Tag: جنوبی کوریا

  • امریکا نے جوہری حملوں کے حوالے سے شمالی کوریا کو خبردار کردیا

    امریکا نے جوہری حملوں کے حوالے سے شمالی کوریا کو خبردار کردیا

    امریکا نے شمالی کوریا کو خبردار کیا ہے کہ اس کے یا اتحادیوں کیخلاف کوئی بھی جوہری حملہ ناقابل قبول ہوگا اور اس کے نتیجے میں کم جونگ کی حکومت کا خاتمہ ہو جائےگا۔

    ہفتے کو امریکا اور جنوبی کوریا کی جانب سے جاری مشترکہ بیان میں کہا گیا کہ امریکا ایک بار پھر اس بات کا اعادہ کرتا ہے کہ شمالی کوریا کی جانب سے جنوبی کوریا کیخلاف کسی بھی جوہری حملے کی صورت میں فوری اور فیصلہ کن ردعمل دیا جائے گا۔

    امریکا اور کوریا نیوکلیئر کنسلٹیٹو گروپ کا اہم اجلاس جمعہ کو واشنگٹن میں منعقد ہوا تھا۔ نیوز ایجنسی کے مطابق امریکا اور جنوبی کوریا اگلے سال کے وسط تک جوہری دفاعی حکمت عملی پر مشترکہ منصوبہ بنارہے ہیں۔

    اس حکمت عملی کے تحت شمالی کوریا کے جوہری ہتھیاروں کو روکنے کے لیے ایک مربوط نظام قائم کرنے کا منصوبہ بنایا جارہا ہے۔

    واشنگٹن اور سیول نے اگلے سال تک ایک جامع رہنما منصوبہ بندی مکمل کرنے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ پیانگ یانگ کی جانب سے جوہری حملے کے خطرے کو مل کر روکا جاسکے اور اس کا جواب دیا جاسکے۔

    یونہاپ نیوز ایجنسی کا کہنا ہے کہ توقع ہے کہ امریکا اور جنوبی کوریا اگلے سال کی مشترکہ فوجی مشقوں میں جوہری آپریشن کی مشقیں بھی شامل کرسکتے ہیں۔

    کم نے جمعہ کو کہا تھا کہ شمالی کوریا اس ماہ ایک بین البراعظمی بیلسٹک میزائل (آئی سی بی ایم) کا تجربہ کر سکتا ہے، جو اپنی رینج سے قطع نظر جوہری صلاحیت کا مالک ہے کیونکہ یہ جوہری وار ہیڈ لے جا سکتا ہے۔

    واضح رہے کہ شمالی کوریا کی جانب سے ایسے بیلسٹک میزائلوں کی ایک رینج تیار کی گئی ہے اور ان کا تجربہ کیا گیا ہے جو جنوبی کوریا، جاپان اور امریکی سرزمین پر اپنے اہداف کو نشانہ بنا سکتے ہیں۔

  • جنوبی کوریا کا پہلا فوجی جاسوس سیٹلائٹ مدار میں پہنچ گیا

    جنوبی کوریا کا پہلا فوجی جاسوس سیٹلائٹ مدار میں پہنچ گیا

    جنوبی کوریا کی جانب سے  اپنا پہلا فوجی جاسوس سیٹلائٹ مدار میں پہنچا دیا گیا ہے، سیٹلائٹ اسپیس ایکس فیلکن نائن راکٹ لے کر روانہ ہوا۔

    غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق اس مصنوعی سیارے کی مدد سے شمالی کوریا پر نظر رکھی جا سکے گی۔

    جنوبی کوریا نے سیٹلائٹ کو مدار میں ایسے وقت میں مدار بھیجا ہے جب شمالی کوریا نے کامیابی سے اپنا فوجی جاسوس سیٹلائٹ لانچ کیا ہے۔

     جنوبی کوریا کی وزارت دفاع کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ سیٹلائٹ کے لانچ کے ایک گھنٹہ بعد اس کا زمینی اسٹیشن کے ساتھ کامیابی سے رابطہ قائم ہوگیا ہے۔

