Tag: جواد ظریف

  • ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف اسلام آباد پہنچ گئے

    ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف اسلام آباد پہنچ گئے

    اسلام آباد: ایرانی وزیر خارجہ محمد جواد ظریف پاکستان پہنچ گے، دورے کے دوران سول و عسکری قیادت سے ملاقات کریں گے، جس میں پاک ایران تعلقات، امریکا، ایران کشیدگی، مشرق وسطی کی صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق سفارتی ذرائع کا کہنا ہے ایرانی وزیر خارجہ محمد جواد ظریف آج دو روزہ دورے پر اسلام آباد پہنچے ہیں، اپنے دورے کے دوران وہ وزیراعظم عمران خان ،وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سمیت سول و عسکری قیادت سے ملاقاتیں کریں گے۔

    ملاقاتوں میں پاک ایران تعلقات، امریکا اور ایران کشیدگی اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا جبکہ دورے کے موقع پر پاک ایران وزرائے خارجہ کے درمیان باضابطہ دوطرفہ مذاکرات بھی ہوں گے۔

    ذرائع کے مطابق ایرانی وزیر خارجہ کا دورہ وزیر اعظم کے دورہ ایران کا فالو اپ ہے، اس موقع پر وزیر اعظم کے دورہ کے دوران ہونے والے فیصلوں پر عملدرآمد اور پیش رفت کا جائزہ لیا جائےگا۔

    دورے میں دو طرفہ مسائل کے حل بالخصوص سرحدی سیکیورٹی کے امور زیر غور آئیں گے اور ایران وزیر خارجہ پاکستانی قیادت سے علاقائی سیکیورٹی کی صورتحال پر بھی بات چیت کریں گے۔

    ملاقاتوں میں مشرق وسطی کی صورتحال اور امت کو درپیش مسائل بھی زیر غور آئیں گے۔ ایران پر امریکی پابندیاں، گیس پائپ لائن منصوبے سمیت دیگر امور پر بھی بات چیت ہوگی۔

    ایران کے تباہ کن روئیے کو لگام دی جائے، سعودی عرب کا سیکیورٹی کونسل کے نام خط

    خیال رہے ایرانی وزیرخارجہ جوادظریف اسے وقت میں پاکستان کے دورے پر ہیں، جب ایران اور امریکہ میں کشیدگی عروج پرہے۔

  • جوہری ڈیل میں‌ شامل ممالک معاہدے کی بقاء کیلئے زبانی دعوے کررہے ہیں، جواد ظریف

    جوہری ڈیل میں‌ شامل ممالک معاہدے کی بقاء کیلئے زبانی دعوے کررہے ہیں، جواد ظریف

    تہران : امریکی پابندیوں میں سختی کے بعد ایرانی وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے سفارتی کوششیں مزید تیز کرتے ہوئے کہا ہے کہ جوہری معاہدے میں شامل ممالک معاہدے کو بچانے کیلئے صرف زبانی دعوے کررہے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق امریکا کی جانب سے ایران پر نئی پابندیوں کے نفاذ اور یورپی ممالک کی طرف سے ایران کو بچانے کی کوششوں میں ناکامی کے بعد ایرانی وزیر خارجہ نے جوہری پروگرام کے معاہدے میں شامل ممالک پر زور دیا ہے کہ وہ ایران کے ساتھ طے پائے جوہری معاہدے کو بچانے کے لیے زبانی دعووں سے آگے بڑھ کر عملی اقدامات کریں۔

    ایرانی ٹی وی کے مطابق یورپی یونین کی طرف سے ایران کے ساتھ تجارتی امور جاری رکھنے کے لیے یورپی لائحہ عمل کے نام سے ایک نیا پروگرام شروع کرنے کا اعلان کیا گیا تھا مگر اب تک ایسے کسی پروگرام پر عمل درآمد نہیں کیا گیا۔

    دوسری جانب امریکا کی ایران پر پابندیوں میں سختی کے بعد ایرانی وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے سفارتی کوششیں مزید تیز کردیں۔

    گزشتہ روز ایک پریس کانفرنس سے خطاب میں جواد ظریف نے جوہری معاہدہ کرنے والے دوست ممالک جس میں یورپی یونین، فرانس، برطانیہ، چین اور روس شامل ہیں، کی سست روی کو تنقید کا نشانہ بنایا۔

    وزیر خارجہ جواد ظریف کا کہنا تھا کہ اب تک جوہری معاہدے کے شراکت دار ممالک اس معاہدے کو بچانے کے لیے صرف زبانی دعوے کرتے رہے ہیں، انہوں نے عملی طور پر کوئی قدم نہیں اٹھایا۔

