Tag: جوہری ہتھیاروں کا معاہدہ

  • جوہری ہتھیاروں کے امتناع کا معاہدہ تمام فریقین کے مفادات کو ساتھ لے کر چلنے میں ناکام رہا: دفتر خارجہ

    جوہری ہتھیاروں کے امتناع کا معاہدہ تمام فریقین کے مفادات کو ساتھ لے کر چلنے میں ناکام رہا: دفتر خارجہ

    اسلام آباد: پاکستان نے جوہری ہتھیاروں کے امتناع کے معاہدے پر اعتراض کرتے ہوئے اسے تمام فریقین کے مفادات کو ساتھ لے کر چلنے میں ناکام قرار دیا۔

    ترجمان دفتر خارجہ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ جوہری ہتھیاروں کے امتناع کا معاہدہ 2017 میں اختیار کیا گیا تھا، اس معاہدے پر مذاکرات یو این تخفیف اسلحہ فورمز سے بالا ہی بالا ہوئے۔

    دفتر خارجہ کے ترجمان نے کہا کسی جوہری اسلحہ رکھنے والی ریاست نے ان مذاکرات میں حصہ نہیں لیا، یہ معاہدہ تمام فریقین کے مفادات کو ساتھ لے کر چلنے میں ناکام رہا، بہت سے غیر جوہری ہتھیار رکھنے والے ممالک بھی معاہدے کے فریق نہیں بنے۔

    دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ جب یو این جوہری تخفیف اسلحہ سے متعلق پہلا خصوصی اجلاس منعقد کیا گیا تو اس میں یہ طے کیا گیا تھا کہ تخفیف اسلحہ اقدامات کے دوران ہر ملک کی سلامتی کا حق ذہن میں رکھا جائے گا، یہ بھی طے کیا گیا تھا کہ تمام ریاستوں کی سیکیورٹی، اسلحہ، اور فوج کو برقرار رکھا جائے گا۔

    ترجمان نے کہا یہ مقصد اسی وقت حاصل ہو سکتا ہے جب فریقین پر مشتمل پراسیس میں انڈر ٹیکنگ ہو، جس میں سب ریاستوں کے لیے مساوی سیکیورٹی کو مد نظر رکھا جائے۔

    پاکستان نے مطالبہ کیا کہ تخفیف اسلحہ کا قدم ہر ریاست کے سیکیورٹی عوامل کو مدنظر رکھ کر اٹھایا جائے، دفتر خارجہ نے کہا پاکستان مذکورہ معاہدے کی کسی بھی شق کے حوالے سے پابند نہیں، یہ معاہدہ عالمی قوانین کی طرح طے نہیں کیا گیا اور نہ اس کاحصہ ہے۔

  • کم جونگ اُن سے ملاقات سنگاپور میں ہوگی، امریکی صدر کا ٹوئٹ

    کم جونگ اُن سے ملاقات سنگاپور میں ہوگی، امریکی صدر کا ٹوئٹ

    واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے ٹوئٹ میں سربراہ شمالی کوریا سے ملاقات کی تاریخ و مقام کا اعلان کردیا، انھوں نے کہا ہے کہ ہم سنگاپور میں ملیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ کم جونگ اُن سے ملاقات 12 جون کو ہوگی۔ ہم دونوں کوشش کریں گے کہ اس ملاقات کو عالمی امن کے لیے ایک خصوصی لمحہ بنادیں۔

    خیال رہے کہ پانچ مئی کو امریکی صدر نے وائٹ ہاؤس میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ شمالی کوریا کے رہنما کے ساتھ ملاقات کی تاریخ طے ہوگئی ہے، یہ خیال کیا جارہا تھا کہ ملاقات سنگاپور میں ہوگی۔

    امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ ملاقات میں شمالی کوریا پر ایٹمی ہتھیار ختم کرنے کے لیے دباؤ ڈالیں گے، دوسری طرف آج ہی انھوں نے ٹوئٹ کے ذریعے شمالی کوریا میں قید تین امریکیوں کی رہائی کی خبر بھی دی ہے جس سے دونوں ممالک کے درمیان مزید برف پگھلنے کا اشارہ ملتا ہے۔

    واضح رہے امریکی وزیر دفاع مائک پومپیو پہلے سے طے شدہ مذکرات کے سلسلے میں شمالی کوریا میں موجود ہیں جو دونوں ممالک کے درمیان جوہری ہتھیاروں کے حوالے سے ممکنہ معاہدے میں اپنا کردار ادا کر رہے ہیں۔

    یہ بھی پڑھیں:  شمالی کوریا کے سربراہ کا دورہ چین، شی جن پنگ سے ملاقات

    دوسری طرف شمالی کوریا کے سربراہ کم جونگ اُن نے چین کا دورہ کرتے ہوئے چینی صدر شی جن پنگ سے ملاقات کی، جس میں دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے پر روز دیا، امریکی صدر سے ملاقات سے قبل اس دورے کو اہم قرار دیا جا رہا ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  امریکی صدر ٹرمپ کا ایران سے جوہری معاہدہ ختم کرنے کا اعلان

    دریں اثنا امریکی صدر نے ایران کے ساتھ جوہری معاہدہ یک طرفہ قرار دیتے ہوئے ایک روز قبل ختم کردیا ہے، ان کا کہنا تھا کہ ایران نے معاہدے کے باوجود جوہری پروگرام جاری رکھا، ایران اور اس کے ساتھ جوہری تعاون کرنے والی ریاست پر پابندیاں لگائی جائیں گی۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