     دوسری جانب شمالی کوریا نے بھی غزہ میں جاری اسرائیلی جارحیت کے خلاف فلسطین کی حمایت کا اعلان کردیا ہے۔

     غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق شمالی کوریا کے سربراہ کم جونگ ان نے سوشل میڈیا پر شمالی کوریا اور فلسطین کا پرچم لگاتے ہوئے کیپشن میں لکھا کہ ہم فلسطین کے ساتھ ہیں۔

     اس سے قبل اسرائیلی جارحیت اور معصوم فلسطینیوں کی نسل کشی پر احتجاجاً جنوبی امریکی ملک بولیویا نے اسرائیل کے ساتھ سفارتی تعلقات منقطع کر دیے۔

    امریکا اسپتال پر اسرائیلی بمباری میں شریکِ جرم ہے، شمالی کوریا

     ایک نیوز کانفرنس کے دوران بولیویا کی وزیر ماریا نیلا پرادا نے بات کرتے ہوئے اعلان کیا کہ بولیویا اسرائیل کے ساتھ اپنے سفارتی تعلقات ختم کررہا ہے۔

  • جنوبی کوریا میں کتے کے گوشت پر مکمل پابندی لگائے جانے کا امکان

    جنوبی کوریا میں کتے کے گوشت پر مکمل پابندی لگائے جانے کا امکان

    جنوبی کوریا کی حکمران پارٹی کے ایک پالیسی سربراہ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ جنوبی کوریا میں کتے کا گوشت کھانے پر پابندی لگانے جارہے ہیں اور اس حوالے سے بیداری پیدا کرنے کے لئے کوشاں ہیں۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق حکمران جماعت کے پالیسی سربراہ کا کہنا تھا کہ کتے کو کھانے کے کوریائی عمل کو بیرون ملک سے شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا ہے لیکن گھریلو سطح پر بھی خاص طور پر نوجوان نسل کی طرف سے مخالفت بڑھ رہی ہے۔

    حکمران پیپلز پاور پارٹی کے پالیسی چیف کا حکومتی عہدیداروں کے ساتھ منعقدہ ایک میٹنگ میں کہنا تھا کہ یہ وقت ہے کہ کتے کے گوشت کے استعمال کے بارے میں سماجی تنازعات کو ختم کرنے کے لیے ایک خصوصی ایکٹ کے ذریعے اسے ختم کیا جائے۔

    انہوں نے کہا کہ حکومت اور حکمراں جماعت اس سال پابندی کے نفاذ کے لیے ایک بل پیش کرے گی، انہوں نے مزید کہا کہ متوقع دو طرفہ حمایت کے ساتھ، بل کو پارلیمنٹ کے ذریعے پاس کیا جانا چاہئے۔

    انہوں نے اجلاس کو بتایا کہ حکومت پابندی پر تیزی سے عمل درآمد کرے گی اور کتوں کے گوشت کی صنعت سے وابستہ افراد کو اپنا کاروبار بند کرنے کے لیے زیادہ سے زیادہ ممکنہ مدد فراہم کرے گی۔

    واضح رہے کہ جزیرہ نما کوریا میں کتے کا گوشت کھانا ایک پرانا رواج رہا ہے اور اسے گرمی کو شکست دینے کے طریقے کے طور پر دیکھا جاتا ہے۔

    لیکن یہ جنوبی کوریا میں پہلے کے مقابلے میں اس کا رواج اب بہت کم عام ہے، اب بھی کچھ بوڑھے لوگ کھاتے ہیں اور کچھ مخصوص ریستوراں میں اسے پیش کیا جاتا ہے۔

  • جنوبی کوریا میں انڈر پاس سے نکالی گئی لاشوں کی تعداد 13 ہو گئی

    جنوبی کوریا میں انڈر پاس سے نکالی گئی لاشوں کی تعداد 13 ہو گئی

    سیئول: شدید بارشوں اور سیلاب کی زد پر آئے ہوئے مشرقی ایشیائی ملک جنوبی کوریا میں ایک انڈر پاس سے نکالی گئی لاشوں کی تعداد 13 ہو گئی ہے۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق جنوبی کوریا میں جاری شدید بارشوں نے تباہی مچا دی ہے، سیلابی پانی سے بھرے انڈر پاس سے تیرہ افراد کی لاشیں نکالی جا چکی ہیں۔

