Tag: جنوبی افریقہ

  • جنوبی افریقہ بھی فلسطینی عوام کی حمایت میں سامنے آگیا

    جنوبی افریقہ بھی فلسطینی عوام کی حمایت میں سامنے آگیا

    جنوبی افریقہ کے صدر سرل راما فوسا نے کہا ہے کہ فلسطینی عوام قابض اسرائیلی حکومت کے خلاف لڑرہے ہیں۔

    اپنے ایک بیان میں ان کا کہنا ہے کہ جنوبی افریقہ اپنے تجربے کی بنیاد پر اسرائیل اور فلسطین تنازعہ میں ثالثی کے لیے تیار ہے۔

    جنوبی افریقہ کے صدر سیرل رامافوسا نے حماس کے ساتھ جنگ کے دوران غزہ میں شہری آبادی پر حملہ کرنے پر اسرائیل کو تنقید کا نشانہ بنایا۔

    رامافوسا نے اسرائیل کو ‘جابر اور نسل پرست’ قرار دیا، انہوں نے شمالی غزہ پر اسرائیل کے زمینی حملے کو نسل کشی بھی قرار دیا۔

    افریقہ

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق ان کا کہنا تھا کہ اسرائیل نے فلسطینیوں کو 75سال سے محکوم بنایا ہوا ہے، گھروں،اسپتالوں اور رہائشی عمارتوں کو زمین بوس کرکے جبر کیا جارہا ہے۔

    راما فوسا نے مطالبہ کیا کہ انسانی ہمدردی کے تحت غزہ کی راہداریوں کو فوری اور غیر مشروط طور پر کھولا جائے تاکہ غزہ میں موجود لوگوں کو بحفاظت امداد پہنچائی جاسکے۔

    صدرجنوبی افریقہ نے کہا کہ اسرائیل نے راستے بند کرکے لوگوں کو شمالی غزہ سے نکلنے کا حکم دیا،اسرائیل غزہ کے شمالی حصے سے فلسطینیوں کےانخلا کا حکم واپس لے۔

    سرل راما فوسا کا مزید کہنا تھا کہ عالمی برادری فلسطین میں امن کے قیام کو یقینی بنائے۔ 1967کی سرحدوں کی بنیاد پر فلسطینی ریاست کا قیام عمل میں لایا جائے۔

  • ورلڈ کپ: جنوبی افریقہ نے سری لنکا کو شکست دے دی

    ورلڈ کپ: جنوبی افریقہ نے سری لنکا کو شکست دے دی

    نئی دہلی: ورلڈ کپ کے چوتھے میچ میں جنوبی افریقہ نے سری لنکا کو 102 رنز سے شکست دے دی۔

    نئی دہلی میں کھیلے گئے میچ میں سری لنکا کی ٹیم کی جنوبی افریقہ کی جانب سے دیے گئے 429 رنز کے تعاقب میں 44.5 اوورز میں 326 رنز بناسکی۔

    کوشل مینڈس، اسالانکا اور کپتان دسن شناکا کی نصف سنچریاں بھی سری لنکا کو شکست سے نہ بچاسکیں۔

    کوشل مینڈس نے 42 گیندوں پر برق رفتار 76 رنز کی اننگز کھیلی، چرتھ اسالانکا 79 اور دسن شناکا 68 رنز بنا کر نمایاں رہے۔

    نسانکا بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے، کوشل پریرا صرف 7 رنز پر وکٹ گنوا بیٹھے، دھنن جیا ڈی سلوا کو 11 رنز پر کیشو مہاراج نے آؤٹ کیا۔

    جنوبی افریقہ کی جانب سے کیشو مہاراج، کوئٹزی اور مارکو جینسن نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔

     جنوبی افریقہ نے مقررہ اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 428 رنز بنائے اور سری لنکا کو جیت کے لیے 429 رنز کا ہدف دیا تھا۔

    جنوبی افریقہ نے ورلڈ کپ میں تیسری بار 400 رنز بنائے ہیں، ایڈن مارکرم نے 49 گیندوں پر ورلڈ کپ کی تیز ترین سنچری اسکور کی۔

    کوئنٹن ڈی کاک نے 100، وین ڈر ڈوسن نے 108 اور ایڈن مارکرم نے 54 گیندوں پر 106 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔

     

    View this post on Instagram

     

    A post shared by ICC (@icc)

    ورلڈ کپ کی تاریخ میں پہلی بار ایک اننگز میں تین سنچریاں بنی ہیں۔

    سری لنکا کی جانب سے دلشن مدھوشنکا نے دو وکٹیں حاصل کیں، راجیتھا اور پتھیرانا ایک، ایک وکٹ حاصل کرسکے۔

     

    View this post on Instagram

     

    A post shared by ICC (@icc)

     ورلڈ کپ کے چوتھے میچ میں سری لنکا نے ٹاس جیت کر جنوبی افریقا کے خلاف فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تھا۔

    دوسر جانب بھارت میں ہونے والے ون ڈے ورلڈکپ کے تیسرے میچ میں افغانستان کی بیٹنگ لائن بری طرح ناکام نظر آئی، افغان کھلاڑیوں نے بنگلا دیش کو جیت کے لیے صرف 157 رنز کا ہدف دیا تھا، یہ ہدف بنگال ٹائیگرز نے 35ویں اوور میں حاصل کرلیا۔

  • فلسطینی شہریوں کے لیے جنوبی افریقہ نے اپنے دروازے کھول دیے

    فلسطینی شہریوں کے لیے جنوبی افریقہ نے اپنے دروازے کھول دیے

    جنوبی افریقہ نے فلسطینی شہریوں کو بڑا ریلیف فراہم کرتے ہوئے اپنے ملک میں ان کے داخلے کے لیے ویزے کی شرط ختم کردی ہے۔

    غیرملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق فلسطینی پاسپورٹ کے حامل افراد اب بغیر ویزا جنوبی افریقہ آسکتے ہیں۔ فلسطینی شہریوں کو جنوبی افریقہ کے تمام ایئرپورٹس، بندرگاہوں اور سرحدی گزرگاہوں پر 90 دنوں کے لیے ویزا فری سفری سہولت فراہم کی جائے گی۔

    حماس نے اس کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ ایک مثبت ا قدام ہے جو کہ فلسطینی عوام کے منصفانہ نصب العین کے ساتھ یکجہتی کے جذبے کو ظاہر کرتا ہے۔

    ترجمان کا کہنا تھا کہ اس فیصلے سے ہمارے شہریوں کی زندگی اور نقل و حمل آسان بنانے میں مدد ملے گی۔ حماس نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ اسرائیلی قابض ریاست کی نسل پرستی اور فاشزم کا سامنا کرنے والے فلسطینی عوام کو مدد اور سہولیات فراہم کی جائے۔

    جمہوریہ جنوبی افریقہ کی حکومت کی جانب سے خیرسگالی کے طور پر فلسطینی شہریوں کو یہ سہولت فراہم کی گئی ہے کہ وہ بغیر ویزا ملک میں داخل ہوسکتے ہیں۔

    فلسطین سے آنے والوں کو ملک کے تمام ہوائی اڈوں، بندرگاہوں اور سرحدی گزرگاہوں پر 90 دنوں کے لیے ویزا فری سفری سہولت فراہم کی گئی ہے۔

  • جنوبی افریقہ: شدید گرمی میں برف باری سے دنیا حیران

    جنوبی افریقہ: شدید گرمی میں برف باری سے دنیا حیران

    جوہانسبرگ: موسمیاتی تبدیلی کے باعث جنوبی افریقہ کے شہر میں ایک دہائی کے  بعد ہونے والی برف باری نے شہریوں کو حیران کردیا۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق جوہانسبرگ اور جنوبی افریقہ کے دیگر بلند و بالا حصوں میں ہونے والی برف باری نے سب کو حیران کردیا، محکمہ موسمیات نے ممکنہ سڑکوں کی بندش اور خطرناک حد تک سرد درجہ حرارت کی وارننگ دی ہے۔

    جوہانسبرگ اور دارالحکومت پریٹوریا پر مشتمل صوبہ گوٹینگ میں برف باری کے بعد شدید سردی کی لہر دوڑ گئی علاقے ونڈر لینڈ کا منظر پیش کرنے لگے، جوہانسبرگ میں درجہ حرارت دو ڈگری سینٹی گریڈ تک گر گیا۔

