Tag: جنید خان

  • قومی فاسٹ بولر کو نامناسب زبان استعمال کرنا مہنگا پڑ گیا

    قومی فاسٹ بولر کو نامناسب زبان استعمال کرنا مہنگا پڑ گیا

    لاہور: قائداعظم ٹرافی میں خیبر پختونخوا کرکٹ ٹیم کے فاسٹ باؤلر جنید خان پر جرمانہ عائد کردیا گیا، میچ کے دوران نامناسب زبان کا استعمال کرنے پر جنید خان پر میچ فیس کا 40 فیصد جرمانہ عائد کیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق جنید خان کو پی سی بی ضابطہ اخلاق کے لیول 1 جرم کا مرتکب پایا گیا جس پر آن فیلڈ امپائرز شمیم انصاری اور غفار کاظمی نے جنید خان کو آرٹیکل 2.6 کی خلاف ورزی کرنے پر چارج کیا۔

    جنید خان کی جانب سے اعتراف جرم کرنے پر میچ ریفری محمد اسلم نے جرمانے کی سزا سنائی، خیبر پختونخوا اور بلوچستان کے درمیان میچ بگٹی اسٹیڈیم کوئٹہ میں کھیلا گیا تھا۔

    یہ بھی پڑھیں:‌ احمد شہزاد پر بال ٹیمپرنگ کرنے پر جرمانہ عائد کردیا گیا

    دوسری جانب سلو اوور ریٹ کے باعث سنٹرل پنجاب کرکٹ ٹیم پر جرمانہ عائد کردیا گیا۔

    قوانین کے مطابق سنٹرل پنجاب کرکٹ ٹیم پر 40 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا، سنٹرل پنجاب کرکٹ ٹیم نے قائداعظم ٹرافی کے پانچویں راؤنڈ میں سندھ کے خلاف میچ میں مقررہ وقت سے 4 اوورز کم کیے تھے۔

    میچ ریفری ندیم ارشد نے سنٹرل پنجاب کرکٹ ٹیم پر جرمانہ عائد کیا۔

  • پیشکش کے باوجود مجھے پاکستان ٹیم کیلئے کھیلنا ہے انگلینڈ کیلئے نہیں، جنید خان

    پیشکش کے باوجود مجھے پاکستان ٹیم کیلئے کھیلنا ہے انگلینڈ کیلئے نہیں، جنید خان

    کراچی : قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر جنید خان نے کہا ہے کہ برطانوی شہریت رکھنے کے باوجود میرے لیے پاکستان سب سے پہلے ہے، برطانوی پیشکش کے باوجود مجھے پاکستان ٹیم کیلئے کھیلنا ہے انگلینڈ کیلئے نہیں۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے اے آر وائی نیوز کے نمائندے علی حسن سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، ٹیسٹ کرکٹر جنید خان کا کہنا تھا کہ مجھے کاؤنٹی سے چار سال کے معاہدے کی پیشکش ہوئی تھی اگر معاہدہ کرلیتا تو پاکستان کا سیزن اوورسیز کھلاڑی بن کر کھیلنا پڑتا۔

    انہوں نے کہا کہ کاؤنٹی کھیلنے کا مطلب انگلینڈ ٹیم میں شمولیت کا راستہ بننا ہے، ابھی میرا مقصد ڈومیسٹک کرکٹ کھیل کر پاکستانی ٹیم میں کم بیک کرنا ہے کیونکہ مجھے صرف پاکستان ٹیم کیلئے کھیلنا ہے انگلینڈ کیلئے نہیں۔

    برطانوی شہریت رکھنے کے باوجود میرے لیے پاکستان پہلے ہے، پاکستان میں جو عزت ملتی ہے وہ انگلش کرکٹر بن کر بھی نہیں مل سکتی۔

    جنید خان کا مزید کہنا تھا کہ صوابی کے چھوٹے سے گاؤں سے آیا ہوں، میری پرفارمنس کیا رہی سب لوگ جانتے ہیں، امید یہی ہے کہ میرا ڈومیسٹک سیزن اچھا گزرے گا۔

    ایک سوال کے جواب میں جنید خان کا کہنا تھا کہ ورلڈ کپ2019سے باہر ہونے پر مجھے کافی مایوسی ہوئی تھی، منہ پر ٹیپ لگا کر تصویر پوسٹ کرنا میرا کچھ زیادہ ہی ردعمل تھا تاہم ان دنوں میں بہت اپ سیٹ بھی تھا۔

    جب شائقین نےمجھ سےکہا کہ میری اس پوسٹ سے پاکستان کرکٹ کا نام خراب ہورہا ہے تومیں نے پوسٹ ڈیلیٹ کردی۔

    میں ایسا کام کبھی نہیں کروں گا جس سے ملک کا نام خراب ہو، میں نے ہمیشہ اپنے ذاتی مفاد سے پہلے ملک کو مقدم رکھا ہے۔

  • ’میں کچھ نہیں کہنا چاہتا، سچ کڑوا ہوتا ہے‘، فاسٹ بولر جنید خان کا ردعمل

    ’میں کچھ نہیں کہنا چاہتا، سچ کڑوا ہوتا ہے‘، فاسٹ بولر جنید خان کا ردعمل

    لاہور: قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر جنید خان کا ورلڈ کپ اسکواڈ سے ڈراپ کیے جانے پر ردعمل سامنے آگیا۔

    تفصیلات کے مطابق قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر جنید خان نے ورلڈ کپ سے ڈراپ کیے جانے پر سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ردعمل دیا ہے، جنید خان نے ٹویٹر پر تصویر شیئر کی ہے جس میں ان کے منہ پر ٹیپ لگا ہوا ہے۔

    جنید خان نے اپنے ٹویٹ میں لکھا کہ ’میں کچھ کہنا نہیں چاہتا، سچ کڑوا ہوتا ہے۔‘

    فاسٹ بولر جنید خان کو ورلڈ کپ سے ڈراپ کیے جانے پر مداحوں نے افسوس کا اظہار کیا ہے۔

    فاسٹ بولر نے چند گھنٹے کے بعد سماجی رابطے کی ویب سائٹ سے اپنا ٹویٹ ڈیلیٹ کردیا۔

    واضح رہے کہ انگلینڈ کے خلاف سیریز میں مایوس کن کارکردگی کی وجہ سے جنید خان کو ورلڈ کپ کے حتمی اسکواڈ سے باہر کردیا گیا تھا، جنید خان نے سیریزمیں صرف دو وکٹیں حاصل کی تھیں۔

    تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ فاسٹ بولر جنید خان کو فٹنس مسائل کے سبب ٹیم سے ڈراپ کیا گیا ہے۔

    مزید پڑھیں: ورلڈ کپ اسکواڈ : عامر، آصف علی اور وہاب ریاض ٹیم کا حصہ

    یاد رہے کہ آج چیف سلیکٹر انضمام الحق نے ورلڈ کپ کے لیے 15 رکنی اسکواڈ کا اعلان کیا تھا۔

    ورلڈ کپ کے لیے اعلان کردہ 15 رکنی اسکواڈ میں 2017 سے قومی ٹیم سے باہر رہنے والے وہاب ریاض کو شامل کیا گیا ہے جبکہ انگلینڈ کے خلاف سیریز میں کارکردگی نہ دکھانے پر فہیم اشرف کو بھی ڈراپ کیا گیا ہے۔

    قومی کرکٹ ٹیم کے 15 رکنی اسکواڈ میں فخر زمان، امام الحق، محمد حفیظ، بابر اعظم، سرفراز احمد، حارث سہیل، شعیب ملک، عماد وسیم، آصف علی، وہاب ریاض، محمد عامر، شاداب خان، حسن علی، شاہین شاہ آفریدی اور محمد حسنین شامل ہیں۔

  • ہانیہ – ظلم اوردریدہ قلبی کی ایک نئی داستان

    ہانیہ – ظلم اوردریدہ قلبی کی ایک نئی داستان

    اے آروائی ڈیجیٹل پر نشر ہونے والے نئے ڈرامے ’ہانیہ‘ کی پہلی قسط نے ہی ناظرین کو اپنا گرویدہ بنا لیا ہے ، گھریلو تشدد اور معاشرتی خوف اس کہانی کا مرکزی خیال ہے۔

