Tag: جنوبی کوریا

  • جنوبی کوریا کی ہولوگرافک پولیس کا حیران کن کارنامہ

    جنوبی کوریا کی ہولوگرافک پولیس کا حیران کن کارنامہ

    سیئول (30 اگست 2025): جنوبی کوریا میں ہولوگرافک پولیس کی تعیناتی کے تجربے کا مثبت نتیجہ برآمد ہوا ہے، شہریوں کا کہنا ہے کہ اس اقدام سے جرائم کی شرح میں نمایاں کمی واقع ہوئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق جنوبی کوریا میں جرائم کی روک تھام کے لیے دل چسپ تکنیکی اقدام کا مثبت نتیجہ نکلا ہے، جس کے تحت بے جان پولیس افسران تعینات کیے گئے۔

    سیئول کے پارک میں ایک لائف سائز تھری ڈی ہولوگرام پولیس اہلکار نصب کیا گیا ہے جو شام 7 بجے سے رات 10 بجے تک فعال رہتا ہے، یہ اہلکار سیاحوں کو پیغام دیتا ہے کہ تشدد یا ہنگامی صورت میں پولیس فوری کارروائی کرے گی اور یہاں ہر جگہ سی سی ٹی وی کیمرے نصب ہیں۔

    یہ ایک تھری ڈی ہولوگرام ہے جو شہریوں کو ذہنی اطمینان فراہم کرنے اور بدنظمی کی روک تھام کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے، یہ ہولوگرافک پولیس نظام دراصل ’’اسمارٹ پولیسنگ‘‘ کی جدید مثال ہے۔ اس میں ٹیکنالوجی کے ذریعے پولیس کی بغیر حقیقی موجودگی کے بھی عوام میں تحفظ کا احساس پیدا کیا گیا ہے۔

    لاس اینجلس میں پولیس کی فائرنگ سے سکھ ہلاک (ویڈیو)

    دل چسپ امر یہ ہے کہ یہ ’حقیقی پولیس اہلکار‘ نہ ہونے کے باوجود جرائم روکنے میں کردار ادا کر رہا ہے، اور اسے آبادی والے علاقوں کے قریب کھڑا کیا گیا ہے تاکہ شہریوں میں تحفظ کا احساس اجاگر کیا جا سکے۔

    اس ہولوگرام میں آرٹیفیشل انٹیلیجنس (اے آئی) سے چلنے والا کیمرا لگا ہوا ہے جو لوگوں کو شناخت کرتا ہے، اور اس سے وقتاً فوقتاً آواز نکلتی رہتی ہے، اور حقیقی افسران اس ہولوگرام کے سیٹ اپ کو مانیٹر کرتے ہیں، اس سے پولیس کے لیے ایک کامیاب منصوبہ ثابت ہوا ہے۔

    ماہرین کا کہنا ہے کہ اگرچہ اس سے معاشرے میں بہت زیادہ نگرانی اور کنٹرول کا احساس ابھرتا ہے (جو اصطلاح میں ڈسٹوپین سسٹم کہلاتا ہے) تاہم، اس کے مثبت اثرات سامنے آ رہے ہیں۔ سیئول کے ایک پولیس افسر کم ہیون ڈان نے میڈیا سے گفتگو میں دعویٰ کیا کہ شہر کے اُن علاقوں میں جہاں ہولوگرام نصب کیا گیا ہے، جرائم میں 22 فی صد تک کمی آئی ہے، اور یہ نظام فوری نوعیت کے جرائم کو روکنے میں اثرانداز ہو رہا ہے۔

  • اسکولوں میں موبائل فونز کے استعمال پر پابندی عائد

    اسکولوں میں موبائل فونز کے استعمال پر پابندی عائد

    جنوبی کوریا میں اسکولوں میں طلبا کے موبائل فونز کے استعمال پر پابندی عائد کردی گئی، یہ پابندی آئندہ سال مارچ سے نافذ العمل ہوگی۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق جنوبی کوریا نے طلبا کے اسکول کی کلاس رومز میں موبائل فون لے جانے پر پابندی لگادی ہے۔

    رپورٹس کے مطابق جنوبی کوریا نے گزشتہ روز نوجوانوں میں سوشل میڈیا کے بڑھتے ہوئے استعمال اور اس کے اثرات کے باعث ملک بھر میں اسکول کے کلاس رومز میں موبائل فونز اور دیگر ڈیجیٹل آلات کے استعمال پر پابندی لگانے کے لیے بل منظور کیا۔

