Tag: جنگل

  • جنگل کی سیر کرتے ہوئے کروڑوں کا خزانہ مل گیا!

    جنگل کی سیر کرتے ہوئے کروڑوں کا خزانہ مل گیا!

    کیسا ہو اگر آپ چند دوستوں کے ساتھ کہیں سیر کے لیے جائیں اور وہاں کروڑوں کا خزانہ مل جائے یہ افسانہ نہیں بلکہ حقیقی واقعہ ہے۔

    چھپر پھاڑ کے مل جانے کی مثال تو آپ میں سے اکثر نے سنی ہوگی، یہ صادق آئی چند سیر وتفریح کے دلدادہ 2 دوستوں پر جو گئے تو سیر کے لیے تھے، لیکن گھومتے پھرتے ان کے ہاتھ کروڑوں کا خزانہ لگ گیا۔

    یہ واقعہ چیک ری پبلک کا ہے جہاں پہاڑی جنگل میں سیر کرتے ہوئے دو دوستوں کو اچانک ایک خزانہ مل گیا جس کی مالیت لگ بھگ ساڑھے تین لاکھ امریکی ڈالر (لگ بھگ 97 کروڑ پاکستانی روپے) بتائی جاتی ہے۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق ان دوستوں کو گھومنے پھرنے کے دوران پوڈکرکونوشی کے پہاڑوں کے کنارے جنگل سے جو خزانہ ہاتھ آیا۔ اس میں 598 سونے کے سکے، زیورات، تمباکو کے تھیلے شامل تھے۔
    مذکورہ دوستوں نے اس خزانے کی اطلاع علاقائی آثار قدیمہ کو دی جس کے بعد مشرقی بوھیمیا کے میوزیم نے خزانے کو اپنی تحویل میں لے لیا ہے۔

    میوزیم کے مطابق یہ سکے غالباً سنہ 1808 یا پھر 19 ویں صدی کے اوائل کے ہیں اور اندازہ ہے کہ انہیں سنہ1921 کے بعد زمین میں دفن کیا گیا ہوگا۔ ان میں فرانس، بیلجیئم، سلطنت عثمانیہ اور سابقہ آسٹریا و ہنگری کی کرنسیاں شامل ہیں۔

    میوزیم کے ڈائریکٹر کا کہنا ہے کہ ’یہ کہنا مشکل ہے کہ آیا یہ خزانہ کسی چیک شہری کا ہے جو سنہ 1938 میں نازی حملے کے بعد ملک چھوڑنے پر مجبور ہوا، یا کسی جرمن کا جس نے 1945 کے بعد بے دخلی کے خوف سے سونا چھپا دیا۔ یہ بھی ممکن ہے کہ یہ کسی پرانی دکان سے چوری کیا گیا مال ہو، لیکن ہم اس مفروضے کو کمزور سمجھتے ہیں۔‘

    قانون کے مطابق خزانے کو تلاش کرنے والے خوش نصیب ہائیکرز کو اس خزانے کا تقریباً 10 فیصد بطور انعام دیا جائے گا۔

  • ویڈیو: امریکا کے جنگل میں خوفناک آتشزدگی، ہزاروں افراد کو انخلا کا حکم

    ویڈیو: امریکا کے جنگل میں خوفناک آتشزدگی، ہزاروں افراد کو انخلا کا حکم

    امریکی ریاست کیلیفورنیا کے جنگل میں لگنے والی آگ تیزی سے پھیل رہی ہے اور حکام نے ہزاروں افراد کو انخلا کا حکم دے دیا ہے۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق امریکی ریاست کیلیفورنیا کے جنگل میں گزشتہ روز لگنے والی آگ تیزی سے پھیل رہی ہے اور اب تک 4 ہزار ایکڑ (16 مربع کلومیٹر سے زائد) رقبہ کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے،

    رپورٹ کے مطابق اس آگ نے قریبی شہر ملیبو کے درجنوں مکانات کو بھی خاکستر کر دیا ہے جس کے بعد متعلقہ حکام نے وہاں کے رہائشی 6 ہزار سے زائد افراد کو انخلا کے احکامات جاری کر دیے ہیں۔

    آتشزدگی کے باعث پیپرڈائن یونیورسٹی کو بھی خطرات لاحق ہوگئے ہیں اور ہوسٹل کے طلبہ کو بھی گھر جانے کی ہدایت کردی گئی ہے۔

     

