Tag: جنوبی افریقہ

  • جنوبی افریقہ کی ویمنز کرکٹ ٹیم پاکستان پہنچ گئی

    جنوبی افریقہ کی ویمنز کرکٹ ٹیم پاکستان پہنچ گئی

    جنوبی افریقہ کی ویمنز کرکٹ ٹیم کپتان لورا وولوارٹ کی قیادت میں پاکستان پہنچ گئی۔

    رپورٹس کے مطابق جنوبی افریقہ کی ویمنز کرکٹ ٹیم جوہانسبرگ سے براستہ دبئی لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئر پورٹ پہنچی۔ ٹیم کو اب لاہور سے بذریعہ چارٹرڈ فلائٹ ملتان منتقل کیا جائے گا۔

    جنوبی افریقہ کی ویمنز کرکٹ ٹیم پاکستان ویمنز ٹیم کے خلاف 16، 18 اور 20 ستمبر کو ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں 3 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز کھیلے گی۔

    دوسری جانب آئی سی سی نے ویمنز ٹی 20 ورلڈکپ کیلئے کم قیمت ٹکٹوں کا اعلان کر دیا ہے۔

    تین اکتوبر سے متحدہ عرب امارات میں شروع ہونے والے ورلڈکپ میں کم از کم ٹکٹ 5 درہم کا ہو گا۔ 18سال سے کم عمر تماشائیوں کیلئے ٹورنامنٹ میں انٹری فری ہو گی۔10ٹیموں کا خواتین ٹی20 ٹورنامنٹ 3 سے 20 اکتوبر تک شارجہ اور دبئی میں کھیلا جائے گا۔

    انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ویمنز ٹی 20 ورلڈ کپ بنگلہ دیش سے متحدہ عرب امارات (یو اے ای) منتقل کردیا ہے۔

    بنگلادیشی کرکٹر نے پاکستان میں کیا وعدہ پورا کردیا

    آئی سی سی کا کہنا ہے کہ بنگلہ دیش میں سیاسی صورتحال کی وجہ سے ایونٹ منتقل کیا گیا ہے، ایونٹ کی میزبانی کے حقوق بنگلہ دیش کے پاس ہی رہیں گے، کچھ ملکوں کی ٹریول ایڈوائزری کی وجہ سے بنگلا دیش میں ایونٹ ممکن نہیں تھا۔

  • جنوبی افریقہ : چڑیا گھر کے  آخری ہاتھی کو 40 سال بعد آزادی مل گئی، ویڈیو دیکھیں

    جنوبی افریقہ : چڑیا گھر کے آخری ہاتھی کو 40 سال بعد آزادی مل گئی، ویڈیو دیکھیں

    جنوبی افریقہ کے چڑیا گھر کے آخری ہاتھی کو چالیس سال تک قید میں رکھنے کے بعد واپس جنگل میں چھوڑ دیا گیا ہے۔

    برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کی رپورٹ کے مطابق چارلی نامی اس ہاتھی کو 1984 میں زمبابوے کے ہوانگ نیشنل پارک سے اس وقت پکڑا گیا جب وہ دو سال کا تھا۔

    اسے جنوبی افریقہ میں بوسویل ولکی سرکس لے جایا گیا اور کرتب دکھانے کی تربیت دی گئی۔ 2000کی دہائی کے اوائل میں اسے ملک کے واحد قومی چڑیا گھر میں منتقل کر دیا گیا تھا۔

    حالیہ برسوں میں جانوروں کی فلاح و بہبود کے گروپوں نے ہاتھی کی صحت کے لیے تشویش کی وجہ سے اسے آزاد کرنے پر زور دیا ہے۔

    منگل کے روز ای ایم ایس فاؤنڈیشن جو جنگلی حیات کے حقوق کی وکالت کرتی ہے نے اعلان کیا کہ آزادی کے لیے چار گھنٹے کے سفر کے بعد ہاتھی صوبہ لیمپوپو کے شمبالا پرائیویٹ ریزرو میں اپنے نئے گھر پہنچ گیا ہے۔

