Tag: جڑانوالہ

  • لڑکوں سے زیادتی اور ویڈیوز بنا کر بیلک میل کرنے والا مفرور ملزم ن لیگ کا سرگرم کارکن نکلا

    لڑکوں سے زیادتی اور ویڈیوز بنا کر بیلک میل کرنے والا مفرور ملزم ن لیگ کا سرگرم کارکن نکلا

    جڑانوالہ : لڑکوں کے ساتھ زیادتی کرکے ویڈیوز اور تصویریں بناکر بیلک میل کرنے والا مفرور ملزم ن لیگ کا سرگرم کارکن اعجاز نکلا، ملزم کی طلال چوہدری ، کیپٹن (ر) صفدر کے ساتھ تصاویر نمایاں ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق جڑانوالہ میں لڑکوں کے ساتھ زیادتی کرکے ویڈیوزاور تصویریں بنا کر بیلک میل کرنے کے پیچھے ن لیگ کا مفرور سرگرم کارکن اعجاز کے ملوث ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔

    ملزم کی طلال چوہدری،کیپٹن(ر)صفدر کے ساتھ تصاویر نمایاں ہیں جبکہ ملزم اعجاز ورکرز کنونشن میں بھی لیگی وزیر طلال چوہدری کے ساتھ رہا۔

    https://youtu.be/KxsZT8bW8O0

    ذرائع کے مطابق ملزم اعجاز میانوالی میں روپوش ہے، اعجاز اپنے ساتھیوں کے ساتھ ملکر بچوں کی نازیبا ویڈیوز بنا کر انہیں بلیک میل کرتے تھے۔

    پولیس نے عاقب ضیا،راشد اور کاشف کوگرفتارکرلیا ہے جبکہ مطلوب ملزم اعجاز کی گرفتاری کے چھاپے مارہی ہیں ۔ ملزمان کے خلاف مختلف تھانوں میں زیادتی، بلیک میلنگ اور قتل کےمقدمات درج ہیں ۔


    مزید پڑھیں : قصورکے بعد اب جڑانوالہ میں لڑکوں سے زیادتی کا انکشاف


    گذشتہ روز فیصل آباد کی تحصیل جڑانوالہ میں لڑکوں سے زیادتی کا انکشاف ہوا ہے اور کئی لڑکوں سے زیادتی کی تصویریں اور ویڈیوز بھی سامنے آئیں۔

    ملزمان کمسن لڑکوں سے زیادتی کے بعد ویڈیو بناتے اور پھر بلیک میل کرتے تھے۔

    اس سے قبل گوجرنوالہ میں کم عمر لڑکیوں سے زیادتی اور ویڈیوز بنانے کا انکشاف سامنے آیا تھا م جس کے بعد پولیس نے دو ملزمان راشد اور طارق کو گرفتار کرکے متعدد ویڈیوز برآمد کرلی تھی۔


    مزید پڑھیں : گوجرانوالہ میں لڑکیوں سے زیادتی اور ویڈیوز بنانے والا ملزم مسلم لیگ ن کا کارکن نکلا


    لڑکیوں سے زیادتی اور ویڈیوز بنانے والا گرفتار ملزم راشد خان مسلم لیگ ن کا کارکن نکلا تھا، ملزم راشد خان کی شہباز شریف کے لیے لگے بینرز پر تصویر نمایاں ہے، بینرز پر راشدخان کو جنرل سیکرٹری حمزہ یوتھ ونگ ظاہر کیا گیا تھا۔

    یاد رہے کہ قصور میں بھی لڑکوں سے زیادتی اور بلیک میلنگ کا انکشاف ہوا تھا کم از کم پانچ رکنی گروہ سال دو ہزارتیرہ سے یہ گھناؤنا کام کر رہا تھا، ایک ملزم آصف حکمران سیاسی جماعت کا سرگرم رکن ہے ۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • قصورکے بعد اب جڑانوالہ میں لڑکوں سے زیادتی کا انکشاف

    قصورکے بعد اب جڑانوالہ میں لڑکوں سے زیادتی کا انکشاف

    فیصل آباد : قصور کے بعد اب جڑانوالہ میں لڑکوں سے زیادتی کا انکشاف ہوا ہے، ملزمان لڑکوں کی نازیبا ویڈیوز بنا کر انہیں بلیک میل کرتے تھے۔