    جنوبی کوریا کی 163 اراکین پر مشتمل پارلیمان میں اس قانون کے حق میں 115 ووٹ کاسٹ ہوئے، طلبہ پر عائد پابندی پر اگلے سال مارچ سے نافذ العمل ہوگی۔

    جنوبی کوریا کے بیشتر اسکولوں کی جانب سے پہلے ہی اسمارٹ فونز کے استعمال پر مختلف پابندیاں عائد کی جاچکی ہیں، لیکن اس قانون کے تحت اس پابندی کا اطلاق ملک گیر سطح پر ہوگا۔

    اراکین پارلیمان، والدین اور اساتذہ کا کہنا ہے کہ طالبعلموں کی تدریسی کارکردگی اسمارٹ فون کے استعمال سے متاثر ہوتی ہے اور وہ پڑھائی پر توجہ نہیں دے پاتے۔

    ’پاکستان میں‌ مایوسی بڑھنے کی وجہ موبائل فون ہے‘

    ایک سروے کے مطابق جنوبی کوریا کا شمار دنیا کے ان ممالک میں ہوتا ہے جہاں ڈیجیٹل آلات کا سب سے زیادہ استعمال ہوتا ہے، جنوبی کوریا میں 99 فیصد افراد آن لائن اور 98 فیصد اسمارٹ فون کے مالک ہیں۔

    واضح رہے کہ چین، اٹلی اور نیدرلینڈز بھی ایسے ممالک ہیں جہاں تمام اسکولوں میں فون کے استعمال پر پابندی لگائی جاچکی ہے۔

  • جنوبی کوریا میں جرائم روکنے کےلیے ایسا پولیس افسر تعینات جسے نہ کوئی چھو سکتا ہے نہ پکڑ سکتا ہے!

    جنوبی کوریا میں جرائم روکنے کےلیے ایسا پولیس افسر تعینات جسے نہ کوئی چھو سکتا ہے نہ پکڑ سکتا ہے!

    جنوبی کوریا نے اپنے ملک میں جرائم کی روک تھام کیلئے انوکھا قدم اٹھایا ہے اور ہولوگرافک پولیس افسر کو تعینات کرنے کا دلچسپ اقدام کیا ہے۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق ملک کی عوام میں تحفظ کا احساس بڑھانے اور جرائم کم کرنے کے لیے دارالحکومت سیؤل کی پولیس نے انسانی قد کے ہولوگرافک پولیس افسران کو تعینا کرنے کی آزمائش کی ہے، جس کا مقصد چوروں اور جرائم پیشہ عناصر کے دل میں ڈر پیدا کرنا ہے۔

    سیؤل میں شام 7 سے رات 10 بجے کے درمیان 170 سینٹی میٹر قد کا حامل وردی میں ملبوس پولیس اہلکار جوڈونگ نمبر 3 پارک میں نمودار ہوتا ہے۔

    پولیس افسر کی یہ ہولوگرافک شبیہ عوام کو یاد دلاتی ہے کہ ہنگامی صورتِ حال میں پولیس فوری طور پر جواب دے گی، پولیس افسر یہ بھی بتاتا ہے کہ ہر جگہ کیمرے لگے ہوئے ہیں جس سے لوگوں کی نگرانی کی جارہی ہے۔

    ٹیکنالوجی کمپنی ہولوگرامیکا کا بنایا ہوا یہ غیرحقیقی ہولوگرافک پولیس افسر گزشتہ سال اکتوبر میں آزمائشی بنیادوں پر نصب کیا گیا تھا۔

    حالیہ اعداد و شمار اس بات کو واضح طور پر ظاہر کرتے ہیں کہ اس پولیس افسر کی موجودگی نے جوڈونگ نمبر 3 پارک میں جرائم میں کمی پر نمایاں اثر ڈالا ہے، 3 ڈی ہولوگرام آفیسر نے شہریوں کو نفسیاتی استحکام فراہم کرنے اور بدنظمی کو روکنے کے لیے عمدہ کام کیا ہے۔

    جنگبو پولیس اسٹیشن کے چیف آن ڈونگ ہیون نے بتایا کہ ہولوگرام سائن ایک اسمارٹ سیکیورٹی ڈیوائس کے طور پر ہے جو شہریوں کے تحفظ کے احساس کو بڑھاتا ہے۔

