Tag: جوہر ٹاؤن

  • کیفے میں فائرنگ کرنے والا ملزم گرفتار

    کیفے میں فائرنگ کرنے والا ملزم گرفتار

    لاہور: جوہر ٹاؤن کیفے میں فائرنگ کرنے والے ملزم کو گرفتار کرلیا گیا، ڈی آئی جی آپریشنز کے نوٹس لینے کے بعد ملزم کو پکڑا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق ڈی آئی جی آپریشنز کے ترجمان نے بتایا کہ کیفے میں فائرنگ کرنے والا ملزم علی حسن بی او آر سوسائٹی کا رہائشی ہے، ملزمان کیخلاف تھانہ نواب ٹاؤن میں مقدمہ درج کیا گیا، شریک ملزم فیاض کی گرفتاری کے لیے چھاپے جاری ہیں۔

    ترجمان نے بتایا کہ ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے واقعہ کا نوٹس لیا تھا، ڈی آئی جی آپریشنز کے احکامات پر ملزمان کی گرفتاری کیلئے ٹیم تشکیل دی گئی۔

    ڈی آئی جی آپریشنز کے ترجمان نے مزید بتایا کہ ملزمان کی فائرنگ سے کیفے کا سیکیورٹی گارڈ زخمی ہوا تھا، فائرنگ کے بعد ملزمان موقع سے فرار ہوگئے تھے۔

    https://urdu.arynews.tv/lahore-johar-town-cafe-firing-video/

  • نجی گرلز ہاسٹل کے واش روم میں خفیہ کیمرے کا انکشاف

    نجی گرلز ہاسٹل کے واش روم میں خفیہ کیمرے کا انکشاف

    لاہور: جوہر ٹاؤن میں نجی گرلز ہاسٹل کے واش روم میں خفیہ کیمرے پکڑے گئے، ہاسٹل مالک اور اہلیہ کے خلاف پولیس نے مقدمہ درج کر لیا۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور کے علاقے جوہر ٹاؤن میں واقع نجی گرلز ہاسٹل کے واش روم میں خفیہ کیمرے لگائے جانے کا انکشاف ہوا ہے، ایک طالبہ کے چچا کی مدعیت میں متعلقہ تھانے میں مقدمہ درج کر لیا گیا، جس میں 7 ملزمان کو نامزد کیا گیا ہے۔

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ مقدمے میں نامزد ہاسٹل مالک، اہلیہ اور دیگر ملزمان فرار ہو گئے ہیں، تاہم مقدمے کے اندراج کے بعد نجی گرلز ہاسٹل خالی کرا لیا گیا ہے۔

    ہاسٹل میں مختلف شہروں سے آئی 40 سے زائد طالبات رہائش پذیر تھیں، تفتیشی ٹیموں نے طالبات کے بیانات قلم بند کر لیے ہیں، اپنے بیان میں طالبات نے واش روم میں خفیہ کیمرا لگا ہونے کی تصدیق کی۔

     

    View this post on Instagram

     

    A post shared by ARY News (@arynewstv)

  • لاہور میں تیز آندھی نے دیوار گرا دی، خاتون جاں بحق

    لاہور میں تیز آندھی نے دیوار گرا دی، خاتون جاں بحق

    لاہور: پنجاب کے شہر لاہور کے علاقے جوہر ٹاؤن میں تیز آندھی کے باعث دیوار گر گئی، حادثے میں ایک خاتون جاں بحق ہو گئی۔

    تفصیلات کے مطابق جوہر ٹاؤن لاہور کے علاقے کھوکھر چوک میں گزشتہ رات تیز آندھی نے قیامت ڈھا دی ہے، ایک گھر کی دیوار ڈھہ جانے سے خاتون دب کر جاں بحق ہو گئی، پولیس حکام کا کہنا ہے کہ دیوار گرنے سے 2 خواتین اور بچوں سمیت 8 افراد زخمی ہوئے ہیں۔

    پولیس حکام کے مطابق زخمیوں کو علاج معالجہ کے لیے جناح اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔

  • ن لیگ، پی ٹی آئی کارکنوں میں جھگڑا، فائرنگ سے متعدد زخمی

    ن لیگ، پی ٹی آئی کارکنوں میں جھگڑا، فائرنگ سے متعدد زخمی

    لاہور: پاکستان مسلم لیگ ن اور پاکستان تحریک انصاف کے کارکنوں میں جھگڑے کے دوران فائرنگ سے متعدد افراد زخمی ہو گئے۔

    تفصیلات کے مطابق پنجاب میں ضمنی الیکشن سے پہلے لیگی امیدوار آپے سے باہر ہو گئے، پی پی 167 جوہر ٹاؤن میں پی ٹی آئی کے انتخابی دفتر پر حملہ کر کے ہنگامہ آرائی اور فائرنگ کر دی، جس سے متعدد افراد زخمی ہو گئے، جب کہ اس دوران پولیس تماشائی بنی رہی۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ لاہور کے علاقے جوہر ٹاؤن میں ہنگامہ آرائی اور فائرنگ سے متعدد افراد زخمی ہو گئے، جھگڑا ن لیگ اور پی ٹی آئی کے کارکنوں کے درمیان ہوا۔

    جھگڑے سے متعلق پی ٹی آئی امیدوار خالد گجر نے اے آر وائی نیوز کو بتایا کہ پی پی167 پر میں ہمارے دفتر پر حملہ کیا گیا تھا، لیگی امیدوار نذیر چوہان نے آ کر ہمارے انتخابی پوسٹر اتار ے۔

    خالد گجر کا کہنا تھا کہ گاڑی کی ٹکر سے ان کا بیٹا زخمی ہوا جو جناح اسپتال میں زیر علاج ہے، انھوں نے بتایا کہ دفتر پر حملے کے مقدمے کے لیے ان کی جانب سے تھانے میں درخواست بھی دے دی گئی ہے۔

  • لاپتہ ایس ایس پی مفخر عدیل وکیل کے قتل میں ملوث نکلا،  دوست نے بھانڈا پھوڑ دیا

    لاپتہ ایس ایس پی مفخر عدیل وکیل کے قتل میں ملوث نکلا، دوست نے بھانڈا پھوڑ دیا

    لاہور: دس روز قبل لاہور کے علاقے جوہر ٹاؤن سے لا پتہ ہونے والے ایس ایس پی مفخر عدیل کے بارے میں انکشاف ہوا ہے کہ وہی  شہباز تتلہ کے قتل میں ملوث ہے، ملزم کی گرفتاری کیلئے پولیس ٹیم بلوچستان روانہ ہوگئی۔۔

    تفصیلات کے مطابق ایس ایس پی مفخر عدیل کی گم شدگی اور سابق ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل پنجاب شہباز تتلہ کے اغوا کیس میں نیا موڑ آ گیا، مفخر عدیل کے گرفتار دوست اسد بھٹی نے پولیس کے سامنے اہم انکشافات کر دیے ہیں۔

    مفخر عدیل اور شہباز تتلہ کے مشترکہ دوست اسد بھٹی نے بیان دیتے ہوئے اعتراف کر لیا ہے کہ سابق ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل کا قتل انھوں نے مل کر کیا، اسد بھٹی نے کہا کہ چند ماہ قبل آپس میں جھگڑا ہوا تھا، جس کے بعد مفخرعدیل اور میں نے مل کر شہباز تتلہ کو قتل کیا۔

    لا پتا ایس ایس پی مفخر عدیل کیس سے متعلق مزید تفصیل یہاں

    اسد بھٹی نے بیان دیا کہ مفخر عدیل نے شہباز تتلہ کو دھوکے سے بلا کر اس کی گردن دبائی، پھر شہباز کی لاش تیزاب کے ڈرم میں ڈال دی، مفخر عدیل نے خود گاڑی پلازے کے باہر پارک کی۔ پولیس کے مطابق مفخر عدیل کے گاڑی پارک کرنے سے متعلق سی سی ٹی وی فوٹیج بھی موجود ہے، اسد بھٹی گاڑی میں مفخر عدیل کے ہم راہ تھا، پہچان کر حراست میں لیا گیا۔

