Tag: جنوبی کوریا

  • کم جونگ اُن زندہ اور صحت مند ہیں: جنوبی کوریا

    کم جونگ اُن زندہ اور صحت مند ہیں: جنوبی کوریا

    سیئول: شمالی کوریا کے سربراہ کم جونگ اُن کی زندگی اور صحت سے متعلق جنوبی کوریا کی ایک اہم سرکاری شخصیت نے کہا ہے کہ کم جونگ زندہ اور صحت مند ہیں۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق جنوبی کوریا کی خارجہ پالیسی کے مشیر چونگ اِن مون نے بیان دیا ہے کہ ان کی حکومت کو اس بات پر پکا یقین ہے کہ ڈکٹیٹر کم جونگ اُن مرے نہیں ہیں۔

    انھوں نے میڈیا کو بتایا کہ کم جونگ 13 اپریل سے ملک کے وانسن ایریا میں رہایش پذیر ہیں، اس دوران کوئی مشکوک سرگرمی دیکھنے میں نہیں آئی۔

    واضح رہے کہ چین اور جاپانی میڈیا کے رپورٹرز شمالی کوریا کے ڈکٹیٹر کم جونگ اُن کی زندگی سے متعلق مختلف دعوے کر رہے ہیں، چینی جرنلسٹ نے دعویٰ کیا ہے کہ کم جونگ مر چکے ہیں جب کہ ایک جاپانی رپورٹ کہتی ہے کہ وہ کوما میں ہیں۔

    ہانگ کانگ سیٹلائٹ ٹیلی وژن کی نائب ڈائریکٹر شیجیان شنگزو (ایک چینی وزیر خارجہ کی بھتیجی) نے دعویٰ کیا ہے کہ انھیں ایک ‘نہایت مضبوط ذریعے’ نے بتایا ہے کہ 36 سالہ نارتھ کورین ڈکٹیٹر مر چکے ہیں۔ اس کے برعکس جاپانی میڈیا ادارہ دعویٰ کر رہا ہے کہ کِم رواں مہینے کے آغاز میں دل کا آپریشن کرنے کے بعد کوما میں جا چکے ہیں۔

    کِم رواں مہینے کے آغاز میں دل کا آپریشن کرنے کے بعد کوما میں جا چکے ہیں: جاپانی میڈیا کا دعویٰ

    شمالی کوریا کی سرکاری میڈیا کے مطابق کِم 11 اپریل کے بعد عوام میں کہیں نہیں دیکھے گئے ہیں، دو ہفتے قبل انھوں نے صاحب اقتدار ورکرز پارٹی کمیٹی کے پالیسی سازوں کی میٹنگ کی صدارت کی تھی۔

    اب چونگ اِن مون کے بیان نے شمالی کوریا کے سربراہ کی زندگی سے متعلق حیران کن دعوؤں پر ٹھنڈا پانی پھیر دیا ہے۔ نیویارک ٹائمز نے شمالی کوریا چھوڑنے والے ایک ڈفیکٹر جرنلسٹ جُو سونگ ہا کی فیس بک پوسٹ رپورٹ کی ہے جس میں انھوں نے کہا کہ یہ تو سمجھ میں آتا ہے کہ کم کی صحت ٹھیک نہیں، تاہم ان رپورٹس پر ذرا بھی اعتبار نہیں جو ان کی میڈیکل ایمرجنسی سے متعلق ہیں، کیوں کہ کم فیملی کی صحت دیگر رازوں میں سے ایک راز ہے۔

    شمالی کوریا چھوڑنے والے (ڈفیکٹر) ایک سابقہ سفارت کار تھائے یونگ ہو نے بھی کہا ہے کہ اس بات پر یقین کرنا بہت مشکل ہے کہ کم کے کسی قریبی ساتھی نے انفارمیشن لیک کی ہو۔ انھوں نے مزید کہا کہ جب وہ ملک کے اندر تھے تو اس وقت سابقہ سربراہ کم جون اِل کی موت سے متعلق بھی کسی کو خبر نہیں تھی، اور پھر ایک دن سب کو آڈیٹوریم میں جمع کیا گیا اور اعلان کرنے والا سیاہ لباس پہن کر آیا۔