    ان کا کہنا تھا کہ اگر عالمی برادری، جوہری معاہدے میں شامل ممالک اور چین اور روس جیسے دوست ممالک چاہیں تو جوہری معاہدے کو بچا سکتے ہیں، اس حوالے سے ایران کی طرف سے موثر اقدامات کئے گئے مگر معاہدے کے دوسرے شراکت داروں کی طرف سے ابھی تک کوئی موثر قدم نہیں اٹھایا گیا۔

  • شاہ محمود قریشی کا ایرانی ہم منصب سے رابطہ، سیلاب کی تباہ کاریوں پر اظہار افسوس

    شاہ محمود قریشی کا ایرانی ہم منصب سے رابطہ، سیلاب کی تباہ کاریوں پر اظہار افسوس

    اسلام آباد: وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے ایرانی ہم منصب جواد ظریف کو ٹیلی فون کیا، جس میں ایران میں سیلاب سے ہونے والے نقصان پر گہرے دکھ کا اظہار کیا.

    اس موقع پر شاہ محمود قریشی نے قدرتی آفت میں 70 سے زائد قیمتی جانوں کے ضیاع پر اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ ریسکیو سرگرمیوں میں ایرانی حکومت کی مدد کرنے کے لئے تیار ہیں،

    وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ 2 سی ون30 طیارےریسکیوسامان لے کرایران روانہ ہو رہے ہیں، طیاروں سے بنیادی ضروری سامان متاثرین کو فراہم کیا جائے گا.

    اس موقع پر ایرانی وزیرخارجہ جواد ظریف نے مشکل گھڑی میں ساتھ دینے پر شاہ محمود قریشی اور پاکستان کا شکریہ ادا کیا.

    مزید پڑھیں: ایران میں بارش اور سیلاب سے ہلاکتوں کی تعداد 70 ہوگئی

    خیال رہے کہ ایران میں بارش کے بعد آنے والے سیلاب سے ہلاکتوں کی تعداد 70 ہوگئی، 791 افراد زخمی، 4 لاکھ افراد بے گھر اور سیلاب نے 13 صوبوں کو متاثر کیا۔

    غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق ایران میں بارش کے بعد آنے والے سیلاب نے ہر طرف تباہی مچادی.

    محکمہ موسمیات نے صوبہ خوزستان میں مزید تیز بارشوں کی پیش گوئی کی ہے جس سے مزید طغیانی کا خدشہ ہے جبکہ ڈیمز، دریاؤں کے نزدیک واقع بستیوں کو خالی کرالیا گیا ہے۔

  • ایران پر مزید اقتصادی پابندیاں لگانے کی تجویز زیر غور ہے، امریکا

    ایران پر مزید اقتصادی پابندیاں لگانے کی تجویز زیر غور ہے، امریکا

    تہران/واشنگٹن: امریکا نے ایران کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ واشنگٹن ایران پر مزید اقتصادی پابندیاں لگانے کی تجویز پر غور کررہا ہے۔

    غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق امریکا کا یہ اعلان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب مئی 2018 کے دوران ایران کے ساتھ ایمٹی معاہدے سے علیحدگی پر ایک سال پورا ہونے جارہا ہے۔

    دوسری جانب ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف نے امریکی صدر ٹرمپ پر ایران کے خلاف اقتصادی دہشت گردی کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکی صدر ایران میں آنے والے بھیانک سیلاب سے نمٹنے کی ایرانی کوششوں کی راہ میں رکاوٹیں پیدا کررہے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ ایران میں جو سیلاب آیا ہے اس کی نظیر تاریخ میں پہلے کبھی نہیں ملتی، امریکا نے امدادی ہیلی کاپٹروں پر بھی پابندی عائد کررکھی ہے۔

    مزید پڑھیں: ایران کو کسی صورت میں جوہری ہتھیار حاصل نہیں کرنے دیں گے: مائیک پومپیو

    واضح رہے کہ امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو کا کہنا تھا کہ ایران کے خلاف پابندیوں کا اطلاق ہر صورت کرکے رہیں گے۔

    ان کا کہنا تھا کہ تہران پر دباؤ بڑھانے کا مقصد ایران کی ضرر رساں سرگرمیوں کو روکنا ہے، ایرانی عوام اس بات پر ناخوش ہیں کہ ان کی قیادت وہ اقتصادی وعدے پورے کرنے میں ناکام رہی جن کا ان سے وعدہ کیا گیا تھا۔