    موسم سے لطف اندوز ہونے کے لیے بچے اور بڑے سب گھروں سے نکل آئے، کچھ نے پہلے کبھی برف نہیں دیکھی تھی۔

    جوہاسبرگ میں آخری بار اگست 2012 میں برفباری دیکھی گئی تھی جبکہ اس سے قبل آخری بار برف باری 1996 میں ہوئی تھی۔

  • ٹیکنالوجی کی مدد سے بھوت پکڑنے والا گروہ سامنے آ گیا

    ٹیکنالوجی کی مدد سے بھوت پکڑنے والا گروہ سامنے آ گیا

    کیپ ٹاؤن: جنوبی افریقہ میں ٹیکنالوجی کی مدد سے بھوت پکڑنے والا ایک گروہ سامنے آیا ہے، جو اس کوشش میں ہے کہ دنیا کو بتا سکے کہ بھوت واقعی ہوتے ہیں۔

    جنوبی افریقی میڈیا کے مطابق دو سال قبل 39 سالہ ریواس برائٹ نے ’دی اپ سائیڈ ڈاؤن‘ نامی بھوتوں کا شکار کرنے والے افراد پر مشتمل ایک گروپ کی بنیاد رکھی، جس کا مقصد یہ ثابت کرنا ہے کہ بھوت حقیقی ہیں۔

    رات ڈھلتے ہی ہاتھوں میں ٹارچ تھامے ریواس برائٹ اور ان کے ساتھی جنوبی افریقہ کے شہر پریٹوریا میں غیر آباد عمارتوں میں بھوت کی تلاش میں نکل جاتے ہیں۔

    اس گروہ کا ایک رکن 39 سالہ نائجل ملنڈر دن میں ایک کیسینو میں کام کرتا ہے، اس گروپ نے قلیل عرصے میں محققین اور پیراسائیکالوجسٹس کی توجہ حاصل کر لی ہے، گروہ کا کہنا ہے کہ وہ جو کام کر رہے ہیں وہ ایک ٹوٹی پھوٹی سائنس ہے۔

    ریواس برائٹ کا گروپ 5 مردوں اور 2 خواتین پر مشتمل ہے، انھوں نے بھوتوں کے اسرار کو حل کرنے کے لیے ٹیکنالوجی کا استعمال کیا، جن میں انفرا ریڈ کیمرے، موشن اور ہیٹ ڈیٹیکٹرز، ریڈیوز اور خود تیار کردہ ایپ شامل ہیں، اور ان کی مدد سے وہ پراسرار سمجھی جانے والی عمارتوں میں بھوتوں کا سراغ تلاش کی کوشش کرتے رہتے ہیں۔

    نائجل ملنڈر کا کہنا ہے کہ یہ ثابت کرنے کے لیے کہ کھڑکی میں سے صرف ہوا نہیں گزر رہی یا دروازہ کسی ارتعاش کی وجہ سے بند ہو رہا ہے، انھیں کافی ثبوتوں کی ضرورت ہے۔

    گروپ کے ایک دوسرے رکن کا کہنا ہے کہ لوگ انھیں پاگل سمجھتے ہیں لیکن جب ہمیں ایک بڑا ثبوت مل جائے تو پتا چلے گا کہ کون پاگل ہے۔

  • جنوبی افریقہ کا مشہور گلوکار قتل، دل دہلا دینے والی ویڈیو وائرل

    جنوبی افریقہ کا مشہور گلوکار قتل، دل دہلا دینے والی ویڈیو وائرل

    ڈربن: جنوبی افریقہ کے ٹاپ ریپر کیرنن فوربس کو ان کے دوست سمیت گولی مار کر قتل کر دیا گیا۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق جنوبی افریقہ کے معروف ریپرز میں سے ایک کیرنن فوربس کو ساحلی شہر ڈربن میں ایک نائٹ کلب کے باہر گولی مار کر ہلاک کر دیا گیا۔

    بی بی سی کے مطابق کیرنن فوربس کو ایک نائٹ کلب کے باہر نامعلوم حملہ آور نے ان کے قریبی دوست، شیف اور کاروباری شخصیت ٹیبیلو ‘ٹبز’ موٹسوانے کے ساتھ قتل کر دیا۔