    جمعرات کی رات پرائم ٹائم پر نشر ہونے والے اس ڈرامے کی کہانی گھومتی ہے ہمارےمعاشرے کی ان فرسودہ عادات کے گرد جس کے سبب کوئی لڑکی ساری زندگی اپنے شوہر کا ظلم اور درندگی برداشت کرلیتی ہے ، لیکن علیحدگی کا حرف زبان پر نہیں لاپاتی۔

    ڈرامے میں مرکزی کردار جنید خان، زویا ناصر، اسامہ طاہر، غناء علی، نیر اعجاز، وسیم عباس، عصمت جمال، احسن طالش، علیزے گبول، فردوس جمال، عتیقہ اوڈھو اور سلمان سعید ادا کررہے ہیں۔

    اگلی قسط کا ٹیزر

    جنید خان اس ڈرامے میں ایک ایسے امیر زادے کے روپ میں سامنے آئے ہیں جو اپنی دولت اور سماجی برتری کے بل پر اپنی بیوی کے ساتھ ہر قسم کا ظلم و ستم روا رکھنا اپنا حق رکھتا ہے اور زویا ناصر جو کہ ہانیہ کا کردار ادا کررہی ہیں، مڈل کلاس طبقے کی اس مظلوم لڑکی کردار ادا کررہی ہیں جو اپنے والدین کی عزت، سماج کے خوف اور مستقبل کے مصائب سے خوف زدہ ہو کر اپنے شوہر کا ظلم برداشت کرنے پر مجبور ہے۔

    یہ ڈرامہ ڈور وے انٹرٹینمنٹ کا تحریر کردہ ہے اور اس کی ہدایت کاری کے فرائض قاسم علی مرید نے ادا کیے ہیں۔ 21 فروری سے ہر جمعرات کی رات 8 بجے ناظرین یہ ڈرامہ دیکھ سکیں گے ، ساتھ ہی ساتھ اے آر وائی ڈیجیٹل کی ویب سائٹ پر بھی یہ ڈرامہ دیکھا جاسکتا ہے۔

  • فاسٹ بولر جنید خان بیٹے کے باپ بن گئے

    فاسٹ بولر جنید خان بیٹے کے باپ بن گئے

    پشاور: قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر جنید خان بیٹے کے باپ بن گئے۔

    کرکٹر جنید خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے نومولود بیٹے کے ساتھ پشاور کے اسپتال سے تصاویر شیئر کیں اور کہا کہ آج میرے لیے زندگی کا سب سے خوشگوار دن ہے ہماری فیملی میں ایک بیٹے کا اضافہ ہوگیا ہے۔

    جنید خان کا کہنا تھا کہ زندگی میں سب سے بڑی خوشی ملی ہے جسے میں بیان نہیں کرسکتا، جنید خان نے تمام مداحوں کا دعاؤں اور مبارکباد پر شکریہ ادا کیا کرتے ہوئے کہا کہ بیٹے کا نام محمد ایان خان رکھا گیا ہے۔

    واضح رہے کہ جنید خان فروری 2015 میں رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئے تھے، ان کی شادی کی تقریب ان کے آبائی گاؤں صوابی میں منعقد ہوئی تھی۔

    جنید خان کے ہاں بیٹے کی پیدائش انہیں ساتھی کھلاڑیوں نے بھی مبارکباد دی، وہاب ریاض نے کہا کہ فیملی میں نئے اضافے پر مبارکب ہو، اللہ ہمیشہ خوش رکھے۔

    شعیب ملک اور عمر اکمل نے مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ڈیڈی کلب میں شامل ہونے پر خوش آمدید کہتے ہیں، ماشاء اللہ اللہ تعالیٰ صحت و تندرستی دے۔

  • پی سی بی : عمراکمل اور جنید خان پر جرمانہ عائد

    پی سی بی : عمراکمل اور جنید خان پر جرمانہ عائد

    لاہور : پاکستان کرکٹ بورڈ نے عمر اکمل اورجنید خان پرمیچ فیس کا 50 فیصد جرمانہ عائد کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ کپ میں کھڑے ہونے والے تنازع پر پی سی بی نے ایکشن لیتے ہوئے عمر اکمل اور جنید خان پر میچ فیس کا 50 فیصد جرمانہ عائد کردیا گیا ہے۔