    آن ڈونگ ہیون نے مزید کہا کہ ہم اے آئی ٹیکنالوجی کو شامل کرتے ہوئے جرائم کی روک تھام کو وسعت دیتے رہیں گے تاکہ ایک ایسا پارک کا ماحول بنایا جا سکے جہاں شہری خود کو محفوظ محسوس کر سکیں۔

    قابل ذکر بات یہ ہے کہ ہولوگرافک پولیس افسر کی تعیناتی کے بعد جرائم میں تقریباً 22 فیصد کمی واقع ہوئی جسے اہم کامیابی سے تشبیح دی جارہی ہے۔

    میٹروپولیٹن پولیس ایجنسی کے مطابق پولیس افسر کی تنصیب سے پہلے اور بعد کے اسی عرصے کا موازنہ کرنے سے پتہ چلا کہ پارک کے دائرے میں ہونے والے جرائم کی تعداد میں 22 فیصد کے قریب کمی واقع ہوئی ہے۔

    پولیس کی جانب سے مثبت تاثرات کے باوجود اس ہولوگرام نے عام عوام پر کوئی خاص تاثر نہیں چھوڑا، آن لائن صارفین نے اس پر تنقید بھی کی ہے، ایک شخص نے لکھا کہ یہ لوگ کیا سوچتے ہیں؟ یہ بکواس ہے، یہاں ایک پولیس کا بھوت گشت کررہا ہے۔

  • جنوبی کوریا، سابق خاتون اول کم کیون گرفتار

    جنوبی کوریا، سابق خاتون اول کم کیون گرفتار

    جنوبی کوریا کی عدالت نے گزشتہ روز سابق خاتون اول کم کیون ہی کی گرفتاری کی منظوری دی تھی، جس کے بعد آج انہیں گرفتار کرلیا گیا، کم کیون ہی جیل میں قید سابق صدر یون سک یول کی اہلیہ ہیں۔

    غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق سابق خاتون اول پر اسٹاک فراڈ، رشوت اور غیر قانونی اثرو رسوخ کے الزامات ہیں، سابق خاتون اول پر لگژری وین کلیف پینڈنٹ پہننے کا الزام بھی ہے، جس کی مالیت 43 ہزار ڈالر سے زائد ہے۔

    رپورٹس کے مطابق پینڈنٹ نیٹوسمٹ میں جنوبی کوریا کے صدر یون سک کے ساتھ شرکت کے دوران پہنا گیا، سابق خاتون اول پر مہنگا پینڈنٹ اثاثوں کے گوشوارے میں ظاہر نہ کرنے کا الزام ہے۔

    سابق خاتون اول کا اپنے مؤقف میں کہنا تھا کہ پینڈنٹ جعلی ہے،20 سال پہلے ہانگ کانگ سے خریدا تھا، جبکہ استغاثہ نے الزام لگایا کہ پینڈنٹ اصلی ہے تعمیراتی کمپنی نے فراہم کیا۔

    چین نے دلائی لامہ سے ملاقات کرنے پر صدر جمہوریہ چیک سے تعلق ختم کر دیا

    سابق خاتون اول کم کیون پر 2 چینل بیگز اور ہیرے کے ہار رشوت میں لینے کا بھی الزام ہے اس کے علاوہ جنوبی کوریا کے سابق صدر یون پر بغاوت سمیت اختیارات کے غلط استعمال کے الزامات بھی عائد ہیں۔

    جنوبی کوریا کے سابق صدر یون اس وقت جیل میں ہیں اورکیسزکا ٹرائل جاری ہے، یون نے الزامات کی تردید کرتے ہوئے ٹرائل اور پراسیکیوٹرز کو بیان دینے سے انکار کردیا ہے۔

  • امریکا اور جنوبی کوریا کے درمیان بڑا تجارتی معاہدہ

    امریکا اور جنوبی کوریا کے درمیان بڑا تجارتی معاہدہ

    امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے جنوبی کوریا کے ساتھ ایک مکمل اور جامع تجارتی معاہدے کا اعلان کر دیا ہے، جس کے تحت جنوبی کوریا امریکا میں 350 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کرے گا۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق اس سرمایہ کاری کا مکمل کنٹرول اور انتخاب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی زیر نگرانی امریکی حکومت کے پاس ہوگا۔