    اعلان میں کہا گیا ہے کہ "تاریخی واقعہ” جنوبی افریقی حکومت کے ساتھ برسوں کی بات چیت کے بعد ہوا، جب ای ایم ایس فاؤنڈیشن اور اس کے شراکت داروں نے یہ ظاہر کرنے کے لیے سائنسی ثبوت فراہم کیے کہ چڑیا گھروں میں ہاتھیوں کو تکلیف ہوتی ہے۔

    چڑیا گھر میں چارلی ہاتھی کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ اس نے چار دیگر ہاتھیوں کی موت کا مشاہدہ کیا، جن میں اس کا اپنا بچھڑا بھی شامل ہے جس کی عمر ایک ماہ سے بھی کم تھی۔

    ہاتھیوں کا نیا گھر 10ہزار ہیکٹر پر مشتمل ایک ریزرو ہے جس میں ہاتھیوں کی بڑھتی ہوئی آبادی ہے جو جانوروں کو دوبارہ جنگلی میں کامیابی سے ضم کرنے کے لیے جانا جاتا ہے۔

    فاؤنڈیشن عہدیدار نے کہا کہ ہمارا خواب یہ ہے کہ اپنی رفتار سے، چارلی وہ ہاتھی بننا سیکھے گا جس کا وہ ہمیشہ سے ہونا چاہتا تھا اور جلد ہی وہ شمبالہ پر موجود ہاتھیوں کی کمیونٹی سے مل کر ضم ہو جائے گا۔

  • قطر ایئرویز کی جانب سے مسافروں کے لیے بڑی خوشخبری

    قطر ایئرویز کی جانب سے مسافروں کے لیے بڑی خوشخبری

    دوحہ: قطر ایئرویز نے جنوبی افریقہ کی ایئر لائن ایئرلنک میں 25 فی صد شیئر خرید لیے۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ایئر لنک کے ساتھ اس معاہدے پر 20 اگست 2024 کو دوحہ میں دستخط کیے گئے ہیں، دونوں ایئر لائنز اس سے قبل بھی اپنی کچھ پروازوں کو کوڈ شیئر کرتی آ رہی ہیں۔

    ایئرلنک کے سی ای او راجر فوسٹر نے جنوبی افریقی میڈیا کو انٹرویو میں بتایا کہ اگرچہ قطری ایئر لائن اقلیتی شیئر ہولڈر ہوگا، تاہم اسے جنوبی افریقی ایئرلائن کے بورڈ میں 2 نشستیں بھی دی جائیں گی۔

    قطر ایئرویز پہلے ہی براعظم افریقہ کے 29 مقامات کے لیے پروازیں چلاتی آ رہی ہے، اب 60 سے زیادہ طیاروں والے فضائی بیڑے ایئرلنک کے ساتھ اشتراک کے سبب اس کے آپریشنز اور بھی وسیع ہوں گے۔

    راجر فوسٹر کا کہنا تھا کہ ایئرلنک دراصل دوسری ایئرلائنز کے ساتھ اتحاد کرنے کی طرف مائل رہتی ہے، تاکہ غیر ملکی ایئرلائنز کو عالمی رسائی فراہم کر سکے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایئرلنک کی شراکت داری فی الوقت تقریباً 36 مختلف ایئر لائنز (6 کوڈ شیئر ریلیشن شپس 30 انٹر لائن معاہدے) کے ساتھ قائم ہے۔

  • جنوبی افریقہ کے خلاف فائنل میچ سے قبل بھارتی ہیڈ کوچ کا بیان سامنے آگیا

    جنوبی افریقہ کے خلاف فائنل میچ سے قبل بھارتی ہیڈ کوچ کا بیان سامنے آگیا

    آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2024 کا فائنل آج بھارت اور جنوبی افریقا کے درمیان کھیلا جائے گا، میچ سے قبل بھارتی ٹیم کے ہیڈ کوچ کا بیان سامنے آگیا۔

    آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ کا فائنل مقابلہ آج جنوبی افریقہ اور بھارت کے درمیان ہوگا، دونوں ٹیمیں بارباڈوس پہنچ چکی ہیں، میچ پاکستانی وقت کے مطابق شام ساڑھے 7 بجے شروع ہوگا تاہم میچ کے دوران بارش کا خدشہ ہے۔

    آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں فائنل کھیلنے والی دونوں ٹیم اب تک کی ناقابل شکست ٹیم رہی ہے لیکن دیکھنا یہ ہے کہ آئی سی سی کی چمچماتی ٹرافی کونسی ٹیم اپنے نام کرتی ہے۔

    گزشتہ روز بھارت کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ راہول ڈراوڈ نے پریس کانفرنس میں کہا کہ یہ اچھی بات ہے کہ ہم لگاتار بہترین کرکٹ کھیل رہے ہیں، ہم تینوں فارمیٹ میں فائنل میں پہنچے جس کا کریڈٹ کھلاڑیوں کو جاتا ہے۔ اگر ہم اچھا کھیلے اور قسمت نے ساتھ دیا تو ہم یہ فائنل ضرور جیتیں گے۔

    راہول کا کہنا تھا کہ سیمی فائنل اور فائنل کے درمیان کھلاڑیوں کو صرف ایک دن کا وقت ملا جس میں کچھ نہیں کیا جا سکتا، گیانا میں انگلینڈ کو سیمی فائنل میں ہرانے کے بعد بھارتی ٹیم بارباڈوس پہنچی ہے، لیکن بھارتی ٹیم ذہنی طور میچ کے لیے پوری طرح تیار ہے۔

    پریس کانفرنس میں ہیڈ کوچ سے سوال کیا گیا کہ آسٹریلیا کے ہاتھوں شکست سے کیا سبق حاصل کیا جس پر راہول نے کہا کہ ’ کچھ بھی نہیں ہم نے اچھی کرکٹ کھیلی اور فائنل میں بھی پوری طرح تیار تھے، لیکن دوسری ٹیم ہم سے بہتر تھی، کھیل میں یہ ہوتا ہے، اگر کوئی ٹیم فائنل میں پہنچتی ہے تو اچھی ہی ہوگی، اور اسے بھی جیت کا اتنا ہی حق ہے جتنا ہمیں۔

    یاد رہے کہ گزشتہ نومبر میں احمد آباد کے نریندر مودی اسٹیڈیم میں ون ڈے ورلڈ کپ 2023 کے فائنل میں آسٹریلیا نے ٹریوس ہیڈ کی شان دار سنچری اور بولرز کی عمدہ بولنگ کی بدولت بھارت کو بہ آسانی 6 وکٹوں سے شکست دے کر چھٹی مرتبہ ورلڈ چیمپیئن بننے کا اعزاز حاصل کیا تھا۔

  • افغانستان کو قابو کرنے کے لیے جنوبی افریقہ کو کیا تین چیزیں کرنا ہونگی؟

    افغانستان کو قابو کرنے کے لیے جنوبی افریقہ کو کیا تین چیزیں کرنا ہونگی؟

    جنوبی افریقہ اور افغانستان ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے پہلے سیمی فائنل میں مدمقابل ہونگے جہاں شائیقین کرکٹ کی بھرپور جنگ دیکھنے کے لیے پُرامید ہیں۔

    آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے گروپ اسٹیج سے لے کر سپرایٹ مرحلے تک پروٹیز نے شاندار کاکردگی کا مظاہرہ کیا ہے اور تمام میچز میں کامیابی حاصل کی ہے، تاہم اسے فائنل میں پہنچنے کے لیے افغان جنگجوؤں کا سامنا ہے جو آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ جیسی ٹیموں کو چاروں شانے چت کرچکے ہیں۔

    افغانستان کی ٹیم کو اس وقت ماہرین کافی خطرناک قرار دے رہے ہیں اور پروٹیز کے لیے انھیں ہرانا بھی کافی مشکل ہوگا، افغانستان نے بھی اب تک نہ صرف اس ایونٹ میں بھرپور پرفارمنس کا مظاہرہ کیا ہے بلکہ ٹاپ وکٹ ٹیکرز اور ٹاپ بیٹرز کا تعلق بھی افغانستان سے ہے۔

    ایسے میں اگر جنوبی افریقہ کو جان تور کرکٹ کھیلنے والی افغانستان کی ٹیم کو شکست سے دوچار کرنا ہے تو اسے سیمی فائنل میں ان تین باتوں پر خصوص عمل کرنا ہوگا۔