    تفصیلات کے مطابق فیصل آباد کی تحصیل جڑانوالہ میں لڑکوں سے زیادتی کا انکشاف ہوا ہے،  کئی لڑکوں سے زیادتی کی تصویریں اور ویڈیوز سامنے آگئیں، جڑانوالہ پولیس نے زیادتی کے کئی ملزمان کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

    ملزمان کمسن لڑکوں سے زیادتی کے بعد ویڈیو بناتے اور پھر بلیک میل کرتے تھے۔ زیادتی کے واقعات کا انکشاف علاقے کے ایک متاثرہ لڑکے نے کیا تھا۔

    فیصل آباد کے علاقے جڑانوالہ میں بچوں سے زیادتی کے اسکینڈل کے بعد پولیس حکام حرکت میں آگئے، ایس ایس پی آپریشنز کا کہنا ہے کہ بچوں سے زیادتی میں چار ملزمان ملوث ہیں،3ملزمان عاقب، راشد اور کاشف کو گرفتار کیا جا چکا ہے،جبکہ چوتھا ملزم اعجاز بھی بہت جلد قانون کی گرفت میں ہوگا۔

    ایس ایس پی آپریشنز کا مزید کہنا تھا کہ متاثرہ بچوں کو مکمل انصاف فراہم کرنے کی کوشش کریں گے اور دیگرمتاثرین کے آنے پر ملزمان کیخلاف مزید مقدمات درج کیے جائیں گے۔

    دوسری جانب اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے پنجاب کے وزیر قانون رانا ثناءاللہ نے کہا کہ جڑانوالہ میں بچوں سے زیادتی کے واقعات کی تصدیق یا تردید نہیں کرسکتا کیونکہ اس قسم کے واقعات کا مجھے علم ہی نہیں، معاشرتی برائیوں کو روکنے کیلئے قانون کو حرکت میں آکر ایسے واقعات کی بیخ کنی کرنی چاہئے۔

    یاد رہے کہ اس سے قبل قصور میں بھی لڑکوں سے زیادتی اور بلیک میلنگ کا انکشاف ہوا تھا کم از کم پانچ رکنی گروہ سال دو ہزارتیرہ سے یہ گھناؤنا کام کر رہا تھا، ایک ملزم آصف حکمران سیاسی جماعت کا سرگرم رکن ہے ۔

    مذکورہ ملزم سولہ سال کی لڑکی کے قتل میں گرفتار ہوا تو اس کے موبائل سے گھناؤنی ویڈیوز اور تصاویر ملیں،  دو ملزمان آصف اور راشد کو گرفتار کرلیا گیاتھا، ملزمان پر قتل کے تین مقدمات درج ہیں۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • جڑانوالہ : نوازشریف نے طاہرالقادری کی نقل اتاری، کارکنان سے پیارکا اظہار

    جڑانوالہ : نوازشریف نے طاہرالقادری کی نقل اتاری، کارکنان سے پیارکا اظہار

    جڑانوالہ : سابق نااہل وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف نے جلسے میں ڈاکٹر طاہرالقادری کی نقل اتاری، انہوں نے کارکنان سے اپنے پیار کا بھی اظہار کیا جبکہ خطاب کےدوران سیکیورٹی پر مامور اہلکاروں نے کارکنان کو کنٹینر سے نیچے پھینک دیا، اسٹیج پر اتنے زیادہ لوگ چڑھ گئے کہ اسٹیج کا ایک حصہ گرپڑا۔

    تفصیلات کے مطابق جڑانوالہ میں عوامی جلسے سے خطاب کے دوران نواز شریف خوشگوار موڈ میں دکھائی دیئے اس موقع پر انہوں نے مخالفین کو خوب تنقید کا نشانہ بنایا۔

    نواز شریف نے ڈاکٹر طاہرالقادری پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ طاہرالقادری پاکستان سیاست کرنےآرہے ہیں جوایک تار سے ڈر جاتے ہیں وہ ہماری حکومت کیا گرائیں گے؟

