Tag: جنیوا

  • عالمی ادارہ صحت نے کرونا وائرس پر ہیلتھ ایمرجنسی کا اعلان کر دیا

    عالمی ادارہ صحت نے کرونا وائرس پر ہیلتھ ایمرجنسی کا اعلان کر دیا

    جنیوا: ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن (WHO ) نے چین سے دنیا بھر میں پھیلنے والے نئے اور مہلک کرونا وائرس پر عالمی ہیلتھ ایمرجنسی کا اعلان کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق عالمی ادارہ صحت نے کرونا وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد بڑھنے پر صحت سے متعلق عالمی ایمرجنسی نافذ کر دی ہے، ادارے نے کہا ہے کہ کم زور صحت کے نظام والے ممالک میں وائرس کے پھیلاؤ کا خدشہ ہے، وائرس کو مزید پھیلنے سے روکنے کی لیے مل کر کام کرنا ہوگا۔

    ڈی جی ڈبلیو ایچ او ڈاکٹر ٹیڈروس ایڈھانم نے کہا کہ ایمرجنسی کا مقصد صورت حال سے نمٹنے کے لیے اقدامات کو تیز کرنا ہے، چین پر تجارتی یا سفری پابندیوں کی سفارش نہیں کر رہے۔

    چین کے ہیلتھ کمیشن نے آج رپورٹ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ کرونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 9692 ہو گئی ہے جب کہ کم از کم 213 افراد اس کا شکار ہو کر ہلاک ہو چکے ہیں۔

    پاکستان نے چین کے لیے فلائٹ آپریشن معطل کر دیا

    پاکستان نے بھی کرونا وائرس کی روک تھام کے لیے چین کا فلائٹ آپریشن معطل کر دیا ہے جب کہ امپورٹ‌ کی جانے والی اشیا کو فیومیگیشن کے بعد کلیئر کرنے کی ہدایت جاری کی گئی ہے، اس سلسلے میں پاکستان کے تمام ہوائی اڈوں پر آنے والے تمام اور بالخصوص خلیجی ممالک سے آنے والے مسافروں کی سخت اسکریننگ شروع کر دی گئی ہے۔

    سی اے اے کے مطابق چین کے ساتھ براہ راست پروازیں 2 فروری تک منقطع رہیں گی، صورت حال کو دیکھ کر مستقبل کا فیصلہ کیا جائے گا، فلائٹ آپریشن معطل کرنے کا فیصلہ حفاظتی اقدامات کے تحت کیا گیا، 2 فروری تک کسی بھی ایئر پورٹ سے چین کے لیے براہ راست پروازیں آپریٹ نہیں ہوں گی۔

  • پناہ گزینوں کے لیے بہت کچھ کرنے کی ضرورت ہے، سیکریٹری جنرل

    پناہ گزینوں کے لیے بہت کچھ کرنے کی ضرورت ہے، سیکریٹری جنرل

    جنیوا: اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیوگوتریس نے کہا کہ پناہ گزینوں کے لیے بہت کچھ کرنے کی ضرورت ہے، عالمی برادری کو پناہ گزینوں کے لیے مل کرکام کرنا ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق سوئٹزرلینڈ کے شہر جنیوا میں پناہ گزینوں کے پہلے عالمی فورم سے خطاب کرتے ہوئے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیوگوتریس نے کہا کہ پناہ گزینوں کے لیے بہت کچھ کرنے کی ضرورت ہے۔

    سیکریٹری جنرل نے فورم کے انعقاد میں شمولیت پر پاکستان اور دیگرممالک کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ مہاجرین کو پناہ دینے پر پاکستان اور دیگرممالک کے شکرگزار ہیں۔

    انتونیوگوتریس نے کہا کہ ماحولیاتی تبدیلیوں، معاشی حالات سے مہاجرین کی تعداد بڑھ رہی ہے، عالمی برادری کو پناہ گزینوں کے لیے مل کر کام کرنا ہوگا۔

    سیکریٹری جنرل کا کہنا تھا کہ دنیا میں امن وسلامتی کے بڑھتے چیلنجز کی وجہ سے پناہ گزینوں کا مسئلہ بہت اہمیت اختیار کر گیا ہے، بدقسمتی سے کئی ممالک نے اپنے دروازے پناہ گزینوں پر بند کیے ہوئے ہیں۔

