Tag: جنوبی پنجاب

  • طبقاتی نظام کی وجہ سے جنوبی پنجاب جل رہا ہے: سراج الحق

    طبقاتی نظام کی وجہ سے جنوبی پنجاب جل رہا ہے: سراج الحق

    ملتان: امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا ہے کہ طبقاتی نظام کی وجہ سے جنوبی پنجاب جل رہا ہے، آج بھی یہ محرومیوں کا شکار ہے۔

    تفصیلات کے مطابق امیر جماعت اسلامی نے ملتان میں کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا جنوبی پنجاب اب بھی محرومیوں کا شکار ہے، سب سے زیادہ کاشت کار اور کسان پریشان ہیں، جنوبی پنجاب کے نوجوان بے روزگار ہیں، اسپتالوں میں عام آدمی کو علاج بھی نہیں ملتا۔

    سراج الحق کا کہنا تھا طبقاتی نظام کی وجہ سے جنوبی پنجاب جل رہا ہے، آج بھی پی ٹی آئی کابینہ میں ملتان سے نمایندگی موجود ہے، پی ٹی آئی ہو یا ن لیگ، یا پیپلز پارٹی، جنوبی پنجاب سے متعلق پالیسیوں میں فرق نہیں آیا۔

    انھوں نے کہا کل بھی جاگیرداروں کا سیاست میں قبضہ تھا آج بھی ہے، آج بھی سیاست، تھانے، پٹوار خانے یرغمال بنے ہوئے ہیں، لوگوں کے چہروں پر مایوسی ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  جنوبی پنجاب کی محرومیاں دور کرنے کے لیے عملی اقدامات کیے، عثمان بزدار

    واضح رہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کہہ چکے ہیں کہ جنوبی پنجاب کو ماضی میں جان بوجھ کر پس ماندہ رکھا گیا، اب ہم نے یہاں کی محرومیاں دور کرنے کے لیے عملی اقدامات اٹھائے ہیں، عوامی فلاح کے لیے وہ کام کر رہے ہیں جو ماضی میں نہیں کیے گئے۔

    انھوں نے کہا تھا تعلیم، صحت، صاف پانی منصوبوں میں جنوبی پنجاب کو ترجیح دی گئی ہے، پس ماندہ علاقوں کی ترقی اور خوش حالی کے لیے جامع حکمت عملی اپنائی گئی ہے۔

  • جنوبی پنجاب کی محرومیاں دور کرنے کے لیے عملی اقدامات کیے، عثمان بزدار

    جنوبی پنجاب کی محرومیاں دور کرنے کے لیے عملی اقدامات کیے، عثمان بزدار

    لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ حکومت عوامی فلاح کے وہ کام کررہی ہے جو ماضی میں نہیں کیے گئے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب سے مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے لوگوں نے ملاقات کی، وزیراعلیٰ نے لوگوں کے مسائل کے حل کے لیے موقع پر احکامات جاری کیے۔

    سردار عثمان بزدار نے کہا کہ جنوبی پنجاب کو ماضی میں جان کرپسماندہ رکھا گیا، جنوبی پنجاب کی محرومیاں دورکرنے کے لیے عملی اقدامات کیے۔

    وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ تعلیم، صحت، صاف پانی منصوبوں میں جنوبی پنجاب کو ترجیح دی گئی، پسماندہ علاقوں کی ترقی، خوشحالی کے لیے جامع حکمت عملی اپنائی گئی۔

    انہوں نے کہا کہ حکومت عوامی فلاح کے وہ کام کر رہی ہے جو ماضی میں نہیں کیے گئے، ڈینگی کے مرض پرقابو پانے کے لیے سیاسی، انتظامی مشینری کو متحرک کردیا۔

    سردار عثمان بزدار نے کہا کہ عوام کے جائزکام میں کسی کو رکاوٹ ڈالنے نہیں دوں گا، ماضی کی حکومتوں نے عام آدمی کے مسائل پرمجرمانہ غفلت کا مظاہرہ کیا۔

    وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ کرپشن کرنے والوں کے لیے پنجاب میں کوئی جگہ نہیں ہے، کرپٹ عناصر کی وجہ سے وطن عزیز آگے بڑھنے کے بجائے پیچھے گیا۔

    انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف حکومت نے کرپشن کے خلاف علم بلند کیا ہے، اقتدار سنبھالا تو معیشت تباہ حال تھی، ادارے کنگال تھے، مختلف شعبوں میں اصلاحات کرکے نئی مثال قائم کی ہے۔

  • جنوبی پنجاب سیکریٹریٹ جلد مکمل کر کے محرومیوں کا ازالہ کریں گے: وزیر خارجہ

    جنوبی پنجاب سیکریٹریٹ جلد مکمل کر کے محرومیوں کا ازالہ کریں گے: وزیر خارجہ

    اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ ماضی میں وسائل کی غیر منصفانہ تقسیم سے جنوبی پنجاب میں احساس محرومی بڑھتا رہا، حکومت جنوبی پنجاب سیکریٹریٹ کے قیام کے ذریعے ازالہ کر رہی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق آج وزیر خارجہ شاہ محمود سے ملتان سے تعلق رکھنے والے صوبائی و قومی اسمبلی اراکین نے خصوصی ملاقات کی۔

    وفد میں چیف وہپ قومی اسمبلی ملک عامر ڈوگر، پارلیمانی سیکریٹری خزانہ، ابراہیم خان، رانا قاسم نون، احمد حسین ڈیہڑو اور صوبائی وزیر ڈاکٹر اختر ملک شامل تھے۔

    ملاقات میں جنوبی پنجاب سیکریٹریٹ سے متعلق ہونے والی پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا گیا، ملتان کے ترقیاتی منصوبوں سمیت دیگر اہم علاقائی و سیاسی امور پر بھی گفتگو کی گئی۔

    ملتان کے پارلیمینٹیرینز کے وفد نے صحت عامہ کی بہترین سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے نشتر ٹو منصوبے کے اجرا پر وزیر خارجہ کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔

    شاہ محمود نے بتایا کہ جنوبی پنجاب سیکریٹریٹ پر کام ترجیحی بنیادوں پر جاری ہے، سیکریٹریٹ کو بہت جلد مکمل کر لیا جائے گا۔

    دریں اثنا، وزیر خارجہ نے اراکین اسمبلی کو جاری ترقیاتی منصوبوں کی بر وقت تکمیل کی یقین دہانی کرائی۔

    ملاقات میں ملتان میں آیندہ ہونے والے بلدیاتی انتخابات سے متعلق بھی مشاورت کی گئی، ملاقات میں مشاورتی سلسلے کو آیندہ بھی جاری رکھنے کا فیصلہ کیا گیا، بعد ازاں وزیر خارجہ نے ملتان سے تعلق رکھنے والے اراکین اسمبلی کے اعزاز میں عشائیہ بھی دیا۔

  • وزیر اعظم کا دورۂ امریکا افغانستان میں قیام امن کے لیے وقت کی ضرورت ہے: وزیر خارجہ

    وزیر اعظم کا دورۂ امریکا افغانستان میں قیام امن کے لیے وقت کی ضرورت ہے: وزیر خارجہ

    ملتان: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کا دورۂ امریکا افغانستان میں امن کے قیام کے لیے بہت اہمیت کا حامل ہے۔

    تفصیلات کے مطابق شاہ محمود قریشی نے وزیر اعظم کا دورۂ امریکا افغانستان میں قیام امن کے لیے وقت کی اہم ضرورت قرار دے دیا۔

    انھوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کے دورۂ امریکا سے دونوں ملکوں میں تعلقات بہتر ہوں گے، پاکستان خطے میں امن اور استحکام کا حامی ہے۔

    وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ امریکا، روس اور چین نے افغان امن کے لیے پاکستان کے کردار کو سراہا، افغانستان میں امن کے لیے طاقت نہیں مذاکرات کرنا ہوں گے، افغانستان میں امن ہوگا تو خطے میں امن ہوگا۔

