Tag: جوائنٹ ایکشن کمیٹی

  • جوائنٹ ایکشن کمیٹی  کا آزاد کشمیر میں ہڑتال اور احتجاج ختم کرنے کا اعلان

    جوائنٹ ایکشن کمیٹی کا آزاد کشمیر میں ہڑتال اور احتجاج ختم کرنے کا اعلان

    مظفرآباد : جوائنٹ ایکشن کمیٹی نے مطالبات تسلیم ہونے پر آزاد کشمیر میں ہڑتال اور احتجاج ختم کرنے کا اعلان کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق جوائنٹ ایکشن کمیٹی نے آزاد کشمیر میں ہڑتال اور احتجاج ختم کرنےکااعلان کردیا، حکومت نے اِس سے پہلے مظاہرین کے تمام مطالبات مان لیے تھے۔

    عوامی ایکشن کمیٹی نے مشترکہ اجلاس کے بعد اعلامیہ جاری کیا ، جس میں کہا کہ دوران احتجاج جاں بحق3 نوجوانوں کا قصاص ادا کیا جائے۔

    ،اعلامیے میں کہا گیا کہ شہدائے تحریک عوامی حقوق کےنام سےشہداکویادرکھاجائےگا، تمام مقدمات ختم اورگرفتارافرادکورہاکرنےپراتفاق ہوا۔

    میرپور، مظفرآباد میں پولیس تشدد کی تحقیقات کیلئےجوڈیشل کمیشن قائم کیاجائے اور جوڈیشل کمیشن کی تحقیقات منظرعام پرلا کر ذمہ داروں کوقرارواقعی سزادی جائے۔

    ریاست بھرمیں شٹرڈاؤن3بجے اورپہیہ جام ہڑتال ختم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، 3شہادتوں پرریاست بھرمیں آج یوم سوگ اور شٹر ڈاؤن ہڑتال کی جائے گی۔

    گذشتہ روز کشمیری حکومت نے عوامی ایکشن کمیٹی کا آٹے کی سبسڈی کامطالبہ منظور کرتے ہوئے آٹے کی قیمت میں فی من 1100روپے کمی کا نوٹیفکیشن جاری کیا تھا۔

    جاری نوٹیفکیشن میں کہا گیا تھا کہ 3100 روپے من کے بجائے آٹا 2000 روپے فی من ملے گا۔

    کمیٹی کا بجلی کی پیداواری لاگت میں کمی کا مطالبہ بھی منظور کرلیا تھا اور آزادکشمیر حکومت نے بجلی کی قیمتوں میں کمی کا نوٹیفکیشن بھی جاری کیا۔

    جس کے مطابق گھریلو صارفین کیلئے 100یونٹ تک 3روپے فی یونٹ ریٹ مقرر کیا گیا جبکہ 101سے300یونٹ تک گھریلوصارفین کیلئے 5روپے اور 300یونٹ سے زیادہ پر 6 روپےریٹ مقرر کیا ہے۔

    صنعتی صارفین کیلئے300یونٹ تک بجلی کاریٹ10روپے اور 300سےزائدیونٹس کا ریٹ 15 روپے مقرر کردیا گیا۔

  • جوائنٹ ایکشن کمیٹی اور حکومت کی سی اے اے ملازمین کے ساتھ مذاکرات ناکام

    جوائنٹ ایکشن کمیٹی اور حکومت کی سی اے اے ملازمین کے ساتھ مذاکرات ناکام

    اسلام آباد: پاکستان سوال ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے) ملازمین کی جوائنٹ ایکشن کمیٹی اور حکومت کے ساتھ مذاکرات ناکام ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق ملک کے 3 بڑے ایئرپورٹس کی آؤٹ سورسنگ کے معاملے پر جوائنٹ ایکشن کمیٹی اورحکومت کی سی اے اے ملازمین سے مذاکرات ناکام ہوگئے۔

    اسلام آباد انٹر نیشنل ایئرپورٹ پر یونین اور آفیسرز ایسوسی ایشن کا احتجاج اب بھی جاری ہے ملازمین نے پلے کارڈز بھی اٹھا رکھے ہیں، بازووں پر سیاہ پٹیاں باندھ رکھی ہیں۔

