Tag: جنوبی افریقہ

  • بھوکے شیروں سے بچنے کے لیے بھینسے کی گاڑی کو زوردار ٹکر

    بھوکے شیروں سے بچنے کے لیے بھینسے کی گاڑی کو زوردار ٹکر

    کسی بھی جاندار میں زندہ رہنے کی خواہش سب سے طاقتور ہوتی ہے اور وہ اپنی زندگی کو خطرے میں دیکھ کر کچھ بھی کر گزرنے کو تیار رہتا ہے۔ ایسے ہی ایک بھینسے کی دل دہلا دینے والی ویڈیو سامنے آئی ہے جس میں وہ اپنی جان بچانے کی کوشش کر رہا ہے۔

    جنوبی افریقہ کے کروگر نیشنل پارک میں ہونے والے اس واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر بے حد وائرل ہورہی ہے۔

    ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ چند بھوکے شیر ایک بھینسے کے پیچھے بھاگ رہے ہیں اور بھینسا اپنی جان بچانے کے لیے دیوانہ وار دوڑ رہا ہے۔

    اس دوران شیر اس پر حملہ کرتے ہیں لیکن وہ کسی طرح خود کو چھڑا لیتا ہے۔ ایک شیر بھینسے کی پشت پر اپنے دانت گاڑ لیتا ہے، بھینسا اسے جھٹکے دے ہٹانے کی کوشش کرتا ہے لیکن ناکام رہتا ہے۔

    اس دوران سیاحوں سے بھری دو سفاری وہیکلز بھی وہاں آن پہنچی ہیں جن میں بیٹھے افراد اس دہلا دینے والے منظر کو دیکھ کر خوفزدہ ہیں، وہ وہاں سے پیچھے جانے کی کوشش کر رہے ہیں تاکہ شیر اور بھینسے وہاں سے چلے جائیں۔

    ادھر شیر کے دانتوں سے اذیت میں مبتلا بھینسے کو کچھ اور نہیں سوجھتا تو وہ تیزی سے بھاگتا ہوا آتا ہے اور اپنے سینگوں کو ایک سفاری وہیکل سے ٹکرا دیتا ہے۔ زور دار ٹکر سے گاڑی ہل جاتی ہے جبکہ آواز سے ڈر کر شیر بھی بھینسے کو چھوڑ دیتا ہے۔

    تاہم بھوکے شیر بھینسے کی جان نہیں چھوڑتے اور ایک بار پھر اس کا پیچھا کرنا شروع کردیتے ہیں۔

    سیاحوں کی جانب سے ریکارڈ کی گئی اس ویڈیو پر سوشل میڈیا صارفین مختلف آرا کا اظہار کر رہے ہیں۔

  • تیندوے کے ننھے بچوں کی سڑک پار کرنے کی خوبصورت ویڈیو

    تیندوے کے ننھے بچوں کی سڑک پار کرنے کی خوبصورت ویڈیو

    جنگلی حیات میں دلچسپی رکھنے والے افراد کے لیے کسی جانور کی روزمرہ کی زندگی اور اس کے بچوں سے اس کا تعلق دیکھنا ایک خوشگوار تجربہ ہوسکتا ہے، ایسے ہی ایک خوشگوار تجربے سے جنوبی افریقہ کے سیاح بھی دو چار ہوئے۔

    جنوبی افریقہ کے کگر نیشنل پارک میں اس وقت سیاحوں کی سانسیں رک گئیں جب انہوں نے ایک مادہ تیندوا کو اپنے 2 ننھے منے بچوں کے ساتھ سڑک پار کرتے دیکھا۔

    گاڑیوں میں نیشنل پارک کی سیر کو آئے سیاحوں نے جب تیندوے کو گزرتے ہوئے دیکھا تو اپنی گاڑیاں روک لیں اور تیندوے کو گزرنے دیا۔