    واضح رہے کہ عالمی پناہ گزین فورم، 21ویں صدی کا پہلا بڑا اجلاس ہے جس کی مشترکہ میزبانی اقوام متحدہ ہائی کمشنر برائے پناہ گزین اور سوئٹرزلینڈ کی حکومت کر رہے ہیں۔

  • مقبوضہ کشمیر میں مسلمان اکثریت کو اقلیت میں بدلنے کا منصوبہ ہے: وزیر اعظم

    مقبوضہ کشمیر میں مسلمان اکثریت کو اقلیت میں بدلنے کا منصوبہ ہے: وزیر اعظم

    جنیوا: وزیر اعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں مسلمان اکثریت کو اقلیت میں بدلنے کا منصوبہ ہے۔ عالمی برادری کو اس کا نوٹس لینا چاہیئے، 80 لاکھ کشمیریوں کو قید کر دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے جنیوا میں گلوبل ریفیوجی فورم سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پہلے ریفیوجی گلوبل فورم کے انعقاد پر خوشی ہے، اس فورم کے انعقاد پر سوئس حکومت اور یو این ایچ سی آر کا شکریہ۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ ہمارے نبی ﷺ مہاجر تھے، پاکستان غریب ہونے کے باوجود 30 لاکھ مہاجرین کی میزبانی کر رہا ہے۔ سب سے زیادہ مہاجرین کو پناہ دینے پر ترک صدر اور قوم کو مبارکباد دیتا ہوں۔

    انہوں نے کہا کہ پاکستان کو خود بے روزگاری کے مسائل کا سامنا ہے، ایسے حالات کا خاتمہ کرنا ہوگا جس سے لوگ مہاجر بنتے ہیں۔ پاکستان کو افغان پناہ گزینوں کی 40 سال سے زیادہ میزبانی پر فخر ہے۔ پاکستان افغانستان میں امن عمل کے لیے بھرپور کوشش کر رہا ہے۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ بھارت نے 5 اگست کو کشمیری عوام کا محاصرہ کیا۔ 80 لاکھ کشمیریوں کو قید کر دیا گیا۔ انٹرنیٹ اور مواصلات معطل کردی گئی۔ مقبوضہ کشمیر میں مسلمان اکثریت کو اقلیت میں بدلنے کا منصوبہ ہے۔ عالمی برادری کو اس کا نوٹس لینا چاہیئے۔

    انہوں نے کہا کہ کرفیو اٹھے گا تو کیا ہوگا، مقبوضہ کشمیر میں 9 لاکھ بھارتی فوجی ہیں۔ احتیاط علاج سے بہتر ہے، دنیا کو بھارت پر دباؤ ڈال کر بحران کو روکنا چاہیئے۔ پاکستان صرف پناہ گزینوں کے حوالے سے فکر مند نہیں۔ دو ایٹمی طاقتوں میں کشیدگی بڑھی تو کیا ہوگا اس کا خدشہ ہے۔

    وزیر اعظم نے کہا کہ آسام میں 20 لاکھ افراد جن میں بیشتر مسلمان ہیں، کو شہریت کے ثبوت دینے کا کہا گیا۔ مسلمانوں کے علاوہ تمام لوگوں کو بھارت کی شہریت دینے کا قانون لایا گیا۔ پاکستان میں 20 کروڑ مسلمان ہیں، اس کا کیا اثر ہوگا سمجھنے کی ضرورت ہے، اگر بحران پیدا ہوا تو قابو پانا مشکل ہوگا۔

    انہوں نے کہا کہ عالمی برادری نوٹس لے، پڑوس میں کچھ ہوا تو اثرات پاکستان پر بھی ہوں گے۔ ہمارے ملکی وسائل ایسے نہیں کہ مزید مہاجرین کا بوجھ اٹھا سکیں۔ بے بس اور بے وسیلہ مہاجرین کے مسائل کا امیر ملک ادراک نہیں کر سکتے۔

  • وزیر اعظم عمران خان سوئٹزرلینڈ کے شہر جنیوا پہنچ گئے

    وزیر اعظم عمران خان سوئٹزرلینڈ کے شہر جنیوا پہنچ گئے

    جنیوا: وزیر اعظم عمران خان سوئٹزرلینڈ کے شہر جنیوا پہنچ گئے، ایئرپورٹ پر پاکستانی سفیر نے ان کا استقبال کیا، وزیر اعظم آج اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل سے ملاقات کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان سوئٹزر لینڈ میں منعقد ہونے والے عالمی مہاجرین فورم میں شرکت کے لیے جنیوا پہنچ گئے ہیں، جنیوا میں وزیر اعظم پاکستان یو این سیکریٹری جنرل سمیت عالمی رہنماؤں سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔

    وزیر اعظم گلوبل رفیوجی فورم میں افغان پناہ گزینوں سے متعلق خطاب کریں گے، اور فورم میں پاکستانی مؤقف پیش کریں گے۔

    خیال رہے کہ سوئٹزرلینڈ میں اقوام متحدہ کمیشن برائے مہاجرین اور سوئس حکومت کے اشتراک سے عالمی مہاجرین فورم کا آغاز ہو گیا ہے، یہ فورم کل 18 دسمبر تک جاری رہے گا، وزیر اعظم عمران خان عالمی مہاجرین فورم میں خصوصی شرکت کر رہے ہیں۔

    یہ بھی پڑھیں:  سوئٹزر لینڈ میں عالمی مہاجرین فورم، وزیر اعظم شرکت کریں گے

    گزشتہ روز وزیر اعظم آفس کے ترجمان نے بتایا تھا کہ وزیر اعظم سوئٹزر لینڈ میں عالمی مہاجرین فورم کی مشترکہ صدارت بھی کریں گے، ترک صدر طیب اردگان، کوسٹاریکا، ایتھوپیا اور جرمنی کے سربراہان بھی اس فورم کا حصہ ہوں گے۔

    وزیر اعظم آفس ترجمان کا کہنا تھا کہ عمران خان فورم میں 40 سال تک افغان مہاجرین کی میزبانی کا ذکر کریں گے، وزیر اعظم فورم کے شرکا کو مہاجرین کے حوالے سے تجربات، اپنی رائے اور حکومتی کاوشوں سے بھی آگاہ کریں گے۔

    ادھر اقوام متحدہ کمیشن برائے مہاجرین کی جانب سے فن کاروں کی مہاجرین یک جہتی ویڈیو جاری کر دی گئی ہے جس میں مہاجرین کے مسائل کو اجاگر کیا گیا ہے، اس فورم کے مقاصد میں مہاجرین کی صحت، تحفظ، تعلیم، روزگار اور اقامت کی بہتری شامل ہیں، خیال رہے کہ پاکستان 40 سال سے مہاجرین کا میزبان رہا ہے۔

  • سوئٹزر لینڈ میں عالمی مہاجرین فورم، وزیر اعظم شرکت کریں گے

    سوئٹزر لینڈ میں عالمی مہاجرین فورم، وزیر اعظم شرکت کریں گے

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان سوئٹزر لینڈ میں منعقد ہونے والے عالمی مہاجرین فورم میں شرکت کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم آفس کے ترجمان نے کہا ہے کہ سوئٹزرلینڈ میں اقوام متحدہ اور سوئس حکومت کے اشتراک سے 17 اور 18 دسمبر کو عالمی مہاجرین فورم کا انعقاد کیا جا رہا ہے، جس کے لیے وزیر اعظم عمران خان بھی 17 دسمبر کو جنیوا، سوئٹزرلینڈ پہنچیں گے۔

    ترجمان کے مطابق وزیر اعظم سوئٹزر لینڈ میں عالمی مہاجرین فورم کی مشترکہ صدارت کریں گے، ترک صدر طیب اردگان، کوسٹاریکا، ایتھوپیا اور جرمنی کے سربراہان بھی اس فورم کا حصہ ہوں گے۔

    تازہ ترین:  وزیر اعظم بحرین روانہ، روانگی سے قبل امریکی سینیٹر سے ملاقات

    وزیر اعظم آفس ترجمان کا کہنا ہے کہ عمران خان فورم میں 40 سال تک افغان مہاجرین کی میزبانی کا ذکر کریں گے، وزیر اعظم فورم کے شرکا کو مہاجرین کے حوالے سے تجربات، اپنی رائے اور حکومتی کاوشوں سے بھی آگاہ کریں گے۔

    وزیر اعظم جنیوا میں قیام کے دوران عالمی رہنماؤں اور اقوام متحدہ حکام سے ملاقاتیں کریں گے، پروگرام کے مطابق وزیر اعظم، اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کے ظہرانے میں بھی شرکت کریں گے۔