    بتایا جا رہا ہے کہ 1500 سے زائد فائر فائٹرز آگ بجھانے میں مصروف ہیں تاہم جنگل میں آتشزدگی کی وجہ تاحال معلوم نہیں ہو سکی ہے۔

    واضح رہے کہ رواں سال جولائی میں بھی کیلیفورنیا کے جنگلات میں آگ لگی تھی جس نے ساڑھے تین لاکھ ایکڑ سے زائد رقبے کو خاکستر کر دیا تھا۔

    اس آگ کو امریکا کی تاریخ کی جنگلات میں لگنے والی سب سے بڑی آگ قرار دیا گیا تھا۔

  • جنگل کے بیچوں بیچ پڑے پراسرار سبز صندوق میں کیا ہے کوئی نہیں جانتا!

    جنگل کے بیچوں بیچ پڑے پراسرار سبز صندوق میں کیا ہے کوئی نہیں جانتا!

    آسٹریلیا کے شہر نیو ساؤتھ ویلز کے گھنے جنگل میں پراسرار قسم کا سبز صندوق دیکھا گیا ہے جبکہ اس مقفل باکس کے بارے میں کوئی نہیں جانتا۔

    گزشتہ دنوں سوشل میڈیا پلیٹ فارم ریڈڈٹ پر ایک تصویر شیئر کی گئی تھی، جس میں کہا گیا تھا کہ یہ صندوق سڈنی کے مغرب میں ایک میل سے بھی کم فاصلے پر واقع قصبہ کٹومبا کے قریب ایک پگڈنڈی کے نیچے پایا گیا ہے۔

    یہ صندوق بلیو ماؤنٹینز نیشنل پارک کی جیمیسن ویلی میں ہائیکنگ پگڈنڈی کے گھنے درختوں کے اندر ایک درخت سے جکڑا ہوا ملا تھا۔

    اس صندوق کے سامنے والے حصے میں کچھ سوراخ بھی موجود ہیں۔ ایک روپی نامی صارف نے اس باکس کے بارے میں تجسس کا اظہار کرتے ہوئے تھریڈ پر لکھ کہ ’یہ باکس کیا ہے؟‘

    ریڈڈٹ پر موجود صارفین نے بھی اس پراسرار صندوق کے اندر موجود چیزوں کے حوالے سے مختلف خیالات کا اظہار کیا ہے۔

    ایک شخص نے کہا کہ ’اندر ایک بلی ہے، وہ زندہ یا مردہ ہو سکتی ہے،‘ ایک صارف نے جواب دیا کہ، اگر اندر بلی موجود ہے تو وہ کافی بے بس ہوگی اسے زندہ اور مردہ دونوں سمجھا جا سکتا ہے۔

    زیادہ تر لوگوں کا خیال تھا کہ باکس میں کوئی دفینہ ہو سکتا ہے جسے کسی شخص نے برسوں قبل چھپایا ہو گا۔ تاہم باکس میں کیا چیز موجود ہے یہ اب تک واضح نہیں ہوسکا ہے۔

  • وائرل ویڈیو: بھینس اور دو شیروں کی دل دہلا دینے والی لڑائی میں کون جیتا؟

    وائرل ویڈیو: بھینس اور دو شیروں کی دل دہلا دینے والی لڑائی میں کون جیتا؟

    سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہوئی ہے جس میں ایک بھینس کو دو شیروں کے چنگل سے خود کو آزاد کرانے کی سرتوڑ کوشش کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔

    شیر جنگل کا بادشاہ ضرور ہوگا لیکن اگر بھینس بھی ہمت دکھائے تو خود کو ایک نہیں دو شیروں کے نرغے سے بھی بچا سکتی ہے، یہ ویڈیو اس کی گواہ ہے۔

    اس لڑائی کی ویڈیو سیاحوں نے اپنے موبائل فونز سے بنائی ہے، جو ایک سفاری گاڑی میں سوار تھے اور اس جنگ کو بہت قریب سے دیکھ رہے تھے۔ یہ ویڈیو پلیٹ فارم X (سابقہ ٹویٹر) پر عالم الحیوان نامی صارف نے شیئر کی، جس میں بھینس زندگی اورموت کی کشمکش میں گرفتار نظر آتی ہے۔

    ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک شیر نے بھینس کی دم اپنے دانتوں میں پکڑ رکھی ہے اور دوسرے شیر نے بھینس کو گردن سے قابو کر رکھا ہے، جب کہ بھینس مسلسل خود کو چھڑانے کی جدوجہد کر رہی ہے۔

    اپنے سینگوں اور اور مضبوط لاتوں کے ذریعے آخرکار بھینس سے خود کو دونوں شیروں کے چنگل سے آزاد کرا لیا، بھاگتے ہوئے بھینس کو سفاری گاڑی کو بھی ٹکر مارتے دیکھا جا سکتا ہے۔

  • سعودی عرب: نایاب ہرن کی حفاظت کے لیے اہم اقدام

    سعودی عرب: نایاب ہرن کی حفاظت کے لیے اہم اقدام

    ریاض: سعودی عرب میں نایاب نسل کے 40 ہرن پروٹیکٹڈ ایریا میں چھوڑے گئے ہیں، اس نایاب ہرن کی نسل کو معدومی کا خدشہ ہے۔

    اردو نیوز کے مطابق سعودی عرب میں امام عبد العزیز بن محمد رائل ریزرو ڈیولپمنٹ اتھارٹی نے منگل کو 30 ریم نسل کے ہرن اور 10 الوضیحی نسل کے ہرن شاہ خالد محفوظ قومی جنگل میں چھوڑے ہیں۔

    اتھارٹی اور قومی مرکز، محفوظ قومی جنگل میں انواع و اقسام کے جانوروں کی افزائش اور ماحولیاتی توازن کی بحالی کے پروگرام مل کر چلا رہے ہیں۔

    اتھارٹی کے ایگزیکٹیو چیئرمین ڈاکٹر طلال بن عبداللہ الحریقی کا کہنا ہے کہ اتھارٹی نے ایسے جانور جنگل میں چھوڑے ہیں جن کی نسل ختم ہوتی جارہی ہے، اتھارٹی یہ کام قومی مرکز برائے افزائش جنگلی حیاتیات کے تعاون سے کر رہی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ سعودی عرب نے ملک کے مختلف علاقوں میں جنگلی حیاتیات کی افزائش کے لیے متعدد مرکز قائم کیے ہیں۔

    اتھارٹی کے مطابق یہ نایاب نسل کی افزائش پر کام کرنے والے ماہر بین الاقوامی مراکز میں اپنی حیثیت منوائے ہوئے ہے، سعودی مراکز اعلیٰ ترین بین الاقوامی معیار کے مطابق کام کر رہے ہیں۔

    قومی مرکز برائے افزائش جنگلی حیاتیات کے ایگزیکٹو چیئرمین ڈاکٹر محمد علی قربان کا کہنا ہے کہ سعودی وژن 2030 کے اہداف حاصل کرنے کے لیے ماحولیاتی توازن پروگرام نافذ کیا جارہا ہے، جنگلی حیاتیات کے قومی جنگلوں کے تعاون سے نایاب نسل والے جانوروں اور قومی پودوں کی بحالی کا کام بھی کیا جارہا ہے۔

  • ایمازون کے جنگل میں 31 روز لاپتہ رہنے والے شخص پر کیا گزری؟

    ایمازون کے جنگل میں 31 روز لاپتہ رہنے والے شخص پر کیا گزری؟

    دنیا کا گھنا ترین اور سب سے بڑا جنگل ایمازون جنگلی حیات کی سینکڑوں اقسام اور بے شمار اسرار اپنے اندر رکھتا ہے، یہاں کوئی کھو جائے تو اس کے لیے راستہ تلاش کرنا اور باہر نکلنا تقریباً ناممکن ہوجاتا ہے جبکہ اسے ڈھونڈنے والے بھی سرگرداں رہتے ہیں۔

    لیکن ایسے ہی خوش قسمت بولیوین شہری کو بالآخر تلاش کر لیا گیا جو ایمازون کے جنگلات میں 31 روز تک لاپتہ رہا۔

    30 سالہ جوناتھن دوستوں کے ہمراہ شمالی بولیویا کے ایمازون جنگلات میں شکار کے لیے گئے تھے جب وہ دوستوں سے جدا ہو کر جنگل میں لاپتہ ہو گئے۔

    اس کے بعد ان کے دوستوں نے مقامی لوگوں اور پولیس کی مدد سے اپنے لاپتہ دوست کی تلاش کا کام شروع کیا اور بالآخر 31 روز کی مسلسل کوششوں کے بعد انہیں تلاش کر لیا گیا۔

