لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہا ہے کہ جنگ دونوں ملکوں کے مفاد میں نہیں ہے بھارت ہوش کے ناخن لے، وزیراعظم عمران خان نے بھارت کو امن کا ایک اور موقع دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم کا خطاب پوری قوم کے جذبات کی حقیقی عکاسی ہے، وزیراعظم نے پلوامہ حملے پر بات چیت کی دوبارہ آفر کرکے امن دوستی کا ثبوت دیا ہے۔
عثمان بزدار نے کہا کہ پاکستان امن پسند ملک ہے اور وزیراعظم کے خطاب سے ثابت ہوگیا ہے، عمران خان کا خطاب مثبت، متوازن ہے، جنگ دونوں ملکوں کے مفاد میں نہیں ہے، بھارت ہوش کے ناخن لے۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے ثابت کیا کہ وہ پاکستانی قوم کی قیادت کی صلاحیت رکھتے ہیں۔
مزید پڑھیں: وزیراعظم عمران خان کی بھارت کوایک بار پھر مذاکرات کی پیشکش
واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ جنگ کسی بھی مسئلے کا حل نہیں ہے، بیٹھ کر بات چیت سے مسائل حل کرنے چاہئیں، جارحیت کی تو جواب دینا ہماری مجبوری ہوگی۔
وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ پلوامہ حملے کے بعد بھارت کو آفر کی تھی کسی طرح بھی تحقیقات چاہتے ہیں تعاون کے لیے تیار ہیں، پاکستان کے مفاد میں نہیں کہ ہماری سرزمین استعمال کی جائے، ہم بھارت سے مکمل تعاون کے لیے تیار تھے، خدشہ تھا اس کے باوجود بھارت کوئی ایکشن لے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ جنگ کسی بھی مسئلے کا حل نہیں، ورلڈ وار ٹو کچھ ماہ میں ختم ہونی تھی لیکن 6 سال لگ گئے، دہشت گردی کےخلاف جنگ بھی طویل عرصے سے جاری ہے، جو ہتھیار آپ کے پاس ہیں اور ہمارے پاس ہیں کیا اس کا غلط استعمال ہونے دے سکتے ہیں۔