Tag: جنین

  • جنین کے فلسطینیوں پر ایک اور ظلم، اسرائیلی فورسز نے اذان سے روک دیا

    جنین کے فلسطینیوں پر ایک اور ظلم، اسرائیلی فورسز نے اذان سے روک دیا

    اسرائیلی فورسز نے جنین کے فلسطینیوں پر ایک اور ظلم کر دیا ہے، فورسز نے مسجدوں میں اذان پر پابندی لگا دی۔

    الجزیرہ کے مطابق اسرائیلی فورسز نے جنین کی مساجد میں اذان دینے سے روک دیا ہے، جب کہ مقبوضہ مغربی کنارے کے علاقے جنین میں اسرائیلی فوج کی جارحیت 48 ویں روز بھی جاری ہے۔

    مرکز اطلاعات فلسطین نے اطلاع دی ہے کہ رمضان المبارک کا مقدس مہینہ ہونے کے باوجود اسرائیلی فورسز جنین پناہ گزین کیمپ کی مساجد کو اذان دینے سے روک رہی ہیں۔

    جنین میں اسرائیلی آپریشن 21 جنوری کو غزہ میں جنگ بندی کے چند دن بعد شروع ہوا، جس میں درجنوں افراد شہید ہو چکے ہیں، سیکڑوں گھر تباہ اور ہزاروں خاندان بے گھر ہوئے ہیں۔ اس ہفتے کے شروع میں اسرائیلی فورسز نے نابلس شہر کی ایک تاریخی مسجد کو بھی آگ لگا دی تھی۔

    وفا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق اسرائیلی فورسز نے مقبوضہ مغربی کنارے میں ہیبرون، البریح اور رام اللہ گورنریٹس میں اپنے تازہ ترین چھاپوں میں کم از کم 13 افراد کو گرفتار کر لیا ہے۔

    حماس کامیاب، غزہ میں جنگ بندی معاہدہ آگے بڑھانے کی امید پیدا ہو گئی

    ادھر غزہ کے علاقے خان یونس میں 6 بیکریوں نے ایندھن کی قلت کے باعث کام معطل کر دیا ہے، کیوں کہ اسرائیل نے پٹی میں داخل ہونے والی تمام امداد پر اپنی ناکہ بندی جاری رکھی ہوئی ہے، اور امدادی ٹرکوں کو داخل نہیں ہونے دیا جا رہا۔

  • اسرائیلی فوج کی بربریت جاری، ایک اور حماس کمانڈر شہید

    اسرائیلی فوج کی بربریت جاری، ایک اور حماس کمانڈر شہید

    رام اللہ : اسرائیلی فوج کے مظالم کا سلسلہ نہ تھم سکا، مغربی کنارے میں گزشتہ کئی روز سے جاری بربریت کے دوران حماس کے مقامی کمانڈر کو شہید کردیا۔ 

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق اسرائیلی فوج نے گزشتہ روز شمالی مغربی کنارے کے شہر جنین کے مشرق میں فوجی آپریشن کے دوران حماس کی قاسم بریگیڈز کے ایک سینئر کمانڈر ایسر السعدی اور ایک فلسطینی شہری کو  شہید کر دیا۔

    یہ مذموم کارروائی اسرائیلی فوج  نے جینن شہر میں عسکریت پسندوں کے خلاف اپنے آپریشن کو مزید وسیع دینے کا اعلان کے بعد کی۔

    اسرائیلی فوج کے ترجمان نے بتایا کہ اس کے دستوں نے شمالی مغربی کنارے میں "انسداد دہشت گردی آپریشن” کو جینن کے دیگر علاقوں تک وسعت دی ہے۔

    دوسری جانب حماس نے اپنے ایک جاری بیان میں ایسر السعدی کی شہادت پر اظہارِ تعزیت کرتے ہوئے انہیں اپنے  عزالدین القسام بریگیڈز کا کمانڈر قرار دیا ہے۔ حماس نے اسرائیل پر الزام عائد کیا ہے کہ وہ مزاحمت کا مقابلہ کرنے میں ناکامی کے بعد قتل کا سہارا  لے رہا ہے۔