    اعترافی بیان میں اسد بھٹی نے مزید کہا کہ پولیس لائن قلعہ گجر سنگھ سے اہل کار بلوا کر گھر دھلوایا گیا تھا، گھر دھلوانے کا مقصد شواہد چھپانا نہیں، 10 دن سے کرائے پر لیا گھر واپس کرنا تھا۔

    دریں اثنا، پولیس نے مفخر عدیل کی دوسری بیوی کے قریبی ملازم عرفان کی گرفتاری کے لیے لاہور کی وفاقی کالونی کے گھر میں چھاپا مارا، تاہم اس کی گرفتاری عمل میں نہ آ سکی، ذرایع کا کہنا ہے کہ مفخر عدیل کی بلوچستان میں موجودگی کی اطلاع پر ٹیمیں وہاں روانہ کر دی گئی ہیں، معلوم ہوا ہے کہ مفخر عدیل چولستان میں شکار اور جیپ ریس کے لیے جاتا تھا۔

     

  • لاہور، جوہر ٹاؤن میں 14 سالہ لڑکے سے اغوا کے بعد مبینہ زیادتی

    لاہور، جوہر ٹاؤن میں 14 سالہ لڑکے سے اغوا کے بعد مبینہ زیادتی

    لاہور: جوہر ٹاؤن کے علاقے سے پانچویں جماعت کا طالب علم 14 سالہ بچہ اغوا کے بعد مبینہ زیادتی کا شکار ہوگیا۔

    تفصیلات کے مطابق جوہر ٹاؤن کے علاقے سے پانچویں جماعت کے طالب علم 14 سالہ بچے کو اغوا کے بعد مبینہ زیادتی کا نشانہ بنایا گیا، واقعہ کا مقدمہ جوہر ٹاؤن میں متاثرہ بچے عادل کے والد عبدالرشید کی مدعیت میں اغوا کی دفعات کے تحت درج کرلیا گیا۔

    متاثرہ بچے کے والد عبدالرشید نے الزام عائد کیا ہے کہ ان کے بیٹے کو تین نامعلوم افراد نے اغوا کیا، زیادتی اور تشدد کرکے 12 روز بعد جوہر ٹاؤن چھوڑ گئے۔

    متاثرہ بچے عادل کا کہنا ہے کہ تینوں اغوا کار اسے ایک کوارٹر میں لے گئے اور زیادتی اور تشدد کا نشانہ بناتے رہے۔

    مزید پڑھیں: فیصل آباد: دودھ فروش کے ہاتھوں دوسری جماعت کی طالبہ زیادتی کے بعد قتل

    بچے کے والد عبدالرشید کا کہنا ہے کہ اغوا کاروں نے پیسوں کے مطالبے کے لیے اس کے بھانجے سے رابطہ کیا جب وہ موقع پر پہنچا تو ملزمان نے اس کی موٹر سائیکل اور پیسے چھین لیے اور اسے بھی تشدد کا نشانہ بناکر فرار ہوگئے۔

    عبدالرشید کے مطابق پولیس بدفعلی کا مقدمہ درج نہیں کررہی اور اغوا کاروں سے صلح کرنے کے لیے دباؤ ڈال رہی ہے، ہماری شنوائی نہیں ہورہی ہے۔

    متاثرہ 14 سالہ لڑکے عادل نے وزیراعظم عمران خان سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس واقعے کا نوٹس لیں اور انہیں انصاف فراہم کریں۔

  • لاہور: فرنیچرمارکیٹ میں لگنے والی آگ پرقابو پالیا گیا

    لاہور: فرنیچرمارکیٹ میں لگنے والی آگ پرقابو پالیا گیا

    لاہور: لاہور کے علاقے جوہر ٹاؤن کی فرنیچر مارکیٹ میں لگنے والی ہولناک آگ پر قابو پالیا گیا، کولنگ کا عمل جاری ہے۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور کے علاقے جوہرٹاؤن میں واقع فرنیچر مارکیٹ میں آگ لگنے کے باعث مارکیٹ میں موجود لاکھوں روپے کا سامان جل کر خاکستر ہوگیا۔