    مادہ تیندوا دراصل کسی ممکنہ خطرے سے بچوں کو بچانے کے لیے انہیں سڑک کے ایک کنارے سے دوسرے کنارے لے جانا چاہتی تھی لیکن بیچ سڑک پر دونوں ننھے بچے رک گئے اور ناسمجھی میں واپس وہیں جانے لگے جہاں سے آئے تھے۔

     ماں واپس آئی اور ایک بچے کو گردن سے پکڑ کر واپس لے جانے لگی۔

    سیاح اس سارے منظر کو دم سادھے دیکھتے رہے اور اپنے موبائلوں سے اس نایاب منظر کی تصاویر بھی بنائیں۔

    ایک سیاح نے بعد میں میڈیا کو بتایا کہ وہ اپنی بیٹی کو پہلی بار اس نیشنل پارک میں لے کر آئے اور اس خوبصورت منظر کی وجہ سے اس کا پہلا ہی دورہ نہایت یادگار بن گیا۔

    حکام کے مطابق نیشنل پارک میں تیندوے اور چیتے تو موجود ہیں تاہم ان کی ننھے بچوں کے ساتھ اس طرح حرکت بہت کم دیکھنے میں آتی ہے۔

  • جنوبی افریقہ: لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی، پولیس نے عوام پر گولیوں کی بوچھاڑ کردی

    جنوبی افریقہ: لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی، پولیس نے عوام پر گولیوں کی بوچھاڑ کردی

    کیپ ٹاؤن: جنوبی افریقہ میں کروناوائرس کے پیش نظر نافذ العمل لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی پر پولیس نے عوام پر ’’ رَبر‘‘ کی گولیوں کی بوچھاڑ کردی۔

    غیرملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق کروناوائرس کے خطرے کے باعث جنوبی افریقہ میں بھی لاک ڈاؤن ہے تاہم عوام کو گھروں تک محدود کرنے میں انتظامیہ ناکام نظر آرہی ہے۔

    افریقی پولیس گشت کے دوران عوامی مراکز پر جمع ہونے والے افراد پر ربر کی گولیاں فائر کررہی ہے تاکہ وہ خوف کے باعث گھروں میں خود کو محفوظ رکھیں۔ تاہم اس کے باوجود عوام مہلک وائرس کی ہولناکی کو سنجیدہ نہیں لے رہے۔

    محکمہ صحت سمیت دیگر متعلقہ اداروں نے عوام کو خصوصی ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ تمام افراد سیلف آئسولیشن اختیار کریں، صرف اشیاء خوردونوش کی خریداری اور اتہائی ناگہانی صورت حال کے تحت عوام کو باہر نکلنے کی اجازت ہے۔ عوامی مقامات پر عوام کو فاصلہ رکھنے کا بھی حکم دیا گیا ہے۔

    جبکہ عوام حکومتی احکامات کو کسی خاطر میں نہیں لارہے۔ پولیس نے خصوصی ٹیم تشکیل دے رکھی ہے جو گروہ کی شکل میں نظر آنے والے افراد پر ربر کی گولیاں فائر کررہی ہے۔

  • نظر ہٹتے ہی بچہ اغوا، دل دہلا دینے والی ویڈیو

    نظر ہٹتے ہی بچہ اغوا، دل دہلا دینے والی ویڈیو

    کیپ ٹاؤن: جنوبی افریقہ کے شہر ڈربن میں 2 سالہ بچے کو پاس ہی موجود دادی کی نظر بچا کر اغوا کرلیا گیا۔

    یہ افسوسناک واقعہ ڈربن کی ایک سپر مارکیٹ میں پیش آیا، حیرت انگیز بات یہ ہے کہ اغوا کار کوئی اور نہیں بلکہ مارکیٹ کا سیکیورٹی گارڈ تھا۔

    سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ دادی 2 سالہ بچے کے بالکل قریب ہی کھڑی ہیں تاہم ان کی نظر دوسری طرف ہے۔ یونیفارم میں ملبوس سیکیورٹی گارڈعام سے انداز میں چلتا ہوا آتا ہے اور بچے کے پاس رک کر اسے بہلانے کے بعد گود میں اٹھا کر چلتا بنتا ہے۔