    امریکی صدر کا ٹروتھ سوشل پر جاری اپنے بیان میں کہنا تھا کہ جنوبی کوریا آئندہ ہفتوں میں مزید سرمایہ کاری کی تفصیلات بھی جاری کرے گا۔

    اس سلسلے میں جنوبی کوریا کے صدر لی جے میونگ دو ہفتوں کے اندر وائٹ ہاؤس کا دورہ کریں گے، جہاں باقاعدہ دو طرفہ ملاقات متوقع ہے۔

    جنوبی کوریا امریکا سے معاہدے کے تحت 100 ارب ڈالر مالیت کی ایل این جی یا دیگر توانائی کی مصنوعات خریدے گا۔

    اس کے علاوہ جنوبی کوریا نے امریکی مصنوعات بشمول گاڑیاں، زرعی اجناس اور دیگر تجارتی اشیاء کے لیے اپنی مارکیٹ مکمل طور پر کھولنے پر بھی رضامندی ظاہر کی ہے۔

    پاکستان کے ساتھ تجارتی ڈیل مکمل ہوگئی، ٹرمپ کا اعلان

    رپورٹس کے مطابق صدر ٹرمپ نے مزید اعلان کیا کہ اس معاہدے کے تحت جنوبی کوریا پر 15 فیصد ٹیرف عائد کیا جائے گا، جب کہ امریکا کو کوئی ٹیرف ادا نہیں کرنا ہوگا۔

    اُن کا کہنا تھا کہ یہ معاہدہ دونوں ممالک کے لیے تجارتی لحاظ سے ایک تاریخی کامیابی ہے۔

  • جنوبی کوریا کے سابق صدر کو حراست میں لے لیا گیا

    جنوبی کوریا کے سابق صدر کو حراست میں لے لیا گیا

    سیؤل: مارشل لا نافذ کرنے کی ناکام کوشش کے سلسلے میں جنوبی کوریا کے سابق صدر یون سک یول کو دوسری بار گرفتار کر لیا گیا ہے۔

    خبر رساں ایجنسی کے مطابق گزشتہ روز وارنٹ گرفتاری کے حوالے سے دائر درخواست پر سات گھنٹے طویل سماعت ہوئی، عدالت نے فیصلہ سناتے ہوئے مارشل لاء کی ناکام کوشش پر سابق صدر کی گرفتاری کے احکامات جاری کیے، جس کے بعد یون سک یول کو حراستی مرکز منتقل کر دیا گیا۔

    واضح رہے سابق صدر یون سک یول کو رواں برس اپریل میں آئینی عدالت نے صدارت کے عہدے سے برطرف کردیا تھا سابق صدر چودہ دسمبر کو مارشل لاء کے مختصر اعلان پر پارلیمنٹ میں مواخذے کے بعد معزول کر دیے گئے تھے۔

    https://urdu.arynews.tv/south-korea-issues-arrest-warrant-for-ex-president-yoon/

    مواخذے کی دوسری تحریک کامیاب ہونے کے بعد یون سک یول کو ان کے فرائض سے معطل کر دیا گیا تھا، جنوبی کوریا کی پارلیمنٹ کے تمام 300 اراکین نے یون سک یول کے خلاف مواخذے پر ووٹنگ میں حصہ لیا تھا اور 204 ارکان نے ان کے مواخذے کے لیے ووٹ دیا تھا۔

    سابق صدر نے اپوزیشن جماعتوں اور عوام کے شدید ردعمل کے باعث کچھ گھنٹوں بعد ہی مارشل لاء کا فیصلہ واپس لے لیا تھا، تحقیقاتی اداروں نے سابق صدر کے خلاف بغاوت اور اختیارات کے ناجائز استعمال کی تحقیقات شروع کر رکھی تھیں اور سابق صدر کو چند روز قبل حراست میں بھی لے لیا تھا۔

  • موسمیاتی تبدیلی، سیئول پر ’لو بگ‘ کا حملہ

    موسمیاتی تبدیلی، سیئول پر ’لو بگ‘ کا حملہ

    سیئول: جنوبی کوریا کے دارالحکومت سیئول اور اس کے آس پاس علاقوں پر کالے کیڑوں جنھیں ’’لو بگ‘‘ کہا جاتا ہے نے یلغار کر کے شہریوں کو پریشانی میں مبتلا کر دیا ہے۔