    مقامی ٹی وی سے بات کرتے ہوئے جوناتھن کا کہنا تھا کہ میں بیان بھی نہیں کر سکتا کہ ان 31 دنوں کے دوران زندہ رہنے کے لیے کتنے جتن کرنے پڑے، زندہ رہنے کے لیے اپنے جوتوں میں بارش کا پانی جمع کر کے پیتا تھا اور جنگل کے کیڑے کھانے پر مجبور ہو گیا تھا۔

    انہوں نے بتایا کہ لاپتہ ہونے کے بعد میرے پاس شاٹ گن کا صرف ایک راؤنڈ بچا ہوا تھا، چوتھے روز میرا ٹخنہ اپنی جگہ سے ہل گیا تھا اور میں چلنے سے بھی ایک طرح سے لاچار ہو گیا تھا۔

    انہوں نے بتایا کہ اس وقت مجھے زندگی کا خطرہ لاحق ہونے لگا اور میں بہت مایوس ہونے لگا، میں نے امید چھوڑ دی تھی کہ اتنے دنوں بعد بھی میری تلاش کے لیے کوئی کوشش کر رہا ہوگا۔

    انہوں نے بتایا کہ جنگل میں گزرے 31 دنوں کے دوران کئی بار چیتے سمیت دیگر خطرناک جنگلی جانوروں سے سامنا ہوا اور جنگلی سوؤروں کی ایک ٹولی سے بچنے کے لیے اپنے پاس بچنے والا آخری راؤنڈ بھی فائر کر دیا تھا۔

    31 روز جنگل میں لاپتہ رہنے کے بعد تلاش کرنے والے مقامی لوگوں کی ایک ٹیم نے گھنے جنگل میں 300 میٹر کے اندر انہیں تلاش کرلیا، وہ چیختے ہوئے تلاش کرنے والی ٹیم کی توجہ اپنی جانب مبذول کروانے کے ساتھ لنگڑاتے ہوئے ان کی جانب بڑھ رہے تھے۔

  • کیا آپ جنگل میں چھپا انسان ڈھونڈ سکتے ہیں؟

    کیا آپ جنگل میں چھپا انسان ڈھونڈ سکتے ہیں؟

    تصاویر میں چھپی اشیا ڈھونڈنا، جو بہت مہارت سے چھپائی جاتی ہیں، دماغ کے لیے ایک اچھی خاصی مشق ہوتی ہے۔

    یہ ایک طرف تو تصویر بنانے والے کی مہارت کی عکاس ہوتی ہیں، تو دوسری طرف دیکھنے والے کی حاضر دماغی اور مشاہدے کی عادت کا بھی علم دیتی ہیں۔

    آج آپ کے لیے ایسی ہی ایک تصویر پیش کی جارہی ہے جس میں چھپی ہوئی ایک اور تصویر ڈھونڈنا آپ کی ذہانت کی نشاندہی کرے گا۔

    یہ تصویر ایک جنگل کی ہے جس میں آپ کو درختوں کے تنے، زمین پر گرے ہوئے ڈھیروں ڈھیر پتے اور پتھر دکھائی دے رہے ہیں۔

    لیکن اس تصویر میں ایک انسان بھی چھپا ہوا ہے، آپ نے اسی انسان کو ڈھونڈنا ہے اور اس کے لیے آپ کے پاس صرف 11 سیکنڈز کا وقت ہے۔

    کیا آپ نے اسے ڈھونڈ لیا؟

    صحیح جواب ہے۔

  • سنسان جنگل میں عجیب الخلقت شخص کون تھا؟

    سنسان جنگل میں عجیب الخلقت شخص کون تھا؟

    آسٹریلیا میں ایک شخص کا جنگلات میں ایک عجیب الخلقت شخص سے سامنا ہوا، مذکورہ شخص کا کہنا ہے کہ وہ شخص اس کا پیچھا کر رہا تھا اور اس کی جان کے درپے تھا۔

    مقامی میڈیا رپورٹ کے مطابق جان نامی یہ شخص جنگل کے درمیان سے گزرنے والے دریا میں مچھلیاں پکڑ رہا تھا، جان کا کہنا ہے کہ اچانک اس نے جھاڑیوں میں ایک قسم کی سرسراہٹ سنی۔

    اس کے مطابق اس نے کشتی کے چپو روک کر وہ آواز سننا چاہی لیکن اس کے رکنے پر وہ آواز بھی رک گئی۔ جیسے ہی اس نے چپو چلانے شروع کیے وہ سرسراہٹ دوبارہ شروع ہوجاتی۔

