Tag: جