Tag: جنگلات

  • پنجاب میں کہیں بھی جنگلات کی چوری برداشت نہیں کریں گے،سبطین خان

    پنجاب میں کہیں بھی جنگلات کی چوری برداشت نہیں کریں گے،سبطین خان

    لاہور: وزیر جنگلات پنجاب سبطین خان نے کہا ہے کہ پنجاب میں کہیں بھی جنگلات کی چوری برداشت نہیں کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق صوبائی وزیر جنگلات سبطین خان نے نیوز کانفرنس کے دوران کہا کہ میانوالی کے جنگلات میں درختوں کی غیرقانونی کٹائی ہوئی۔

    انہوں نے بتایا کہ میانوالی چک نمبر 4 ڈی بی کے سامنے جنگلات کی کٹائی پر ایکشن لیا، درختوں کی غیرقانونی کٹائی کرنے والوں پر ایف آئی آر درج کر دی، واقعے کی تحقیقات جاری ہیں۔

    سبطین خان کا کہنا تھا کہ حکومت1927 ایکٹ میں تبدیلیاں کر رہی ہے،ٹمبر مافیا کے خلاف قوانین سخت کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پنجاب میں کہیں بھی جنگلات کی چوری برداشت نہیں کریں گے۔

    وزیر جنگلات پنجاب کا مزید کہنا تھا کہ 26 ارب روپے میں بلین سونامی منصوبہ مکمل ہوگا۔انہوں نے بتایا کہ پنجاب میں 2 سالوں میں 3 نیشنل پارک بنائے۔

    وزیراعلیٰ پنجاب کا نارتھ ریزرو فاریسٹ کو سالٹ رینج نیشنل پارک بنانے کا فیصلہ

    یاد رہے کہ گزشتہ ماہ وزیراعلیٰ پنجاب نے 13700 ایکڑ اراضی پر سالٹ رینج نیشنل پارک کے قیام کے نوٹیفکیشن کی منظوری دی تھی۔سردار عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ نیشنل پارک میں درخت کاٹنے اور شکار پر پابندی ہوگی، پارک کی اراضی کسی دوسرے مقصد کے لیے استعمال نہیں ہوسکے گی۔

  • پاکستان کو فلاحی ریاست بنانا میرا مشن ہے: وزیر اعظم

    پاکستان کو فلاحی ریاست بنانا میرا مشن ہے: وزیر اعظم

    میانوالی: وزیر اعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ پاکستان کو فلاحی ریاست بنانا میرا مشن ہے، پاکستان میں لوگوں کو روزگار دینا ریاست کی ذمے داری ہونی چاہیئے تھی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان میانوالی پہنچے جہاں انہوں نے جنگلات کی بحالی کے سب سے بڑے منصوبے کا آغاز کیا، وزیر اعظم نے کندیاں میں پودا لگا کر موسم بہار 2020 کی شجر کاری مہم کا آغاز کیا۔

    شجر کاری مہم کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان کے لیے شجر کاری بہت اہمیت رکھتی ہے، افسوس ہے جو جنگل انگریز چھوڑ کر گئے وہ ہم نے تباہ کردیے۔ انگریز کندیاں میں 20 ہزار ایکڑ پر جنگل چھوڑ کر گئے، آج جنگل تباہ ہوچکا ہے۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ اگر ایسے ہی جنگل تباہ کرتے رہے تو موسمی تبدیلی ہمارا مستقبل تباہ کردے گی۔ اللہ نے پاکستان میں 12 موسم دیے ہیں، اتنے وسائل کے ساتھ ہماری زرعی پیداوار مہنگی اور کمی ہونی ہی نہیں چاہیئے۔ درخت کاٹنے والوں کو جیل میں ڈالنا چاہیئے۔

    انہوں نے کہا کہ میانوالی میں تعلیم پر توجہ دینی ہے، اسکول ٹھیک کرنے ہیں۔ میانوالی میں اسپتال ٹھیک کر رہے ہیں اور بنا بھی رہے ہیں۔ نمل اب عالمی یونیورسٹی بننے جارہی ہے۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ ملک ایک چھوٹے سے علاقے میں پیسہ خرچ کرنے سے آگے نہیں بڑھتا، پاکستان کو فلاحی ریاست بنانا میرا مشن ہے۔ پاکستان میں لوگوں کو روزگار دینا ریاست کی ذمے داری ہونی چاہیئے تھی۔

    انہوں نے مزید کہا کہ کفالت پروگرام کے تحت انتہائی غریب افراد کی امداد کی جائے گی، 80 ہزار نوجوانوں کو کاروبار کے لیے بلا سود قرض دیں گے۔

  • جنگلات میں آتشزدگی: وزیر اعظم کی آسٹریلیا کو مدد کی پیشکش

    جنگلات میں آتشزدگی: وزیر اعظم کی آسٹریلیا کو مدد کی پیشکش

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے آسٹریلیا کے وزیر اعظم کو خط لکھا جس میں انہوں نے آسٹریلوی جنگلات میں لگنے والی آگ سے جانی و مالی نقصان پر اظہار افسوس کرتے ہوئے مدد کی پیشکش کی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے آسٹریلیا کے وزیر اعظم اسکاٹ موریسن کو خط لکھا ہے جس میں انہوں نے آسٹریلیا کے جنگلات میں آگ سے جانی و مالی نقصان پر افسوس کا اظہار کیا۔

    وزیر اعظم عمران خان نے خط میں پیشکش کی کہ پاکستان آسٹریلیا کی ہر ممکن مدد کرنے کو تیار ہے، حکومت اور عوام کی جانب سے آسٹریلوی عوام سے ہمدردی کا اظہار کرتا ہوں۔

    انہوں نے کہا کہ پورا یقین ہے کہ آسٹریلوی عوام مشکل پر قابو پالیں گے۔ دنیا کو ماحولیاتی تبدیلی کے چیلنج سے بار بار آگاہ کر رہا ہوں۔ کلائمٹ چینج کے چیلنج کا مقابلہ کوئی ایک ملک نہیں کر سکتا۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ امید ہے کہ یہ بحران ماحولیاتی تبدیلی کے اثرات کا مل کر مقابلہ کرنے کا موقع فراہم کرے گا۔

    خیال رہے کہ آسٹریلیا کے جنگلات میں کچھ عرصہ قبل لگنے والی آگ نے 1 لاکھ اسکوائر کلو میٹر رقبے پر پھیلے جنگلات کو جلا کر راکھ کردیا۔

    المناک آفت میں اب تک 28 افراد ہلاک ہوچکے ہیں جبکہ جنگلات میں رہنے والے 50 کروڑ کے قریب جانور بھی موت کے گھاٹ اتر چکے ہیں۔

  • جنگلات میں لگی قیامت خیز آگ سے کروڑوں جانور ہلاک

    جنگلات میں لگی قیامت خیز آگ سے کروڑوں جانور ہلاک

    سڈنی: آسٹریلیا کے جنگلوں میں لگی قیامت خیز آگ سے جہاں کئی انسان ہلاک ہوئے اور کئی گھر تباہ ہوئے، وہیں نصف ارب کے قریب جانور بھی اس ہولناک آگ میں ہلاک ہوگئے۔

    یونیورسٹی آف سڈنی کے ماہرین ماحولیات کے مطابق آسٹریلیا کے جنگلات میں لگی آگ سے، ستمبر سے اب تک اندازاً 48 کروڑ ممالیہ جانور، پرندے اور رینگنے والے جانور ہلاک ہوچکے ہیں اور اس تعداد میں اضافہ جاری ہے۔

    صرف چند دن کے دوران اس آگ سے متعدد افراد بھی ہلاک جبکہ کئی لاپتہ ہوگئے ہیں۔ آسٹریلیا کے مشرقی ساحل کے ساتھ موجود بے شمار گھر تباہ ہوگئے ہیں جس کی وجہ سے ہزاروں افراد بے گھر ہوگئے ہیں۔

    اب تک سامنے آنے والی تصاویر میں دیکھا جا سکتا ہے کہ خوفزدہ کینگروز شعلوں کو پھلانگ کر جان بچانے کی کوشش کر رہے ہیں جبکہ ریکسیو اہلکاروں کو کوالا کی لاتعداد جھلسی ہوئی لاشیں بھی ملی ہیں۔