    خیال رہے کہ وزیر اعظم عمران خان آج دورے پر بحرین چلے گئے ہیں، زلفی بخاری بھی ان کے ہم راہ ہیں، بحرین کے فرماں روا احمد بن عیسیٰ الخلیفہ نے وزیر اعظم کو دورے کی دعوت دی تھی۔

  • پاکستان کی عالمی سطح پرایک اوربڑی سفارتی کامیابی

    پاکستان کی عالمی سطح پرایک اوربڑی سفارتی کامیابی

    اسلام آباد: جنیوامیں پاکستان کےمستقل مندوب خلیل ہاشمی کو روایتی ہتھیاروں کے کنونشن کےسالانہ اجلاس کا چیئرمین منتخب کرلیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان کی عالمی سطح پرایک اوربڑی سفارتی کامیابی سامنے آئی ہے، پاکستان کو روایتی ہتھیاروں کےکنونشن کےسالانہ اجلاس کی چیرمین شپ مل گئی ہے۔

    اس حوالے سے ترجمان دفتر خارجہ نے بتایا کہ روایتی ہتھیاروں کاکنونشن تجدیداسلحہ فریم ورک کااہم جزوہے، کنونشن متعددروایتی ہتھیاروں پرپابندی سےمتعلق ہے۔

    ترجمان کا کہنا ہے کہ کنونشن متعددمہلک ہتھیاروں کی روک تھام پرمبنی ہے جب کہ کنونشن 5 پروٹو کولزسمیت انسانیت کوخطرات میں توازن فراہم کرتاہے۔

    ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق رکن ممالک کاکنونشن کےحقیقی اطلاق کیلئے سالانہ اجلاس ہوتاہے جس میں خطرات سےنمٹنےکیلئےاضافی پروٹوکولزمرتب کیےجاتےہیں، رواں سال کے اجلاس میں ہتھیاروں اورکنونشن کی مالیاتی موذوئیت کاجائزہ لیا جائےگا۔

    ترجمان نے کہا کہ پاکستان کامتفقہ طورپرانتخاب عالمی برادری کااظہار اعتمادہے، پاکستان کاانتخاب بذریعہ تجدیداسلحہ عالمی سلامتی کیلئےخدمات کامظہر ہے، پاکستان کامنتخب ہونا اورمضبوط کثیرالجہتی سفارتکاری کاثبوت ہے۔

  • مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالی پر تشویش ہے: ترجمان اقوام متحدہ

    مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالی پر تشویش ہے: ترجمان اقوام متحدہ

    جنیوا: اقوام متحدہ کے ترجمان برائے انسانی حقوق روپرٹ کول ویل نے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت وادی میں فوری طور پر انسانی حقوق کو بحال کرے۔

    تفصیلات کے مطابق یو این ترجمان برائے انسانی حقوق نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ انھیں مقبوضہ کشمیر کو انسانی حقوق سے محروم کرنے پر تشویش لا حق ہے، بھارت انسانی حقوق بحال کرے، وادیٔ کشمیر کے بڑے حصوں میں ابھی بھی کرفیو موجود ہے۔

    ترجمان روپرٹ کول ویل کا کہنا تھا کہ جموں و کشمیر میں معمولی مظاہروں کے دوران شارٹ گن اور ربڑ کی گولیوں کا استعمال بھی کیا جا رہا ہے، ایسے پانچ واقعات میں کم از کم 6 ہلاکتوں اور متعدد شہریوں کے زخمی ہونے کی غیر مصدقہ اطلاعات ہیں۔

    یہ بھی پڑھیں:  مقبوضہ کشمیر میں کرفیو کا 86واں روز، کشمیری گھروں میں محصور

    ترجمان نے مزید کہا کہ تین سابق وزرائے اعلیٰ سمیت سیکڑوں سیاسی قائدین حراست میں رکھے گئے ہیں، حراست میں رکھے جانے والے لوگوں پر تشدد اور ان کے ساتھ نا مناسب سلوک کے متعدد الزامات موصول ہوئے ہیں، ایسے تمام واقعات کی آزادانہ اور غیر جانب دارانہ تحقیقات ہونی چاہیے۔

    انھوں نے کہا کہ میڈیا پر پابندی عائد ہے، تین ماہ میں چار صحافیوں کو مبینہ طور پر گرفتار کیا جا چکا ہے، بھارتی سپریم کورٹ بھی کشمیر میں پابندیوں کے حوالے سے متفرق درخواست پر سست روی کا مظاہرہ کر رہی ہے۔