    دادی کافی دیر بعد پلٹ کر دیکھتی ہیں اور پوتے کو غائب پا کر چلانا شروع کردیتی ہیں۔ اس دوران وہ باہر کی جانب جاتی ہیں اور انہیں گارڈ کی گود میں اپنا پوتا دکھائیدے جاتا ہے جس کے بعد وہ اسے جھپٹ کر واپس لے لیتی ہیں۔

    اس دوران مارکیٹ انتظامیہ نے پولیس کو بھی اطلاع دے دی جس نے فوراً موقع پر پہنچ کر گارڈ کو حراست میں لے لیا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ فی الوقت ملزم کے عزائم نامعلوم ہیں کہ اس نے بچے کو اغوا کیوں کیا۔

    پولیس نے شہریوں کو متنبہ کیا ہے کہ کرسمس میں رش کے باعث باہر جاتے ہوئے اپنے بچوں پر کڑی نگاہ رکھیں تاکہ ایسے واقعات سے بچا جاسکے۔

  • بڑی خوشخبری، جنوبی افریقہ اور آسٹریلیا کی ٹیمیں پاکستان آنے کے لیے تیار

    بڑی خوشخبری، جنوبی افریقہ اور آسٹریلیا کی ٹیمیں پاکستان آنے کے لیے تیار

    لاہور: کرکٹ کے مداحوں کے لیے بڑی خوشخبری سامنے آگئی، جنوبی افریقہ اور آسٹریلیا کی ٹیموں نے آئندہ سال دورہ پاکستان کے لیے آمادگی کا اظہار کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق کرکٹ کے عالمی دروازے آہستہ آہستہ پاکستان کے لیے کھلنے لگے ہیں، سری لنکن ٹیم کے دورے کے بعد اب جنوبی افریقہ اور آسٹریلیا کی ٹیمیں بھی پاکستان آنے کے لیے تیار ہوگئی ہیں، پاکستان نے دنیا کے سامنے پرامن ملک ہونے کا ثبوت دے دیا۔

    پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو وسیم خان کا کہنا ہے کہ آسٹریلیا کی ٹیم 2 ٹیسٹ اور 3 ٹی 20 کھیلنے 2020 میں پاکستان آئے گی، ہم چاہتے ہیں آسٹریلیا 3 ٹیسٹ میچ کھیلے، نیوساؤتھ ویلز سے اسکالرشپ پروگرام پر بات ہوئی ہے، ہم چاہتے ہیں خواتین سمیت کھلاڑی بھی وہاں تربیت حاصل کریں۔

    کراچی میں 10 سال بعد ٹیسٹ کرکٹ کا میلہ

    انہوں نے کہا کہ ڈومیسٹک کرکٹ کے میچ 11 سال بعد بگٹی اسٹیڈیم میں ہوئے، ہمارے ٹیم نے لائیو میچوں کو یقینی بنایا، نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں بہتری کے لیے کام کررہے ہیں، پی سی بی ڈومیسٹک کرکٹ بہتر بنانے کے اخراجات برداشت کرے گا۔

    دوسری جانب ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ جنوبی افریقہ کی ٹیم مارچ کے تیسرے ہفتے میں دورہ بھارت کے بعد 3 ٹی ٹوئنٹی کی سیریز کھیلنے کے لیے پاکستان آئے گی، پاکستان نے جنوبی افریقہ کو ہوم سیریز کی دعوت دی تھی، آئندہ ہفتے جنوبی افریقہ کے دورہ پاکستان کا حتمی فیصلہ ہوگا۔

    علاوہ ازیں ایم سی سی کرکٹ ٹیم(میریلیبون کرکٹ کلب) فروری 2020 میں پاکستان کا دورہ کرے گی، ٹیم کی قیادت صدر ایم سی سی کمار سنگاکارا کریں گے جبکہ اجمل شہزاد ہیڈ کوچ اور لاوینڈر ٹیم منیجر ہوں گے، ایم سی سی کرکٹ ٹیم اپنے تمام میچ ایچی سن کالج لاہور میں کھیلے گی، ٹیم پاکستان بھجوانے کا فیصلہ ایم سی سی ورلڈ کرکٹ کمیٹی کے اجلاس میں کیا گیا۔