    سی اے اے ملازمین کا کہنا تھا کہ ایئرپورٹس کی آؤٹ سورسنگ نہیں ہونے دیں گے، مطالبات پورے ہونے تک احتجاجی تحریک جاری رہے گی اس تحریک کے دائرہ کار کو مزید وسیع کیا جائے گا۔

    سی اے اے ملازمین کام چھوڑ کر اسلام آباد ائیرپورٹ کے لاونجز میں جمع ہیں اور ائیرپورٹس کی آؤٹ سورسنگ کے خلاف شدید نعرے بازی کررہے ہیں اس احتجاج کے باعث ائیر لائنز اور مسافروں کو مشکلات کا سامنا ہے۔

  • شوکاز نوٹسز کے بعد پی آئی اے کے مزید 6انجینئرز اور ملازمین کی برطرفی

    شوکاز نوٹسز کے بعد پی آئی اے کے مزید 6انجینئرز اور ملازمین کی برطرفی

    کراچی: پی آئی اے ملازمین کے خلاف انضباطی کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے ،پی آئی اے ملازمین کی احتجاجی تحریک میں فعال ملازمین کی برطرفی کا سلسلہ شروع کردیا گیا ۔

    ذرائع کے مطابق شوکاز نوٹسز کے بعد6انجینئرز اور ملازمین کی برطرفی کے خطوط ارسال کردیے گئے،برطرف کیے جانے والے ملازمین کا تعلق شعبہ انجینئرنگ سے ہے، برطرف کیے جانے والوں میں اسسٹنٹ انجینئرز شعیب نور، امجدانصاری شامل ہیں، ٹرینی انجینئرز شعیب سلیم، اسد مفتی، نعیم اقبال اور سینئرٹیکنیشن راوٴ نعیم بھی برطرف ہونے والوں میں شامل ہیں۔

    ذرائع کے مطابق برطرف ملازمین نے جاری کردہ شوکاز نوٹس کا جواب بھی نہیں دیا تھا۔ ملازمین کے خلاف کارروائی پی آئی اے رولز اور لازمی سروسز ایکٹ کے تحت کی گئی۔ مزید درجنوں ملازمین کی برطرفی کے خطوط پر کارروائی جاری ہے۔

  • جوائنٹ ایکشن کمیٹی نے پی آئی اے بحالی منصوبہ تیارکرلیا

    جوائنٹ ایکشن کمیٹی نے پی آئی اے بحالی منصوبہ تیارکرلیا

    کراچی : جوائنٹ ایکشن کمیٹی نے پی آئی اے بحالی منصوبہ حتمی طور پر تیار کرلیا، ذرائع کے مطابق پی آئی اے بحالی منصوبہ کی تحریری شکل وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر عمل میں لائی گئی ہے۔

    جوائنٹ ایکشن کمیٹی مذکورہ پلان شہباز شریف کے ہمراہ وزیراعظم کے سامنے پیش کرے گی، وزیراعظم کی بیرون ملک سے واپس آمد کے بعد ممکنہ رابطہ کاروں نے جوائنٹ ایکشن کمیٹی کی وزیر اعظم سے ملاقات کے لئے اقدامات شروع کردیئے۔

    رابطہ کاروں کے ذریعے وزیر اعظم کے مشورے سے ملاقات کا وقت مقرر کیا جائے گا،پی آئی اے بحالی جوائنٹ ایکشن کمیٹی انتظامیہ کے ساتھ مل کر کرے گی۔

    انتظامیہ میں اہل افراد کی شمولیت کے لئے نام بھی منصوبے کے ساتھ پیش کئے جائیں گے،بحالی منصوبے کے مندرجات میں تحریر کیا گیا ہے کہ پی آئی اے بحالی کے لئے ملازمین کو ایک سال کی مہلت دی جائے۔

    ایک سال کے بعد بحالی نہ ہونے پر حکومت جو چاہے فیصلہ کرلے، ایوی ایشن پالیسی پر نظر ثانی کی جائے، اوراس سلسلے میں ایوی ایشن ماہرین پر مشتمل کمیٹی بنائی جائے۔

  • پی آئی اے جوائنٹ ایکشن کمیٹی نے احتجاج اورہڑتال ختم کرنے کااعلان

    پی آئی اے جوائنٹ ایکشن کمیٹی نے احتجاج اورہڑتال ختم کرنے کااعلان

    کراچی: پی آئی اے کے طیارے آٹھ دن بعد فضاؤں میں ہوں گے،جوائنٹ ایکشن کمیٹی نے احتجاج اورہڑتال ختم کرنے کااعلان کردیا ۔