    اگر شمالی کوریا کے سربراہ کم جونگ اُن کا انتقال ہوتا ہے تو اس صورت میں کون ان کی جگہ لے گا، اس سلسلے میں حکومت کی جانب سے کبھی کچھ نہیں بتایا گیا، تاہم تجزیہ نگاروں کا خیال ہے کہ ان کی بہن کم یو جونگ موجودہ سربراہ کے بچوں کے بڑے ہونے تک اقتدار سنبھالیں گی۔

  • جدید ٹیکنالوجی کا استعمال : کرونا کے مریض اب اپنے عزیزوں سے مل سکیں گے

    جدید ٹیکنالوجی کا استعمال : کرونا کے مریض اب اپنے عزیزوں سے مل سکیں گے

    سوئل: اسپتال عملے کو کروناوائرس سے بچانے کے لیے جنوبی کوریا کا اہم اقدام سامنے آگیا۔

    غیرملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق جنوبی کوریا کے دارالحکومت سوئل میں قائم اسپتال میں ٹیکنالوجی کی مدد سے "فون بوتھ” سسٹم متعارف کرایا گیا ہے جو کروناوائرس سے بچنے کے لیے معاون ثابت ہوگا۔

    رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اس فون بوتھ کے ذریعے اسپتال عملہ کروناوائرس سے محفوظ رہے گا۔ آئیسولیشن وارڈ میں نصب فون بوتھ کے ذریعے ڈاکٹرز یا ماہرین مریضوں سے بات کرسکیں گے اور چھونے کے لیے خاص قسم کے دستانے بھی نصب ہیں۔

    حالیہ دنوں ایسی خبریں منظر عام پر آئی تھیں جس میں کہا گیا تھا کہ کروناوائرس مریض سے ڈاکٹر میں منتقل ہوا اور دنوں ہی ہلاک ہوگئے۔ اسی خدشات کے پیش نظر مذکورہ حکمت عملی تیار کی گئی۔

    نئے سسٹم اور فوتھ کے ذریعے اسپتال کا عملہ مریضوں سے باآسانی خریت دریافت کرسکتا ہے اور ساتھ ہی ضروری ہدایات بھی جاری کرسکتا ہے۔ ممکنہ طور پر یہ سسٹم دیگر اسپتالوں میں بھی نصب کیا جائے گا۔

    خیال رہے کہ جنوبی کوریا میں گزشتہ روز 74 کیسز رپورٹ ہوئے جس کے بعد ملک میں کروناوائرس کے مریضوں کی مجموعی تعداد 8236 ہوچکی ہے۔

  • کرونا وائرس کا خوف، جنوبی کوریا نے کرنسی نوٹ جلا دیے

    کرونا وائرس کا خوف، جنوبی کوریا نے کرنسی نوٹ جلا دیے

    سیئول: جنوبی کوریا میں کرونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے لیے انوکھا قدم اٹھایا گیا ہے، کرنسی نوٹوں کو بھی قرنطینہ میں رکھ دیا گیا جب کہ بہت سارے نوٹ جلا دیے گئے۔

    تفصیلات کے مطابق جنوبی کوریا میں کرونا وائرس سے بچاؤ کے لیے حفاظتی اقدامات کے تحت تمام بینک کرنسی نوٹوں کو 2 ہفتے کے لیے قرنطینہ میں رکھ رہے ہیں تاکہ اس پر کرونا وائرس کے تمام اثرات ختم ہو جائیں۔