    ایم سی سی کرکٹ ٹیم  46 سال بعد پاکستان کا دورہ کرے گی۔ سی ای او پاکستان کرکٹ بورڈ وسیم خان کا یہ بھی کہنا ہے کہ ایم سی سی کرکٹ ٹیم کی پاکستان آمد پر خوشی ہے، ایم سی سی ورلڈ کرکٹ کمیٹی کے اجلاس میں مؤقف پیش کیا تھا، امید ہے اسکواڈ میں شامل ہر کھلاڑی دورے کا بھرپور لطف اٹھائے گا۔

    جبکہ صدر ایم سی سی کمار سنگاکارا کا کہنا تھا کہ پاکستان میں عالمی کرکٹ بحال کرنے کے لیے پی سی بی سے تعاون کرنا ہوگا، پاکستان کا دورہ کرنے والی ایم سی سی ٹیم کی قیادت سنبھالنے پر خوشی ہے، پاکستان میں ایک دہائی کے بعد ٹیسٹ کرکٹ کی واپسی پر مداح مسرور ہیں۔

    خیال رہے کہ پاکستان میں دس سال بعد عالمی کرکٹ بحال ہوچکی ہے، سری لنکن ٹیم اس وقت دورہ پاکستان پر ہے، جبکہ کل دونوں ٹیموں کے درمیان فیصلہ کن ٹیسٹ میچ کھیلا جائے گا۔

  • اے بی ڈی ویلیئرز کے ورلڈکپ کھیلنے کے امکانات روشن

    اے بی ڈی ویلیئرز کے ورلڈکپ کھیلنے کے امکانات روشن

    کیپ ٹاؤن: جنوبی افریقہ کے سابق کپتان اور جارح مزاج بلے باز اے بی ڈی ویلیئرز کے ٹی 20 ورلڈ کپ میں شمولیت کے امکانات روشن ہوگئے، ٹیم کے موجودہ کپتان ڈو پلیسس نے تصدیق کردی۔

    تفصیلات کے مطابق جنوبی افریقہ کرکٹ ٹیم کے کپتان ڈوپلیسس نے تصدیق کی ہے کہ اے بی ڈی ویلیئز سے آئندہ سال ہونے والے ٹی 20 ورلڈ کپ میں شمولیت پر بات چیت چل رہی ہے، امکان ہے کہ وہ استعفیٰ واپس لے کر ٹیم میں شامل ہوجائیں گے۔

    غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق مایہ ناز کھلاڑی ڈی ویلیئرز صرف آئندہ سال ہونے والے ورلڈکپ تک اپنا استعفیٰ واپس لے سکتے ہیں، بعد ازاں وہ کرکٹ کو ہمیشہ ہمیشہ کے لیے خیرباد کہہ دیں گے۔ اپنے ایک بیان میں جنوبی افریقہ کے کپتان ڈوپلیسس کا کہنا تھا کہ شائقین کے ساتھ ساتھ میں بھی چاہتا ہوں کہ اے بی ٹیم میں واپس آئیں۔

    اے بی ڈی ویلیئرز کی ورلڈ کپ کے لیے ریٹائرمنٹ واپس لینے کی پیش کش

    انہوں نے بتایا کہ ٹیم انتظامیہ اس سلسلے میں گزشتہ تین ماہ سے ان سے رابطے میں ہے۔

    ڈوپلیسس کا مزید کہنا تھا کہ اس بارے میں ڈی ویلیئرز اور ٹیم کے چیف کوچ مارک باؤچر کے درمیان کافی پہلے سے ہی بات چیت چل رہی ہے۔ باؤچر نے دو روز قبل کہا تھا کہ وہ اے بی ڈی ویلیئرز سے عالمی کپ کھیلنے کے لیے کہیں گے۔