    یہ بھی پڑھیں:  وائٹ ہاؤس نے وزیراعظم عمران خان کے دورہ امریکا کی تصدیق کردی

    ملتان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ان کا حالیہ دورۂ برطانیہ نہایت کام یاب رہا تھا۔

    وزیر خارجہ نے سابقہ حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ن لیگ نے 4 سال تک وزیر خارجہ کا تقرر نہ کر کے ملک دشمنی کی، ملک میں معاشی بحران کی ذمہ دار بھی سابقہ حکومت ہے، سابق حکمرانوں نے معیشت کا جنازہ نکال دیا۔

    شاہ محمود نے کہا کہ سابق حکمرانوں کی عیاشیوں کی وجہ سے ملک کا بچہ بچہ مقروض ہے، ماضی میں لٹیروں کو این آر آو دیا گیا۔

    وزیر خارجہ نے کہا کہ ملک کی 70 سالہ تاریخ میں پہلی بار جنوبی پنجاب کا بجٹ مختص ہوا ہے، اور یہ پی ٹی آئی حکومت میں مختص ہوا۔

  • پی ٹی آئی حکومت کا جنوبی پنجاب میں پائیدار ترقی کے سفر کا آغاز

    پی ٹی آئی حکومت کا جنوبی پنجاب میں پائیدار ترقی کے سفر کا آغاز

    لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب کے سیاسی معاون سید رفاقت علی گیلانی نے کہا ہے کہ حکومت نے پورے پنجاب کے عوام کی قسمت بدلنے کا عزم کیا ہے، پنجاب میں پائےدار ترقی کے سفر کا آغاز ہوچکا ہے ، نئے بجٹ میں جنوبی پنجاب کی ترقی کےلئے 35فیصد فنڈز مختص کررہے ہیں جو ایک ریکارڈ ہے ۔

    تفصیلات کے مطابق ا ن خیالات کا اظہار انہوں نے پی ٹی آئی ورکرز سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ، ان کاکہنا تھا کہ ماضی کی طرح عوام کو دھوکا نہیں دیں گے،کام کریں گے۔تعلیم اور صحت کے شعبے میں تبدیلی کے مثبت اثرات سامنے آرہے ہیں ۔

    انہوں نے کہا کہ ضلع لیہ میں تعلیمی و صحت سے وابستہ سرگرمیوں کو اجاگر کرنے کے لئے بہاؤالدین ذکریا یونیورسٹی بہادر سب کیمپس کو نئے سالانہ ترقیاتی پروگرام میں 352.613ملین روپے کی لاگت سے وسعت دی ، خواتین کی تعلیمی سرگرمیوں میں تیزی لانے کے لیے گورنمنٹ ویمن کالج رانجن شاہ تحصیل کروڑ لعل عیسن کا 120.00ملین روپے ،گورنمنٹ اسپیشل ایجوکیشن سنٹر فتح پور تحصیل کروڑ لعل عیسن کے قیام کے لئے 16.500ملین روپے کی خطیر رقم سے قیام عمل میں لایا جائے گا۔

    صحت مند معاشرے کے قیام کے لیے کھیلوں کی سرگرمیاں انتہائی اہمیت کی حامل ہیں۔ اس سلسلے میں تحصیل کروڑ لعل عیسن میں68.420ملین روپے لاگت سے کرکٹ،ہاکی،فٹبال گراؤنڈ واورا سٹیڈیم اور چار دیواری کی تعمیر عمل میں لائی جائے گی۔

    سابق حکمرانوں نے پنجاب کے پسماندہ علاقوں کو یکسر نظر انداز کیااور ماضی کے حکمرانوں کی غلط ترجیحات کے باعث دوردراز علاقوں کے لوگوں کے مسائل میں اضافہ ہوا ۔

    ان کا کیہ بھی کہنا تھا کہ نمائشی حکمرانوں نے ذاتی نمود و نمائش کے منصوبے شروع کیے اور ان منصوبوں کا عوام کو کوئی فائدہ نہیں پہنچا بلکہ قومی وسائل ضائع کیے گئے۔انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت نے نئے پاکستان میں عوام کی بنیادی ضروریات پورا کرنے کو اپنا مشن بنایا ہو ا ہے اورحکومت ہر علاقے کی ایک ساتھ اورمتوازن ترقی کی پالیسی پر عمل پیرا ہے ۔