    عالمی ادارہ صحت نے خدشے کا اظہار کیا تھا کہ وائرس کرنسی نوٹوں کے ذریعے بھی لوگوں میں منتقل ہو سکتا ہے، جس کے بعد جنوبی کوریا میں گندے اور پھٹے ہوئے نوٹ جمع کیے جانے لگے ہیں، جب کہ بڑی تعداد میں نوٹوں کو جلایا بھی گیا۔

    کرونا وائرس کے خوف سے جنوبی کوریا میں کرنسی نوٹ بھی قرنطینہ میں ڈال دیے گئے

    برطانیہ کی خاتون ہیلتھ منسٹر بھی کرونا وائرس کا شکار ہو گئیں

    بینک آف کوریا کے مطابق کرنسی نوٹوں کو زیادہ درجہ حرارت میں صاف کر کے جاری کیے جائیں گے، جس کے لیے نوٹوں کو دو ہفتوں کے لیے قرنطینہ میں رکھا جائے گا۔

    خیال رہے کہ جنوبی کوریا میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں 242 نئے کیسز سامنے آنے کے بعد کرونا وائرس کے ٹوٹل کیس 7,755 ہو گئے ہیں، جب کہ ایک نئی موت کے ساتھ مجموعی اموات 61 ہو چکی ہیں۔

    دوسری طرف یہ نیا اور مہلک وائرس COVID 19 بہت تیزی سے دنیا میں پھیلتا جا رہا ہے، اب تک 120 ممالک اور علاقوں کو اپنی لپیٹ میں لے چکا ہے، اور متاثرہ افراد کی تعداد 119,389 ہو چکی ہے جب کہ وائرس سے اب تک 4,300 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ دوسری طرف 66,584 افراد اس موذی وائرس سے صحت یاب بھی ہو چکے ہیں۔

  • کرونا وائرس: اموات کی تعداد 2236 ہو گئی، 207 قیدیوں میں بھی وائرس کی تصدیق

    کرونا وائرس: اموات کی تعداد 2236 ہو گئی، 207 قیدیوں میں بھی وائرس کی تصدیق

    بیجنگ: چین میں مہلک ترین کرونا وائرس سے اموات کی تعداد 2236 ہو گئی، چینی حکام کا کہنا ہے کہ وائرس کے متاثرین کی تعداد میں کمی آ رہی ہے تاہم متاثرہ افراد کی ہلاکتوں کا سلسلہ نہیں روکا جا سکا۔

    غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق کرونا وائرس سے روز سو سے زائد افراد ہلاک ہو رہے ہیں، چین کے مشرقی علاقے کی جیل میں بھی 207 قیدیوں میں کرونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے، جب کہ گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں چین میں 889 نئے کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں، اور مجموعی کیسز کی تعداد 75 ہزار سے بڑھ گئی ہے۔

    ادھر جنوبی کوریا میں بھی 156 افراد کرونا وائرس سے متاثر ہو گئے ہیں۔ یہ چین کے بعد دوسرا ملک ہے جہاں سب سے زیادہ کیسز کی تصدیق کی گئی ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ ان میں سے 39 افراد وہ ہیں جن کا تعلق شنچیانجی چرچ سے ہے، معلوم ہوا ہے کہ 61 سالہ ایک خاتون نے گزشتہ دو اتواروں کو چرچ کی سروس میں شرکت کی تھی، وائرس ممکنہ طور پر ان ہی خاتون سے پھیلا۔

    کرونا وائرس سے متاثرہ جہاز ڈائمنڈ پرنسز کے 2 مسافر ہلاک

    جاپان میں 94 کیسز سامنے آ چکے ہیں، جب کہ ٹوکیو کے قریب لنگر انداز بحری جہاز ڈائمنڈ پرنسز پر 600 سے زائد افراد میں وائرس کی تصدیق کی گئی۔