    روئٹرز کے مطابق سیئول میں لَو بَگ نامی سیاہ رنگ کے پتنگوں نے ہائیکنگ ٹریلز پر ڈیرے ڈال دیے ہیں، اور آنے جانے والے لوگوں پر حملہ آور ہوتے ہیں، ماہرین کا کہنا ہے کہ موسمیاتی تبدیلیوں کی وجہ سے درجہ حرارت بڑھ رہا ہے جس کی وجہ سے ان کیڑوں کے پھیلاؤ میں تیزی آ گئی ہے۔

    سیئول لو بگ جنوبی کوریا

    سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ہائکنگ کرنے والوں کو ایک عجیب صورت حال کا سامنا کرنا پڑا، جیسے ہی پہاڑ کی چوٹی پر پہنچے ان پر ’لو بگ‘ کہلائے جانے والے لاکھوں کالے پروں والے کیڑوں نے دھاوا بول دیا۔

    دیکھنے پر لگتا تھا جیسے کوئی سیاہ قالین بچھا ہے، کچھ لوگوں نے اِن لو بگز کو بھگانے کے لیے مچھر مارنے والی الیکٹرک ریکٹ استعمال کیے، خیال رہے کہ لو بگ کا نام ان کیڑوں کو جوڑوں میں اڑنے کی و جہ سے دیا گیا ہے، مادہ اور نر کیڑے ملن کے دوران ایک دوسرے سے جڑے ہوئے اڑتے ہیں۔

    سیول میٹروپولیٹن علاقے میں موسم گرما کے دوران گرم آب و ہوا کی وجہ سے کیڑوں کی تعداد میں حالیہ برسوں میں اضافہ ہوا ہے، جب سے درجہ حرارت بڑھنے لگی ہے ان کیڑوں کے بارے میں شکایات میں بھی تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے۔

  • ایشین یوتھ گرلز نیٹ بال چیمپئن شپ، پاکستان نے جنوبی کوریا کو بھی شکست دیدی

    ایشین یوتھ گرلز نیٹ بال چیمپئن شپ، پاکستان نے جنوبی کوریا کو بھی شکست دیدی

    ایشین یوتھ گرلزنیٹ بال چیمپئن شپ میں پاکستان نے فتوحات کی ہیٹ ٹرک کرلی، میزبان جنوبی کوریا کو بھی شکست دے دی۔

    تفصیلات کے مطابق جنوبی کوریا میں جاری چیمپئن شپ میں پاکستان نے ایشین یوتھ نیٹ بال چیمپیئن شپ میں میزبان جنوبی کوریا کو پچھاڑ کر مسلسل تیسری کامیابی حاصل کرلی۔

    پاکستانی ٹیم نے 6 کے مقابلے میں 91 اسکور کے شاندار فتح حاصل کی، قومی ٹیم کی گروپ میں چھے پوائنٹس کے ساتھ پہلی پوزیشن پر موجود ہیں۔

    میچ میں نمایاں کارکردگی دکھانے والی کھلاڑیوں میں لیا رضا شاہ، علیشہ نوید، حلیمہ، سرینا حسین، جاسمین فاروق، فرح رشید، امانی، پریسا، سمیہ احمد اور علینہ شامل تھیں، جنہیں بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

    ایشین یوتھ گرلز نیٹ بال چیمپئن شپ میں پاکستان ٹیم چھاگئی، چائنیز تائپے کو شکست

    پاکستان نیٹ بال فیڈریشن کے سینئر حکام نے ٹیم کو شاندار فتح پر مبارکباد دی ہے، پاکستان اب پیر کو جاپان کے خلاف اور منگل کو مالدیپ کے خلاف میدان میں اترے گا۔

    یاد رہے کہ پاکستان نے جمعہ کو سعودی عرب کے خلاف 71-15 سے فاتحانہ آغاز کیا تھا، جب کہ ہفتے کو چینی تائپے کو 56-32 سے شکست دی تھی۔

    27 جون کو شروع ہونے والی یہ چیمپیئن شپ 4 جولائی تک جنوبی کوریا کے جیونجو ہواسان جمنازیم میں جاری رہے گی۔