    فلسطینی سیکیورٹی ذرائع اور عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ اسرائیلی فورسز  نے جنین کے مشرقی محلے میں کئی رہائشی عمارتوں کو بڑی کمک کی مدد سے گھیر لیا۔ جس کے بعد وہاں فوجیوں نے پرتشدد کارروائیاں کیں۔

    علاوہ ازیں اقوام متحدہ کے مطابق غزہ جنگ کے دوران تقریباً 40ہزار فلسطینی اپنے گھر بار چھوڑنے پر مجبور ہوئے اور وہ قریبی قصبوں اور دیہات میں پناہ لینے پر مجبور ہیں۔ یہ کئی دہائیوں میں ہونے والی سب سے بڑی بے دخلی ہے۔

    اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ اس کا مقصد فلسطینیوں کو بے گھر کرنا نہیں تھا لیکن اسرائیلی وزیر دفاع اسرائیل کاٹز نے گزشتہ ماہ کہا تھا کہ انہوں نے فوج کو حکم دیا ہے کہ بے گھر ہونے والے فلسطینیوں کو اپنے گھروں کو واپس آنے کی اجازت نہ دی جائے۔

    اپنے بیان میں ان کا کہنا تھا کہ اسرائیلی فوج ان علاقوں میں کئی مہینوں تک موجود رہے گی۔

    اقوام متحدہ کے مطابق7 اکتوبر کے حملوں کے بعد سے اب تک مغربی کنارے میں 800 سے زائد فلسطینی مارے جاچکے ہیں، جن میں سینکڑوں عام شہری بھی شامل ہیں۔

  • جنین میں اسرائیلی حملے میں متعدد عمارتیں ملبے کا ڈھیر بن گئیں، 6 فلسطینی شہید

    جنین میں اسرائیلی حملے میں متعدد عمارتیں ملبے کا ڈھیر بن گئیں، 6 فلسطینی شہید

    جنین: گزشتہ روز کے صہیونی فوج کے حملے میں مغربی کنارے کے شہر جنین کی متعدد عمارتیں ملبے کا ڈھیر بن گئیں، 16 سالہ لڑکے سمیت 6 فلسطینی بھی شہید ہو گئے۔

    فلسطینی وزارت خارجہ نے اسرائیلی فوج کی کارروائیوں کو وحشیانہ قرار دیا ہے، فلسطینی صدر محمود عباس نے جنین اور طولکرم کیمپوں میں رہائشی عمارتوں کی تباہی کو روکنے کے لیے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس بلانے کا مطالبہ کر دیا ہے۔

    مغربی کنارے کے جنوبی علاقے اروب میں بھی صہیونی فوج نے 27 سالہ محمد امجد حدوش کو شہید کر دیا، واضح رہے کہ جنوری کے وسط سے اب تک اسرائیل مغربی کنارے میں 50 فلسطینیوں کو شہید کر چکا ہے۔

    غزہ میں جنگ بندی کے باوجود اسرائیلی فضائیہ کا حملہ

    اسرائیلی فوج نے غزہ جنگ بندی معاہدے کی بھی خلاف ورزی کی، اور وسطی غزہ میں گاڑی پر فضائی حملے میں 4 فلسطینی زخمی ہو گئے۔

    اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو امریکا کے دورے پر روانہ ہو گئے ہیں، جانے سے پہلے انھوں نے کہا کہ انھوں نے مشرق وسطی کا نقشہ تبدیل کر دیا ہے، اب صدر ٹرمپ کے ساتھ مل کر مزید بہتری لائیں گے۔ دوسری طرف خبر رساں ایجنسی کے مطابق حماس کا وفد آج ماسکو میں روسی وفد کے ساتھ ملاقات کرے گا۔