    چین میں ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن کی مدد سے کرونا وائرس کے علاج کے لیے 2 ادویہ کی آزمایشی جانچ شروع کر دی گئی ہے، ان ادویہ کے نتائج 3 ہفتوں میں سامنے آئیں گے، ان ادویہ میں ایک تجرباتی اینٹی وائرل دوا remdesivir ہے جسے ابھی تک لائسنس بھی نہیں دیا گیا، یہ دوا کانگو میں ایبولا وائرس کے خلاف آزمائی گئی تھی لیکن زیادہ مؤثر ثابت نہیں ہوئی تھی لیکن جب یہی دوا کرونا وائرس سے متاثرہ واشنگٹن سے تعلق رکھنے والے پہلے امریکی مریض کو دی گئی تو وہ صحت یاب ہو گیا۔

    دوسری دوا 2 ایچ آئی وی ادویہ ritonavir اور lopinavir کا مرکب ہے جس کی آزمایش کی جا رہی ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ کوئی بھی دوا کارگر ہوئی تو کرونا وائرس سے ہونے والی اموات میں تیزی سے کمی آنے لگے گی۔ فی الوقت وائرس کے شکار افراد میں 5 فی صد کی حالت تشویش ناک ہے جب کہ 2.3 فی صد اموات کی شرح ہے۔

  • خوشحال زندگی کےلیے خوشگوار موت کی مشق، کیا آپ بھی کریں گے؟

    خوشحال زندگی کےلیے خوشگوار موت کی مشق، کیا آپ بھی کریں گے؟

    دنیا میں کون ایسا شخص ہوگا جو خوشحال زندگی نہ گزارنا چاہتا ہو لیکن جنوبی کوریا کے لوگ بہتر زندگی کےلیے خوشگوار موت کی مشق کررہے ہیں۔

    جی ہاں جنوبی کوریا میں لوگ خوش و خرم زندگی گزارنے کےلیے موت کے لمحات کو خوشگوار انداز میں محسوس کرنے کی کوشش کرتے ہیں اور اسے انہوں نے خوشگوار موت کا نام دیا ہے۔

    جنوبی کوریا میں موت کی مشق کےلیے سنیہ 2012 سے مختلف مراکز کام کررہے ہیں جہاں ہر سال لاکھوں افراد خوشگوار موت کو گزارنے آتے ہیں۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق ریہرسل میں شرکت کرنے والے تمام افراد پہلے آخری لمحات کی یادگار تصویر بنواتے ہیں پھر اپنے ہاتھ سے وصیت لکھتے ہیں اور پھر تابوت میں لیٹ کر اپنے موت کو محسوس کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔

    واضح رہے کہ جنوبی کوریا میں خودکشی کی شرح پوری دنیا میں سب سے زیادہ ہے جہاں ہر سال تقریباً 11 ہزار افراد خودکشی کرتے ہیں جو کل آبادی کا 20.2 فیصد بنتا ہے اس کےلیے مختلف مراکز موت کی ریہرسل کرواتے ہیں تاکہ خودکشی کی شرح کو کم کیا جاسکے۔

    یہ مراکز چلانے والے افراد اور نفسیاتی ماہرین کہتے ہیں کہ جب کوئی شخص اپنی زندگی ہی میں موت کے تجربے سے گزرتا ہے تو اسے احساس ہوتا ہے کہ زندگی کتنی قیمتی ہے۔

  • کام سے بچنے کے لیے مرنے کی اداکاری کرنے والا گھوڑا

    کام سے بچنے کے لیے مرنے کی اداکاری کرنے والا گھوڑا

    سیئول: سوشل میڈیا پر ایک ایسے سست اور کام چور گھوڑے کی ویڈیو وائرل ہو رہی ہے جو کام سے بچنے کے لیے اپنے مالک کے سامنے مرنے کی ایکٹنگ کرتا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق جنوبی کوریا میں ایک ایسا گھوڑا ہے جو کام سے بچنے کے لیے مالک کے سامنے ایسے اداکاری کرتا ہے کہ جیسے یہ مرگیا ہو۔ دیکھنے والے اس کو دیکھ کر پریشان ہوجاتے ہیں کہ شاید یہ گھوڑا حقیقت میں مرگیا ہے لیکن کچھ دیر بعد ہی وہ اٹھ کھڑا ہوتا ہے۔