    مقامی حکام کا کہنا ہے کہ ہفتے کی شام کو دریا کا بند ٹوٹنے کی وجہ سے 685 میٹر طویل انڈر پاس میں سیلاب امڈ آیا تھا جس کی وجہ سے 15 گاڑیاں اس میں بہہ کر ڈوب گئی تھیں۔ مقامی حکام کے مطابق یہ انڈر پاس محض دو یا تین منٹ میں پانی سے بھر گیا تھا، اور تقریباً 900 ریسکیو اہلکاروں نے غوطہ خوروں سمیت ڈوبنے والوں کو تلاش کرنے کے آپریشن میں حصہ لیا۔

    جنوبی کوریا میں لینڈ سلائیڈنگ اور مختلف حادثات میں آج پیر تک ہلاک افراد کی تعداد 40 ہو گئی ہے جب کہ 10 افراد لاپتا بتائے جا رہے ہیں۔ واضح رہے کہ جنوبی کوریا میں گزشتہ 5 روز سے مسلسل بارشوں کو سلسلہ جاری ہے، اور بارش سے متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیاں بھی جاری ہیں۔

    ملک کے صدر یُون سُک یئول نے سیلاب سے متاثرہ شمالی گیونگسانگ صوبے کے دورے پر نکلتے ہوئے کہا کہ اس قسم کے سخت موسمی واقعات اب معمول بن جائیں گے، ہمیں اس موسمیاتی حقیقت کو اب قبول کرنا چاہیے، اور اس سے نمٹنے کے لیے اقدامات کرنے چاہیئں۔

  • تین ایشیائی ممالک سیلاب کی زد پر، جنوبی کوریا میں انڈرپاس سے 7 لاشیں برآمد

    تین ایشیائی ممالک سیلاب کی زد پر، جنوبی کوریا میں انڈرپاس سے 7 لاشیں برآمد

    دنیا بھر کی طرح ایشیا بھی موسمیاتی تبدیلیوں کی زد پر ہے، تین ممالک ان دنوں شدید بارشوں، سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ سے بری طرح متاثر ہو چکے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق تین ایشیائی ممالک بارش کی لپیٹ میں آئے ہوئے ہیں، چین ، بھارت اور جنوبی کوریا کے مختلف شہروں میں سیلاب اور لینڈ سلائڈنگ نے تباہی مچا دی ہے۔

    جنوبی کوریا کے 4 صوبوں میں لینڈ سلائیڈنگ اور سیلاب سے اموات کی تعداد 33 ہو گئی ہے، ایک انڈر پاس بھی زیر آب آ گیا، جس میں متعدد افراد ڈوب کر ہلاک ہو گئے، انڈر پاس سے 7 لاشیں نکالی جا چکی ہیں۔ جنوبی کوریا میں بارشوں کے باعث ڈیم بھر جانے سے مختلف علاقے سیلاب سے متاثر ہوئے ہیں، جب کہ متعدد شہروں میں بجلی بھی معطل ہے۔

    چین میں بھی بارش کے باعث نظام زندگی مفلوج ہے، شہر جونگ کنگ میں مختلف علاقے ڈوب گئے، بھارت میں بھی مون سون کے جاری اسپیل کے دوران نئی دہلی کی سڑکیں تالاب بنی ہوئی ہیں، دریائے جمنا بھرنے سے مختلف علاقے زیر آب آ گئے ہیں، اور حالیہ بارشوں کے باعث مختلف حادثات میں 100 سے زیادہ افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔

    واضح رہے کہ یورپ بھی موسمیاتی تبدیلیوں کی زد پر ہے، امریکا کے بعد یونان بھر میں ہیٹ ویو ریڈ الرٹ کا اعلان کر دیا گیا ہے، جہاں درجہ حرارت 42 ڈگری سے تجاوز کر چکا ہے اور گرمی کی شدت میں اضافے کے باعث 3 افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔

  • حقیقی جرم کرنے کا جنون، خاتون نے خاتون کو قتل کرڈالا

    حقیقی جرم کرنے کا جنون، خاتون نے خاتون کو قتل کرڈالا

    سیئول: حقیقی جرم کرنے کے جنون میں مبتلا خاتون نے دوسری خاتون کو قتل کرکے لاش کے ٹکڑے ٹکڑے کرڈالے۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق جنوبی کوریا کے شہر بوسان میں پولیس نے ایک خاتون کو دوسری خاتون کے قتل کے الزام میں گرفتار کیا تو ملزمہ نے نہ صرف اعتراف جرم کیا بلکہ خاتون کو قتل کرنے کی لرزہ خیز داستان بھی سناڈالی۔

    پولیس کے مطابق تئیس سالہ جنگ یو جنگ نامی خاتون نے حقیقی جرم کرنے کے جنون میں مبتلا ہوکر یہ انتہائی قدم اٹھایا، پولیس نے بتایا کہ ملزمہ کے دل میں ٹی وی پروگراموں اور کتابوں سے قتل کے جنون میں مبتلا ہونے کے بعد کسی کو حقیقت میں قتل کرنے کی خواہش پیدا ہوئی۔

    پولیس نے کہا کہ جنگ کی فون کی سرچ ہسٹری سے پتہ چلتا ہے کہ لاش کو چھپانے کے طریقے کے بارے میں تین ماہ تک معلومات اکٹھی کی گئیں۔

    دلخراش واقعے سے متعلق ایک مقامی اخبار نے رپورٹ کیا کہ ملزمہ نے مبینہ طور پر متعدد ’رئیل کرائم ٹی وی شوز‘ دیکھے اور ایک لائبریری سے جرائم کی کتابیں بھی حاصل کیں۔

    خاتون کا طریقہ واردات
    جرم کرنے کے جنون میں مبتلا خاتون نے اپنے شکار کو ایک ایسی ایپ کے ذریعے تلاش کیا جو والدین کے نجی ٹیوٹرز کے ساتھ رابطے کے لیے بنائی گئی ہے۔ مذکورہ خاتون نے متاثرہ خاتون کے ساتھ اپنا تعارف نویں جماعت کی طالبہ کی ماں کی حیثت سے کروایا۔

    رپورٹ میں بتایا گیا کہ ملزمہ مبینہ طور پر اسکول کا یونیفارم پہنے طالب علم کے بھیس میں متاثرہ لڑکی سے ملنے گئیں اور ان پرتیز دھار آلے سے جان لیوا حملہ کیا۔

    خاتون کو قتل کرنے کے بعد اس کی لاش کے ٹکڑے ٹکڑے کر دیئے اور ان کے جسم کے کچھ حصوں کو سوٹ کیس میں رکھنے کے بعد ٹیکسی میں رکھ کر اپنے گھر چل دیں لاش کے باقی ماندہ حصے کو جنگ نے دریائے ناکڈونگ میں پھینک دیا تاکہ ’ایسا نظر آئے کہ شکار غائب ہو گیا۔

    حکام کے بقول پانچ سال قبل ہائی اسکول سے گریجویشن کرنے کے بعد سے جنگ تنہا اور الگ تھلگ رہتی تھیں وہ بے روزگار تھیں۔

  • بچوں کی پرورش کے لحاظ سے دنیا کا مہنگا ترین ملک کونسا ہے؟

    بچوں کی پرورش کے لحاظ سے دنیا کا مہنگا ترین ملک کونسا ہے؟

    جنوبی کوریا بچوں کی پرورش کے لحاظ سے دنیا کا مہنگا ترین ملک ہے۔

    بیجنگ میں قائم پاپولیشن ریسرچ انسٹی ٹیوٹ کی سالانہ رپورٹ کے مطابق جنوبی کوریا 18 سال کی عمر تک کے بچے کی پرورش کے لحاظ سے دنیا کا سب سے مہنگا ملک ہے،  اس وجہ سے ملک میں خواتین میں بارآوری کی گرتی ہوئی شرح اور آبادی کے بحران کی اہم وجہ قرار دیا جا رہا ہے۔