    پی آئی اے ملازمین کی جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے سربراہ نے کہا کہ طیاروں اورمسافروں کی سیکورٹی کومدنظررکھتےہوئےہڑتال ختم کررہےہیں۔

    سہیل بلوچ نے بتایا کہ انہیں اب ایسی ضمانت ملی ہے جس کے بعد ہڑتال جاری رکھنے کاجواز نہیں رہتا ایکشن کمیٹی کے عہدیداوں نے بتایا کہ معاملات کو آگے بڑھانے کےسلسلے میں وزیراعلٰی شہبازشریف سے ملنے لاہورجارہے ہیں پی آئی اے کی ممکنہ نجکاری پرایکشن کمیٹی سولہ روز سے احتجاج کررہی تھی، آٹھ روز سے فلائٹ آپریشن بند تھا۔

  • قاتلوں کی گرفتاری تک فضائی آپریشن معطل رہے گا، جوائنٹ ایکشن کمیٹی

    قاتلوں کی گرفتاری تک فضائی آپریشن معطل رہے گا، جوائنٹ ایکشن کمیٹی

    کراچی : پی آئی اے جوائنٹ ایکشن کمیٹی نےملازمین کے قاتلوں کی گرفتاری تک دفاتر بند اورفضائی آپریشن معطل کرنے کااعلان کردیا۔

    پالپا نے ممبر پائلٹوں کو ائیرپورٹ جانے سے روک دیا۔ تفصیلات کے مطابق پی آئی اے ملازمین کی احتجاجی ریلی پر فائرنگ سے ہلاکتوں کے خلاف پی آئی اے جوائنٹ ایکشن کمیٹی کا اجلاس چیئرمین جوائنٹ ایکشن کمیٹی سہیل بلوچ کی زیر صدارت ہوا۔

    اجلاس میں شہداء کے قاتلوں کی گرفتاری تک فضائی آپریشن اور دفاتر بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا، چیئرمین جوائنٹ ایکشن کمیٹی سہیل بلوچ کا کہنا ہے کہ صبح سات سے آٹھ بجے تک تمام ملازمین جمع ہونگےاور پی آئی اے کے تمام شعبے مکمل طور پر غیر فعال رہیں گے۔

    سہیل بلوچ نے ڈی جی رینجرزسےواقعےکی شفاف تحقیقات کا مطالبہ کیا، ان کا کہنا ہے کہ جاں بحق ملازمین کےلواحقین اور زخمی ملازمین کی بھرپورمددکی جائےگی۔

    جوائنٹ ایکشن کمیٹی کا کہنا ہے کہ فائرنگ سے زخمی ہونیوالا ایچ آر اسسٹنٹ زبیر بھی دم توڑ گیا، جس کے بعد جاں بحق افرادکی تعداد تین ہوگئی ہے۔

  • کراچی: پی آئی اے احتجاجی ملازمین اور پو لیس میں جھڑپ، دو ملازم جاں بحق

    کراچی: پی آئی اے احتجاجی ملازمین اور پو لیس میں جھڑپ، دو ملازم جاں بحق

    کراچی: پی آئی اے ملازمین کے احتجاج کے دوران پولیس اور رینجرز نے دھاوابول دیا، آنسو گیس شیلنگ اور واٹر کینن کا استعمال کیا گیا، فائرنگ سے دو ملازم جاں بحق ہوگئے۔

    کراچی میں پی آئی اے کے ملازمین کی طرف سے مظاہرے کے دوران احتجاج کرنے والوں کی پولیس سے جھڑپ ہو ئی، پولیس اور رینجرز کی طرف سے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے آنسو گیس کا استعمال کیا گیا۔

    لازمی سروس کے قانون کے بعد حکومت نے ایک اور وار کیا، ملازمین کے جاری احتجاج کو کچلنے کے لئے حکومت فل ایکشن میں آگئی، ملازمین نےاحتجاجی ریلی نکالی، ریلی جب کارگو گیٹ پر پہنچی تو حکومت نے احتجاجی مظاہرین کا پانی کی توپوں سے استقبال کیا۔

    پی آئی اے ہیڈ آفس کا کارگو گیٹ میدان جنگ کا منظر پیش کر رہا تھا،پولیس اور رینجرز نے مظاہریں کو منشر کر نے کیلئے آنسو گیس کا استعمال بھی کیا اور ہوائی فائرنگ بھی کی گئی۔

