Tag: جوہی چاولہ

  • بھارتی عدالت نے جوہی چاولہ پر 20 لاکھ روپے جرمانہ عائد کردیا

    بھارتی عدالت نے جوہی چاولہ پر 20 لاکھ روپے جرمانہ عائد کردیا

    نئی دہلی: معروف بالی ووڈ اداکارہ جوہی چاولہ پر عدالت نے 20 لاکھ روپے کا جرمانہ عائد کردیا، عدالت نے 5 جی ٹیکنالوجی کے استعمال کے خلاف دائر کی گئی ان کی درخواست مسترد کردی۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق دہلی ہائیکورٹ نے بھارتی اداکارہ جوہی چاولہ کی جانب سے بھارت میں 5 جی ٹیکنالوجی کے استعمال کے خلاف درخواست مسترد کرتے ہوئے اسے سستی شہرت کے لیے ایک اقدام قرار دے دیا اور اداکارہ پر 20 لاکھ کا جرمانہ عائد کر دیا۔

    عدالت نے اپنے فیصلے میں کہا ہے کہ ایسا لگتا ہے کہ مقدمہ ذاتی تشہیر کے لیے دائر کیا گیا، جوہی چاولہ نے کیس کی کارروائی سے متعلق سوشل میڈیا پر لنک شیئر کیے جس سے معاملات خراب ہوئے۔

    عدالت نے پولیس کو حکم دیا کہ سوشل میڈیا پر اس کیس سے متعلق خلل پیدا کرنے والوں کی شناخت کرے اور ان کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائے۔

    یاد رہے کہ جوہی چاولہ نے کچھ عرصہ قبل بھارت میں 5 جی ٹیکنالوجی کے استعمال کے خلاف دہلی ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی تھی۔ درخواست گزاروں میں جوہی چاولہ کے علاوہ وریش ملک اور ٹینا واچانی بھی شامل ہیں۔

    اس درخواست میں مؤقف اختيار کيا گیا تھا کہ مواصلاتی کمپنیوں نے 5 جی نيٹ ورکس کی تنصيب سے متعلق جن منصوبوں کا اعلان کیا ہے، ان کے انسانوں اور ماحول پر سنگین اور ناقابل تلافی اثرات مرتب ہوں گے۔

    درخواست میں کہا گیا تھا کہ عدالت سرکاری ایجنسیوں کو تحقیقات کا حکم دے اور معلوم کیا جائے کہ 5 جی ٹیکنالوجی کے انسانی صحت پر کس قسم کے اثرات پڑ سکتے ہیں۔

    دوران سماعت جوہی چاولہ کی فلموں کے گانوں پر سوشل میڈیا پر ردعمل بھی دیکھنے میں آیا۔ انڈین کامیڈین کنال کمرا نے لکھا کہ جوہی چاولہ کے گانوں کو بھارتی عدلیہ کی ساکھ کے لیے نقصان دہ قرار دیا جائے گا۔

  • معروف بھارتی اداکارہ جوہی چاولہ کراچی پہنچ گئیں

    معروف بھارتی اداکارہ جوہی چاولہ کراچی پہنچ گئیں

    کراچی :معروف بھارتی اداکارہ جوہی چاولہ کراچی پہنچ گئی، بالی ووڈ اسٹار نے کراچی آمد کی اطلاع ٹویٹر کے ذریعے دی۔

    تفصیلات کے مطابق رومانوی اور مزاحیہ کرداروں میں نظر آنے والی بالی ووڈ اداکارہ جوہی چاولہ ان دنوں کراچی میں چھٹیاں منا رہی ہیں، جوہی چاولہ نے شہر قائد میں موجودگی کی اطلاع سماجی رابطے کی ویب ٹویٹر کے ذریعے دی تھی۔

    مقبول ترین بالی ووڈ اداکارہ جوہی چاولہ نے ٹویٹر اکاؤنٹ پر لکھا کہ ’اپنے دوستوں اور گھر والوں کے ہمراہ کراچی کے بوٹ کلب میں (لنچ) کھانا کھانے آئی ہوں، اس کے بعد ہم فلم دیکھنے جائیں گے‘۔

    مداحوں کو متعدد سپر ہٹ فلمیں دینے والی جوہی چاولہ نے ٹویٹر پر بتایا کہ ’اپنے دوستوں اور اہل خانہ کے ساتھ حال ہی میں ریلیز ہونے والی پاکستانی رومانوی فلم ’جوانی پھر نہیں 2‘ دیکھنے کے لیے سنیما جائیں گے۔

