Tag: جنوبی کیرولائنا

  • امریکا میں دوبارہ آگ بھڑک اُٹھی، ایمرجنسی نافذ

    امریکا میں دوبارہ آگ بھڑک اُٹھی، ایمرجنسی نافذ

    امریکا کی ریاست لاس اینجلس میں خوفناک آگ نے تباہی مچانے کے بعد اب جنوبی کیرولائنا کا رخ کرلیا ہے۔

    غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق ریسکیو اداروں کو شمالی اور جنوبی کیرولائنا میں خشک حالات اور تیز ہواؤں کے درمیان جنگل کی آگ پر قابو پانے میں مشکلات پیش آرہی ہیں، جبکہ رہائشی نقل مکانی پر مجبور ہوگئے ہیں۔

    رپورٹس کے مطابق نیشنل ویدر سروس نے کم نمی کے باعث خطے میں آگ کے بڑھتے ہوئے خطرے سے خبردار کردیا ہے۔

    غیر ملکی میڈیا کا کہنا ہے کہ جنوبی کیرولائنا میں خوفناک آگ نے 6.6 مربع میل (17 مربع کلومیٹر) کے پورے علاقہ کو جلا کر راکھ کر دیا ہے۔ گورنر ہنری میک ماسٹر نے گزشتہ روز آگ سے نمٹنے کی کوششوں میں مدد کے لیے ہنگامی حالت کا اعلان کر دیا اور ریاست بھر میں آگ جلانے پر پابندی عائد کردی ہے۔

    ہوری کاؤنٹی فائر ریسکیو کے مطابق، عملے نے ساحلی تفریحی شہر مرٹل بیچ کے مغرب میں کیرولینا جنگل کے علاقے میں آگ پر قابو پانے میں پیش رفت کی ہے، جہاں کے رہائشیوں کو کہا گیا ہے کہ وہ علاقہ خالی کردیں۔

    سامنے آنے والی ویڈیوز میں دیکھا جاسکتا ہے کہ کچھ لوگ سڑک پر بھاگ رہے ہیں، مگر گزشتہ روز فائر ڈپارٹمنٹ نے اعلان کیا کہ کیرولینا فارسٹ سے نکالے گئے افراد گھروں کو لوٹ سکتے ہیں۔

    جنگ بندی کے پہلے مرحلے میں توسیع نہیں ہوگی، حماس نے واضح کردیا

    واضح رہے کہ امریکا کی ریاست کیلی فورنیا میں لگنے والی آگ نے بڑے پیمانے پر تباہی مچائی تھی،جس کے سبب شوبز انڈسٹری سے جڑی اہم شخصیات کے گھر بھی راکھ کا ڈھیر بن گئے تھے، جبکہ بڑے پیمانے پر لوگوں کو نقل مکانی کرنا پڑی تھی۔

  • ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک اور ریاست میں ریپبلکن پرائمری الیکشن جیت لیا

    ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک اور ریاست میں ریپبلکن پرائمری الیکشن جیت لیا

    واشنگٹن: ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک اور ریاست جنوبی کیرولائنا میں بھی ریپبلکن پرائمری الیکشن جیت لیا۔

    امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق سابق امریکی صدر ٹرمپ نے جنوبی کیرولائنا میں بھی ریپبلکن پرائمری الیکشن میں کامیابھی حاصل کر لی ہے، ٹرمپ نے وکٹری پارٹی سے خطاب میں کہا ’’میں بائیڈن کو الیکشن میں شکست دینے کے لیے تیار ہوں۔‘‘

    ٹرمپ نے اب تک 2024 کے تمام پارٹی نامزدگی کے مقابلے جیت لیے ہیں، اپنی فتح کا جشن مناتے ہوئے ٹرمپ نے کہا کہ انھوں نے کبھی بھی ریپبلکن پارٹی کو اتنا متحد نہیں دیکھا جتنا کہ یہ ابھی ہے۔

    دوسری طرف گورنر نکی ہیلی اپنی ہی ریاست میں ٹرمپ کے ہاتھوں شکست کے باوجود صدارتی نامزدگی کی دوڑ میں شامل ہیں، سینیٹر لنزے گراہم نے ان سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ پارٹی کی مضبوطی کے لیے دست برداری کا اعلان کر دیں۔