    جنوبی افریقہ کو افغان اوپنرز کو جلد آؤٹ کرنا ہوگا

    سیمی فائنل میں اپنی گرفت مضبوط رکھنے کے لیے جنوبی افریقہ کو افغانستان کے اوپنرز کو جلد پویلین بھیجنا ہوگا، رحمان اللہ گرباز اور ابراہیم زدران اب تک ٹورنامنٹ میں شاندار کارکردگی کے حامل رہے ہیں اور افغانستان کی بیٹنگ لائن اپ کا زیادہ تر بوجھ اٹھائے ہوئے ہیں۔

    دونوں اوپنرز نے اس ایونٹ میں اب تک بالترتیب 281 اور 229 رنز اسکور کیے ہیں، گرباز کی ایوریج 40 اور ابراہیم کی اوسط 32 ہے جبکہ دوسرے کسی افغان بیٹر کی اوسط 18 سے زائد نہیں۔

    کونٹین ڈی کاک کو پاور پلے میں جارحانہ کھیل پیش کرنا ہوگا

    پروٹیز کرکٹ ٹیم کے اوپنر کونٹین ڈی کاک کو افغانستان کے لیفٹ ہینڈ فاسٹ بولر فضل حق فاروقی کے خلاف پاور پلے میں جنگ جیتنا ہوگی، اس ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں فضل فاروقی نے افغان اسپنرز کو پیچھے چھوڑتے ہوئے بولنگ کی ذمہ داریاں اپنے کندھوں پر اٹھائی ہوئی ہیں۔

    افغان اسپنرز ہی اکثر میچز میں زیادہ وکٹیں لیتے نظر آتے ہیں تاہم اس بار فضل حق فارقی ٹورنامنٹ میں اب تک سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے بولر ہیں اور ان کی بولنگ اب تک شاندار رہی ہے۔

    جنوبی افریقی مڈل آرڈر بیٹرز کو افغان اسپنرز پر قابو پانا ہوگا

    راشد خان، محمد نبی، نور احمد سمیت افغانستان کے پاس اسپنرز کا ورلڈکلاس اٹیک موجود ہے جو کسی بھی ٹیم کے لیے پریشانی کا باعث بن سکتے ہیں، افغان اسپنرز کے پاس بہترین اسپن ورائٹی انھیں ٹی ٹوئنٹی کا خطرناک بولر بناتی ہے۔

    جنوبی افریقہ اپنے مڈل آرڈر پر کافی انحصار کرتا ہے، ہینرک کلاسن، ڈیوڈ ملر اور ٹرسٹان اسٹوبز جیسے بلے باز اپنے جارحانہ پن کی وجہ سے بولرز کے لیے کافی مشکل پیدا کرتے ہیں، تاہم انھیں سنبھل کر بیچ کے اوورز میں افغان اسپنرز کا مقابلہ کرنا ہوگا اور اپنی وکٹیں بچاتے ہوئے اسکور بورڈ کو آگے بڑھانا ہوگا تاکہ ٹیم ایک بہتر مجموعہ تشکیل دے سکے۔

  • جنوبی افریقہ ویسٹ انڈیز کو ہرا کر سیمی فائنل میں پہنچ گیا

    جنوبی افریقہ ویسٹ انڈیز کو ہرا کر سیمی فائنل میں پہنچ گیا

    آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے اہم میچ سنسنی خیز مقابلے کے بعد جنوبی افریقہ نے ویسٹ ایڈیز کو شکست دے کرسیمی فائنل میں رسائی حاصل کرلی۔

    سپر ایٹ کے گروپ 2 میں شامل دونوں ٹیمیں نارتھ ساؤنڈ میں آمنے سامنے تھیں، جہاں جنوبی افریقہ نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تھا۔

    ویسٹ انڈیز کی ٹیم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 135 رنز اسکور کرسکی اور جنوبی افریقہ کو جیت کے لیے 136 رنز کا ٹارگٹ دیا۔

    روسٹن چیز 52، کائل مائرز 35 اور آنڈرے رسل 15 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے، جبکہ الزاری جوزف 11 رنز بنا کر ناؤٹ رہے، اس کے علاوہ کوئی کھلاڑی ڈبل فیگر میں داخل نہیں ہو سکا۔

    جنوبی افریقہ کی جانب سے تبریز شمسی نے 3، مارکو جانسن، ایڈن مارکرم، کیشو ماہراج اور کگیسو رباڈا نے ایک ایک کھلاڑی کو پویلین کی راہ دکھائی۔