    رپورٹس کے مطابق کیرنن فوربس اپنی سال گرہ کی تقریبات کے سلسلے میں ایک تقریب میں پرفارمنس کے لیے دوست کے ساتھ نائٹ کلب جا رہا تھا، پولیس ترجمان نے برطانوی نشریاتی ادارے کو بتایا کہ ریپر اور ان کا دوست کار پارک کر کے جانے لگے تو 2 مسلح افراد ان کے قریب پہنچے اور انھیں قریب سے گولی مار دی۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ قتل کے محرکات کی تحقیقات کی جا رہی ہیں، حملہ آور واردات کے بعد پیدل ہی موقع سے فرار ہو گئے تھے۔

    اپنی موت سے چند گھنٹے قبل 35 سالہ گلوکار نے اپنے آنے والے البم ’ماس کنٹری‘ کے بارے میں سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ کی، یہ البم اس ماہ کے آخر میں ریلیز ہونے والا ہے۔

    واضح رہے کہ ریپر کیرنن فوربس نے ایک ریپ گروپ سے اپنے کیریئر کا آغاز کیا تھا اور پھر بہت جلد کی موسیقی کی دنیا میں اپنا منفرد مقام بنا کر سولو کیریئر شروع کیا، وہ متعدد بین الاقوامی میوزک ایوارڈز میں بھی نامزدگی حاصل کر چکے ہیں۔

    پولیس نے کہا ہے کہ وہ اس بارے میں قیاس آرائی نہیں کرنا چاہتے کہ آیا یہ قتل کسی شہرت کے نتیجے میں ہوا ہے، تاہم ان کا کہنا ہے کہ اس امکان کو رد نہیں کیا جا سکتا۔

  • جنوبی افریقہ: سالگرہ کی تقریب میں خون کی ندیاں بہہ گئیں

    قبیخا: جنوبی افریقہ میں ایک سال گرہ کی تقریب میں 2 جنونیوں نے شرکا پر اندھا دھند گولیاں برسانا شروع کر دیں، جس سے میزبان سمیت 8 افراد ہلاک ہو گئے۔

    تفصیلات کے مطابق اتوار کی رات جنوبی افریقہ کے مشرقی کیپ صوبے کے شہر قبیخا میں سالگرہ کی ایک تقریب کے دوران اندھا دھند فائرنگ کے نتیجے میں آٹھ افراد ہلاک اور 3 زخمی ہو گئے۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ ووسمزی سیشوبا، جو اپنی 51 ویں سالگرہ منا رہے تھے، مرنے والوں میں شامل ہیں۔

    یہ واقعہ جنوبی افریقہ کے شہر قبیخا میں پیش آیا جس کا سابقہ نام پورٹ الزبتھ تھا، تقریب میں 2 لوگوں نے فائرنگ کی تھی، دونوں حملہ آور فرار ہو گئے، تاہم پولیس نے ملزمان کی تلاش شروع کر دی ہے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ کوزاخیلے ٹاؤن شپ میں ایک ہاؤس پارٹی میں شرکا رقص میں مصروف تھے کہ نامعلوم مسلح افراد نے مہمانوں پر ’اندھا دھند‘ گولیاں چلا دیں۔

    مرنے والوں میں 5 مرد اور 3 خواتین شامل ہیں، جن کی عمریں 20 سے 64 سال ہے۔ پولیس نے عوام سے فائرنگ کرنے والوں کے بارے میں معلومات شیئر کرنے کی اپیل کی ہے، حملے کے پیچھے محرکات بھی معلوم نہیں ہو سکے ہیں۔

  • دہشت گردی کی مالی معاونت: جنوبی افریقہ سے معلومات کے تبادلے کا معاہدہ

    دہشت گردی کی مالی معاونت: جنوبی افریقہ سے معلومات کے تبادلے کا معاہدہ

    اسلام آباد: پاکستان نے منی لانڈرنگ سے متعلق جنوبی افریقہ سے ایم او یو کرنے کا فیصلہ کیا ہے، ایم او یو کے تحت منی لانڈرنگ کیسوں سے متعلق فنانشل انٹیلی جنس کا تبادلہ ہوگا جبکہ دہشت گردی کی فنانسنگ کے حوالے سے بھی معلومات کا تبادلہ کیا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (ایف اے ٹی ایف) کی گرے لسٹ سے نکلنے کے بعد بھی پاکستان کے اقدامات جاری ہیں، پاکستان نے منی لانڈرنگ سے متعلق جنوبی افریقہ سے ایم او یو کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں کی مالی معاونت روکنے کے لیے معلومات کا تبادلہ بھی ایم او یو کا حصہ ہے، کابینہ نے جنوبی افریقہ کے ساتھ ایم او یو کی منظوری دے دی۔

