Tag: جنون

  • ٹک ٹاک ویڈیو بنانے کا جنون ایک اور جان لے گیا

    ٹک ٹاک ویڈیو بنانے کا جنون ایک اور جان لے گیا

    خطرناک ٹک ٹاک ویڈیو بنانے کا جنون ایک اور جان لے گیا اچانک گولی چلنے سے نوجوان سگے بھائی کے ہاتھوں ہی ہلاک ہو گیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ پنجاب کے علاقے قاسم پورہ میں پیش آیا، جہاں خطرناک ٹک ٹاک ویڈیوز بنانے کے جنون میں ایک نوجوان اپنی جان گنوا بیٹھا۔

    رپورٹ کے مطابق غالب مارکیٹ قاسم پورہ کے رہائشی دو بھائی عبدالرحمان اور عبدالمنان پستول کے ساتھ ٹک ٹاک ویڈیو بنا رہے تھے کہ اچانک گولی چل گئی جو سیدھی عبدالرحمان کو سینہ چیر گئی۔

    شدید زخمی نوجوان کو تشویشناک حالت میں سروسز اسپتال منتقل کیا گیا تاہم وہ جانبر نہ ہوسکا۔

    ایس پی ماڈل ٹاؤن اخلاق اللہ تارڑ کے مطابق ویڈیو بنانے کے دوران پستول سے گولی چلنے کے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کر لیے ہیں۔

    واضح رہے کہ نوجوانوں میں خطرناک سیلفی اور ویڈیوز بنانے کا جنون اب تک کئی افراد کی جان لے چکا ہے۔

    گزشتہ سال کوہاٹ میں ٹک ٹاک ویڈیو بناتے ہوئے دو کمسن بھائی جاں بحق ہوگئے تھے۔ اس واقعے میں گولی لگنے سے ایک بھائی کی ہلاکت ہوئی تو مارے خوف کے دوسرے بھائی نے خود کو گولی مار کر ختم کر لیا تھا۔

  • بتا!تیری رضا کیا ہے، جنون کی 13 سال بعد واپسی

    بتا!تیری رضا کیا ہے، جنون کی 13 سال بعد واپسی

    جنون بینڈ نے ایک بار پھراپنا مشہورِ زمانہ گیت ’بتا! تیری رضا کیا ہے، ریلیز کردیا ہے، گانے کی ویڈیو میں سلمان احمد، علی عظمت اور برائن او کونل13 سال کے وقفے کے بعد اکھٹے دکھائی دیے۔

    تفصیلات کے مطابق جشنِ آزادی کے موقع پر جنون بینڈ نے اپنے مداحوں کو یومِ آزادی کا تحفہ دیتے ہوئے اپنے گیت ’بتا! تیری رضا کیا ہے‘ کی نئی ویڈیو سوشل میڈیا پر لانچ کردی ہے۔

    جنون جنون نامی یہ بینڈ ماضی میں کروڑوں دلوں کی دھڑکن رہا ہے اور اپنے مخصوص صوفی راک اسٹائل کے سبب برصغیر پاک و ہند میں یکساں مقبول رہا، ماضی کے نوجوان اس بینڈ کے دیوانے تھے اور اس کے سنگر علی عظمت، گٹارسٹ سلمان احمد اور امریکی نژاد برائن او کونل ان نوجوانوں کے ہیرو تھے۔

    جنون

    آج سے لگ بھگ 25 سال قبل جنون – دی بینڈ کے قیام عمل میں آیا تھا اور اپنے مخصوص صوفی راک اسٹائل کے سبب یہ بینڈ دیکھتے ہی دیکھتے بر صغیر کے کروڑوں دلوں کی دھڑکن بن گیا تھا ۔ 20 سال قبل انہوں نے اپنا شہر ہ آفاق البم ’آزادی‘ پیش کیا جس کے بعد جنون واقعی موسیقی کے مداحوں کا جنون بن گیا تھا۔