  • جنوبی پنجاب کے 10 ہزار سے زاید اسکول سولر انرجی پر منتقل کرنے کا فیصلہ

    جنوبی پنجاب کے 10 ہزار سے زاید اسکول سولر انرجی پر منتقل کرنے کا فیصلہ

    لاہور: پنجاب حکومت نے جنوبی پنجاب کے 10 ہزار 800 اسکولوں کو سولر انرجی پر منتقل کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق جنوبی پنجاب کے دس ہزار سے زاید اسکول شمسی توانائی پر منتقل کیے جائیں گے، یہ فیصلہ بجلی کے مسائل کے حل کے لیے کیا گیا ہے۔

    وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے اسکولوں کو سولر انرجی پر منتقل کرنے کا کام دسمبر تک مکمل کرنے کی ہدایت کر دی ہے۔

    عثمان بزدار نے کہا کہ صوبے کے دور دراز علاقوں میں ٹرانسمیشن لائنز موجود نہیں ہیں اس لیے وہاں سولر انرجی فراہم کریں گے۔

    وزیر اعلیٰ پنجاب کا یہ بھی کہنا تھا کہ راجن پور، چولستان، تھل اور ڈیرہ غازی خان کے علاقوں میں شمسی توانائی مہیا کی جائے گی۔

    یاد رہے کہ رواں سال کے آغاز میں گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے اعلان کیا تھا کہ صوبے کے تمام جامعات کو شمسی توانائی پر لے جانے کا پروگرام ترتیب دیا گیا ہے۔

    وزیر اعظم عمران خان نے بھی گزشتہ سال ستمبر میں وزرا کو ہدایت کی تھی کہ آبی وسائل، شمسی توانائی اور ہوا سے بجلی بنانے کے منصوبوں پر جامع حکمت عملی مرتب کی جائے۔

    حال ہی میں پنجاب کا بجٹ پاس کیا گیا ہے جس میں صوبے میں تعلیم کے شعبے پر خرچ کرنے کے لیے 382.9 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں جب کہ کُل بجٹ 2300 بلین روپے کا ہے۔

  • جنوبی پنجاب صوبےکےحوالےسے پاکستان تحریک انصاف کا تاریخی فیصلہ

    جنوبی پنجاب صوبےکےحوالےسے پاکستان تحریک انصاف کا تاریخی فیصلہ

    اسلام آباد: جنوبی پنجاب صوبےکےحوالےسےپاکستان تحریک انصاف نے تاریخی فیصلہ کرتے ہوئے صوبائی سطح پر علیحدہ تنظیمی سیٹ اپ قائم کرنے کا اعلان کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کے چیف آرگنائزر سیف اللہ نیازی کی وزیراعظم سے ملاقات ہوئی جس میں جنوبی پنجاب کے لیے علیحدہ سطح پر صوبائی تنظیمی سیٹ اپ قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

    تحریک انصاف کے چیف آرگنائزر سیف اللہ نیازی کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی جنوبی پنجاب کےسیاسی وانتظامی حقوق کے لیے متحرک ہے، صوبےکی سطح کی تنظیم قائم کرنے کے لیے وزیراعظم عمران خان سے ہدایت لی۔

    مزید پڑھیں: تحریک انصاف کی تمام تنظیمیں اور شعبہ جات تحلیل

    اُن کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کی منظوری کے بعد جنوبی پنجاب کے لیےصوبےکی سطح کی تنظیم سازی کریں گے، تحریک انصاف جنوبی پنجاب کے عوام کی فلاح و بہبود کا ایجنڈا آگے بڑھائے گی۔

    سیف اللہ نیازی کا کہنا تھا کہ ملک کےدیگرحصوں میں تنظیم سازی کاعمل جلد مکمل کرلیا جائے گا۔ اُن کا مزید کہنا تھا کہ ملاقات میں پی ٹی آئی کی تنظیمِ نوکےحوالےسےاہم امورپرتفصیلی تبادلہ خیال بھی کیا گیا۔