    فنانشل مانیٹرنگ یونٹ اور فنانشل انٹیلی جنس سنٹر ایم او یو پر دستخط کریں گے، ایم او یو کے تحت منی لانڈرنگ کیسوں سے متعلق فنانشل انٹیلی جنس کا تبادلہ ہوگا جبکہ دہشت گردی کی فنانسنگ کے حوالے سے بھی معلومات کا تبادلہ کیا جائے گا۔

    ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ وزارت قانون و انصاف سے ایم او یو کے مسودے کی توثیق لی جاچکی ہے جبکہ وزارت خارجہ سے بھی مفاہمت کی یادداشت سے متعلق این او سی حاصل کیا جا چکا ہے۔

  • بیروزگار مجرم نوکری کی درخواست لے کر پولیس کے پاس پہنچ گیا

    بیروزگار مجرم نوکری کی درخواست لے کر پولیس کے پاس پہنچ گیا

    جرم کرنے والے کی کوشش ہوتی ہے کہ وہ پولیس سے دور رہے، لیکن ایک مجرم ایسا بھی ہے جو ملازمت کے لیے خود چل کر پولیس کے پاس پہنچ گیا جس کے بعد پولیس نے اسے گرفتار کرلیا۔

    ایک 40 سالہ شخص کو جنوبی افریقہ کا بے وقوف ترین مجرم کہا جا رہا ہے جو مطلوب ملزمان کی فہرست میں ہونے کے باوجود ملازمت کی تلاش میں تھانے چلا گیا۔

    تھامس نکوبو پچھلے 7 سال سے پولیس کو چکمہ دے رہا تھا، ملزم نے 2015 کے دوران ڈلیوری بوائے کے طور پر کام کرتے ہوئے 1200 ڈالر سے زائد کی اشیا چرائی تھیں۔

    ملزم نے اصل کے بجائے غلط پتوں پر سامان پہنچایا اور مینیجر کو اطلاع نہیں کی۔

    جیسے ہی کمپنی کو معلوم ہوا کہ سامان درست مقام پر نہیں پہنچا اور کافی سامان غائب ہے، نکوبو فرار ہوگیا اور اس کا نام پولیس نے مطلوب ملزمان کی فہرست میں شامل کرلیا۔

    پولیس ترجمان بریگیڈیئر سلوی موہالا نے میڈیا کو بتایا کہ 15 اگست کو ملزم تھانے آیا اور کہا کہ اسے ملازمت کے لیے بھیجی گئی درخواست پر اب تک جواب نہیں ملا ہے۔

    ملزم کو تھانے میں ہی 7 سال قبل کیے گئے فراڈ پر گرفتار کرلیا گیا، تب سے جنوبی افریقہ کے اخبارات میں اسے بے وقوف ترین مجرم کہا جا رہا ہے۔

  • جنوبی افریقہ اور کوہلی کے تنازعے میں سعید اجمل کیوں درمیان میں آگئے؟

    جنوبی افریقہ اور کوہلی کے تنازعے میں سعید اجمل کیوں درمیان میں آگئے؟

    بھارت اور جنوبی افریقہ کے درمیان تیسرے ٹیسٹ کے تیسرے روز روی چندرن ایشون کی گیند پروٹیز کے کپتان ڈین ایلگر کے پیڈز پر لگی اور امپائر نے انہیں آؤٹ دے دیا لیکن انہوں نے اس فیصلے کو ریویو کرنے کا فیصلہ کیا۔

    ریویو کا نتیجہ ڈین ایلگر کے حق میں نکلا کیونکہ ڈیجیٹل ریویو سسٹم (ڈی آر ایس) کے مطابق جب گیند جنوبی افریقی کپتان کے پیڈز پر لگی تب اس کی اونچائی وکٹوں سے زیادہ تھی۔