    یاد رہے کہ مائیک پومپیو کا کہنا تھا کہ ایران یورینیم افزودگی کی مقدار بڑھائے جارہا ہے، امریکا ایران کو من مانی نہیں کرنے دے گا، امریکا یورینیم افزودگی کی ایرانی رپورٹس کا جائزہ لے رہا ہے۔

  • ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف عہدے سے مستعفی ہوگئے

    ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف عہدے سے مستعفی ہوگئے

    تہران: ایران کے وزیرخارجہ جواد ظریف اپنے عہدے سے مستعفی ہوگئے، حکام نے تصدیق کردی۔

    تفصیلات کے مطابق ایرانی وزیرخارجہ جواد اپنے عہدے سے مستعفی ہوگئے، سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹاگرام پر اپنے استعفے کا اعلان کیا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ ایرانی وزارت خارجہ کی جانب سے جواد ظریف کے مستعفی ہونے کی تصدیق کردی گئی، ان کے استعفےکی وجہ تا حال معلوم نہ ہوسکی۔

    انہوں نے سوشل میڈیا پر استعفے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ’بطور وزیرخارجہ میں نے اپنی ذمہ داریوں کو ادا کرنے کے دوران جو بھی کمی کوتاہی کی اس پر معذرت خواہ ہوں‘

    جواد ظریف نے ایرانی عوام اور حکام کا بھی شکریہ ادا کیا، تاہم انہوں نے اچانک استعفے کے اعلان کی وجوہات نہیں بتائیں۔

    خیال رہے کہ ایران اور امریکا سمیت یورپی طاقتوں کے درمیان طے پانے والے جوہری معاہدے سے امریکا کے انخلا کے بعد جواد ظریف دباؤ کا شکار تھے۔

    بین الاقوامی ماہرین کا کہنا ہے کہ ایرانی صدر حسن روحانی جواد ظریف کا استعفیٰ قبول کرتے ہیں یا نہیں یہ ایک سوالیہ نشان ہے، البتہ انہوں نے جوہری ڈیل 2015 میں اہم کردار ادا کیا۔

    ایرانی ایٹمی معاہدے کو بچانے کے لیے یورپ کی کوششیں ناکافی ہیں، جواد ظریف

    دوسری جانب امریکا یورپی طاقتوں سے مطالبہ کررہا ہے کہ وہ بھی جوہری ڈیل سے دست بردار ہوجائیں، جبکہ ایران اب بھی اس ڈیل کی شقوں کی پاسداری کررہا ہے۔

    یاد رہے کہ امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے گذشتہ سال مئی میں اپنے یورپی اتحادیوں کی گذارشات کو درگزر کرتے ہوئے ایران کے ساتھ طے شدہ معاہدہ ختم کرکے ایران پر نئی پابندیاں عائد کردی تھیں۔

    یورپی یونین کے عہدیدار میگوئل اریاس کا کہنا تھا کہ یورپ کا مؤقف واضح ہے یورپی یونین ایران کے ساتھ ہونے والے معاہدے پر قائم ہے اور یہ ہی معاہدہ کار آمد ثابت ہوگا۔‘‘

  • امریکا کی اقتصادی پابندیاں، ایران مذاکرات کے لیے راضی ہوگیا

    امریکا کی اقتصادی پابندیاں، ایران مذاکرات کے لیے راضی ہوگیا

    تہران: ایرانی وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے کہا ہے کہ ایران امریکا سے مذاکرات کے لیے تیار ہے۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے برطانوی نشریاتی ادارے کو انٹرویو دیتے ہوئے کیا، ایرانی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ ایران امریکا سے مذاکرات کے لیے تیار ہے، بشرط یہ کہ مذاکرات جامع اور مربوط ہوں جس پر امریکا خود بھی عمل کرے۔

    انہوں نے کہا کہ ہماری طرف سے مذاکرات کے دروازے ہمیشہ سے کھلے ہیں، لیکن مذاکرات ایسے ہوں جس پر عمل درآمد ہو، دونوں ممالک اس پر عمل کریں۔

    پوچھے گئے ایک سوال پر جواب ظریف کا کہنا تھا کہ امریکا کی جانب سے ایران جوہری ڈیل سے دست برداری کے بعد یورپی ممالک نے ایران کا بہت ساتھ دیا۔