    ریسکیو ذرائع کے مطابق آگ بجھانے کے عمل میں دس سے زائد فائر ٹینڈرز نے حصہ لیا۔

    فائربریگیڈ عملے کے مطابق آگ لگنے کی وجہ تاحال سامنے نہیں آسکی ہے تاہم خوش قسمتی سے کسی جانی نقصا ن کی اطلاع نہیں ہے۔

    یاد رہے کہ گزشتہ سال فروری میں لاہور کے علاقے جوہرٹاؤن میں ایل پی جی گیس سلنڈر کی دکان میں ری فلنگ کے درمیان ہونے والے دھماکے کے نتیجے میں لگنے والی آگ نے فرنیچر مارکیٹ کو اپنی لپیٹ میں لے لیا تھا۔

    آگ لگنے کے نتیجے میں 3 افراد زخمی اور لاکھوں روپے کا سامان جل کر خاکستر ہوگیا تھا۔

    لاہور: بیکری میں آگ لگنے سے 5 افراد جاں بحق

    واضح رہے کہ 3 اپریل 2018 کو لاہور کے علاقے گارڈن ٹاؤن میں بیکری میں آگ لگنے کے باعث 5 افراد دم گھٹنے سے جان کی بازی ہار گئے تھے۔

  • لاہور: سلنڈرپھٹنے سے تیس دکانیں جل کرراکھ، قرآن کریم محفوظ رہا

    لاہور: سلنڈرپھٹنے سے تیس دکانیں جل کرراکھ، قرآن کریم محفوظ رہا

    لاہور : جوہر ٹاؤن میں گیس سلنڈر پھٹنے سے بھڑکنے والی آگ نے لاکھوں کا سامان پھونک ڈالا، قرآن کا نسخہ محفوط رہا،ایک دکان سے نکلنے والے شعلوں نے موٹر سائیکلیں، فرنیچر اور کراکری کی دکانوں کو بھی لپیٹ میں لے لیا، چار افراد جھلس کر زخمی ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور کے علاقے جوہر ٹاؤن حاکم چوک پر گیس بھرتے ہوئے گاڑی کا سلنڈر زور دار دھماکے سے پھٹ گیا جس کے بعد دکان میں رکھے کئی سلنڈر بھی دھماکے سے پھٹتے چلے گئے اور شدید آگ بھڑک اٹھی۔

    آگ اتنی ہولناک تھی کہ اس نے دیکھتے ہی دیکھتے پوری مارکیٹ کی 30 دکانوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا، آسمان سے باتیں کرتے خوفناک شعلوں نے ارد گرد کھڑی موٹر سائیکلوں کو بھی راکھ کردیا۔

    ابتدائی طور پر لوگوں نے وہاں اپنی مدد آپ کے تحت آگ بھجانے کی کوشش کی لیکن ناکام رہے، اس دوران چار افراد جھلس کر شدید زخمی ہوگئے جنہیں طبی امداد کیلئے قریبی اسپتال منتقل کیا گیا۔

    فرنیچر اور کراکری کی تیس دکانوں میں رکھا سامان بھی نہ بچ سکا، فائر بریگیڈ کے عملے نے تین گھنٹے کی جدو جہد کے بعد آگ پر قابو پایا۔ جب تک آگ لاکھوں کا سامان بھسم کرچکی تھی۔

    قرآن کریم کا معجزہ 

    اس موقع پر قدرت کا نظارہ بھی دیکھا گیا کہ ایک دکان میں رکھا قرآن پاک کا نسخہ بالکل محفوظ رہا، البتہ اس میں رکھے ہوئے بڑے نوٹ جل کر راکھ ہوگئے۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر ضرور شیئر کریں۔