنریٹر سے کرنٹ پیدا کرنا ممکن ہوا اور آج یہ مشین جدید شکل میں ہماری زندگی کی مشکلات کو کم کررہی ہے۔

    سادہ لفظوں میں‌ بیان کیا جائے تو فیراڈے نے اپنے سائنسی قانون میں یہ بھی‌ بتایا کہ مقناطیسی میدان کی تبدیلی جتنی تیز ہو گی، وولٹیج بھی اتنا ہی زیادہ پیدا ہوگا۔ آج اسی اصول کی مدد سے جنریٹر بنائے جاتے ہیں اور بجلی پیدا کی جاتی ہے۔