    جنگانک نامی گھوڑا سست اور کام چور ہے اور اسے بالکل پسند نہیں کہ کوئی اس پر سوار ہو۔ سوشل میڈیا پر اس گھوڑے کو بہترین اداکار کہا جا رہا ہے۔

    سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ جب بھی کوئی اس گھوڑے پر سوار ہونے کی کوشش کرتا ہے وہ خود سے زمین پر گر جاتا ہے اور اپنی آنکھیں ایسے بند کرتا ہے جیسے مرگیا ہو۔

    واضح رہے کہ دو ہفتے قبل اپ لوڈ ہونے والی اس ویڈیو کو اب تک 23 ملین سے زائد لوگ دیکھ چکے ہیں اور جنگانک نامی گھوڑے کو شاندار اداکاری پر آسکر ایوارڈ کا اہل قرار دے رہے ہیں۔

  • جنوبی کوریا کے گلوکار اور یوٹیوب اسٹار نے اسلام قبول کرلیا

    جنوبی کوریا کے گلوکار اور یوٹیوب اسٹار نے اسلام قبول کرلیا

    سیئول: کوریا کے سابق گلوکار اور معروف یوٹیوب اسٹار جے کم نے اسلام قبول کرنے کا باقاعدہ اعلان کردیا۔

    غیرملکی ادارے کی رپورٹ کے مطابق یوٹیوبر نے گزشتہ برس اعلان کیا تھا کہ انہوں نے اسلام کا مطالعہ کرنا شروع کردیا جس کے بعد انہوں نے کوریا کے مسلمانوں کے ساتھ نہ صرف عید منائی بلکہ اسلام میں موسیقی حرام قرار دیے جانے کے حوالے سے ویڈیو بھی بنائی۔

    ایک ہفتے قبل جے کم نے ویڈیو شیئر کی جس میں وہ سیئول کی مسجد میں موجود تھے اس موقع پر انہوں کلمہ پڑھ کر شہادت دی اور دائرہ اسلام میں داخل ہونے کا باقاعدہ اعلان کیا۔

    عیسائی مذہب کو چھوڑ کر اسلام قبول کرنے کے بعد جے کم نے اپنا نام تبدیل کر کے داؤد کم رکھ لیا۔ انہوں نے ایک اور ویڈیو شیئر کی جس میں وہ اپنی والدہ کو اسلام قبول کرنے کے حوالے سے نہ صرف آگاہ کررہے تھے بلکہ انہیں قائل کرنے کی بھی کوشش کرتے نظر آئے۔

    کم کا کہنا تھا کہ انہوں نے اب تک کی زندگی میں خوف اور خوشیاں دونوں ہی دیکھیں۔ ’’اب وقت آگیا کہ میں سچے دل کے ساتھ دائرہ اسلام میں داخل ہوجاؤں کیونکہ شرعی تعلیمات کا مطالعہ کرنے کے بعد اسلام مجھے سچا مذہب معلوم ہوا‘‘۔

    اسلام قبول کرنے پر اُن کے مداح حیران ہیں مگر کم نے وضاحت پیش کی کہ وہ اپنی والدہ اور مداحوں کو اُسی طرح پیار کریں گے جیسے کرتے تھے کیونکہ اسلام میں محبت کی تعلیمات دی گئی ہیں۔ انہوں نے اپنی والدہ کے ساتھ بنائی جانے والی ویڈیو میں ماں کو یقین دہانی کرائی کہ آپ کو گھبرانے کی ضرورت نہیں، میں انشاء اللہ اسی طرح کام کرتا رہوں گا۔