    بجلی کی تار سے ڈرنے والے ہم سے ٹکرلینے آرہے ہیں، جوخود کو نہیں سنبھال سکتے وہ عوام کو کیاسنبھالیں گے، انہوں نے تنبیہ کی کہ 2018 میں ان کو ایسا دھکا دوں گا کہ دوبارہ نظر نہیں آئیں گے۔

    ایک موقع پر انہوں نے کارکنوں سے پیار کا اظہار بھی کیا، کارکنان کی جانب سے ’’ آئی لو یو نوا زشریف‘‘ کے نعرے سن کر انہوں نے جواب دیا کہ نواز شریف بھی آپ سے بہت پیار کرتا ہے، آپ میرے اور میں آپ کا ہوں۔

    جڑانوالہ میں نون لیگ کے سیاسی پاور شو کے دوران بدنظمی عروج پر تھی، کارکنوں کو لاٹھیاں ماری گئیں اور اسٹیج سے دھکے بھی دیئے گئے۔

    کنٹینرمیں چڑھنے کی کوشش کرنے والے کارکنان کو پولیس نے دھکے دے کر نیچے پھینک دیا جس سے تین کارکن زخمی ہوگئے، اس کے علاوہ  قانون پرتنقید کرنے والوں نے جلسے میں غیر قانونی طور پر بجلی بھی استعمال کی۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر ضرور شیئر کریں۔

  • جڑانوالہ کہہ رہا ہے کہ ہم ججوں کا فیصلہ نہیں مانتے: نوازشریف

    جڑانوالہ کہہ رہا ہے کہ ہم ججوں کا فیصلہ نہیں مانتے: نوازشریف

    جڑانوالہ:سابق وزیر اعظم میاں نواز شریف نے کہا ہے کہ آج کل سپریم کورٹ میں تمام مقدمات میرے خلاف لگے ہوئے ہیں۔ یہ زندگی بھرکے لئے نااہل کردیں پھربھی عوام سے رشتہ نہیں ٹوٹے گا۔

    ان خیالات کا اظہار سابق نااہل وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف نے جڑانوالہ میں عوامی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

    میاں نواز شریف نے کہا کہ ججز کے فیصلے کو قوم مسترد کردے گی، یہ کون ہیں، جومجھے آپ سے جدا کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ جڑانوالہ کا  فیصلہ ہے کہ ہم ججز کا فیصلہ نہیں مانتے۔

    انھوں نے مخالفین پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ واہ، اب عمران خان صادق اورامین ہیں، طاہرالقادری ہماری حکومت ہٹانے آئے ہیں، وہ تو ایک تار سے ڈر جاتے ہیں۔ لاہورمیں خالی کرسیوں کا جم غفیر تھا، یہاں شیروں کاجم غفیرہے، لاہور کے جلسے اور جڑانوالہ کے شیروں کا کوئی مقابلہ نہیں۔

    انھوں نے سوال کیا کہ کیا کہ بیٹے سے تنخواہ نہ لینا باپ کا جرم ہوتا ہے؟ بیٹے سے تنخواہ نہیں لی اورنااہل کر دیا گیا، مجھے کہا گیا کہ گھر چلے جاؤ، چار سال مشکل سے ہوئے تھے اور مجھے نکال دیا گیا۔

    میاں نواز شریف نے کہا کہ آج پھر پاکستان میں ڈرون حملے شروع ہوگئے ہیں، ہم نے اوباما کو کہا کہ پاکستان ایک خودمختارملک ہے ڈرون حملےبند کریں۔ پاکستان پھرانتشارکا شکارہونے جارہا ہے، آج پھرمہنگائی بڑھنا شروع ہوگئی ہے، آج پھرپاکستان کومیلی نظروں سے دیکھا جارہا ہے۔

    انھوں نے عدلیہ کے فیصلوں پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ اسمبلی میں مجھےعوام نے وزیراعظم بنایا، کیا مجھے کوئی اورنکال سکتا ہے، قوم خود نوٹس لے گی اور سارے فیصلے مسترد کردے گی، تحریک عدل کو یقینی بنائیں گے، یہ تحریک کامیاب ہوگی، تاکہ دادا کے مقدمے میں پوتے نہ پیش ہوں۔

    سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ میں جب بھی کوئی وعدہ کرتا ہو، تو پورا کرتا ہو، آج گھروں میں بجلی آرہی ہے، موٹروے،ملتان، اسلام آباد،پشاور اور کراچی جارہی ہے۔

    ن لیگ کے کارکنان تیار ہو جائیں، ملک بھر میں جلسے جلوس کریں گے، نواز شریف

    سابق وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ پرویزمشرف نے پاکستان کاستیاناس کردیا تھا، ہم نے آکر پاکستان کو سنبھالا۔ نوازشریف نے پاکستان کوترقی دی تو اسے نااہل کردیا۔

    ان کا کہنا تھا کہ خیبرپختون خواہ کےلوگوں سے پوچھا جائے، انھوں نے تمہارے لیے کیا کیا؟ا ن لوگوں نے جھوٹ اورالزام تراشی کےعلاوہ کچھ نہیں کیا۔ ہم نے تہیہ کیا ہے کہ سب کو باعزت روزگار ملے گا، پاکستان میں جتنے لوگ بےگھر ہیں انہیں رہنےکوچھت اپنا گھر ملے گا۔


    اگرآپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔

  • پاکستان تحریک انصاف آج جڑانوالہ میں سیاسی قوت کامظاہرہ کرےگی

    پاکستان تحریک انصاف آج جڑانوالہ میں سیاسی قوت کامظاہرہ کرےگی

    فیصل آباد: پاکستان تحریک انصاف آج صوبہ پنجاب کےشہر جڑانوالہ میں سیاسی قوت کا مظاہرہ کرے گی، چیئرمین عمران خان جلسے سے خطاب کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف آج ریلوے گراؤنڈ جڑانوالہ میں عوامی طاقت کا مظاہرہ کرے گی جس کے لیے پنڈال سج گیا، تمام انتظامات کو حتمی شکل دے گئی۔

    جلسہ گاہ میں ہرطرف پارٹی پرچموں کی بہار ہے اور 30 ہزار سے زائد کرسیاں لگا دی گئی ہیں۔

    پاکستان تحریک انصاف کے جلسے میں گلوکار عطا اللہ عیسیٰ خیلوی، ابرار الحق اور فاروق شاد بھی شر کت کریں گے۔

    پولیس حکام کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے جلسے کے لیے پولیس اہلکاروں کو تعینات کیا گیا ہے۔


    طاہرالقادری کےساتھ ہیں‘ پوراتعاون کریں گے‘ عمران خان


    یاد رہے کہ گزشتہ روز اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ قوم کا پیسہ لوٹنے والوں سے ہاتھ نہیں ملاتا انہیں اڈیالہ جیل بھجواؤں گا۔

    پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ کا کہنا تھا کہ طاہرالقادری کے ساتھ ہیں ، اگر وہ سڑکوں پر نکلے تو پورا تعاون کریں گے۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔

  • گھریلو جھگڑا: ماں نے دو بچیوں کو زہر دے کرخود کشی کرلی

    گھریلو جھگڑا: ماں نے دو بچیوں کو زہر دے کرخود کشی کرلی

    جڑانوالہ : ماں نے گھریلو جھگڑے کے بعد مبینہ طور پر بچیوں کو زہر دے کر خودکشی کرلی، خاتون کے لواحقین نے سسرالیوں پر قتل کا الزام لگا دیا، پولیس نے شوہر کو حراست میں لے لیا۔

    تفصیلات کے مطابق جڑانوالہ کی رہائشی ریما نے اپنے شوہر فرحان سے گھریلو جھگڑے کے بعد طیش میں آکر مبینہ طور پر اپنی دو بچیوں کو زہریلی دوا پلا کر خود بھی اپنی زندگی کا خاتمہ کرلیا۔

    بچیوں کی عمریں ایک اور تین سال ہیں، جہاں پہلے رونق تھی آج وہاں صف ماتم بچھی ہے۔ زہر خورانی سے ماں اور دو بچیوں کی ہلاکت معمہ بن گئی۔