    جنوبی افریقہ نے ہدف کے تعاقب میں اپنی اننگز کا آغاز کیا تو 2 اوورز کے بعد بارش ہو گئی اور کھیل روک دیا گیا، جس کی وجہ سے جنوبی افریقہ کو 17 اوورز میں جیت کے لیے 123 رنز کا ہدف ملا۔

    ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ: کوئنٹن ڈی کک کا بڑا کارنامہ

    جنوبی افریقہ کے ٹرسٹن اسٹبز 29، ہنرک کلاسن 22، کپتان ایڈن مارکرم 18 اور کوئنٹن ڈی کک 12 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ مارکو جانسن نے ناقابل شکست 21 اسکور کئے۔

  • جنوبی افریقہ نے نیپال کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد شکست دے دی

    جنوبی افریقہ نے نیپال کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد شکست دے دی

    ٹی 20 ورلڈ کپ کے گروپ میچ میں جنوبی افریقہ نے نیپال کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد ایک رنز سے ہرادیا۔

    جنوبی افریقہ کے ریزا ہینڈریکس نے 43 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیلی، ان کے علاوہ ٹرسٹن اسٹبز نے 27، مارکرم 15 اور ڈی کوک 10 رنز بناسکے، ٹیم کا باقی کھلاڑی کوئی کھلاڑی ڈبل فیگر میں بھی داخل نہ ہوسکا۔

    ہدف کے تعاقب میں نیپال کی ٹیم 20 اوورز میں 7 کھلاڑیوں کے نقصان پر 114 رنز اسکور کرسکی۔

    نیپال کے آصف شیخ نے 42، انیل کمار 27 اور کوشل بھڑتل نے 13رنز بنائے، باقی کوئی کھلاڑی ڈبل فیگر میں نہیں جاسکا۔

    جنوبی افریقہ کی جانب سے تبریز شمسی نے 4 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، جبکہ مارکرم اور اینریچ نورٹجے ایک ایک وکٹ حاصل کرسکے۔

    نیپال کی جانب سے کوشل بھڑتل نے 4، ڈیپندرا سنگھ نے 3 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔

    نیپال کے کپتان روہت پاوڈل کا ٹاس کے بعد بات کرتے ہوئے کہنا تھا کہ وہ دوسری اننگز میں اوس کی توقع کر رہے ہیں، اس لیے وہ ہدف کا تعاقب کرنا پسند کریں گے۔

    واضح رہے کہ ٹی 20 ورلڈ کپ میں امریکا اور آئرلینڈ کا میچ بارش کی وجہ سے منسوخ ہوگیا جس کے باعث پاکستان کا سفر ورلڈ کپ کے پہلے راؤنڈ میں ہی تمام ہوگیا۔

    سپر ایٹ مرحلے کے لیے چار گروپس سے ٹیمیں لائن اپ ہو چکی ہیں۔ بھارت اور امریکا گروپ اے سے کوالیفائی کر چکے ہیں۔

    آسٹریلیا اب تک گروپ بی سے کوالیفائی کرچکا ہے جبکہ افغانستان اور ویسٹ انڈیز نے گروپ سی سے ترقی کی ہے۔ جنوبی افریقا نے گروپ ڈی سے کوالیفائی کیا ہے۔

  • ٹی 20 ورلڈ کپ: کس میں کتنا ہے دم؟ چوکرز کے نام سے مشہور ٹیم جنوبی افریقہ

    ٹی 20 ورلڈ کپ: کس میں کتنا ہے دم؟ چوکرز کے نام سے مشہور ٹیم جنوبی افریقہ

    جنوبی افریقہ دنیائے کرکٹ کی ایک مضبوط ٹیم ہے جو آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2024 میں گروپ ڈی میں شامل ہے۔

    آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2024 کا آغاز ہوچکا ہے جس میں شریک 20 ٹیموں میں جنوبی افریقہ بھی شامل ہے جو دنیائے کرکٹ کی مضبوط ٹیم کہلاتی ہے۔ تاہم بدقسمتی سے اہم اور فیصلہ کن مواقع پر ہمت ہار جانے کی عادت کے باعث بین الاقوامی کرکٹ میں اسے چوکرز کے نام سے یاد کیا جاتا ہے۔