    بالی ووڈ اداکارہ کا کہنا تھا کہ ’اتفاق سے فلم ’جوانی پھر نہیں آنی 2‘ بھارتی لڑکی اور پاکستانی لڑکے کے مابین محبت کی کہانی کے گرد گھومتی ہے۔

    خیال رہے کہ معروف بالی اداکارہ جوہی چاولہ پہلی مرتبہ پاکستان نہیں آئی بلکہ اس سے قبل بھی بالی اداکارہ کئی مرتبہ پاکستان باالخصوص روشنیوں کے شہر کراچی آچکی ہیں۔

    یاد رہے کہ جوہی چاولہ سنہ 2016 میں اپنے رشتہ داروں کی شادی میں شرکت کرنے کے لیے آخری مرتبہ کراچی آئیں تھی۔

  • بالی وڈ اداکارہ جوہی چاولہ آج اپنا 47 واں یوم پیدائیش منارہی ہیں

    بالی وڈ اداکارہ جوہی چاولہ آج اپنا 47 واں یوم پیدائیش منارہی ہیں

    بالی وڈ اداکارہ جوہی چاولہ نے انیس سو چھیاسی میں فلم سلطنت کے ذریعے اپنے فلمی سفر کا آغاز کیا۔ لیکن انہیں اصل شہرت فلم قیامت سے قیامت تک سے ملی جس میں ان کے ساتھ عامر خان جلوہ گر ہوئے تھے۔

    انیس سوچوراسی میں مس انڈیا کا تاج بھی جوہی چاولہ کے سر پر سجا۔ جوہی چاولہ نے نہ صرف ہندی بلکہ چند تمل، تلگو ملیالم، پنجابی، بنگالی اور کناڈا فلموں میں بھی کام کیا جبکہ انکی ہندی فلموں کی تعداد زیادہ ہے۔ انکی مشہور فلموں میں ہم ہیں راہی پیار کے، ڈر، یس باس، دیوانہ مستانہ، عشق، بول رادھا بول اور راجو بن گیا جیٹلمین وغیرہ شامل ہیں۔معصوم شکل وصورت کی حامل جوہی چاولہ نے رومانی فلموں کے علاوہ مزاحیہ اور سنجیدہ قسم کے رول بھی بخوبی نبھائے۔

    جوہی چاولہ انیس سوپچانوے میں جے مہتہ سے رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئیں جن سے ان کے دو بچے ہیں۔ شادی کے بعد انہوں نے زیادہ کام نہیں کیا۔ اداکارہ نے دو ہزار چودہ میں فلم گلاب گینگ کے ذریعے انڈسٹری میں دوبارہ قدم رکھا۔ جس میں انکا منفی کردار تھا۔ اس فلم میں ان کے ساتھ مادھوری ڈکشٹ بھی مرکزی کردار میں جلوہ گر ہوئیں تھیں۔

  • جوہی چاولہ اب ہالی ووڈ کی فلم میں جلوہ گر ہوں گی

    جوہی چاولہ اب ہالی ووڈ کی فلم میں جلوہ گر ہوں گی

    ممبئی: بالی ووڈ اداکارہ جوہی چاولہ سٹیون اسپیلبرگ پروڈکشن سے ہالی ووڈ فلم نگری میں قدم رکھیں گی۔ فلم کی ہدایات لیسے ہالسٹروم دیں گے جس میں وہ اوم پوری کی بیوی کے کردار میں اپنی عمر سے 15 سال بڑی نظر آئیں گی۔

    اداکارہ نے ہالی ووڈ کی فلم میں کام کرنے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا  کہ فلم میں ان کا کردار مختصر مگر اہم ہو گا، لیسے ہالسٹروم کی نئی فلم ’دی ہنڈرڈ فٹ جرنی ‘کے مرکزی کرداروں میں اوم پوری‘جوہی چاولہ‘منیش ڈیال اور ہیلن میرن شامل ہیں‘یہ فلم دو مختلف ثقافتوں میں پروان چڑھنے والی کزنوں کے گرد گھومتی ہے، فلم کی کہانی اسی نام ’دی ہنڈرڈ فٹ جرنی ‘ کے ناول سے ماخوز ہے جسے رچرڈ سی موریس نے تحریر کیا ہے‘یہ فلم رواں ماہ ہی ریلیز کی جائے گی۔