    پولیس نے ابتدائی تفتیش میں واقعہ کو خودکشی قرار دیا لیکن لواحقین نے سسرالیوں پر قتل کا الزام لگادیا، خاتون ریما اور ایک سالہ حرم فاطمہ اور تین سالہ ورشہ کی لاشیں پوسٹ مارٹم کے بعد ورثاء کے حوالے کردی گئیں۔


    مزید پڑھیں: طالب علم نے ٹیچر سے عشق میں ناکامی پر خود کشی کر لی


    بعد ازاں ماں بیٹیوں کو آبائی قبرستان میں سپردخاک کیاگیا۔ پولیس نے خالہ کی درخواست پر خاتون کے سسرالیوں کیخلاف کارروائی کرتے ہوئے خاتون کے شوہر کو گرفتار کرکے مزید تفتیش شروع کردی ہے۔


    مزید پڑھیں: پسندکی شادی نہ ہونے پر لڑکا لڑکی کی خود کشی


    ریما کی چار سال قبل فرحان سے شادی ہوئی تھی۔

  • جڑانوالہ میں فائرنگ ‘پولیس رضاکارجاں بحق

    جڑانوالہ میں فائرنگ ‘پولیس رضاکارجاں بحق

    فیصل آباد: صوبہ پنجاب کےشہرجڑانوالہ میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سےپولیس رضاکار جان کی بازی ہارگیا۔

    تفصیلات کےمطابق پنجاب کے شہرجڑانوالہ کےتھانہ روڈالہ کی پولیس چوکی وگوڑ کے اہلکار گزشتہ رات گئے چک 380 میں اشتہاریوں کی گرفتاری کے لیےچھاپےکےبعدواپس جا رہے تھےکہ راستے میں مبینہ فائرنگ سےپولیس رضاکارفیاض موقع پرہی جاں بحق ہوگیا۔

    جڑانوالہ چک 147 کے رہائشی پولیس رضاکاربائیس سالہ رضاکار فیاض الحسن کی ایک ماہ بعد شادی تھی۔

    فیاض کے والد نے میڈیا سے بات کرتے ہوئےکہاکہ اس کا بیٹا ڈیوٹی کرکےواپس گھر آگیا تھا،چوکی انچارج اے ایس آئی الیاس نے اسے دوبارہ بلوا لیا ۔

    انہوں نے کہاکہ اس کے بیٹے کو جان بوجھ کر قتل کیے جانے کا خدشہ ہے،پولیس حکام اس واقعےکی شفاف انکوائری کروائیں۔

    مزید پڑھیں:ملتان میں سی ٹی ڈی کی کارروائی‘5دہشت گرد ہلاک

    واضح رہے کہ اس سے قبل ملتان میں سی ٹی ڈی کی کارروائی کے دوران کالعدم تنظیم جماعت الاحرار کےپانچ دہشت گردمارے گئےتھے۔

  • اڑتیس سالہ شخص کی 10 سالہ بچی سے نکاح کی کوشش ناکام

    اڑتیس سالہ شخص کی 10 سالہ بچی سے نکاح کی کوشش ناکام

    جڑانوالہ: پولیس نے 10 سالہ بچی کا 38 سالہ شخص سے زبردستی نکاح ناکام بناتے ہوئے دلہا کے والد کو باراتیوں سمیت گرفتار کرلیا تاہم دلہا اور لڑکی کے والدین فرار ہوگئے۔

    اطلاعات کے مطابق جڑا نوالہ میں 10 سال کی بچی زیبا کا 38 برس کے شخص سے نکاح کرایا جارہا تھا کہ پولیس کو اطلاع مل گئی جس نے فوری طور پر پہنچ کر نکاح رکوادیا۔

    پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے نہ صرف نکاح رکوایا بلکہ دلہا کے والد کو باراتیوں سمیت حراست میں لے لیا تاہم دلہا، نکاح خواں اور بچی کے والدین موقع سے فرار ہوگئے۔