    یاد رہے کہ 2 جون کو تحریک انصاف نے ملک بھر کی تمام تنظیمیں اور شعبہ جات کو تحلیل کرنے کا اعلان کیا تھا، اس ضمن میں پاکستان تحریک انصاف کے سیکریٹری جنرل ارشد داد خان کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن میں بتایا گیا تھا کہ  ملک بھر میں پاکستان تحریک انصاف کی تمام تنظیموں اور شعبہ جات کو تحلیل کردیا گیا۔

    یہ بھی پڑھیں: جنوبی پنجاب کے دارالحکومت کا اعلان وزیراعظم جلد کریں گے، طارق بشیر چیمہ

    نوٹی فکیشن میں بتایا گیا تھا کہ ذیلی تنظیمیں اور شعبہ جات تحلیل ہونے والے بعد تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان ہیں جبکہ سیف اللہ خان نیازی چیف آرگنائزر، مخدوم شاہ محمود قریشی وائس چیئرمین، ارشد داد جنرل سیکریٹری، سردار اظہر طارق خان سیکریٹری فنانس، عمر سرفراز چیمہ سیکریٹری انفارمیشن اور ڈاکٹر عبداللہ ریار سیکریٹری او آئی سی کے عہدوں پر کام کریں گے۔

  • اسکول ایجوکیشن میں جنوبی پنجاب کے لیے 53 فیصد ہے، وزیرخزانہ پنجاب

    اسکول ایجوکیشن میں جنوبی پنجاب کے لیے 53 فیصد ہے، وزیرخزانہ پنجاب

    لاہور: وزیرخزانہ پنجاب ہاشم جواں بخت کا کہنا ہے کہ اسکول ایجوکیشن میں جنوبی پنجاب کے لیے 53 اورسپورٹ میں 40 فیصد فنڈ مختص کیے گئے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق وزیرخزانہ پنجاب ہاشم جواں بخت نے پوسٹ بجٹ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ کہ بجٹ میں35 فیصد مجموعی طورپرجنوبی پنجاب کے لیے رکھا گیا، جو فنڈزجنوبی پنجاب کے لیے مختص ہیں کہیں اورنہیں منتقل ہوسکتے۔

    انہوں نے کہا کہ اسکول ایجوکیشن میں جنوبی پنجاب کے لیے 53 اورسپورٹ میں 40 فیصد ایلوکیشن رکھی ہے، 9 بڑے نئے اسپتال اور6 نئی یونیورسٹیوں کی تعمیرکا اعلان کیا گیا۔

    وزیرخزانہ پنجاب نے کہا کہ نئی زندگی کے نام سے تیزاب گردی کے شکارافراد کی مدد کی جائے گی، تیزاب گردی کے شکارلوگوں کے لیے فری علاج کی سہولت ہوگی، پاکستان میں تیزاب گردی کا شکارلڑکیوں کا مفت علاج کرایا جائے گا۔

    ہاشم جواں بخت نے کہا کہ سیف سٹی کا دائرہ ملتان، گوجرانوالہ، ڈی جی خان اورپنڈی تک لے جا رہے ہیں، اوورنج ٹرین کے لیے 8.1 ارب روپے رکھے ہیں۔

    واضح رہے کہ صوبہ پنجاب کے نئے مالی سال 20-2019 کے بجٹ کا کل حجم 23 سو ساٹھ ارب روپے رکھا گیا ہے جس میں ترقیاتی منصوبوں کے لیے 350 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔

  • جنوبی پنجاب کی ترقی پر خصوصی توجہ دی جائے گی، عثمان بزدار

    جنوبی پنجاب کی ترقی پر خصوصی توجہ دی جائے گی، عثمان بزدار

    لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ اتھارٹی کا قیام عمل میں لائیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور میں وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی زیرصدارت اجلاس ہوا جس میں آئندہ بجٹ اور ترقیاتی پروگرام کے اہم خدوخال پربریفنگ دی گئی۔