    ہیلی نے مقابلہ جاری رکھنے کا عزم کیا ہے، اگرچہ ان کے آگے بڑھنے کا راستہ واضح نہیں ہے، تاہم جنوبی کیرولائنا کی اس سابق گورنر نے ہفتے کی رات اصرار کیا کہ وہ دوڑ میں رہیں گی، انھوں نے کہا ’’مجھے یقین نہیں ہے کہ ٹرمپ نومبر میں صدر جو بائیڈن کو شکست دے دیں گے۔‘‘ ہیلی نے کہا جن ریاستوں میں پرائمری الیکشن نہیں ہوئے وہاں کے ووٹرز کو ’رئیل چوائس‘ دینا ان کی ذمہ داری ہے۔

    واضح رہے کہ سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ ریپبلکن صدارتی نامزدگی کے دوڑ میں بدستور سرفہرست ہیں۔

  • طوفان ایان نے فلوریڈا اور جنوبی کیرولائنا میں تباہی مچا دی، 66 افراد ہلاک

    طوفان ایان نے فلوریڈا اور جنوبی کیرولائنا میں تباہی مچا دی، 66 افراد ہلاک

    فلوریڈا: طوفان ایان نے ریاست فلوریڈا اور جنوبی کیرولائنا میں تباہی مچا دی، مختلف حادثات کے دوران ہلاکتوں کی تعداد 66 ہو گئی، جب کہ مختلف علاقوں میں ایمرجنسی نافذ ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سمندری طوفان ایان کے باعث امریکی ریاستوں جنوبی کیرولائنا اور فلوریڈا کے مختلف علاقوں میں نظام زندگی مفلوج ہو چکا ہے، ہزاروں افراد بے گھر ہو چکے ہیں، اور لاکھوں افراد بجلی سے محروم ہیں۔

    فلوریڈا میں ہر طرف پانی ہی پانی ہے، ریسکیو کا کام بھی جاری ہے، لوگوں کو ہیلی کاپٹر کے ذریعے نکالا جا رہا ہے۔ ہفتے تک، صرف فلوریڈا کے جنوب مغربی ساحل کے ساتھ سیلاب زدہ علاقوں سے ایک ہزار سے زیادہ لوگوں کو بچایا گیا۔

    تباہی اور کاروبار بند ہونے سے امریکی معیشت کو اربوں ڈالر کا نقصان ہوا، جس کا ابتدائی تخمینہ 40 ارب ڈالر لگایا گیا ہے، امریکی صدر جو بائیڈن کل سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کریں گے۔

    فلوریڈا کے درجنوں باشندے ہفتے کے روز کشتیوں اور ہوائی جہاز کے ذریعے اپنے سیلاب زدہ اور بکھرے ہوئے گھروں کو چھوڑ کر چلے گئے، جب کہ ریسکیو ٹیمیں زندہ بچ جانے والوں کی تلاش جاری رکھے ہوئے ہیں۔

    جنوبی کیرولائنا اور شمالی کیرولائنا میں حکام نے طوفان کے نقصانات کا جائزہ لینا شروع کر دیا ہے۔

    طوفان ایان ہفتے کے روز کمزور پڑ گیا ہے، جب یہ بحر اوقیانوس کے وسط میں داخل ہوا تھا، تاہم ساحلوں پر طوفان نے بڑا نقصان پہنچایا، بڑی کشتیاں ساحل پر عمارتوں میں گھس گئیں اور گھروں کی چھتیں اکھڑ گئیں۔

    فلوریڈا میں تصدیق شدہ زیادہ تر اموات طوفانی پانی میں ڈوبنے سے ہوئیں، دیگر ایان کے المناک اثرات سے ہلاک ہوئے، حکام نے بتایا کہ ایک بوڑھے جوڑے کی موت اس وقت ہوئی جب وہ بجلی سے محروم ہو گئے اور ان کی آکسیجن مشینیں بند ہو گئیں۔

  • سمندری طوفان ایک اور امریکی ریاست سے ٹکرا گیا، سیکڑوں گھر تباہ

    سمندری طوفان ایک اور امریکی ریاست سے ٹکرا گیا، سیکڑوں گھر تباہ

    جنوبی کیرولائنا: سمندری طوفان ایان امریکی ریاست جنوبی کیرولائنا سے ٹکرا گیا، جس سے ریاست میں سیکڑوں گھر تباہ ہو گئے۔

    امریکی میڈیا کے مطابق سمندری طوفان ایان کیوبا اور فلوریڈا میں تباہی مچانے کے بعد ریاست جنوبی کیرولائنا سے بھی ٹکرا گیا ہے، سمندری طوفان کے باعث سی این این کے مطابق مختلف حادثات میں ہلاکتوں کی تعداد 45 ہو گئی ہے۔