  • جنوبی کوریا میں  قبل از وقت صدارتی انتخابات کرانے کا اعلان

    جنوبی کوریا میں قبل از وقت صدارتی انتخابات کرانے کا اعلان

    جنوبی کوریا میں 3 جون کو قبل از وقت صدارتی انتخابات کرانے کا اعلان کردیا گیا ہے۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق مواخذے کا سامنا کرنے والے جنوبی کوریا کے صدر یون سک کی آئینی عدالت کی جانب سے برطرفی کے بعد 21 ویں صدارتی انتخابات کے لیے 3 جون کی تاریخ مقرر کی گئی ہے۔

    رپورٹس کے مطابق کابینہ کے اجلاس میں قائم مقام صدر ہان ڈک سو نے قبل از وقت صدارتی انتخابات کی تاریخ مقرر کی۔ قبل از وقت صدارتی انتخابات کے لیے امیدواروں کا چناؤ شروع کردیا گیا ہے۔

    واضح رہے کہ 4 اپریل کو جنوبی کوریا کی آئینی عدالت نے صدر یون سک کو عہدے سے ہٹا دیا تھا۔

    جنوبی کوریا کے سابق صدریون سک یول نے اپنے مواخذے کی کارروائی رکوانے کیلئے 3 دسمبر کو ملک میں مارشل لاء لگا دیا تھا۔

    سابق صدر پر 3 دسمبر کو ملک میں مختصر مارشل لاء لگانے پر فرد جرم عائد کر دی گئی تھی۔ اینٹی کرپشن نے ان پرفردِ جُرم عائد کرنے کی سفارت کی تھی۔

    سابق صدر نے اپوزیشن جماعتوں اور عوام کے شدید ردعمل کے باعث کچھ گھنٹوں بعد ہی مارشل لاء کا فیصلہ واپس لے لیا تھا۔

    جنوبی کوریا میں جنگل کی آگ 27 جانیں نگل گئی

    تحقیقاتی اداروں نے سابق صدر کے خلاف بغاوت اور اختیارات کے ناجائز استعمال کی تحقیقات شروع کر رکھی تھیں اور سابق صدر کو چند روز قبل حراست میں بھی لے لیا تھا۔

  • جنوبی کوریا کے صدر مارشل لا لگانے پر عہدے سے برطرف

    جنوبی کوریا کے صدر مارشل لا لگانے پر عہدے سے برطرف

    جنوبی کوریا کی آئینی عدالت نے صدر یون سک یول کو مارشل لا لگانے پر عہدے سے برطرف کردیا۔

    غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق جنوبی کوریا کی آئینی عدالت نے فیصلہ کیا ہے کہ ملک میں 60 دن کے اندر صدارتی انتخابات کرائے جائیں۔

    واضح رہے کہ جنوبی کوریا کے سابق صدریون سک یول نے اپنے مواخذے کی کارروائی رکوانے کیلئے 3 دسمبر کو ملک میں مارشل لاء لگا دیا تھا۔

    سابق صدر پر 3 دسمبر کو ملک میں مختصر مارشل لاء لگانے پر فرد جرم عائد کر دی گئی تھی۔ اینٹی کرپشن نے ان پرفردِ جُرم عائد کرنے کی سفارت کی تھی۔

    سابق صدر نے اپوزیشن جماعتوں اور عوام کے شدید ردعمل کے باعث کچھ گھنٹوں بعد ہی مارشل لاء کا فیصلہ واپس لے لیا تھا۔

    رپورٹس کے مطابق تحقیقاتی اداروں نے سابق صدر کے خلاف بغاوت اور اختیارات کے ناجائز استعمال کی تحقیقات شروع کر رکھی تھیں اور سابق صدر کو چند روز قبل حراست میں بھی لے لیا تھا۔

    تفتیش کار ایک ہزار کے قریب اہلکاروں کے ساتھ صدارتی محل پہنچے تھے، اس دوران تفتیش کاروں اور صدارتی محافظوں کے درمیان جھگڑا بھی ہواتھا۔

    برطانیہ نے ٹرمپ کے ٹیرف کے بعد بھی تجارتی معاہدے کو آگے بڑھانے کا

    سابق صدر کے ہزاروں حامیوں کی جانب سے ڈھال بننے کی کوشش کو ناکام بنادیا گیا تھا جبکہ یون سک یول کو حراست میں لے لیا گیا تھا۔