Tag: جوڈو کراٹے

  • اسٹریٹ کرمنلز نے حد کر دی، جوڈو کے طالب علم سے سو روپے چھین لیے (ویڈیو)

    اسٹریٹ کرمنلز نے حد کر دی، جوڈو کے طالب علم سے سو روپے چھین لیے (ویڈیو)

    کراچی: شہر قائد کے اسٹریٹ کرمنلز چندی چوروں کو بھی مات دے گئے، کچھ نہ ملا تو کم عمر طالب علم کی جیب سے 100 روپے ہی نکال لیے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق گزشتہ رات ناظم آباد نمبر ایک میں ٖواردارت کے دوران 2 اسٹریٹ کرمنلز نے شلوار قمیض میں ملبوس جوڈو کراٹے کے ایک طالب علم کو گھر کے دروازے پر گھیر لیا، تاہم اسنیچرز کو اس کے پاس سے صرف سو روپے ہی مل سکے۔

    اے آر وائی نیوز کو واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی موصول ہو گئی، جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ کچھ نہ ملنے پر چور طالب علم سے 100 روپے ہی چھین کر موٹر سائیکل پر بیٹھ کر فرار ہو گئے۔

    معلوم ہوا کہ مذکورہ لڑکا کراٹے کا طالب علم ہے، اور وہ کلاس لینے کے لیے سینٹر پہنچا تھا، ابھی وہ دروازے ہی پر تھا، اور اسے کھولنے کی کوشش کر رہا تھا کہ موٹر سائیکل پر سوار 2 ملزمان پہنچ گئے۔

    ایک ملزم نے اتر کر نوجوان کی مکمل تلاشی لی، ملزم نے لڑکے کی کمر پر لٹکے بیگ کو بھی کھنگالا، بیگ میں نوجوان کے کراٹے کا لباس موجود تھا، کچھ نہ ملا تو طالب علم کی جیب میں موجود سو روپے ہی نکال لیے۔

    ویڈیو کے مطابق جوڈو طالب علم نے سفید شلوار قمیض پہنی ہوئی تھی اور سر پر سفید ٹوپی تھی۔

    ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ملزم کتنی دیر تک کھڑا نوجوان کی تلاشی لیتا رہا، واردات کے دوران دونوں ملزمان میں سے کسی نے چہرہ بھی نہیں ڈھانپا ہوا تھا، جس سے معلوم ہوتا ہے کہ کراچی میں اسٹریٹ کرمنلز کو کسی قسم کا خوف لاحق نہیں ہے۔

  • گوادر میں یوم دفاع، تیز رفتار بوٹس، جوڈو کراٹے کے شان دار مظاہرے

    گوادر میں یوم دفاع، تیز رفتار بوٹس، جوڈو کراٹے کے شان دار مظاہرے

    گوادر: بلوچستان کے ساحلی شہر گوادر میں یوم دفاع پاکستان کے موقع پر پاک بحریہ کے جوانوں نے پیشہ ورانہ تربیت کا شان دار مظاہرہ کیا۔

    تفصیلات کے مطابق گوادر میں یوم دفاع کی تقریبات کے موقع پر بحریہ کے اہل کاروں نے تیز رفتار بوٹس دوڑائیں اور جوڈو کراٹے میں اپنی مہارت دکھائی۔

    یوم دفاع پاکستان پر پاک بحریہ کے کڑیل جوانوں کا گوادرکے ساحل پر سپر ایکشن دیکھنے میں آیا، اسپیڈ بوٹ ریلی میں بحریہ کے جاں بازوں نے مقامی ماہی گیروں کے ساتھ درجنوں تیز رفتار بوٹس پر اپنی مہارت کا مظاہرہ کیا۔

    جوانوں نے اپنی پیشہ ورانہ مہارت سے دشمن کو زیر کرنے، اسلحہ چھیننے کا فن بھی پیش کیا، پاک بحریہ کے جوانوں کے بدن فولاد سے کم نہیں، نوکیلے کیلوں پر لیٹے اور بھاری پتھروں پر لیٹ کر سینے پر ہتھوڑے کے وار برداشت کیے، ساتھ ہی ٹائلوں کی ضربوں کو بھی جسم پر برداشت کیا۔

    پاک بحریہ کے جوانوں نے جوڈو کراٹے میں بھی اپنی مہارت پیش کی، جوانوں نے ناریل اور ٹائلیں اسٹائلش انداز میں توڑیں، مقامی افراد اور پاک بحریہ کے جوانوں کے درمیان رسہ کشی کا شان دار میچ بھی کھیلا گیا۔

    6 ستمبر کا دن ہماری تاریخ کا ایک سنہرا باب ہے: سربراہ پاک بحریہ

    اس موقع پر ساحل پر پاکستان زندہ باد ریلی بھی نکالی گئی، جس میں پاک بحریہ کے افسران اور شہریوں نے شرکت کی، اور گوادر کا ساحل پاکستان زندہ باد کے نعروں سے گونج اٹھا۔