    مقامی شہریوں نے بھی کئی جانوروں کی دلدوز کراہیں سن کر ان کی جانیں بچائیں جو آگ سے بری طرح جھلس گئے تھے اور شدید زخموں کی وجہ سے تڑپ رہے تھے۔

    ان جانوروں میں بڑی تعداد کوالا کی ہے جو آہستہ حرکت کرتے ہیں۔ علاوہ ازیں ان کی خوراک کا انحصار بھی یوکلپٹس کے پتوں پر ہے جن کے درخت پہلے ہی جل کر خاک ہوچکے ہیں۔

    تاہم ان کوالاز کو اسپتال پہنچانے کے بعد ان کی تکلیف دیکھتے ہوئے انہیں موت کی نیند سلانے کا فیصلہ کیا گیا۔

    خیال رہے کہ آسٹریلیا کے نیو ساؤتھ ویلز اور وکٹوریا کے جنگلات میں چند روز قبل آگ لگنے کا واقعہ پیش آیا، جس نے دیکھتے ہی دیکھتے شدت اختیار کرلی۔

    سرکاری حکام کی جانب سے ہلاکتوں کے اعداد و شمار جاری کیے گئے جن کے مطابق اب تک 17 افراد کی لاشیں برآمد ہوئیں جبکہ مزید ہلاکتوں کا خدشہ بھی ظاہر کیا جارہا ہے۔

    سرکاری اعلامیے کے مطابق آتشزدگی کے باعث اب تک 175 گھروں کے نذر آتش ہونے کی تصدیق ہوچکی ہے جبکہ آسمان بھی آگ کے شعلوں کی وجہ سے بالکل سرخ ہو رہا ہے۔

    محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ اگلے ایک دو روز میں درجہ حرارت 46 سینٹی گریڈ تک جائے گا جس سے صورتحال مزید بدتر ہونے کا خدشہ ہے۔

  • کیلی فورنیا کے جنگلات میں آتشزدگی، ہزاروں مکانات تباہ

    کیلی فورنیا کے جنگلات میں آتشزدگی، ہزاروں مکانات تباہ

    واشنگٹن: امریکی ریاست کیلی فورنیا کے جنگلات میں ایک بار پھر آگ لگ گئی، آگ نے مزید دس ہزار ایکڑرقبے کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔

    تفصیلات کے مطابق کیلی فورنیا کے جنگلات میں لگی آگ پرتاحال قابو نہیں پایا جاسکا، خدشہ ظاہر کیا گیا ہے کہ آگ مزید کئی ہزار ایکڑ تک پھیل سکتی ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ آگ مزید دس ہزار ایکڑ رقبے کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے، آتشزدگی کے باعث ہزاروں درخت، مکانات اور گاڑیاں جل کرتباہ ہوگئیں۔

    فائربریگیڈ حکام کا کہنا ہے کہ آگ بجھانے کی کوشش مسلسل جاری ہے لیکن تیز ہوا کے باعث آگ پر قابو پانا مشکل ہوگیا ہے۔

    2012 سے کیلی فورنیا کے جنگلات میں آگ لگنے کا مسئلہ درپیش ہے، موسم گرما اور خشک سالی کی وجہ سے جنگلات میں آگ لگنے کے واقعات میں اضافہ ہوا ہے۔

    کیلی فورنیا کے جنگلات میں آگ لگنے سے ہلاکتوں کی تعداد 71 ہوگئی

    یاد رہے کہ گذشتہ سال نومبر میں کیلی فورنیا کے جنگلات میں لگنے والی آگ کے باعث 17 افراد کی اموات ہوئی تھیں، جبکہ 7 ہزار سے زائد مکانات جل کر راکھ کا ڈھیر بن گئے تھے۔

    مذکورہ سال جولائی میں بھی امریکی ریاست کیلی فورنیا کے جنگلات میں لگنے والی آگ سے دو فائر فائٹرز سمیت 5 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔

    جنگلات میں لگنے والی آگ پر قابو پانے کے لیے تین ہزار چار سو فائر فائٹرز اور 17 ہیلی کاپٹر نے آپریشن میں حصہ لیا تھا۔

  • برازیل نے ایمازون جنگلات کے لیے دیا جانے والا عطیہ ٹھکرا دیا

    برازیل نے ایمازون جنگلات کے لیے دیا جانے والا عطیہ ٹھکرا دیا

    پیرس: جی 7 ممالک نے برازیل میں ایمازون کے بارانی جنگلات میں لگی آگ کو بجھانے کے لیے اٹھارہ ملین یورو (1 کروڑ 80 لاج یورو) کی فوری امداد کی پیشکش کی تاہم برازیل نے یہ پیشکش ٹھکرا دی۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق چلی کے صدر سباستیان پینیئرانے کہا کہ اس امداد کے علاوہ دوسرے مرحلے میں ستمبر میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر ایمازون نامی ایک مہم بھی شروع کی جائے گی۔

    دوسری جانب برازیل کے صدر جیئر بولسونارو نے اسے اپنے ملک کے داخلی معاملات میں دخل اندازی سے تعبیر کیا ہے۔

    رین فاریسٹ کی خاصیت رکھنے والے ایمازون کا یہ جنگل یعنی جہاں بارشیں سب سے زیادہ ہوتی ہیں، دنیا میں موجود برساتی جنگلات کا 60 فیصد حصہ ہیں۔

    سرکاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ برس برازیل کے جنگل میں 78 ہزار 383 مرتبہ آگ لگنے کے واقعات پیش آئے جو 2013 کے بعد سے سب سے زیادہ ہیں۔

    رپورٹس کے مطابق برازیل کے جنگلات میں 72 ہزار سے زائد مرتبہ آگ لگ چکی ہے اور گزشتہ برس کے مقابلے ان واقعات میں 84 فیصد اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔

    برازیل کی نیشنل انسٹیٹوٹ فار اسپیس ریسرچ (این آئی پی ای) کے مطابق نصف آگ جس حصے میں لگی وہاں تقریباً 2 کروڑ آبادی رہائش پذیر ہے۔

    آگ سے متعلق نئے اعداد و شمار کے بعد برازیل کے صدر جیئر بولسونارو نے عسکری قیادت کو آتشزدگی سے نمٹنے اور خطے میں مجرمانہ کارروائیوں کے خاتمے کی اجازت بھی دے دی۔

  • ایمیزون کے جنگلات میں مزید سیکڑوں مقامات پر آگ بھڑک اٹھی

    ایمیزون کے جنگلات میں مزید سیکڑوں مقامات پر آگ بھڑک اٹھی

    براسیلیا : برازیل کے شمالی حصے میں واقع وسیع و عریض ایمیزون کے جنگلات میں سیکڑوں مقامات پر نئی آگ بھڑک اٹھی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق برازیل کے صدر جیئر بولسونارو پر دہائی کی شدید ترین آگ بجھانے کے لیے عالمی دباؤ بڑھ گیا،اس حوالے سے بتایا گیا کہ ایمیزون میں لگنے والی آگ کے باعث برازیل کے علاوہ دیگر شمالی ریاستوں سمیت رونڈونیا اور آکرے بھی متاثر ہورہے ہیں۔

    ایک مقامی شخص نے بتایا کہ میں جنگل میں لگنے والی آگ سے ماحول اور صحت کو پہچنے والے نقصان پر پریشان ہوں، میری ایک بیٹی ہے جسے سانس لینے میں دشواری ہے اور آگ سے اس کی تکلیف میں اضافہ ہوگیا ہے۔

    دوسری جانب دنیا کے سب سے بڑے بارانی جنگل میں آتشزدگی پر عالمی دنیا چیخ اٹھی ہے اور فرانس میں جی 7 کے اجلاس میں یہ اہم موضوع زیر بحث آیا۔

    سرکاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ برس برازیل کے جنگل میں 78 ہزار 383 مرتبہ آگ لگنے کے واقعات پیش آئے جو 2013 کے بعد سے سب سے زیادہ ہیں۔

    رپورٹس کے مطابق برازیل کے جنگلات میں 72 ہزار سے زائد مرتبہ آگ لگ چکی ہے اور گزشتہ برس کے مقابلے ان واقعات میں 84 فیصد اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔

    برازیل کی نیشنل انسٹیٹوٹ فار اسپیس ریسرچ (این آئی پی ای) کے مطابق نصف آگ ایمیزون کے جنگل میں لگی، جہاں تقریباً 2 کروڑ آبادی رہائش پذیر ہے۔

    آگ سے متعلق نئے اعداد وشمار کے بعد برازیل کے صدر جیئر بولسونارو نے عسکری قیادت کو آتشزدگی سے نمٹنے اور خطے میں مجرمانہ کارروائیوں کے خاتمے کی اجازت دے دی۔

    دوسری جانب امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور برطانیہ کے وزیراعظم بورس جونسن نے جی 7 سمٹ میں ایمیزون کے جنگل میں لگنے والی آگ بجھانے کے لیے اپنی خدمات پیش کردیں۔

    برازیل کے وزیر دفاع نے امریکا اور برطانیہ کی جانب سے آگ بجھانے کی پیشکش پر کہا کہ تعاون پر خوش آمدید کہیں گے۔

    واضح رہے کہ زمین کی 20 فیصد آکسیجن صرف ایمیزون کے جنگلات میں موجود درخت اور پودے پیدا کرتے ہیں، یہی وجہ ہے کہ ان جنگلات میں لگی آگ پوری دنیا کے لیے پریشانی کا باعث ہے۔

  • آبادی میں اضافے سے جنگلات شدید دباﺅکا شکارہیں، گورنربلوچستان

    آبادی میں اضافے سے جنگلات شدید دباﺅکا شکارہیں، گورنربلوچستان

    کوئٹہ: گورنربلوچستان امان اللہ خان یاسین زئی کا کہنا ہے کہ عوام زیادہ سے زیادہ درخت لگا کر بلوچستان کے بنجر اور ویران علاقوں کو سر سبز کریں۔

    تفصیلات کے مطابق گورنر بلوچستان امان اللہ خان یاسین زئی نے شجر کاری مہم مون سون 2019 کی مناسبت سے اپنے ایک پیغام میں کہا ہے کہ آبادی میں مسلسل اضافے کی وجہ سے ہمارے موجودہ جنگلات شدید دباﺅ کا شکار ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ جنگلات ایک قومی دولت ہیں، ایندھن وعمارتی لکڑی اور بے شمار صنعتوں کے لیے خام مال فراہم کرتے ہیں زمین کو کٹاﺅ سے محفوظ رکھتے ہیں، ریت کے ٹیلوں کو ساکت کرتے ہیں اور زمین کی زرخیزی اور دلکشی میں اضافہ کرتے ہیں۔

    گورنر بلوچستان نے کہا کہ جنگلات زیر زمین پانی میں اضافہ کرتے ہیں، مال مویشیوں کی چراگاہیں اور جنگلی حیات کا مسکن ہیں۔ لہذا ضرورت اس امر کی ہے کہ جنگلات کو بچانے کے لیے ہم سب مل کر عملی اقدامات کریں اور زیادہ سے زیادہ درخت لگا کر بلوچستان کے بنجر اور ویران علاقوں کو سرسبز کریں۔

    امان اللہ خان یاسین زئی نے کہا کہ ویران علاقوں کو سرسبز کرنے سے نہ صرف قدرتی جنگلات پر انسانی ضروریات کے لیے بوجھ کم ہو گا بلکہ ماحولیاتی و معاشی فوائد بھی حاصل ہوں گے۔

    واضح رہے کہ بلوچستان میں مون سون 2019 کے دوران 9 لاکھ پودے عوام ، سرکاری ادروں ، اسکولوں ، کالجوں اور فورسز اور دوسری نیم سرکاری وغیرسرکاری اداروں میں تقسیم کئے جائیں گے۔

  • صوابی: جنگلات میں لگی آگ 5 روز بعد بھی بجھائی نہ جا سکی

    صوابی: جنگلات میں لگی آگ 5 روز بعد بھی بجھائی نہ جا سکی

    صوابی: خیبر پختون خوا کے ضلع صوابی میں مشہور پہاڑی پر جنگلات میں لگی آگ کو 5 روز گزر گئے لیکن تا حال یہ آپ بجھائی نہیں جا سکی۔