    پولیس کےمطابق والدین نےشادی کے عوض دلہا سے رقم لی تھی۔

    واضح رہے کہ اسی طرح کا یہ پہلا واقعہ نہیں بلکہ آئے دن والدین اپنی کم سن بچی کی چند روپوں کے لالچ میں کسی بھی انہتائی بڑی عمر کے شخص سے اس کی شادی کردیتے ہیں تاہم جو کیسز پولیس یا میڈیا کو پتا چلتے ہیں اس پر کارروائی ہوجاتی ہے جبکہ بیشتر کیسز سامنے نہیں آپاتے۔

  • جڑا نوالہ: آئل ٹینکر کی ٹکر،2 پولیس اہلکار جاں بحق

    جڑا نوالہ: آئل ٹینکر کی ٹکر،2 پولیس اہلکار جاں بحق

    فیصل آباد : صوبہ پنجاب کے شہر فیصل آباد کی تحصیل جڑانوالہ میں آئل ٹینکر کی ٹکر سے دو پولیس کانسٹیبل جاں بحق ہوگئے۔

    تفصیلات کےمطابق فیصل آباد کی تحصیل جڑانوالہ کے تھانہ ستیانہ کے ایس ایچ او خالد گجر کا کہنا ہے کہ ایگل اسکواڈ کے دونوں کانسٹیبل مبارک علی اور محمد رفیق موٹر سائیکل پرگشت پر تھے۔

    جڑانوالہ چک نمبر76گ ب کے قریب پیچھے سے آنے والے تیز رفتار آئل ٹینکر نے دونوں اہلکاروں کو ٹکر ماردی جس کے نتیجے میں دونوں اہلکار موقع پر ہی جان کی بازی ہار گئے۔

    واقعے کے فوراََ بعد ہی آئل ٹینکرکاڈرائیور جائے وقوعہ سے فرار ہوگیا،دونوں پولیس اہلکاروں کی میتیں ڈی ایچ کیو اسپتال منتقل کردی گئیں حکام کا کہناہے کہ ڈرائیور کی گرفتاری کے لیے ٹیم تشکیل دے دی گئی ہے۔

    ایگل اسکواڈ کے دونوں اہلکاروں کے حادثے میں جاں بحق ہونے پرایس پی نجیب اللہ بدرانی نے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہےاور کہا کہ بہت جلد ملزم کو گرفتار کرلیا جائےگا۔

  • جڑانوالہ : دیرینہ رنجش کی بنا پر دو سگی بہنیں قتل

    جڑانوالہ : دیرینہ رنجش کی بنا پر دو سگی بہنیں قتل

    جڑانوالہ: تھانہ روڈالہ کی حدود میں دیرینہ رنجش کی بنا پر دو سگی بہنیں قتل ،فائرنگ کی زد میں آکر چار راہ گیر شدید زخمی ہوگئے.

    تفصیلات کے مطابق پنجاب کے شہر جڑانوالہ میں تھانہ روڈالہ کی حدود میں دیرینہ رنجش کی بنا پر دو سگی بہنیں قتل،فائرنگ کی زد میں آکر چار راہ گیر شدید زخمی ہوگئے.

    ڈی ایس پی نواز سیال کے مطابق تھانہ روڈالہ کے نواحی گاؤں چک نمبردوستترگابے میں دو گروپوں میں دیرینہ رنجش پر عمران فاروق اور شاہ جان نامی شخص نے عبدالغفور کے گھر پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں گھر میں سوئی ہوئی دو سگی بہنیں پینتیس سالہ کلثوم اور تیس سالہ بلقیس دختران عبدالغفور موقع پر جاں بحق ہوگئیں.

    مسلح افرادکی فائرنگ کی زد میں آکر گلی میں سوئے ہوئے باپ بیٹے سمیت چار افرادعقیل،محمد حنیف ،وکیل احمداور نصراللہ شدید زخمی ہوگئے چاروں زخمیوں کو ریسکیو اہلکاروں نے تحصیل ہیڈ کوارٹر اسپتال منتقل کردیا اور ملزمان فائرنگ کے بعد موقع سے فرار ہوگئے.

    ملزمان کی گرفتاری کےلیے پولیس چھاپے مار رہی ہے ابتدائی اطلاعات کے مطابق واقعہ پرانی رنجش کا شاخسانہ بتایا جارہا ہے.