    قومی ٹیم کے دونوں کھلاڑیوں کومس کنڈکٹ پرجرمانہ عائد کیا گیا جب کہ دونوں کھلاڑیوں کو 18 مئی سے ایک ماہ کے لیے زیر نگرانی بھی رکھا جائے گا۔

    اگر اس ایک ماہ کے درمیان عمر اکمل اور جنید خان نظم و ضبط کی خلاف ورزی کے دوبارہ مرتکب پائے گئے تو اگلے ماہ تک کوئی بھی میچ کھیلنے پر پابندی لگ سکتی ہے۔

    واضح رہے کہ 27 اپریل کو پاکستان کپ کے سندھ اور پنجاب کے درمیان کھیلے جانے والے میچ میں کپتان عمر اکمل نے کہا تھا کہ جنید خان آج کا میچ نہیں کھیلیں گے کیوں کہ جنید خان کل ٹیم میٹنگ میں موجود تھے لیکن آج بناء اطلاع دیئے چلے گئے ہیں۔

    ٹاس کے بعد میڈیا کو دیئے گئے بیان کے جواب میں جنید خان نے سوشل میڈیا پر جاری کیے گئے ایک ویڈیو پیغام میں اس الزام کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ میں کہیں نہیں گیا ہوں بلکہ ہوٹل میں اپنے کمرے میں موجود ہوں۔

    جنید خان کا کہنا تھا کہ طبیعت کی ناسازی کے باعث میچ نہیں کھیلا اور اس بات سے ٹیم مینیجمنٹ اور کپتان عمر اکمل کو بھی آگاہ کردیا تھا اس کے باوجود میری غیرموجودگی پر لاعلمی کا اظہار کیا گیا جس پر تعجب ہے۔

    پی سی بی نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے دونوں‌ کھلاڑیوں کے خلاف انکوائری کا حکم دیا جس میں وہ نظم و ضبط کی خلاف ورزی کا مرتکب پائے گئے تھے۔

  • پاکستانی فاسٹ بولر جنید خان ازدواجی بندھن میں بندھ گئے

    پاکستانی فاسٹ بولر جنید خان ازدواجی بندھن میں بندھ گئے

    صوابی: پاکستانی فاسٹ بولر جنیدخان ازدواجی بندھن میں بندھ گئے،بینڈ باجےپر باراتیوں نے خوب رقص کیا۔

    انجری کا شکار ہو کر ورلڈ کپ 2015 سے باہر ہونے والے قومی کرکٹر جنید خان شادی کے بندھن میں بندھ گئے۔

    فاسٹ بولر جنید خان ورلڈ کپ میں ان فٹ ہوئے تو مایوس نہ ہوئے اور زندگی کی نئی اننگز شروع کردی۔

    صوابی میں پاکستانی کرکٹر جنید خان کی شادی میں جشن کا سماں ہے بینڈ باجےپر باراتیوں نے خوب رقص کیا

    واضح رہے جنید خان کے زخمی ہونے کے بعد ان کی جگہ راحت علی کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔

  • محمد حفیظ، جنید خان کے بعد سہیل خان بھی انجری کا شکار

    محمد حفیظ، جنید خان کے بعد سہیل خان بھی انجری کا شکار

    سڈنی : پاکستان کرکٹ ٹیم کو انجری مسائل نے گھیر لیا ہے۔ محمد حفیظ، جنید خان کے بعد سہیل خان بھی انجری کا شکار ہوگئے۔ انگلینڈ کے خلاف دوسرے وارم اپ میچ سہیل خان کی شرکت مشوک ہوگئی ہے۔

    انجری نے پاکستان کرکٹ کا دروازہ ہی دیکھ لیا۔۔۔ پیچھا ہی نہیں چھوڑ رہی۔ ایک کے بعد ایک کھلاڑی انجرڈ ہورہا ہے۔ ورلڈ کپ کے لئے ٹیم کتنی فٹ ہے سوال کھڑے ہوگئے۔