    خیال رہے کہ رواں سال جون میں جنوبی افریقہ کے سابق کپتان اے بی ڈی ویلیئرز نے ورلڈ کپ کے لیے ریٹائرمنٹ واپس لینے کی پیش کش کی تھی تاہم چند وجوہات کی بنا پر بورڈ نے پیش کش مسترد کردی تھی۔

    یاد رہے گزشتہ سال مئی میں جارح مزاج بلے باز ڈی ویلیئرز انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کرچکے ہیں۔

  • ایم کیوایم لندن کا مفرور دہشت گرد  جنوبی افریقہ میں مارا گیا

    ایم کیوایم لندن کا مفرور دہشت گرد جنوبی افریقہ میں مارا گیا

    کراچی : ایم کیوایم لندن کا مفرور دہشت گرد جنوبی افریقہ میں مارا گیا، ذرائع کا کہنا ہے کہ  قمرٹیڈی دہشت گردی ، اقدام قتل، اور دیگر سنگین جرائم میں پولیس کو مطلوب تھا، قمرٹیڈی کا شمار بانی ایم کیو ایم کے قریبی ساتھیوں میں ہوتا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ایم کیو ایم لندن کا مفرور دہشت گرد جنوبی افریقہ میں قاتلانہ حملے میں ہلاک ہوگیا ، ذرائع کا کہنا ہے کہ قمر ٹیڈی پر نامعلوم افراد نے فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں اس کو چار سے پانچ گولیاں لگیں، جو جان لیوا ثابت ہوئیں۔

    ذرائع کا کہنا تھا کہ قمر ٹیڈی کراچی میں دہشت گرد کارروائیوں کا ماسٹر مائنڈ تھا اور اقدام قتل، اور دیگر سنگین جرائم میں پولیس کو مطلوب تھا جبکہ قمر ٹیڈی بانی ایم کیوایم کا قریبی ساتھی شمار کیا جاتا تھا۔

    مزید پڑھیں : برطانوی عدالت میں بانی ایم کیو ایم کی سخت شرائط کے ساتھ ضمانت منظور

    یاد رہے گذشتہ ماہ بانی ایم کیو ایم کو نفرت انگیز تقریر اور تشدد پر اکسانے کے الزام میں فرد جرم عائد کرکے گرفتار کرلیا گیا تھا، بانی ایم کیوایم کو ٹیررازم ایکٹ کے تحت چارج کیا گیا، بعد ازاں برطانوی عدالت میں بانی ایم کیو ایم کی سخت شرائط کے ساتھ ضمانت منظور کرلی گئی تھی۔

    عدالت کا کہنا تھا کہ بانی ایم کیو ایم پر رات 12 سے صبح 9 بجے تک پابندی رہے گی، ان پر سوشل میڈیا کے استعمال پر پابندی ہوگی، بانی ایم کیو ایم سوشل میڈیا کے کسی بھی پلیٹ فارم پر تحریر و تقریر کی پابندی عائد ہوگی۔

    واضح رہے 16 ستمبر 2010 میں ایم کیو ایم رہنما ڈاکٹر عمران فاروق لندن میں اپنے دفتر سے گھر جارہے تھے کہ گرین لین کے قریب واقع ان کے گھر کے باہر چاقو اور اینٹوں سے حملہ کرکے ان کو قتل کردیا گیا تھا، حملے کے نتیجے میں وہ موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے تھے۔

  • جنوبی افریقہ میں خواتین فیکٹری ورکرز سے زبردستی جنسی روابط قائم کرنے کا انکشاف

    جنوبی افریقہ میں خواتین فیکٹری ورکرز سے زبردستی جنسی روابط قائم کرنے کا انکشاف

    جنوبی افریقہ میں برانڈڈ گارمنٹس کی فیکٹری میں کام کرنے والی خواتین کو زبردستی جنسی روابط قائم کرنے پر مجبور کیے جانے کا انکشاف ہوا ہے جس کے بعد مذکورہ برانڈز متحرک ہوگئے۔