    مظاہرین کے درمیان جھڑپ میں فائرنگ سے پی آئی اے کے ملازم عنایت رضا گولی لگنے سے زخمی ہوئے، جنہیں طبی امداد کیلئے نجی اسپتال منتقل کیا گیا،جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہوگئے۔

    پی آئی اے کی ممکنہ نجکاری کے خلاف پولیس اور مظاہرین کے احتجاج کی کوریج روکنے کی کوشش کی، سیکیورٹی اہلکاروں نے ڈیو ٹی پر مو جود صحا فیوں اور کیمرہ مین پر لا ٹھیاں برسائی۔

    پولیس اورقانون نافذ کرنے والے اداروں کی ہوائی فائرنگ سےچند ملازمین رخمی ہوگئے اور ان میں سے ایک رخمی جان کی بازی ہار گیا، جبکہ پولیس نے جوائنٹ ایکشن کمیٹی اور پپلزیونٹی کےعہدیداران کو حراست میں لےلیا۔


    دوسری جانب ڈی آئی جی ایسٹ کا کہنا تھا کہ پولیس اوررینجرزکو ہدایت تھی کہ سختی نہیں کرنی، پولیس کی جانب سے مظاہرین پر فائرنگ نہیں کی گئی۔

    رینجرز ترجمان کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں بھی کہا گیا ہے کہ رینجرز کی جانب سے فائرنگ نہیں کی گئی، پولیس اور رینجرز اہلکاروں کی جانب سے فائرنگ نہیں کی گئی تو فائرنگ کس نے کی۔

    ترجمان پی آئی اے دانیا گیلانی کا کہنا ہے کہ ملک بھر میں قومی ایئر لائن کا فلائٹ آپریشن معمول کے مطابق جاری ہے۔ پرامید ہیں تمام فلائٹس مقررہ وقت پر روانہ ہوں گی۔

    پی آئی اے کی نجکاری کے خلاف احتجاجی مظاہرے کے دوران زخمی ہونے والے گیارہ افراد کو جناح اسپتال منتقل کردیا گیاجبکہ ایک زخمی آغاخان اسپتال پہنچنے سے پہلے دم توڑگیا ۔


    Two dead as PIA workers clash with law enforcers by arynews

    جناح اسپتال کی جوائنٹ ایگزیکیٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر سیمی جمالی کے مطابق ایمرجنسی آپریشن تھیٹر میں دوران علاج پچاس سالہ سلیم اکبردم توڑ گئے ۔

    جبکہ فیصل کو آپریشن تھیٹر میں طبی امداد دی گئی ، دیگر زخمیوں میں 55 سالہ ہاشم رضا، 40 سالہ زبیر، 30 شفیق دلشاد ، 45 سالہ ارشد حسین جعفری ، 45 سالہ رفیق حسین، 40 سالہ رضوان حسن، 32 سالہ نادر، اور 35 سالہ امجد اقبال کو جناح اسپتال میں طبی امداد دی گئی ۔


    PIA employees and media dealt with in the same… by arynews

    اس کے علاوہ نجی ٹی وی کے ایک کیمرہ مین کو بھی طبی امداد دیکر اسپتال سے ڈسچارج کردیا گیا ، گلشن اقبال میں واقع کراچی کے نجی اسپتال میں پی آئی اے کے ایک ملازم عنایت رضا بھی دوران علاج دم توڑ گئے تھے ، گلشن اقبال کے نجی اسپتال میں مجموعی طور پر چار زخمیوں کو لایا گیا تھا ، لیاقت نیشنل اسپتال میں بھی تین زخمیوں کو طبی امداد دی گئی تھی۔

    واضح رہے کہ ملتان میں بھی احتجاجی ملازمین نے وزیر ا عظم اور ائیر لیگ کے پوسٹرز پھاڑ دیئے اور اپنا احتجاج ریکارڈ کروایا جبکہ فیصل آباد میں بھی پی آئی اے دفاتراحتجاج کےطورپربندکردیےگئے۔

     

     