    یاد رہے کہ جے کم کے یوٹیوب پر ساڑھے پانچ لاکھ سے زیادہ سبسکرائبرز ہیں جبکہ اُن کی مختلف ویڈیو دو لاکھ سے زائد بار دیکھی جاچکی ہیں، فیس بک اور انسٹاگرام پر بھی اُن کے اکاؤنٹس تصدیق شدہ ہیں جہاں ہزاروں کی تعداد میں لوگ انہیں فالو کررہے ہیں۔

    انہوں نے گزشتہ دنوں اپنی ویڈیو میں صارفین کو بتایا تھا کہ جنوبی کوریا میں اسلام تیزی کے ساتھ پھیل رہا ہے اور یہاں موسیقی، حلال حرام کھانوں پر اب کھل کر گفتگو ہوتی ہے جس کا مطالب کورین بھی اسلام کی طرف آنا چاہتے ہیں۔

  • گوادر پورٹ کو ریل سے یورپین ریل نیٹ ورک سے ملانے کے لیے کام کر رہے ہیں: شیخ رشید

    گوادر پورٹ کو ریل سے یورپین ریل نیٹ ورک سے ملانے کے لیے کام کر رہے ہیں: شیخ رشید

    سیول: وفاقی وزیر برائے ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ گوادر پورٹ کو ریل سے یورپین ریل نیٹ ورک سے ملانے کے لیے کام کر رہے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق شیخ رشید جنوبی کوریا کے دورے پر ہیں، جہاں انھوں نے اپنے اعزاز میں پاکستانی کمیونٹی کی جانب سے دیے گئے عشائیے سے خطاب کیا۔

    شیخ رشید نے کہا کہ سی پیک میں پاکستان ریلوے کے متعدد منصوبے شامل ہیں، ریلوے ٹریکس اور سگنلز کی اپ گریڈیشن اولین ترجیح ہے، کراچی تا پشاور ٹریک کو 5 سال میں ہائی اسپیڈ میں تبدیل کیا جائے گا۔

    انھوں نے کہا کہ کورین سرمایہ کار اور تاجر پاکستان میں سرمایہ کاری کریں، ریلوے سمیت تمام شعبوں میں سرمایہ کاری کے لیے ماحول ساز گار ہے، دنیا بھر سے سرمایہ کار پاکستان کا رخ کر رہے ہیں۔

    یہ بھی پڑھیں:  شیخ رشید کی کورین وزیر ریلوے کو سرمایہ کاری اور شراکت داری کی دعوت

    وفاقی وزیر نے کہا کہ وزیر اعظم نے جرأت اور بے باکی سے مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کیا، دنیا مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم پر کھل کر بات کر رہی ہے، پہلی بار لندن میں احتجاجی مارچ ہوا۔

    شیخ رشید نے کہا کہ او آئی سی اور یورپی پارلیمنٹ جیسے پلیٹ فارمز پر کشمیر کا زیر بحث آنا وزیر اعظم کے بیانیے کی جیت ہے، کشمیر پاکستان اور پاکستانیوں کی شہ رگ ہے، پاکستان کشمیر کے لیے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کرے گا، مسئلہ کشمیر حل کے قریب پہنچ چکا ہے۔

    وفاقی وزیر نے پورے یقین کے ساتھ کہا کہ مسئلہ کشمیر یو این قراردادوں اور کشمیریوں کی امنگوں کے مطابق حل ہوگا۔

  • وزیرخارجہ کا جنوبی کورین اورسعودی ہم منصب سے ٹیلی فونک رابطہ

    وزیرخارجہ کا جنوبی کورین اورسعودی ہم منصب سے ٹیلی فونک رابطہ

    اسلام آباد: وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے سعودی اور جنوبی کوریا کے وزرائے خارجہ کو ٹیلیفون کرکے مقبوضہ کشمیر کی صورت حال سے متعلق آگاہ کیا۔

    تفصیلات کے مطابق شاہ محمود قریشی نے مقبوضہ کشمیر کی صورت حال کے حوالے سے اپنے سعودی اور جنوبی کورین ہم منصب سے فون پر رابطہ کیا ہے۔