    جنون

    کروڑوں دلوں کی دھڑکن بنے اس بینڈ کے گٹارسٹ سلمان احمد اور گلوکار علی عظمت کے درمیان اختلافات کے سبب عوام میں دیوانگی کی حد تک مقبول یہ بینڈ13 سال قبل بکھر گیا تھا ۔ اس کے بعد سے موسیقی کے شائقین صوفی راک میوزک سننے کو ترس ہی گئے تھے ۔ گزشتہ سال بینڈ کے گٹارسٹ سلمان احمد نے اشارے دینا شروع کیے کہ وہ ایک بار پھر بینڈ کو یکجا کرنے کے لیے کوشاں ہیں۔

    اس مقصد کے لیے انہوں نے مختلف ٹی وی انٹرویوز میں بھی اپنی اس خواہش کا اظہار کیا اور سوشل میڈیا کا سہارا لیتے ہوئے اپنے گروپ کی ماضی کی تصاویر شیئر کرنا شروع کی تو عوام کی جانب سے بینڈ کے دوبارہ متحد ہونے کا مطالبہ زور پکڑ گیا۔

    جنون

    گزشتہ برس کوک اسٹوڈیو نے اس بینڈ کے سب سے مقبول گانے ’سیونی‘ کو اپنے سیزن کے لیے ریکارڈ کیا تو اس میں سلمان احمد تو گٹاربجاتے دکھائی دیے تاہم علی عظمت کی جگہ راحت علی خان اور علی نور اس مشہور زمانہ گانے کو گارہے تھے ۔ اس ویڈیو کے ریلیز ہوتے ہی سوشل میڈیا پر گویا ایک کہرام مچ گیا ، ہر کسی نے ’ جنون بینڈ کی ماضی کی ویڈیو شیئر کرکے مطالبہ کیا کہ یہ گانا صرف علی عظمت اور سلمان احمد کے لیے ہی بنا ہے۔

    جنون

    بینڈ کی اس مقبولیت اور عوامی اصرار کو مدنظر رکھتے ہوئے علی عظمت ، سلمان احمد اور برائن ایک بار پھر اپنے آپس کے اختلافات بھلا کر یکجا ہوئے ہیں اور نوجوانوں کے دل کی دھڑکن یہ بینڈ  ایک بار پھر ان کے دلوں کو گرما رہا ہے۔

  • جنید جمشید پر بننے والی فلم ’خواب‘ بھارت میں بلاک

    جنید جمشید پر بننے والی فلم ’خواب‘ بھارت میں بلاک

    معروف موسیقار اور گلوکار سلمان احمد نے طیارہ حادثے میں شہید جنید جمشید کے ساتھ گزارے گئے لمحات پر مبنی شارٹ فلم ’خواب‘ جاری کردی۔ فلم کو بھارت میں یوٹیوب پر بلاک کردیا گیا۔

    سلمان احمد کی جانب سے جاری کی جانے والی فلم میں ان کے جنید جمشید کے ساتھ گزارے گئے لمحات کو دکھایا گیا ہے۔

    فلم میں مختلف ویڈیوز اور تصاویر کو یکجا کیا گیا ہے جن میں جنید جمشید کا گلوکاری کا کیریئر جب انہوں نے دنیا بھر میں پرفارم کیا، ان کی مختلف شخصیات سے ملاقاتیں، اور سلمان احمد اور دیگر دوستوں کے ساتھ خوبصورت لمحات قید کیے گئے۔

    واضح رہے کہ سابق گلوکار اور معروف نعت خواں و سماجی کارکن جنید جمشید 7 دسمبر کو حویلیاں کے نزدیک ہونے والے فضائی حادثے میں شہید ہوگئے تھے۔

    فلم ’خواب‘ کے جاری ہوتے ہی بھارت میں یوٹیوب پر اس کے لنک کو بلاک کردیا گیا جس کی شکایت سلمان احمد کے بھارتی مداحوں نے ٹوئٹر پر کی۔

    اے آر وائی نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے سلمان احمد کا کہنا تھا کہ ہوسکتا ہے بھارت میں اسے اس لیے بلاک کیا گیا ہو کیونکہ یہ فلم پاکستان کے ثقافتی ورثے کو ظاہر کرتی ہے۔