  • پی آئی اے جوائنٹ ایکشن کمیٹی کاآج دفاترکی تالابندی کااعلان

    پی آئی اے جوائنٹ ایکشن کمیٹی کاآج دفاترکی تالابندی کااعلان

    کراچی: پی آئی اےجوائنٹ ایکشن کمیٹی نےآج پھردفاترکی تالابندی کااعلان کردیا۔ترجمان پی آئی اے کاکہنا ہے کہ تمام دفاتر آج سے کھل جائیں گے۔

    قومی ائیرلائن کی نجکاری کے معاملےپر پی آئی اے ملازمین کااحتجاج جاری ہے،پی آئی اےجوائنٹ ایکشن کمیٹی کاکہناہے کہ پی آئی اےکےتمام دفاترمیں آج مکمل تالہ بندی ہوگی۔کسی بھی افسرکودفاترمیں داخل نہیں ہونےدینگے۔

    دوسری جانب ملازمین کی یونین ایئرلیگ نے احتجاج سے لاتعلقی اختیارکرلی ہے،ادھرپاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن کے ترجمان کا کہناہےکہ پی آئی اے کےتمام دفاتر کل سے کھل جائیں گے،ملازمین کل سےدفاتر میں حاضری یقینی بنائیں۔

    ترجمان پی آئی اے کا کہنا ہے کہ ملازمین کا تحفظ یقینی بنایاجائے گا،تمام اقدامات کے بعد ملازمین کی ہڑتال کاکوئی جوازنہیں، ایوی ایشن ڈیویژن نے لازمی سروسزایکٹ کےتحت کارروائی پر غور شروع کردیاہے۔

  • پی آئی اے کی نجکاری: ہیڈ آفس سمیت تمام دفاترکی تالابندی کا اعلان

    پی آئی اے کی نجکاری: ہیڈ آفس سمیت تمام دفاترکی تالابندی کا اعلان

    کراچی : پی آئی اے جوائنٹ ایکشن کمیٹی نے قومی اسمبلی سے پاس کئے گئے ترمیمی بل کے خلاف کل سے پی آئی اے ہیڈ آفس اور پورے پاکستان میں تمام دفاتر کی تالابندی اور دو فروری سے پی آئی اے کا تمام فضائی آپریشن معطل کرنے کا اعلان کیا ہے۔

    جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے چیئرمین کیپٹن سہیل بلوچ نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ پی آئی اے پر شب خون مارتے ہوئے پی آئی اے کی نجکاری کے لئے آرڈیننس جاری کیا گیا تھا اس کے بعد قومی اسمبلی میں پی آئی اے کو پبلک کمپنی لمیٹڈ کا بل پاس کروایا گیا جو ہماری سمجھ سے بالاتر ہے۔

    انہوں نے کہا کہ حکومت اس اہم قومی اثاثے کو بیچنے کیلئے جلد بازی کامظاہرہ کیوں کررہی ہے۔ جوائنٹ ایکشن کمیٹی نے حکومت کو پانچ مطالبات پیش کیے ہیں۔

    جن میں قومی اسمبلی سے پاس کیے گئے ترمیمی بل کو فی الفور واپس لیا جائے، 26 فیصد شیئرز کی فروخت یا ایک فیصد شیئرز کی فروخت یا کسی بھی اسٹریٹجک پارٹنر کی بات ہو ہمیں کوئی بھی قبول نہیں۔

    جوائنٹ ایکشن کمیٹی کا کہنا تھا کہ ہمیں ایک موقع دیا جائے اگر ہم ادارے کی بحالی نہ کرسکے تو حکومت جو چاہے فیصلہ کرے ، ہم نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ ایوی ایشن پالیسی کو فی الفور ریویو کیا جائے اور اس سلسلے میں پی آئی اے کے ماہرین خورشید انور، کامران حسن اور صلاح الدین پر مشتمل ایک کمیٹی بنائی جائے جس میں جوائنٹ ایکشن کمیٹی کا ایک ممبر بھی شامل ہو۔

    ان مطالبات کی منظوری تک منگل سے پی آئی اے ہیڈ آفس اور پورے پاکستان میں تمام بکنگ آفس اور دفاتر دو فروری تک بند رکھے جائیں گے ، دو فروری کی صبح پی آئی اے کا تمام فضائی آپریشن معطل کردیں گے۔

    جوائنٹ ایکشن کمیٹی نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ محنت کشوں کی داد رسی کی جائے ، قومی پرچم بردار اس قومی اہم اثاثے کو نجکاری کی بھینٹ نہ چڑھایا جائے۔