    شاہ محمود قریشی نے سعودی وزیر خارجہ عادل الجبیر اور جنوبی کوریا کی وزیرخارجہ کانگ کیونگ وہا کو مقبوضہ کشمیر میں بھارتی یکطرفہ اقدامات سے خطے میں امن کو درپیش خطرات سے آگاہ کیا۔

    وزیرخارجہ نے کہا کہ مقبوضہ کشمیرکے شہری بدترین کرفیوکا سامنا کر رہے ہیں، بھارتی فوج گھروں میں گھس کرلوگوں کواغوا کر رہی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیرمیں ذرائع مواصلات پرمکمل پابندی عائد کر دی ہے، مقبوضہ وادی میں اشیائے خوردونوش، ادویات کی شدید قلت ہے۔

    شاہ محمود قریشی نے کہا کہ بھارتی جارحیت روکنے کے لیے عالمی برادری کو اپنا مؤثر کردار ادا کرنا ہو گا، بھارتی یکطرفہ اقدامات عالمی قوانین اور یواین کی قراردادوں کے منافی ہیں۔

    سعودی عرب اور جنوبی کوریا کے وزرائے خارجہ نے خطے میں قیام امن کے لیے روابط کا سلسلہ جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔

    عمران خان اور سعودی ولی عہد کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ

    یاد رہے کہ تین روز قبل وزیراعظم عمران خان اور سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا تھا، اس دوران کشمیر کی تازہ صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا تھا۔

  • شمالی کوریا کا جنوبی کوریا کے ساتھ امن مذاکرات جاری رکھنے سے انکار

    شمالی کوریا کا جنوبی کوریا کے ساتھ امن مذاکرات جاری رکھنے سے انکار

    پیانگ یانگ: شمالی کوریا نے جنوبی کوریا کے ساتھ امن مذاکرات جاری رکھنے سے انکار کردیا۔

    غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق شمالی کوریا نے جنوبی کوریا کے صدر مون جے اُن پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کے اقدامات کی وجہ سے ہم جنوبی کوریا کے ساتھ مذاکرات جاری نہیں رکھ سکتے ہیں۔

    شمالی کوریا نے جنوبی کوریا اور امریکا کے درمیان ہونے والی مشترکہ فوجی مشقوں کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے انہیں جنگ کی ریہرسل قرار دیا۔

    جنوبی کورین صدر نے جاپان سے آزادی حاصل کرنے سے متعلق تقریب میں کہا تھا کہ 2045 تک جزیرہ نما کوریا ایک ہوجائے گا۔

    مزید پڑھیں: شمالی کوریا کا 2 بیلسٹک میزائلوں کا تجربہ

    صدر مون جے اُن کا کہنا تھا کہ جزیرہ نما کوریا کو جوہری ہتھیاروں سے پاک کرنے کا مقصد حاصل کرنا سب سے مشکل مرحلہ تھا کیونکہ شمالی اور جنوبی کوریا کے درمیان مذاکرات ڈیڈ لاک کا شکار تھے۔

    ان کا کہنا تھا کہ ایک ایسا کوریا ہمارا منتظر ہے جو مشرقی ایشیا اور دنیا میں خوشحالی اور امن لائے گا۔

    واضح رہے کہ چند روز قبل شمالی کوریا نے 2 میزائلوں کا تجربہ کیا تھا، ان میزائلوں کے تجربے سے شمالی کوریا ے جوہری ہتھیاروں اور بیلسٹک میزائل پروگرام کے مستقبل کے حوالے سے شمالی کوریا اور امریکا کے درمیان ہونے والے مذاکرات پیچیدگی کا شکار ہوگئے ہیں۔

    یاد رہے کہ جنگ عظیم دوئم کے خاتمے پر کوریا دو ٹکڑوں میں تقسیم ہوگیا تھا۔