Tag: جنوری 2021

  • جنوری 2021:  براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری میں کمی

    جنوری 2021: براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری میں کمی

    کراچی: اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے کہا ہے کہ رواں سال جنوری میں براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری میں کمی آئی۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق اسٹیٹ بینک سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ جنوری 2020 کے مقابلے میں جنوری 2021 میں غیر ملکی سرمایہ کاری میں 12 فی صد کمی آئی ہے۔

    اسٹیٹ بینک اعلامیے کے مطابق جنوری 2021 میں براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری 19 کروڑ 27 لاکھ ڈالر رہی، رواں مالی سال میں چین نے سب سے زیادہ 40 کروڑ 30 لاکھ ڈالر بیرونی سرمایہ کاری کی۔

    رواں مالی سال میں پاور سیکٹر میں 47 کروڑ 60 لاکھ ڈالر کی سرمایہ کاری ہوئی، تیل و گیس کی تلاش میں 13 کروڑ 70 لاکھ ڈالر کی سرمایہ کاری آئی۔

    اسٹیٹ بینک کا کہنا ہے کہ رواں مالی سال میں براہ راست بیرونی سرمایہ کاری میں بھی کمی آئی ہے، جو کہ 27 فی صد ہے، رواں مالی سال براہ راست بیرونی سرمایہ کاری ایک ارب 14 کروڑ ڈالر رہی۔

    اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ رواں مالی سال اسٹاک مارکیٹ سے 23 کروڑ 40 لاکھ ڈالر نکالے گئے، جب کہ ٹی بلز، بانڈز مارکیٹ سے 15 کروڑ 40 لاکھ ڈالر کا انخلا ہوا۔

  • سعودی عرب میں پیٹرول کے نئے نرخوں کا اعلان

    سعودی عرب میں پیٹرول کے نئے نرخوں کا اعلان

    ریاض: سعودی عرب میں رواں ماہ کے لیے پیٹرول کے نئے نرخوں کا اعلان کردیا گیا، پیٹرول کی قیمت میں رواں ماہ اضافہ کیا گیا ہے۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق آرامکو نے اتوار کی شب جنوری کے لیے پٹرول کے نئے نرخ جاری کیے ہیں، دسمبر کے مقابلے میں نرحوں میں اضافہ کیا گیا ہے۔ پیٹرول کی نئی قیمتوں کا اطلاق پیر 11 جنوری سے ہوگا۔

    جنوری کے لیے 91 پیٹرول کی فی لیٹر قیمت 1 ریال 62 ہللہ ہوگی، 95 پیٹرول کی فی لیٹر قیمت 1 ریال 75 ہللہ مقرر کی گئی ہے۔

    ڈیزل اور کیروسین آئل کے نرخوں میں تبدیلی نہیں ہوئی جو 52 ہللہ اور 70 ہللہ فی لیٹر کے حساب سے فروخت کیے جاتے ہیں۔

    خیال رہے کہ دسمبر کے لیے 91 پیٹرول کی فی لیٹر قیمت 1 ریال 44 ہللہ تھی، 95 پیٹرول فی لیٹر ایک ریال 55 ہللہ فروخت کیا جا رہا تھا۔

    سعودی آرامکو کی جانب سے ہر ماہ کی 10 تاریخ کو پیٹرول کے نئے نرخوں کا اعلان کیا جاتا ہے جن کا نفاذ اگلے دن سے ہوتا ہے۔

  • یکم جنوری سے بین الاقوامی پروزاوں کے لیے نیا سفری ہدایت نامہ جاری

    یکم جنوری سے بین الاقوامی پروزاوں کے لیے نیا سفری ہدایت نامہ جاری

    کراچی: کرونا وائرس کی تازہ اور خطرناک لہر کے پیش نظر سول ایوی ایشن اتھارٹی نے بین الاقوامی پروازوں کے لیے نیا سفری ہدایت نامہ جاری کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق سی اے اے کی جانب سے جاری کردہ نئی ایس او پیز کا اطلاق یکم جنوری سے 31 مارچ 2021 تک کے لیے ہوگا، یہ ہدایت نامہ کیٹیگری بی اور سی ممالک کی پروازوں کے مسافروں کے لیے جاری کیا گیا ہے۔

    ڈائریکٹر ایئر ٹرانسپورٹ کے نوٹیفکیشن کے مطابق کیٹیگری بی اور سی ممالک کے مسافروں کو سفر سے 96 گھنٹے قبل کی کرونا نیگیٹو ٹیسٹ رپورٹ پیش کرنا ہوگی، بغیر متعلقہ ایئر لائنز پر بغیر رپورٹ مسافر کو ٹکٹ اور بورڈنگ کارڈ جاری کرنے پر پابندی عائد کی گئی ہے۔

    نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ کیٹیگری اے میں شامل 24 ممالک کے مسافر کرونا ٹیسٹ رپورٹ پیش کرنے سے مستثنیٰ ہوں گے، کیٹیگری سی ممالک کے مسافروں کو پاکستان آمد پر ایک اور ٹیسٹ کرنا لازمی ہوگا، پاکستان آمد پر پاس ٹریک اپلیکیشن پر سفری معلومات اپ لوڈ کرنا بھی لازمی قرار دیا گیا ہے۔

    نوٹیفکیشن کے مطابق اسمارٹ فونز کے بغیر مسافروں کو متعلقہ ویب پورٹل پر معلومات فراہم کرنا ہوں گی، 12 گھنٹے سے کم قیام کرنے والے مسافروں کو ٹیسٹ اور پاس ٹریک پر معلومات فراہمی سے مستشنٰی حاصل ہوگا، معذور مسافر، اعلیٰ سطع بین الاقوامی وفود بھی مستشنیٰ قرار دیے گئے ہیں۔

    پاکستان آنے والے تمام مسافر اور فضائی عملے کے لیے ہیلتھ ڈیکلریشن فارم پُر کرنا لازمی ہوگا، طیاروں پر پی پی ای انوینٹری، گلوز، ماسک، چشمے، این 95 ماسک کی موجودگی بھی لازمی ہوگی، پرواز کے دوران تمام وقت مسافروں کو ماسک پہننا لازم ہوگا، مختص نشست کی تبدیلی بھی ممنوع قرار دی گئی ہے۔

    ایئر پورٹ آمد پر طبی عملہ مسافروں کا بخار چیک کرے گا اور ٹیسٹ رپورٹ سمیت دیگر شرائط کے بعد جانے کی اجازت دے گا، ایئر پورٹ پر مسافروں کو چھوڑنے اور لینے والوں کو آنے کی اجازت نہیں ہوگی۔