    رواں ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں جنوبی افریقہ گروپ ڈی میں شامل ہے جس میں سری لنکا، بنگلہ دیش، نیدرلینڈ اور نیپال کی ٹیمیں بھی موجود ہے۔ پروٹیز آج (پیر) سری لنکا کے خلاف اپنی مہم کا آغاز کرے گی۔ میچ نیویارک میں کھیلا جائے گا جو پاکستانی وقت کے مطابق شام ساڑھے سات بجے شروع ہوگا۔

    تو بات ہو رہی تھی جنوبی افریقہ پر چوکرز کا لیبل لگنے کی جس کی وجہ یہ ہے کہ بڑے ٹورنامنٹ میں ہمیشہ اچھی کارکردگی کے باوجود یہ اہم اور فیصل کن میچز میں اچانک ڈھے جاتی ہے۔ ہر ٹورنامنٹ میں مضبوط ٹیم کے طور پر شرکت کرتی ہے لیکن ٹرافی اب تک کوئی نہیں جیت سکی ہے۔

    جنوبی افریقہ کی بدقسمتی کا آغاز تو 1992 ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں ہوا جہاں اسے انگلینڈ کے خلاف جیت کے لیے 21 گیندوں پر 22 رنز درکار تھے اور فتح سامنے نظر آ رہی تھی لیکن اچانک آسمان سے بارش برس پڑی اور اس وقت کے متنازع قانون کے مطابق جب بارش تھمی تو جنوبی افریقہ کا ہدف تو 22 ہی تھا لیکن یہ اسے صرف ایک گیند پر بنانا تھا جو یقینی طور پر نا ممکن تھا۔ اس وقت سے یہ ٹیم ایسا گری کہ کئی بار سیمی فائنل میں پہنچی مگر جیت کے خواب کو حقیقت نہ بنا سکی۔

    ٹی ٹوئنٹی عالمی کپ کا آغاز 2007 میں ان کے ملک جنوبی افریقہ سے ہی ہوا لیکن اس اولین ایونٹ میں وہ سیمی فائنل تک بھی رسائی حاصل نہ کر سکی۔

    ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کا دوسرا ایڈیشن 2009 میں ہوا جس میں سیمی فائنل میں پاکستان نے اسے ہرایا۔ گزشتہ ورلڈ کپ میں ہالینڈ نے جنوبی افر یقہ کو اپ سیٹ شکست دے کر ٹورنامنٹ سے باہر کر دیا۔

    اس بار بھی جنوبی افریقہ کی ٹیم تگڑی ہے، جس میں کوئنٹن ڈی کاک، ریزا ہینڈرکس، مارکرم (کپتان)، رکلٹن، کلاسن، ملر اور اسٹبز جیسے ورلڈ کلاس ہٹرز ہیں تو ربادا، نورخیا، بارٹ مین، کوٹزی اورینسین جیسے فاسٹ بولرز بھی اسکواڈ کا حصہ ہیں تاہم اسپن میں ورائٹی کم ہے اور تینوں اسپنر بائیں ہاتھ سے بولنگ کرتے ہیں۔

    جنوبی افریقہ ہر بار کی طرح اس بار بھی ٹرافی جیتنے کا عزم لے کر ورلڈ کپ میں اپنے سفر کا آغاز کرے گی، لیکن کیا روایت پھر دہرائی جائے گی اور وہ خالی ہاتھ جائے گی یا اس بار نئی تاریخ رقم کر کے وہ چمچاتی ٹرافی اٹھائے گی اس کے لیے شائقین کرکٹ کو کچھ انتظار کرنا ہوگا۔

  • نیلسن منڈیلا کی جماعت نے 30 سال بعد اکثریت کھو دی

    نیلسن منڈیلا کی جماعت نے 30 سال بعد اکثریت کھو دی

    کیپ ٹاؤن: جنوبی افریقہ میں نیلسن منڈیلا کی جماعت نے 30 سال بعد انتخابات میں اکثریت کھو دی۔