    عثمان بزدار نے کہا کہ نئے مالی سال کابجٹ عوام کی امنگوں کا ترجما ن ہوگا، بجٹ میں نئے پاکستان کی حقیقی جھلک نظر آئے گی۔

    وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ جنوبی پنجاب کی ترقی پر خصوصی توجہ دی جائے گی، وسائل کے اندر رہتے ہوئے ریلیف دینے کی پوری کوشش کریں گے۔

    سردار عثمان بزدار نے کہا کہ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ اتھارٹی کا قیام عمل میں لائیں گے۔

    تبدیلی کی راہ میں رکاوٹیں آتی ہیں، ہمت نہیں ہاریں گے، عثمان بزدار

    یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدارکا کہنا تھا کہ تبدیلی کی راہ میں رکاوٹیں آتی ہیں مگر ہمت نہیں ہاریں گے، وسائل کم اور مسائل زیادہ ہیں مگر حوصلے بلند ہیں۔

    وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ نئے پاکستان میں تعلیم، صحت پر خصوصی توجہ دے رہے ہیں، نئے پاکستان کی منزل میں کسی رکاوٹ کو حائل نہیں ہونے دیں گے، عوام کے مسائل حل کرنے کا وعدہ پورا کریں گے۔

  • قومی اسمبلی میں جنوبی پنجاب صوبے کے قیام کا بل پیش

    قومی اسمبلی میں جنوبی پنجاب صوبے کے قیام کا بل پیش

    اسلام آباد: قومی اسمبلی میں جنوبی پنجاب صوبے کے قیام کا بل پیش کردیا گیا، مسلم لیگ ن اور مسلم لیگ ق نے بل کی حمایت کی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی کے اجلاس میں جنوبی پنجاب صوبہ کے قیام کا بل پیش کردیا گیا۔ مسلم لیگ ن اور مسلم لیگ ق سمیت ایم کیو ایم اور پیپلز پارٹی نے بھی نے بل کی بھرپور حمایت کی۔

    مسلم لیگ ن کے رہنما احسن اقبال کا کہنا تھا کہ جنوبی پنجاب والوں کے لیے آج بڑا دن ہے، تحریک انصاف صوبہ بنانے کو سازش سمجھتی ہے تو سمجھے۔

    پیپلز پارٹی کے نوید قمر نے بھی پنجاب میں دو صوبے بنانے کی حمایت کردی۔ مسلم لیگ ن کے رہنما طارق بشیر چیمہ نے کہا کہ تخت لاہور نے ملک کو برباد کر دیا، لاہور کے ساتھ نہیں رہنا چاہتے۔

    متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کے اقبال محمد علی نے کہا کہ جنوبی پنجاب، صوبہ بہاولپور اور جنوبی سندھ صوبہ ہونا چاہیئے۔ جنوبی پنجاب صوبے کے قیام کا بل قائمہ کمیٹی کو بھجوا دیا گیا۔

    اس سے قبل رواں برس کے آغاز پرمسلم لیگ ن نے بہاولپور اورجنوبی پنجاب صوبہ بنانے کے لیے قومی اسمبلی میں آئینی ترمیمی بل بھی جمع کروایا تھا۔ مذکورہ بل میں کہا گیا تھا کہ آئین کے آرٹیکل ایک میں ترمیم سے بہاولپور، جنوبی پنجاب کے صوبوں کی تشکیل کے الفاظ شامل کیے جائیں۔

    بل میں کہا گیا تھا کہ بہاولپور صوبہ وہاں کے موجودہ انتظامی ڈویژن پر مشتمل ہوگا جبکہ جنوبی پنجاب صوبہ موجودہ ڈیرہ غازی خان اور ملتان ڈویژنز پر مشتمل ہوگا اور ترمیم کے بعد ڈیرہ غازی خان اور ملتان ڈویژنز صوبہ پنجاب کا حصہ نہیں رہیں گے۔

    یاد رہے کہ تحریک انصاف کی حکومت نے الیکشن 2018 سے قبل جنوبی پنجاب کے عوام سے وعدہ کیا تھا کہ ان کی حکومت میں جنوبی پنجاب صوبہ ضروربنے گا۔