    واضح رہے کہ مودی سرکار کی جانب سے آرٹیکل 370 اے ختم کرنے کے بعد مقبوضہ کشمیر میں 86 ویں روز بھی کرفیو جاری ہے، وادی میں ذرایع مواصلات سمیت اسکول، کالجز اور تجارتی مراکز بھی بند پڑے ہیں۔

  • پاکستان افغان مہاجرین کے لیے اربوں ڈالر خرچ کر رہا ہے: شہریار آفریدی

    پاکستان افغان مہاجرین کے لیے اربوں ڈالر خرچ کر رہا ہے: شہریار آفریدی

    جنیوا: وزیر مملکت برائے سرحدی امور (سیفران) شہریار آفری کا کہنا ہے کہ پاکستان افغان مہاجرین کی مدد کے لیے اربوں ڈالر خرچ کر رہا ہے، دنیا سے کچھ نہیں مانگا صرف خدمات کا اعتراف چاہتے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق جنیوا میں پاکستان، ایران، افغانستان اور اقوام متحدہ کے نمائندے پر مشتمل کیو فور اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں افغان مہاجرین کی رضا کارانہ واپسی کے فریم ورک کی 3 نکاتی پالیسی پر اتفاق کیا گیا۔

    اجلاس میں فریقین نے عالمی برادری سے مہاجرین اور میزبان ممالک کے لیے نئے پراجیکٹس کا مطالبہ کیا۔ کیو فور گروپ نے مہاجرین کی رضا کارانہ واپسی میں درپیش مسائل کی نشاندہی کی اور ان کے تدارک پر زور دیا۔

    اجلاس میں دسمبر میں گلوبل رفیوجی فورم میں افغان مہاجرین کی امداد کا معاملہ اٹھانے پر اتفاق کرتے ہوئے کہا گیا کہ افغان مہاجرین کی میزبانی میں مسائل کے حل کے لیے کوششیں کی جائیں گی۔ شرکا نے افغان مہاجرین کی رضا کارانہ واپسی کو جلد ممکن بنانے پر بھی اتفاق کیا۔

    وزیر مملکت برائے سرحدی امور (سیفران) شہریار آفریدی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان افغان مہاجرین کی مدد کے لیے اربوں ڈالر خرچ کر رہا ہے، دنیا سے کچھ نہیں مانگا صرف خدمات کا اعتراف چاہتے ہیں۔

    شہریار آفریدی نے کہا کہ افغان مہاجرین کو پاکستان میں ہر سہولت فراہم کی جارہی ہے، مہاجرین کو سوشل سروس، تعلیم، صحت اور دیگر سہولتیں میسر ہیں۔ افغان مہاجرین کو بینک اکاؤنٹس کھولنے کی سہولت بھی دی ہے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ چاہتے ہیں دنیا مہاجرین کا بوجھ اٹھانے میں کردار ادا کرے، دنیا امن کے لیے پاکستان کی بے مثال قربانیوں کو تسلیم کرے۔ ترقی یافتہ ممالک مہاجرین کی وطن واپسی کے لیے کردار ادا کریں۔

    خیال رہے کہ وزیر مملکت شہریار آفریدی جنیوا میں اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے مہاجرین (یو این ایچ سی آر) کی ایگزیکٹیو کمیٹی کے اجلاس میں شریک ہیں۔

    اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے شہریار آفریدی کا کہنا تھا کہ آج 26 ملین مہاجرین دنیا کے لیے باعث پریشانی ہیں، پاکستان نے عالمی تنازعات کے حل کے لیے بھرپور کردار ادا کیا۔ پاکستان نے 40 لاکھ افغان مہاجرین کو پناہ دے کر تاریخ رقم کی۔

    انہوں نے کہا کہ مہاجرین کے مسائل اور تنازعات کے حل کے لیے مل کر کوشش کرنا ہوگی، عالمی برادری کو جنگوں کے خلاف برسر پیکار ہونا ہوگا۔ 85 فیصد مہاجرین کو ترقی پذیر ممالک سپورٹ کر رہے ہیں، ترقی یافتہ اقوام کی مہاجرین کی امداد میں شمولیت ضروری ہے۔