    ایران کی سعودی عرب کو امریکا کے خلاف اتحاد کی پیش کش

    اس سے قبل رواں سال مئی میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ ایران کے ساتھ جوہری معاہدے سے دستبرداری کے بعد کہا تھا کہ ایران مذاکرات کرے یا پھر کسی بھی طرح کے حالات کا سامنا کرنے کے لیے تیار رہے۔

    خیال رہے کہ دو روز قبل ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر طنز کرتے ہوئے کہا تھا کہ سعودی حکومت کو ایران کے ساتھ مل کر امریکا کے خلاف مضبوط اتحاد بنانا چاہیے تاکہ مشرق وسطیٰ کو مضبوط کیا جاسکے۔

    واضح رہے کہ مشرق وسطیٰ میں سعودی عرب امریکا کا سب سے مضبوط اتحادی ہے دونلڈ ٹرمپ نے اپنے غیر ملکی دوروں کا آغاز بھی سعودی عرب سے کیا تھا۔

  • عالمی برادری امریکا کو راہ راست پر لانے کے لیے کردار ادا کرے، ایرانی وزیر خارجہ

    عالمی برادری امریکا کو راہ راست پر لانے کے لیے کردار ادا کرے، ایرانی وزیر خارجہ

    تہران: ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف نے کہا ہے کہ امریکی حکومت کا پاگل پن بڑھتا جارہا ہے، عالمی برادری امریکا کو راہ راست پر لانے کے لیے کردار ادا کرے۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں کیا، جواد ظریف نے کہا کہ امریکا، ایران کے بعد اب عالمی فوجداری عدالت پر بھی پابندیاں لگانے کی دھمکیاں دینے لگا ہے، عالمی برادری کو چاہئے کہ امریکی حکومت کو سمجھائے۔

    ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای کے مشیر یحییٰ رحیم صفوی کا کہنا ہے کہ اگر ایران کو جارحیت کا نشانہ بنایا گیا تو وہ صرف زمینی، فضائی اور بحری راستوں سے سرحد کے باہر جواب دینے پر اکتفا نہیں کرے گا بلکہ سمندر پار بھی حملے کرے گا۔

    واضح رہے کہ گزشتہ روز امریکی صدر کے مشیر برائے قومی سلامتی جان بولٹن نے عالمی فوجداری عدالت کو غیرآئینی قرار دیتے ہوئے ججوں کی گرفتاری سمیت سخت پابندیاں عائد کرنے کا عندیہ دیا تھا۔

    امریکی مشیر جان بولٹن کا کہنا تھا کہ اگر عالمی فوجداری عدالت امریکی، اسرائیلی یا اتحادی اہلکاروں کے خلاف کارروائی کرے گی تو خاموش نہیں بیٹھیں گے۔

    خیال رہے کہ امریکا کی جانب سے انٹرنیشنل کرائم کورٹ پر پابندیاں عائد کرنے کا معاملہ اس وقت سامنے آیا ہے جب اس کورٹ میں امریکی افسران کو 2016 میں افغانستان میں قیدیوں کے ساتھ غیرانسانی سلوک اور زیادتی پر مقدمات کا سامنا ہے۔

    دوسری جانب انٹرنیشنل کرائم کورٹ نے دو ٹوک موقف اختیار کرتے ہوئے کہا تھا کہ عدالت کو دنیا میں کسی بھی شورش زدہ علاقے میں یا جنگ کے دوران ہونے والی نسل کشی، جنگی جرائم اور انسانیت سوز مظالم پر ازخود مقدمہ چلانے کا اختیار حاصل ہے۔

  • وزیر خارجہ کی ایرانی ہم منصب سے ملاقات

    وزیر خارجہ کی ایرانی ہم منصب سے ملاقات

    اسلام آباد: پاکستان اور ایران کے وزرائے خارجہ کے درمیان ملاقات کے دوران دونوں ممالک کے دیرینہ تعلقات کو فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور ان کے ایرانی ہم منصب جواد ظریف کے درمیان ملاقات ہوئی۔ ملاقات کے بعد دونوں نے میڈیا سے گفتگو کی۔

    شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ نئی حکومت کے قیام کے بعد کسی بھی وزیر خارجہ کا یہ پہلا دورہ ہے۔ ایرانی وزیر خارجہ کی پاکستان آمد پر شکر گزار ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ ایران کے ساتھ دیرینہ تعلقات کو مزید فروغ دیں گے۔ ایران کے تجربات سے استفادہ کرنا چاہتے ہیں۔

    ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف کا کہنا تھا کہ خطے میں امن و خوشحالی کے لیے مل کر کام کریں گے، پاکستان کے ساتھ برادرانہ تعلقات ہیں، خاص ہمسایہ ملک ہے۔