    ایان نے جمعہ کو کیٹگری 1 کے سمندری طوفان کے طور پر جارج ٹاؤن، جنوبی کیرولائنا کے قریب لینڈ فال کیا، دو دن قبل یہ سمندری طوفان فلوریڈا کے جنوب مغربی ساحل سے کیٹیگری 4 کے ہریکن کے طور پر ٹکرایا تھا۔

    ایان اب ایک پوسٹ ٹراپیکل سائیکلون ہے جو شمالی کیرولائنا اور ورجینیا میں داخل ہو گیا ہے، بی بی سی کے مطابق سمندری طوفان کی قوت میں کمی آ گئی ہے، تاہم خطرہ ٹلا نہیں ہے، فلوریڈا سمیت پورے خطے میں کئی دنوں تک سیلاب جاری رہنے کا امکان ہے۔

    سمندری طوفان کی زد میں آنے والے بوڑھے امریکی کی ویڈیو وائرل

    اس سمندری طوفان سے کئی علاقوں میں سیکڑوں گھر تباہ ہو چکے ہیں، سیلابی ریلے کئی گاڑیوں کو بہا لے گئے، سڑکیں، پُل اور ریلوے لائنز ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہو چکی ہیں۔

    درخت جڑوں سے اکھڑ گئے، مواصلات کا نظام بھی درہم برہم ہو گیا ہے، 25 لاکھ افراد بجلی سے محروم ہیں۔ طوفان کے جنوبی کیرولائنا سے ٹکرانے کے بعد سے ساحلی علاقوں میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کا سلسلہ جاری ہے۔

  • کھانا تیار نہ پا کر خاتون نے شیشے کی پیالی سے شوہر کا سر پھاڑ دیا

    کھانا تیار نہ پا کر خاتون نے شیشے کی پیالی سے شوہر کا سر پھاڑ دیا

    جنوبی کیرولائنا: امریکا میں میریٹل بیچ پر ایک خاتون نے نیند سے جاگنے کے بعد رات کا کھانا تیار نہ پا کر شیشے کی پیالی سے شوہر کا سر پھاڑ دیا۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی ریاست جنوبی کیرولائنا میں میریٹل ساحل پر پولیس کو ڈومیسٹک وائلنس کے ایک کیس کی اطلاع ملی، نارتھ اوک اسٹریٹ پر ایک خاتون نے شوہر کا سر شیشے کا کپ مار کر اس لیے پھاڑ دیا تھا کہ اس نے وقت پر کھانا تیار نہیں کیا۔

    متاثرہ شخص نے پولیس کو بتایا کہ اسٹیسی روز زلایا شف نامی خاتون سو رہی تھی، اور جب وہ جاگی تو یہ دیکھ کر غصے سے پاگل ہو گئی کہ ڈنر ابھی تک تیار نہیں ہوا تھا۔

    پولیس رپورٹ کے مطابق زلایا شف نے ڈنر تیار نہ دیکھ کر چیخنا چلانا شروع کر دیا، اور شوہر کے منہ پر تھپڑ بھی مارے، جس پر وہ دور جانے لگا تو خاتون نے پیچھے سے شیشے کی پیالی اس کے سر پر دے مار ی۔

    پولیس کا کہنا تھا کہ انھوں نے اس کے سر کے پچھلے حصے میں زخم دیکھا جس سے خون رس رہا تھا اور اس کی گردن اور شرٹ پر ٹوٹے کپ کے چھوٹے ٹکڑے بھی چپکے ہوئے تھے۔ زلایا شف نے متاثرہ شخص کا سیل فون بھی چھین کر فرش پر پھینک کر توڑ دیا تھا۔

    متاثرہ شخص کا کہنا تھا کہ موبائل فون ٹوٹنے کی وجہ سے جب وہ پولیس اسٹیشن کی طرف چلنے لگا تو راستہ بھٹک گیا، اس لیے دیر سے کیس رپورٹ کیا، جب پولیس جائے وقوعے پر پہنچی تو دروازہ زلایا شف ہی نے کھولا اور وہ اس وقت نشے میں تھی۔

    رپورٹ کے مطابق خاتون نے واقعے کے بارے میں انجان بننے کی کوشش کی تاہم پولیس نے اسے تھرڈ ڈگری گھریلو تشدد کے کیس میں گرفتار کر کے جیل بھیج دیا۔