Tag: جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ

  • وزیراعلیٰ پنجاب کا ملتان میں جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ بنانے کا اعلان

    وزیراعلیٰ پنجاب کا ملتان میں جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ بنانے کا اعلان

    ملتان: وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ جنوبی پنجاب کے رہنے والوں کو کام کے سلسلے میں لاہور نہیں آنا پڑے گا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے ملتان میں متی تل روڈ پر جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ بنانے کا اعلان کیا ہے جو 500 کنال اراضی پر محیط ہوگا۔

    انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب کے رہنے والوں کو کام کے سلسلے میں لاہور نہیں آنا پڑےگا،جنوبی پنجاب کے رہائشیوں کے مسائل مقامی سطح پر حل ہوں گے۔عثمان بزدار نے ملتان جم خانہ بنانے کی بھی منظوری دے دی۔

    وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ نشتر اسپتال 2 کے پہلے فیز کو جلد آپریشنل کیا جائے،پہلا مرحلہ 500 بستروں کے اسپتال کا ہے، لاگت5ارب ہے۔عثمان بزدار نے نشتر اسپتال ٹو کے منصوبے پر پیش رفت کا جائزہ لیا۔

    بعدازاں وزیراعلیٰ پنجاب نے سرکٹ ہاؤس ملتان میں پارلیمنٹرینز اور دیگر سے ملاقات کی اور منتخب نمائندوں کے حلقوں کے مسائل سنے۔

    سردار عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ سابق دور میں جنوبی پنجاب کے عوام غربت کی چکی میں پستے رہے،سابق حکمرانوں نے جنوبی پنجاب کے عوام کو ترقی کے نام پر دھوکادیا۔انہوں نے مزید کہا کہ جنوبی پنجاب کو اس کی ترقی کا حق واپس دے رہے ہیں۔

  • جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کے لیے ایڈیشنل چیف سیکرٹری،ایڈیشنل آئی جی تعینات

    جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کے لیے ایڈیشنل چیف سیکرٹری،ایڈیشنل آئی جی تعینات

    لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے زاہد زمان کو جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کا پہلا ایڈیشنل چیف سیکرٹری جبکہ انعام غنی کو ایڈیشنل آئی جی جنوبی پنجاب مقرر کر دیا۔

    اے آروائی نیوز کے نمائندہ خواجہ نصیر کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر عوامی مسائل کے حل کے لیے پنجاب کو انتظامی بنیادوں پر دو حصوں میں تقسیم کرتے ہوئے وزیراعلی سردار عثمان بزدار نے جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کو کل سے فعال کرنے کا حکم دے دیا۔

    جنوبی پنجاب کے انتظامی امور کی سربراہی کے لیے سیکرٹری آبپاشی زاہد اختر زمان کو ایڈیشنل چیف سیکرٹری جنوبی پنجاب تعینات کیا گیا ہے جو ملتان میں قائم ہونے والے سیکرٹریٹ سے جنوبی پنجاب کے لگ بھگ سولہ اضلاع اور تین ڈویژن کے انتظامی امور دیکھیں گے۔

    ذرائع کے مطابق اس سلسلے میں انکی معاونت کے لیے صحت، تعلیم سمیت متعلقہ محکموں کے سولہ سینئر افسران کو بھی تعینات کیا جائے گا۔

    دوسری جانب جنوبی پنجاب کے اضلاع میں امن ا امان کی صورتحال کی ذمہ داری ایڈیشنل آئی جی انعام غنی کو سونپی گئی ہے۔اس سلسلے میں پنجاب حکومت نے دونوں افسران کی تعیناتی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