    جان کا کہنا ہے کہ وہ جو بھی تھا اس کا پیچھا کر رہا تھا، بعد ازاں اس نے جھاڑیوں میں سیاہ رنگ کا ایک ہیولہ دیکھا۔ جان نے فون نکال کر زوم کر کے اس کی تصاویر کھینچی۔

    تصاویر دیکھنے پر جان کو احساس ہوا کہ اس شخص کی شکل کتے سے مشابہہ تھی جبکہ اس کے چلنے کا انداز بھی ویسا ہی تھا۔

    جان کا کہنا ہے کہ اس نے سرگوشیاں بھی سنیں جس کے بعد وہ نہایت خوفزدہ ہوگیا اور بڑی مشکل سے اپنی ہمت مجتمع کر کے وہاں سے نکلنے میں کامیاب ہوا۔

    اس کے مطابق اس نے اخبارات میں جنگلات میں ایک عجیب الخلقت شخص کی موجودگی کے بارے میں پڑھا تھا لیکن اسے یہ اندازہ نہیں تھا کہ اس کا اس سے سامنا بھی ہوجائے گا۔

    جان کا کہنا ہے کہ وہ خوش قسمت تھا جو وہاں سے بچ کر نکل گیا لیکن ہر شخص اس کی طرح خوش قسمت نہیں ہوسکتا اور انجانے میں کسی کو کوئی نقصان بھی پہنچ سکتا ہے۔

  • چترال: سینگور کے جنگلات میں آگ لگ گئی

    چترال: سینگور کے جنگلات میں آگ لگ گئی

    چترال: صوبہ خیبر پختونخواہ کے شہر چترال میں سینگور کے جنگلات میں آگ لگ گئی، جنگل میں چلغوزے کے درخت بڑی تعداد میں ہیں جو آگ کی لپیٹ میں ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق چترال کے علاقے سینگور کے جنگلات میں آگ لگ گئی، آگ نے چلغوزے کے درختوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔

    ڈویژنل فارسٹ آفیسر چترال کا کہنا ہے کہ فارسٹ ڈپارٹمنٹ، ریسکیو اور مقامی افراد آگ بجھانے میں مصروف ہیں، آگ پر جلد قابوں پانے کی کوشش کر رہے ہیں۔

    ڈی ایف او کا کہنا ہے کہ پہاڑی علاقہ ہونے کی وجہ سے آگ بھجانے میں مشکلات پیش آرہی ہیں، آگ نے 5 ہیکٹر رقبے کو لپیٹ میں لے لیا ہے، سینگور کے جنگلات میں چلغوزے کے درخت بڑی تعداد میں ہیں۔

    حکام کے مطابق آگ لگنے کی وجوہات کی بھی انکوائری کی جارہی ہے۔

    یاد رہے کہ کل رات گول نیشنل پارک کے جنگل میں بھی آگ لگی تھی جس پر قابو پالیا گیا تھا، سینگور کے جنگلات بھی گول نیشنل پارک کے جنگلات سے منسلک ہیں۔

  • وزیر اعظم سینسرز سے لیس اسمارٹ جنگل کا افتتاح کریں گے

    وزیر اعظم سینسرز سے لیس اسمارٹ جنگل کا افتتاح کریں گے

    لاہور: وزیر اعظم عمران خان پاکستان کے پہلے اسمارٹ جنگل کا افتتاح کریں گے، یہ اسمارٹ جنگل سینسرز اور نگرانی کے نظام سے لیس ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان آج صوبہ پنجاب کے شہر شیخوپورہ میں رکھ جھوک جنگل کا دورہ کریں گے، وزیر اعظم رکھ جھوک جنگل میں پودا لگا کر پاکستان کے پہلے اسمارٹ جنگل کا افتتاح کریں گے۔

    رکھ جھوک جنگل راوی اربن ڈویلپمنٹ اتھارٹی کا اہم منصوبہ ہے، جنگل 24 ہزار کنال اراضی پر مشتمل ہے۔ پاکستان کا یہ پہلا اسمارٹ جنگل سینسرز اور نگرانی کے نظام سے لیس ہوگا۔

    اس موقع پر چینی ٹیلی کمیونی کیشن کمپنی ہواوے کو منصوبے کا اسمارٹ شراکت دار بنانے کے لیے یادداشت پر دستخط بھی ہوں گے۔

    وزیر اعظم عمران خان اسمارٹ جنگل کے افتتاح کے موقع پر تقریب سے خطاب بھی کریں گے۔