  • پاکستان نے عالمی تنازعات کے حل کے لیے بھرپور کردار ادا کیا: شہریار آفریدی

    پاکستان نے عالمی تنازعات کے حل کے لیے بھرپور کردار ادا کیا: شہریار آفریدی

    جنیوا: وزیر سرحدی امور و انسداد منشیات شہریار خان آفریدی کا کہنا ہے کہ پاکستان نے عالمی تنازعات کے حل کے لیے بھرپور کردار ادا کیا، پاکستان نے 40 لاکھ افغان مہاجرین کو پناہ دے کر تاریخ رقم کی۔

    تفصیلات کے مطابق جنیوا میں اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے مہاجرین (یو این ایچ سی آر) کی ایگزیکٹیو کمیٹی کا 70 واں اجلاس ہوا۔ وزیر سیفران و انسداد منشیات شہریار خان آفریدی نے اجلاس میں خطاب کیا۔

    اپنے خطاب میں شہریار آفریدی کا کہنا تھا کہ آج 26 ملین مہاجرین دنیا کے لیے باعث پریشانی ہیں، پاکستان نے عالمی تنازعات کے حل کے لیے بھرپور کردار ادا کیا۔ پاکستان نے 40 لاکھ افغان مہاجرین کو پناہ دے کر تاریخ رقم کی۔

    انہوں نے کہا کہ مہاجرین کے مسائل اور تنازعات کے حل کے لیے مل کر کوشش کرنا ہوگی، عالمی برادری کو جنگوں کے خلاف برسر پیکار ہونا ہوگا۔ 85 فیصد مہاجرین کو ترقی پذیر ممالک سپورٹ کر رہے ہیں، ترقی یافتہ اقوام کی مہاجرین کی امداد میں شمولیت ضروری ہے۔

    شہریار آفریدی کا کہنا تھا کہ پاکستان مالی مسائل کے باوجود لاکھوں افغان مہاجرین کی امداد کر رہا ہے، پاکستان نے وسائل افغان مہاجرین کے لیے کھول رکھے ہیں، سرکاری ادارے ان کی ہر ممکن امداد کر رہے ہیں۔

    انہوں نے مزید کہا کہ وزیر اعظم عمران خان دسمبر میں جنیوا گلوبل فورم کے مشترکہ کنوینر ہوں گے۔

  • وزیر خارجہ کی جنیوا میں یو این سفرا، مستقل مندوبین کو مقبوضہ کشمیر پر بریفنگ

    وزیر خارجہ کی جنیوا میں یو این سفرا، مستقل مندوبین کو مقبوضہ کشمیر پر بریفنگ

    جنیوا: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اقوام متحدہ میں تعینات سفیروں اور مستقل مندوبین سے ملاقات کر کے ان کے ساتھ مقبوضہ کشمیر کی تشویش ناک صورت حال پر تبادلہ خیال کیا۔

    تفصیلات کے مطابق شاہ محمود نے انسانی حقوق کونسل کے اجلاس کے سلسلے جنیوا میں موجودگی کے دوران یو این سفیروں اور مستقل مندوبین کو بھارت کے غیر آئینی اقدامات اور ان کے مضمرات سے آگاہ کیا۔

    شاہ محمود قریشی نے کہا کہ بھارت کی جانب سے انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں عروج پر ہیں، مقبوضہ کشمیر میں یک طرفہ اقدام یو این قراردادوں کی خلاف ورزی ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  وزیر خارجہ کی او آئی سی گروپ کے سفرا سے ملاقات

    وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ کشمیری بھارتی مظالم سے نجات کے لیے عالمی برادری کی طرف دیکھ رہے ہیں، کشمیریوں کو بھارتی بربریت سے بچانے کے لیے دنیا کو کردار ادا کرنا ہوگا۔

    قبل ازیں، وزیر خارجہ شاہ محمود نے تنظیم تعاون اسلامی (او آئی سی) گروپ کے سفرا سے بھی ملاقات کی، انھوں نے کہا کہ بھارت نے اب تک نہتے کشمیریوں کو کرفیو لگا کر محصور کر رکھا ہے۔

    خیال رہے کہ وزیر خارجہ نے اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ مقبوضہ کشمیر میں اشیائے خور و نوش اور دواؤں کی شدید قلت ہے، بھارت نے مقبوضہ کشمیر کو دنیا کی سب سے بڑی جیل بنا رکھا ہے۔