    تفصیلات کے مطابق صوابی میں کڑہ مار پہاڑی پر جنگلات میں لگی آگ 5 روز بعد بھی بجھائی نہ جا سکی، ڈی جی ریسکیو کا کہنا ہے کہ آگ پر 70 فی صد قابو پا لیا گیا ہے، جلد مکمل قابو پالیں گے۔

    گاؤں کالو خان میں مشہور پہاڑی کڑہ مار (کوڑیالہ سانپ) پر لگنے والی آگ سے بڑی تعداد میں درختوں اور جانوروں کا نقصان ہو چکا ہے، یہ پہاڑی رومانوی جوڑی یوسف خان شیر بانو کے مزار کے حوالے سے بھی مشہور ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  صوابی: کنڈل ڈیم میں کشتی ڈوبنے سے 3 بچیاں جاں بحق، 35 کو بحفاظت نکال لیا گیا

    ڈی جی ریسکیو 1122 کے مطابق پہاڑی کے ایک جانب آگ پر قابو پا لیا گیا ہے، پہاڑی کی دوسری جانب آگ پر قابو پانے کے لیے آپریشن جاری ہے۔

    ریسکیو کا کہنا ہے کہ 52 اہل کار، 5 فائر وہیکلز آگ بجھانے میں مصروف ہیں، مقامی افراد، محکمہ جنگلات کے 100 اہل کار بھی امدادی کاررائیوں میں مصروف ہیں۔

    واضح رہے کہ گزشتہ روز خیبر پختون خوا میں کنڈل ڈیم صوابی میں کشتی ڈوب گئی تھی جس کے باعث تین بچیاں جاں بحق ہو گئیں جب کہ 35 افراد کو بہ حفاظت نکال لیا گیا۔

  • اسرائیل میں شدید گرمی سے جنگلات میں آگ بھڑک اٹھی،45 عمارتیں تباہ

    اسرائیل میں شدید گرمی سے جنگلات میں آگ بھڑک اٹھی،45 عمارتیں تباہ

    تل ابیب : اسرائیل میں خوفناک آتشزدگی کے باعث تین ہزار افراد کو گھر چھوڑنا پڑے، کچھ مقام پر درجہ حرارت پچاس ڈگری سینٹی گریڈ تک جا پہنچ گیا۔

    تفصیلات کے مطابق اسرائیل کے وسطی حصے میں جنگلات میں آگ لگ گئی، بتایا گیا ہے کہ آگ لگنے کی وجہ شدید گرمی کی لہر ہے۔ جنگلاتی آگ کی وجہ سے اب تک تین ہزار افراد کو اپنے گھر بار چھوڑنا پڑے، جب کہ 45 عمارتیں تباہ ہوگئیں۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق اسرائیل میں کچھ مقام پر درجہ حرارت پچاس ڈگری سینٹی گریڈ تک ریکارڈ کیا گیا۔

    اسرائیلی حکام کے مطابق اس جنگلاتی آگ کی وجہ سے اب تک تین ہزار افراد کو اپنے گھر بار چھوڑنا پڑے، جب کہ 45 عمارتیں تباہ ہوگئیں۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق اسرائیلی وزرات خارجہ کا کہنا تھا کہ آگ بجھانے کی کارروائیوں میں قبرص، کروشیا، یونان اور اٹلی کی ٹیمیں بھی شامل ہیں۔

    اسرائیلی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ چاریورپی ممالک سمیت مصر نے آگ پر قابو  پانے کے لئے خصوصی طیارے اسرائیل بھیجے ہیں۔

    دوسری جانب اسرائیلی پولیس نے آتشزدگی کا باعث فلسطینیوں کو قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پولیس اہلکاروں نے مشرقی یروشلم کے رہائشی تین فلسطینیوں کو گرفتار کیا ہے کہ جن پر مبینہ طور پر آتشزدگی کے مختلف واقعات میں ملوث ہونے کا الزام عائد کیا ہے۔

    اسرائیلی میڈیا کے مطابق 19 سالہ اور 15 سالہ فلسطینیوں نوجوانوں پر یروشلم کے ماؤنٹ اسکوپس ایریا میں آگ لگانے کا الزام عائد کیا ہے جبکہ 30 سالہ شخص پر وادی کنڈرن میں ہونے والی آتشزدگی میں ملوث ہونے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