    انہوں نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ مل کر کام کرنے پر خوشی ہے، امن اور سیکیورٹی سے متعلق تعاون جاری رکھیں گے۔

    خیال رہے کہ ایران کے وزیر خارجہ جواد ظریف کل پاکستان پہنچے تھے جن کا ایئرپورٹ پر پاکستانی دفتر خارجہ کے اعلیٰ حکام کی جانب سے شاندار استقبال کیا گیا۔

    دفتر خارجہ کے اعلیٰ حکام کے مطابق جواد ظریف دورہ پاکستان کے دوران ملک کے نو منتخب وزیر اعظم عمران خان سے بھی ملاقات کریں گے، جبکہ جواد ظریف کی پاکستان کے عسکری رہنماؤں سے ملاقات کا بھی امکان ہے۔

  • اسپیکر قومی اسمبلی سے ایرانی وزیرخارجہ کی ملاقات، تعلقات کو فروغ دینے کا عزم

    اسپیکر قومی اسمبلی سے ایرانی وزیرخارجہ کی ملاقات، تعلقات کو فروغ دینے کا عزم

    اسلام آباد: اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر سے ایرانی وفد نے ملاقات کی ہے، جس میں دوطرفہ تعلقات اور خطے کی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا.

    تفصیلات کے مطابق اس ملاقات میں ایرانی وفد کی قیادت ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف نے کی.

    اس موقع پر اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا کہ پاکستان، ایران میں برادرانہ تعلقات ہیں، تجارت، سرمایہ کاری، توانائی کے شعبے میں تعاون کوفروغ دینا ہوگا.

    اسد قیصر نے کہا کہ پاکستان، ایران میں قریبی دوستانہ تعلقات ترقی وخوش حالی کے لئے ناگزیرہیں، پاکستان امت مسلم کےاتحاد پر یقین رکھتا ہے.

    انھوں نے کہا کہ امت مسلمہ کو درپیش مسائل کے حل کے لئے مل کر کام کرنا ہوگا.

    مزید پڑھیں: ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف پاکستان پہنچ گئے

    اس موقع پر ایرانی وزیرخارجہ کا کہنا تھا کہ ایران خطےمیں امن کے لئے پاکستان کا شراکت دار ہے، دہشت گردی، انتہاپسندی کے خلاف پاکستان کی خدمات گراں قدر ہیں.

    جوادظریف نے کہا کہ کشمیر،فلسطین کی آزادی کے لئے پاکستان کے مؤقف کی تائید کرتے ہیں، ایرانی قیادت دوطرفہ تعلقات کومستحکم بنانا چاہتی ہے. ایرانی وزیرخارجہ نے مؤثر طرز حکمرانی کے لئے اداروں کی سطح پر تعاون کوفروغ دینے پر زور دیا.

    اسپیکر نے کشمیر اور فلسطین سے متعلق پاکستانی مؤقف کی تائید پر ایرانی وزیرخارجہ کا شکریہ ادا کیا.

  • ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف پاکستان پہنچ گئے

    ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف پاکستان پہنچ گئے

    اسلام آباد : ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف پاکستان پہنچ گئے، دورہ پاکستان کے دوران جواد ظریف، شاہ محمود قریشی سے باضابطہ طور پر مذاکرات کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان کے دوست ملک ایران کے وزیر خارجہ جواد ظریف پاکستان پہنچ گئے ہیں جن کا ایئرپورٹ پر پاکستانی دفتر خارجہ کے اعلیٰ حکام کی جانب سے شاندار استقبال کیا گیا ہے۔

    پاکستانی دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ ایرانی اور پاکستانی وزرائے خارجہ کے درمیان ون آن ون ملاقات ہوگی، جبکہ جواد ظریف پاکستانی ہم منصب سے باضابطہ طور پر مذاکرات بھی کریں گے۔

    دفتر خارجہ کے اعلیٰ حکام کا کہنا ہے کہ ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف دورہ پاکستان کے دوران ملک کے نو منتخب وزیر اعظم عمران خان سے بھی ملاقات کریں گے، جبکہ جواد ظریف کی پاکستان کے عسکری رہنماؤں سے ملاقات کی توقع کی جارہی ہے۔

    دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ ملک میں عام انتخابات کے بعد وجود میں آنے والی نئی حکومت کے بعد کسی ملک کے وزیر خارجہ کا پہلا دورہ پاکستان ہے۔