    تحقیقی رپورٹ کے مطابق جنوبی کوریا کو بچوں کی پرورش کے لحاظ سے مہنگے ترین ملکوں کی فہرست میں سرفہرست رکھا ہے جہاں ایک بچے پر خرچ مجموعی طور پر گھریلو پیداوار (جی ڈی پی) 7.79 گنا ہے،  جو تقریباً دو لاکھ 71 ہزار 957 ڈالر ہوتا ہے۔

    اس رپورٹ کے مطابق جنوبی کوریا کے بعد دوسرے نمبر پر چین ہے، جہاں بچے کی پرورش کی لاگت فی کس جی ڈی پی کا 6.9 گنا ہے،

    ایک طرف جہاں بچوں کی پرورش پر اخراجات میں اضافہ ہو رہا ہے وہیں دنیا کی دسویں سب سے بڑی معیشت میں بچوں کی پیدائش کی تعداد کم ہو رہی ہے۔

     مارچ میں جاری کردہ اعداد و شمار سے پتہ چلتا ہے کہ جنوبی کوریا میں خواتین میں بارآوری کی شرح 0.78 ہے یعنی ہر 100خواتین میں سے صرف 78 خواتین نے اپنی زندگی میں صرف ایک بچہ پیدا کیا ہے۔

    یہ دنیا میں بارآوری کی سب سے کم شرح ہے اور سن 2000 کے مقابلے میں اس میں 1.48فیصد کی گراوٹ آئی ہے 1980 میں جنوبی کوریا میں بارآوری کی شرح 2.82 فیصد جب کہ 1960میں 5.95 تھی۔

     ماہرین کا کہنا ہے کہ اس طرح کے ممالک کو امیگریشن کا سہارا لیے بغیر اگر آبادی کو مستحکم رکھنا ہے تو بارآوری کی شرح کو 2.1 تک پہنچانے کی ضرورت ہے۔

  • پاکستانی معیشت کے لئے اچھی خبر، قرضوں میں بڑا ریلیف مل گیا

    پاکستانی معیشت کے لئے اچھی خبر، قرضوں میں بڑا ریلیف مل گیا

    اسلام آباد : جنوبی کوریا نے پاکستان کا 19.91 ملین ڈالر کا قرضہ موخر کر دیا، جس کے تحت جنوبی کوریا کو ادائیگی چھ سال کی مدت میں کی جائے گی۔

    تفصیلات کے مطابق وزارت اقتصادی امور کی جانب سے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ حکومت کو قرضوں میں جنوبی کوریا سے ریلیف مل گیا۔

    اعلامیے میں بتایا گیا کہ قرض معطلی اقدام کے تحت1 کروڑ 91 لاکھ ڈالر سے زائد قرض کی ادائیگی مؤخر کردی گئی ہے، جنوبی کوریا کو ادائیگی چھ سال کی مدت میں کی جائے گی۔

    وزارت اقتصادی امور کا کہنا تھا کہ جی 20 قرض معطلی اقدام کے معاہدے پر دستخط کر دیئے گئے ہیں، رقم کی ادائیگی جولائی اور دسمبر 2021 کے درمیان ہونا تھی۔

    اعلامیے کے مطابق پاکستان 21 دوطرفہ قرض دہندگان سے 104 معاہدے کرچکا ہے اور 3 ارب 65 لاکھ 30 ہزار ڈالر قرض ادائیگی میں ریلیف حاصل کرچکا ہے۔

  • چڑیا گھر سے فرار زیبرا کا گلیوں میں مٹر گشت، دلچسپ ویڈیو

    چڑیا گھر سے فرار زیبرا کا گلیوں میں مٹر گشت، دلچسپ ویڈیو

    جنوبی کوریا کے دارالحکومت سیئول میں اس وقت دلچسپ صورتحال پیدا ہوگئی جب ایک زیبرا چڑیا گھر سے بھاگ نکلا اور قریبی علاقے کی سڑکوں اور گلیوں میں گشت کرنے لگا۔

    سیئول چلڈرنز گرینڈ پارک زو کی انتظامیہ کے مطابق دو سالہ زیبرا اپنے احاطے کی لکڑی کی باڑھ توڑ کر بھاگا، جس کے بعد وہ قریبی سڑکوں پر مٹ گشت کرنے لگا۔

    سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیوز میں دیکھا جاسکتا ہے کہ زیبرا نہایت مصروف سڑک پر گاڑیوں کے درمیان دوڑ رہا ہے، اسے دیکھ کر ڈرائیورز نے اپنی گاڑیاں روک دیں اور دلچسپی سے اس کی بھاگ دوڑ دیکھنے لگے۔

    اس کے بعد زیبرا ایک رہائشی علاقے میں جا نکلا اور اس کی تنگ گلیوں میں گھومنے لگا، اس دوران وہ کچرے کے ڈبوں میں کھانے پینے کی اشیا بھی تلاش کرتا رہا۔

    چڑیا گھر کی انتظامیہ، پولیس اور فائر بریگیڈ کے ساتھ 3 گھنٹے تک اسے پکڑنے کے لیے سرگرداں رہی اور بالآخر ایک تنگ گلی میں زیبرے کو گھیر کر پکڑا گیا، اسے بے ہوشی کا انجکشن فائر کر کے بے ہوش کیا گیا اور پھر چڑیا گھر منتقل کیا گیا۔

    انتظامیہ کا کہنا ہے کہ زیبرا کو ڈاکٹر کی زیر نگرانی رکھا گیا اور فی الحال وہ محفوظ اور صحت مند ہے، چند گھنٹے نگرانی میں رکھنے کے بعد اسے واپس اس کے احاطے میں چھوڑ دیا جائے گا۔

  • دنیا کا سب سے انوکھا کھیل، جس میں بال دکھائی نہیں دے گی

    دنیا کا سب سے انوکھا کھیل، جس میں بال دکھائی نہیں دے گی

    دنیا بھر میں ٹیکنالوجی کے شعبے میں نت نئے تجربات جاری ہیں، حال ہی میں ماہرین نے ایسا کھیل تیار کیا ہے جو ایٹم پر مشتمل ہے۔

    جنوبی کوریا کے سائنسدانوں نے ایٹم (مادے کا سب سے چھوٹا جزو) پر مبنی دنیا کا سب سے چھوٹا بال گیم بنا لیا ہے۔

    ماہرین نے آپٹیکل ٹریپ نامی ایک ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے ایٹمز کو ہوا میں گیندوں کی طرح حرکت دی، آپٹیکل ٹریپس (جس کو آپٹیکل ٹوئیزر کے طور پر بھی جانا جاتا ہے) ایک ایسی تکنیک ہوتی ہے جس میں روشنی کا استعمال کرتے ہوئے اشیا کو ہلایا جاتا ہے۔

    سائنس دانوں کے مطابق اس گیم میں ایٹم پھینکنے اور پکڑنے والے آلات کے سبب ایٹم ایک جال سے دوسرے میں باآسانی حرکت کرتے ہیں۔

    کوریا ایڈوانسڈ انسٹی ٹیوٹ آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی میں ڈپارٹمنٹ آف فزکس کے ایک پروفیسر جائیووک آہن کا کہنا تھا کہ یہ پہلی بار ہوا ہے کہ ایٹم ایک سرے سے نکل کر دوسرے سرے تک پہنچا۔

    پروفیسر آہن کا کہنا تھا کہ دو آپٹیکل ٹریپس کے درمیان ایٹم بال کل ایسے ہی سفر کرتا ہے جیسے بیس بال کے گیم میں پچر اور کیچر کے درمیان بال سفر کرتی ہے۔ پروفیسر آہن اور ان کے ساتھیوں نے اس گیم کے لیے تقریباً منفی 273 ڈگری سیلسیس پر ٹھنڈے کیے گئے روبیڈیم (ایک الکلائن دھات) ایٹم کا استعمال کیا۔

    ان ٹریپس کو ایٹم پھینکنے کے لیے آن اور آف کیا گیا اور پکڑنے کے لیے دوبارہ آن کیا گیا، ایک سرے سے دوسرے سرے تک ایٹمز نے 65 سینٹی میٹر فی سیکنڈ کی رفتار سے 4.2 مائیکرو میٹرز کا فاصلہ طے کیا۔