    یاد رہے کہ کچھ عرصہ قبل سلمان احمد لائن آف کنٹرول پر ہونے والی بھارتی جارحیت کے خلاف احتجاجاً بھارت میں اپنا کنسرٹ منسوخ کرچکے ہیں۔

    سلمان احمد کا کہنا تھا کہ ایسا نہیں ہوسکتا کہ ایک طرف تو بھارت معصوم پاکستانیوں کو اپنے جنگی جنون کا نشانہ بنائے اور دوسری طرف وہ وہاں جا کر گانے گائیں۔ وہ ایسی منافقت میں حصہ نہیں لے سکتے۔

  • جنون کے 25 سال اور پاکستانی ثقافت کو خراج تحسین

    جنون کے 25 سال اور پاکستانی ثقافت کو خراج تحسین

    نوے کی دہائی کے مشہور موسیقار گروپ جنون کے 25 سال مکمل ہونے پر گلوکار سلمان احمد نے ایک گانا ’دور‘ جاری کرنے جارہے ہیں۔

    اے آر وائی نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے سلمان احمد نے بتایا کہ یہ گانا انہوں نے بلوچستان میں شوٹ کیا اور اس کا مقصد پاکستان، خصوصاً بلوچستان کی خوبصورتی کو پیش کرنا ہے۔

    انہوں نے بتایا کہ گانے میں بلوچستان کے پہاڑ، دریا اور میدان دکھائے گئے ہیں۔ سلمان احمد نے اس بات کی نفی کی کہ بلوچستان میں کسی قسم کے سیکیورٹی خطرات ہیں، ’ہم فنکاروں کو وہاں کسی قسم کا کوئی مسئلہ پیش نہیں آیا تو عام افراد کو کیسے آسکتا ہے‘۔

    door-6

    گانے میں معروف کرکٹر وسیم اکرم اور ان کی اہلیہ شنائرا اکرم بھی شامل ہیں جن کا مقصد پاکستانی ثقافت کے تنوع کو پیش کرنا ہے۔ ’شنائرا ایک غیر ملکی ہیں لیکن وہ کافی عرصے سے پاکستان میں رہ رہی ہیں اور پاکستانی ثقافت نے انہیں، اور انہوں نے پاکستانی ثقافت کو کھلے دل سے قبول کیا ہے‘۔

    سلمان احمد کا کہنا تھا کہ یہ گانا دسمبر میں ’جنون‘ کی 25 ویں سالگرہ کے موقع پر پیش کیا جائے گا اور اس کا مقصد پاکستانی ثقافت، پاکستانی خواتین، اور پاکستان کے قدرتی حسن کو خراج تحسین پیش کرنا ہے۔

    door-9

    door-7

    وسیم اکرم نے اے آر وائی نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ان کا اور شنائرا کا میوزک ویڈیو میں کام کرنے کا تجربہ بہت شاندار رہا۔

    انہوں نے کہا کہ بلوچستان جا کر انہیں بہت مزہ آیا اور انہیں صحیح معنوں میں احساس ہوا کہ ان کا ملک نہایت خوبصورت ہے۔

    door-8

    وسیم اکرم نے بتایا کہ شنائرا میں اداکاری کی خداداد صلاحیت موجود ہے اور انہوں نے میوزک ویڈیو میں بھی شاندار اداکاری کا مظاہرہ کیا۔ انہیں دیکھ کر کہیں سے بھی نہیں لگ رہا کہ یہ ان کا اداکاری کا پہلا تجربہ تھا۔

    اس سے قبل جنون کی 25 ویں سالگرہ منانے کا پروگرام بھارت میں رکھا گیا تھا تاہم بھارت کی جانب سے لائن آف کنٹرول کی سنگین خلاف ورزی اور 9 افراد کی شہادت کے بعد سلمان احمد نے احتجاجاً بھارت نہ جانے کا اعلان کیا۔

    انہوں نے بھارت میں ایک پروگرام میں اپنی شرکت بھی منسوخ کردی تھی جبکہ اس بات کا بھی اعلان کیا تھا کہ جب تک بھارت میں مودی کی حکومت ہے وہ بھارت نہیں جائیں گے۔