کراچی : معروف گلوکارعلی حیدر نے اپنی حالیہ ویڈیو میں جنید جمشید شہید کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے اُن کی پڑھی ہوئی نعت ’’میرا دل بدل دے ‘‘پڑھ کر سننے والوں کو آبدیدہ کردیا۔
تفصیلات کے مطابق حویلیاں میں پی آئی کے اے ٹی آر طیارے کے اندوہناک حادثے میں شہید ہونے والے اے آر وائی نیوز کے میزبان اور مبلغ جنید جمشید کی یاد میں گلوکارعلی حیدر نے ان کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا ہے۔
فیس بک پر جاری ایک ویڈیو میں علی حیدر نے ان کی مشہور زمانہ نعت’’ میرا دل بدل دے ‘‘پڑھ کر ان چاہنے والوں کے دلوں میں ان کی یاد تازہ کردی، ویڈیو کو فیس بک پر ہزاروں لوگوں نے دیکھا اور پسند کیا۔
علی حیدرنے ویڈیو میں اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ جنید جمشید کے بارے میں سوچ کر یقین ہی نہیں آتا کہ ایسا ہوگیا، جنید جنمشید کو سوچ کر یہ پیسہ عزت شہرت دولت اسٹیٹس سب جھوٹ لگنے لگتا ہے کہ یہ سب بیکار کی چیزیں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ یہ سب دکھاوا ہے، دنیا ایک دن ایسے ہی ختم ہوجائے گی اور ہم سب ان چیزوں کے پیچھے بھاگتے رہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ میرے پاس الفاظ نہیں ہیں کہ میں آپ لوگوں سے جنید کا غم کیسے شیئر کروں۔
شوبز زندگی ہو یا پھراسلامی طرززندگی جنید جمشید نے دونوں ہی زندگیوں میں خوب اور عزت کمائی، یہی وجہ ہے کہ آج ان کی جدائی کے بعد بھی ہر شخص انہیں اچھے الفاظ میں یاد کرتا نظر آتا ہے۔