    امریکا کے 3 بڑے ملبوسات برانڈز نے لیسوتھو فیکٹریز میں جنسی استحصال کے خلاف کریک ڈاؤن پر زور دیا ہے، مذکورہ فیکٹریز میں خواتین کو نوکری پر رہنے کے لیے جنسی روابط قائم کرنے پر مجبور کیے جانے کا انکشاف ہوا تھا۔

    معروف برانڈز لیوائی اسٹراس اینڈ کمپنی، کونتور برانڈز جو رینگلر اور لی جینز کی بھی مالک ہیں اور دی چلڈرنز پلیس نے جنوبی افریقہ کے چھوٹے سے ملک میں 5 فیکٹریوں سے جنسی ہراسانی کے خاتمے کے لیے معاہدہ کیا جہاں 10 ہزار خواتین ان برانڈز کے لیے کپڑے تیار کرتی ہیں۔

    ورکر رائٹز کنزورشیم (ڈبلیو آر سی) کی سینیئر پروگرام ڈائریکٹر رولا ابی مورچڈ کا کہنا تھا کہ یہ معاہدے دیگر کپڑوں کا کاروبار کرنے والے اداروں کے لیے ہراسانی اور تشدد کے مسائل کو حل کرنے کے لیے مثالی ہیں۔

    ڈبلیو آر سی کی تحقیقات کے مطابق تائیوان کی عالمی جینز بنانے والی کمپنی نیئن ہسنگ ٹیکسٹائل کی ملکیت میں امریکی برانڈز کے لیے جینز بنانے والی 3 فیکٹریوں میں خواتین کو اپنے سپروائزرز سے روزانہ جنسی روابط قائم کرنے کے لیے مجبور کیا جاتا ہے تاکہ ان کی نوکری برقرار رہے۔ یہ کمپنی افریقی ملک میں گارمنٹ کے شعبے میں مزدوروں کی ایک تہائی تعداد رکھتی ہے۔

    ڈبلیو آر سی نے ایک خاتون کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ میرے ڈپارٹمنٹ میں تمام خواتین کے ساتھ سپروائزر نے جنسی روابط قائم کیے ہیں، خواتین کے لیے یہ زندگی اور موت کا سوال ہے، اگر آپ انکار کریں تو آپ کو نوکری نہیں ملے گی یا آپ کے کنٹریکٹ کی تجدید نہیں کی جائے گی۔

    نیئن ہسنگ سے طے کیے گئے معاہدے کے مطابق 5 ٹریڈ یونین اور 2 خواتین کے حقوق کے ادارے سمیت ایک خود مختار کمیٹی ان شکایات کو دیکھے گی اور خلاف ورزیوں کی نشاندہی کرے گی۔ نیئن ہسنگ خود مختار سول سوسائٹی کے اراکین کو بھی فیکٹریوں تک رسائی فراہم کرے گی جہاں وہ مزدوروں سے بات کریں گے اور مینیجرز سے شکایت لانے والے مزدوروں کو روکنے سے منع کریں گے۔

    جینز بنانے والوں کا کہنا تھا کہ ہم مزدوروں کے حقوق کے تحفظ کے لیے پر عزم ہیں۔ ’ہمارا ماننا ہے کہ اس معاہدے سے طویل المدتی تبدیلی آئے گی اور ان فیکٹریوں میں ایک مثبت ماحول پیدا ہوگا جو یہاں کام کرنے والے تمام لوگوں کے لیے مثبت اثر چھوڑ جائے گا‘۔

  • نیلسن منڈیلا کا دن: کبھی نہ گرنا عظمت نہیں، گرنے کے بعد اٹھنا عظمت ہے

    نیلسن منڈیلا کا دن: کبھی نہ گرنا عظمت نہیں، گرنے کے بعد اٹھنا عظمت ہے

    آج دنیا بھر میں جنوبی افریقہ کے سابق صدر نیلسن منڈیلا کا دن منایا جارہا ہے، یہ دن ہر سال ان کے یوم پیدائش کے موقع پر منایا جاتا ہے۔ آج منڈیلا کا 101 واں یوم پیدائش ہے۔