    بھارتی کپتان ویراٹ کوہلی سمیت تقریباً پوری ٹیم کو یقین تھا کہ ڈین ایلگر آؤٹ ہوگئے ہیں لیکن پھر بھی ڈی آر ایس کی جانب سے ان کا ناٹ آؤٹ قرار پانا ان کے لیے اضطراب کا باعث بنا۔

    انہوں نے اس غلطی پر جنوبی افریقی براڈ کاسٹر سپر سپورٹ کو بھرپور تنقید کا نشانہ بنایا اور سٹمپز کے مائیک کے پاس جا کر کہا کہ اپنی ٹیم پر بھی توجہ دیں جب وہ گیند چمکا رہے ہوتے ہیں صرف ان کی پوزیشن پر نہیں۔ آپ بس ہمیشہ لوگوں کو پکڑنے کے چکر میں لگے رہتے ہیں۔

    بھارت کے نائب کپتان کے ایل راہل کی جانب سے بھی کہا گیا کہ یہ پورا ملک ہے 11 لوگوں کے خلاف، روی چندرن ایشون نے سوپر سپورٹ کی ٹیم کو کہا کہ آپ جیتنے کے لیے بہتر راہ تلاش کریں، سپر سپورٹ۔

    اس کے بعد ٹویٹر پر سعید اجمل کا نام ٹرینڈ کرنے لگا۔

    سنہ 2011 کے ورلڈ کپ میں پاکستان اور بھارت کے درمیان سیمی فائنل میں سچن ٹنڈولکر سابق پاکستانی بولر سعید اجمل کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوگئے تھے لیکن ٹنڈولکر نے آئین گولڈ کے اس فیصلے پر ریویو لیا جس پر انہیں ناٹ آؤٹ قرار دیا گیا۔

    اس وقت بھی سعید اجمل نے یہی کہا تھا کہ سچن ٹنڈولکر آؤٹ ہوگئے تھے لیکن ریویو میں انہیں ناٹ آؤٹ دینا غلط فیصلہ تھا۔

    اس حوالے سے جمعرات کے روز سعید اجمل نے ایک پاکستانی ٹی وی چینل پر کہا کہ میں نے ڈین ایلگر کا ریویو آج کئی بار دیکھا ہے اور اس نتیجے پر پہنچا ہوں کہ گیند وکٹوں سے اوپر نہیں جارہی تھی۔ گیند ان کے گھٹنے پر لگی تھی اور وہ آؤٹ تھے۔

    پھر سعید اجمل نے 2011 کا واقعہ یاد کرتے ہوئے کہا کہ جب 2011 کے ورلڈ کپ میں سچن ٹنڈولکر کے آؤٹ ہونے کا فیصلہ ریویو میں تبدیل ہوگیا تھا تو مجھے کہا گیا تھا کہ ٹیکنالوجی پر بھروسہ کرنا چاہیئے۔ آج وہی لوگ کہہ رہے ہیں ٹیکنالوجی پر ٹرسٹ نہیں کرنا چاہیئے۔

    اس حوالے سے بھارت کے سابق بیٹسمین وسیم جعفر نے لکھا کہ آپ کو پتہ ہے ناں وہ کہتے ہیں کہ یہ ٹیکنالوجی 99 فیصد ایکیورٹ ہے۔ آج ہم نے بقیہ ایک فیصد دیکھ لیا۔

    سوشل میڈیا صارفین بھی اس معاملے پر بھارت پر طنز و مزاح کے نشتر برساتے ہوئے نظر آرہے ہیں۔

    شاہد ندیم نامی صارف نے لکھا کہ آخر کار ویراٹ کوہلی نے ثابت کردیا کہ امپائر آئین گولڈ کا سچن ٹںڈولکر کے خلاف فیصلہ 100 فیصد درست تھا۔

    کچھ صارفین نے بھارتی صارفین کو مخالفین کی عزت کرنے کا مشورہ دیا۔ ڈینیئل الیگزینڈر نامی صارف نے کہا کہ انڈین کھلاڑیوں اور خصوصی طور پر ویراٹ کوہلی کو مخالفین، امپائرز، میچ ریفری، تماشائیوں اور اس کھیل کی عزت کرنا سیکھنا چاہیئے۔