    تفصیلات کے مطابق نیلسن منڈیلا کی قیادت میں جس افریقن نیشنل کانگریس (اے این سی) پارٹی نے جنوبی افریقہ کو نسل پرستی سے آزاد کروایا تھا، تیس سال بعد اس نے تاریخی انتخابی نتیجے میں اپنی پارلیمانی اکثریت کھو دی ہے۔

    بدھ کے انتخابات میں ایک عرصے سے غالب رہنے والی اے این سی کو تقریباً 40 فی صد ووٹ ملے ہیں، اس لیے حکومت بنانے کے لیے اسے اپوزیشن کی 3 بڑی پارٹیوں میں سے کسی ایک سے اتحاد کرنا ہوگا، اس کے بعد ہی ملک کے صدر کا انتخاب کیا جائے گا۔

    سب سے بڑی اپوزیشن پارٹی، ڈیموکریٹک الائنس کو 21 فی صد ووٹ ملے ہیں جب کہ سابق صدر جیکب زوما کی پارٹی کو 14 فی صد ووٹ ملے، انتخابات میں 50 سے زیادہ سیاسی جماعتوں نے حصہ لیا تھا۔

    حزب اختلاف کی جماعتوں نے اس نتیجے کو گہری غربت اور عدم مساوات سے نبرد آزما ملک کے لیے ایک اہم پیش رفت قرار دیا ہے، مرکزی اپوزیشن لیڈر جان اسٹین ہیوسن نے کہا کہ جنوبی افریقہ کو بچانے کا طریقہ اے این سی کی اکثریت کو توڑنا ہے اور ہم نے ایسا کیا ہے۔

  • رفح میں اسرائیلی زمینی آپریشن رکوانے کے لیے جنوبی افریقہ پھر عالمی عدالت پہنچ گیا

    رفح میں اسرائیلی زمینی آپریشن رکوانے کے لیے جنوبی افریقہ پھر عالمی عدالت پہنچ گیا

    نیویارک: جنوبی غزہ کے شہر رفح میں اسرائیلی زمینی آپریشن رکوانے کے لیے جنوبی افریقہ پھر عالمی عدالت انصاف پہنچ گیا۔

    عرب نیوز کے مطابق جنوبی افریقہ نے رفح میں اسرائیل کا زمینی آپریشن رکوانے کے لیے عالمی عدالت انصاف میں ہنگامی درخواست دائر کر دی ہے، جس میں جنوبی افریقہ نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ عالمی عدالتِ انصاف رفح میں اسرائیلی فوجی آپریشن کا جائزہ لے۔

    یہ ہنگامی درخواست جنوبی افریقہ نے منگل کے روز دائر کی ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ عدالت اس بات پر غور کرے کہ اسرائیل رفح میں جو فوجی آپریشن کرنے جا رہا ہے، کیا اس سے فلسطینیوں کے حقوق کی مزید خلاف ورزیاں ہوں گی، اور کیا عدالت کو اس سلسلے میں اپنے اختیارات استعمال کرنے کی ضرورت ہے۔

    جنوبی افریقہ کا کہنا تھا کہ رفح میں اسرائیلی فوجی آپریشن کے نتیجے میں مزید ہلاکتیں، مزید نقصان اور تباہی ہوگی، اور یہ آپریشن عالمی عدالت کے 26 جنوری کے دیے جانے والے فیصلے کی خلاف ورزی ہوگا۔

    واضح رہے کہ بے گھر فلسطینیوں کی آخری پناہ گاہ رفح حالیہ دنوں میں اسرائیلی فضائی حملوں کی زد میں آ چکا ہے، جہاں روزانہ کے حساب سے 100 فلسیطینی مارے جا رہے ہیں، اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے سربراہ وولکر ترک نے پیر کو متنبہ کیا تھا کہ رفح میں کوئی بھی حملہ ’’خوفناک ہوگا، اور اس میں زیادہ تر عام شہری، اور ان میں بھی زیادہ تر بچے اور خواتین مارے جانے کا امکان ہے۔‘‘

    انھوں نے مزید کہا کہ اسرائیل کو بین الاقوامی عدالت انصاف کے جاری کردہ احکامات اور بین الاقوامی انسانی قانون کی مکمل تعمیل کرنی چاہیے، اور جو بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی کرتا ہے اس کا نوٹس لیا جانا اور احتساب کا عمل ہونا چاہیے۔