    رنگ اور نسل پرستی کے خلاف جنوبی افریقہ میں طویل جدوجہد کرنے والے قابل احترام رہنما نیلسن منڈیلا کے یوم پیدائش پر ان کا عالمی دن منانے کا فیصلہ، اقوام متحدہ نے سنہ 2009 میں کیا تھا۔ اس دن کا مقصد لوگوں کو ترغیب دینا ہے کہ وہ اپنے آس پاس موجود افراد کی مدد کریں۔

    سیاہ فاموں کے حقوق کے لیے طویل جدوجہد کرنے والے منڈیلا نے جیلیں بھی کاٹیں، جلا وطنیوں کا دکھ بھی سہا، تکالیف، اذیت اور اپنوں سے دوری کا غم بھی جھیلا، اور پھر بالآخر وہ وقت بھی آیا جب وہ سنہ 1994 میں جنوبی افریقہ کے صدر منتخب ہوئے۔

    یہ نیلسن منڈیلا ہی تھے جن کی طویل جدوجہد نے جنوبی افریقہ میں نسل پرستی کا خاتمہ کیا۔ صدر بننے کے بعد انہوں نے اعلان کیا۔ ’آج قانون کی نظر میں جنوبی افریقہ کے تمام لوگ برابر ہیں۔ وہ اپنی مرضی سے ووٹ دے سکتے ہیں اور اپنی مرضی سے زندگی گزار سکتے ہیں‘۔

    آج اس عظیم رہنما کے عالمی دن کے موقع پر یقیناً آپ ان کے زندگی بدل دینے والے اقوال پڑھنا چاہیں گے۔

    زندگی میں کبھی ناکام نہ ہونا عظمت نہیں، بلکہ گرنے کے بعد اٹھنا عظمت کی نشانی ہے۔

    والدین کے لیے ایک کامیاب اولاد سے بہتر کوئی انعام نہیں۔

    آپ اس وقت تک اس قوم کی اخلاقی حالت کے بارے میں نہیں جان سکتے جب تک آپ وہاں کی جیلوں میں وقت نہ گزار لیں۔ کسی قوم کی شناخت اس کے اس رویے سے نہیں ہوتی جو وہ اپنے اعلیٰ طبقے کے ساتھ روا رکھتا ہے، بلکہ اس رویے سے ہوتی ہے جو وہ اپنے نچلے طبقے سے اپناتا ہے۔

    زندگی میں اہم یہ نہیں کہ ہم کیسی زندگی گزار رہے ہیں، بلکہ اہم یہ ہے کہ ہم نے اپنی زندگی میں دوسروں کی بہتری کے لیے کیا کیا۔

    ہمیشہ پیچھے سے رہنمائی کرو۔ دوسروں کو یہ باور کرواؤ کہ رہنما وہ ہیں۔

    جب تک کوئی کام نہ کرلیا جائے تب تک وہ ناممکن محسوس ہوتا ہے۔

    اگر آپ اپنے دشمن کے ساتھ امن چاہتے ہیں تو اس کے ساتھ کام کریں، اس کے بعد وہ آپ کا پارٹنر بن جائے گا۔

    باہمت لوگ امن کے لیے کبھی بھی معاف کرنے سے نہیں گھبراتے۔

    امن کا نوبیل انعام پانے والے نیلسن منڈیلا نے اپنی زندگی کے 27 قیمتی سال قید میں گزارے۔ وہ اس وقت کو یاد کرتے ہوئے کہتے ہیں، ’جیل میں ڈال دیے جانے کے بعد چھوٹی چھوٹی چیزوں کی اہمیت کا اندازہ ہوتا ہے۔ جیسے جب دل چاہے چہل قدمی کرلینا یا قریبی دکان تک جانا اور اخبار خرید لینا‘۔