    پہلے جنید خان، پھر محمد حفیظ اور اب سہیل خان بھی انجری میں مبتلا ہوگئے۔ بنگلہ دیش کے خلاف وارم اپ میچ میں سہیل خان چھ اوور کرانے کے بعد پنڈلی میں تکلیف کے باعث میدان سے باہر چلے گئے اور وہ مزید بولنگ نہیں کرسکیں گے۔

    سال یہ پیدا ہوتا ہے کہ کیا پاکستانی ٹیم کو ایک اور دھچکا لگنے والا ہے؟؟ محمد حفیظ اور جنید خان تو پہلے ہی ورلڈ کپ سے باہر ہوگئے ہیں۔

    سہیل خان کی انگلینڈ کے خلاف دوسرے وارم میچ میں شرکت مشکوک ہوگئی ہے۔ پی سی بی کا کہنا ہے کہ سہیل خان کی انجری شدید نوعیت کی نہیں۔تاہم  انہیں آرام کا مشورہ دیا گیا ہے امید ہے وہ جلد ٹھیک ہوجائیں گے۔

  • فاسٹ بولر راحت علی جنید خان کی جگہ ورلڈ کپ اسکواڈ میں شامل

    فاسٹ بولر راحت علی جنید خان کی جگہ ورلڈ کپ اسکواڈ میں شامل

    قومی ٹیم کے لئے ایک ون ڈے کھیلنے والے فاسٹ بولر راحت علی کو جنید خان کی جگہ ورلڈ کپ اسکواڈ میں شامل کو کرلیا گیا ہے، بلاول بھٹی کا خواب چکنا چور ہوگیا۔

    پاکستان کرکٹ بورڈ نے مشکل وقت میں سب کو حیران کردیا، تجربہ کار بولرز کو نظر انداز کرتے ہوئے بورڈ نے ایک ون ڈے کھیلنے والے راحت علی کو اسکواڈ میں شامل کرلیا ہے۔

    بورڈ نے راحت علی کو ٹیم میں شامل کرنے کے لئے آئی سی سی کو باقاعدہ درخواست دے دی ہے۔

    راحت علی نے دوہزار بارہ میں سری لنکا کے خلاف واحد میچ کھیلا تھا اور کوئی وکٹ حاصل نہیں کی تھی، دورۂ نیوزی لینڈ کیلئے ٹیم کا حصہ بننے والے بلاول بھٹی کا ورلڈ کھیلنے کا خواب شرمندہ تعبیر نہ ہوسکا، کیویز کے خلاف سیریز میں بلاول بھٹی کی کارکردگی سلیکٹرز کو نہ بھاسکی۔

    ذرائع کے مطابق راحت علی ایک ہفتے میں ٹیم کو جوائن کرلیں گے، پی سی بی جلد ہی آسٹریلیا کے ویزے کیلئے درخواست دے گا۔

  • فاسٹ بائولر جنید خان کی ورلڈ کپ سکواڈ میں شمولیت مشکوک

    فاسٹ بائولر جنید خان کی ورلڈ کپ سکواڈ میں شمولیت مشکوک

    ویلنگٹن: قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بائولر جنید خان کے ورلڈ کپ سکواڈ سے آوٹ ہونے کا امکان ہے۔

    پی سی بی ذرائع کے مطابق تربیتی کیمپ کے دوران بائولنگ کراتے ہوئے گر کر ان فٹ ہونے والے فاسٹ بائولر جنید خان کی انجری تاحال ٹھیک نہیں ہو سکی۔ جبکہ انہیں چلنے پھرنے میں بھی دشواری کا سامنا ہے۔

     پی سی بی کا میڈیکل بورڈ کل ان کا حتمی فٹنس ٹیسٹ لینے کے بعد ان کے ورلڈ کپ سکواڈ میں شامل ہونے یا نہ ہونے کا فیصلہ کرے گا۔

     ذرائع کا کہنا ہے کہ ٹیم انتظامیہ نے نیوزی لینڈ سیریز کے لئے ٹیم میں شامل کئیے گئے آل رائونڈر بلاول بھٹی کو وہیں روکنے کا فیصلہ کیا ہے اور انہیں جنید خان کی جگہ ورلڈ کپ سکواڈ میں شامل کر لیا جائے گا۔