    جیل سے آزاد ہونے کے بعد انہوں نے کہا، ’جب میں اس دروازے کی طرف بڑھا جو مجھے آزادی کی طرف لے جارہا تھا، تب میں جانتا تھا کہ اگر میں نے اپنی نفرت اور تلخ یادوں کو یہیں نہ چھوڑ دیا تو میں ہمیشہ قیدی ہی رہوں گا‘۔

    موت کے بارے میں منڈیلا کا خیال تھا، ’موت ناگزیر ہے۔ جب کوئی شخص اس ذمہ داری کو پورا کرلیتا ہے جو قدرت نے اس کی قوم اور لوگوں کی بہتری کے لیے اس کے ذمے لگائی ہوتی ہے، تب وہ سکون سے مرسکتا ہے۔ مجھے یقین ہے کہ میں اپنی ذمہ داری نبھا چکا ہوں۔ اب میں ابدیت کی زندگی میں سکون سے سو سکتا ہوں‘۔

    آزادی اور حقوق کی علامت اور بیسویں صدی کی قد آور سیاسی شخصیت نیلسن منڈیلا 5 دسمبر سنہ 2013 کو 95 برس کی عمر میں انتقال کر گئے تھے۔

  • ورلڈ کپ 2019: جنوبی افریقہ نے آسٹریلیا کو 10رنز سے شکست دے دی

    ورلڈ کپ 2019: جنوبی افریقہ نے آسٹریلیا کو 10رنز سے شکست دے دی

    مانچسٹر : جنوبی افریقہ نے اپنے آخری لیگ میچ میں آسٹریلیا کو دس رنز سے شکست دے دی، کینگروز کی پوری ٹیم 325 کے جواب میں آخری اوور کی پانچویں بال پر315رنزبنا سکی۔

    تفصیلات کے مطابق آئی سی سی ورلڈ کپ کے 45ویں میچ میں جنوبی افریقہ جاتے جاتے آسٹریلیا کو دوسرے نمبر پر دھکیل گیا، جنوبی افریقہ نے اپنے آخری لیگ میچ میں آسٹریلیا کو دس رنز سے شکست دے دی۔

    جنوبی افریقہ نے پہلےکھیلتے ہوئے50اوورز میں6وکٹوں کے نقصان پر325رنز بنائے جس کے جواب میں آسٹریلیا49.5اوورز میں 10وکٹوں کے نقصان پر 315رنز بنا سکی۔

    مانچسٹر میں کھیلے گئے میچ میں جنوبی افریقی کپتان نے ٹاس جیتا اور پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا تو ڈی کوک اور مارکرم پر مشتمل جوڑی نے ٹیم کو 79 رنز کا اوپننگ اسٹینڈ فراہم کیا۔

    میچ میں اس بار جنوبی افریقی بلے باز چل گئے انہوں نے کینگروز کی خوب دھلائی کی، ڈوپلیسی نے سنچری اسکور کی، ڈوسن کے پچیانوے اور ڈی کاک کے باون رنز نے ٹیم کو بڑے اسکور تک پہنچایا۔

    جواب میں آسٹریلیا کا آغاز مایوس کن رہا، کپتان تین رنز پر آؤٹ ہوگئے، اسٹیو اسمتھ بھی سات رنز کے مہمان ثابت ہوئے، خواجہ بھی آخری اوورز میں واپس آکر کچھ نہ کرسکے ڈیوڈ وارنر نے شاندار ایک سو بائیس رنز بنائے، ایلکس کیری کی جارحانہ بیٹنگ بھی ٹیم کو نہ جتواسکی۔

    مزید پڑھیں: فاف ڈوپلیسی کی شاندار بیٹنگ، آسٹریلیا کو جیت کے لیے بڑا ہدف

    جنوبی افریقا کی جانب سے رباڈا نے 3، پھلکوایو اور پریٹوریس نے 2،2 جب کہ عمران طاہر اور مورس نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ یوں جنوبی افریقہ کا ورلڈ کپ کا سفر جیت کےساتھ ختم ہوگیا۔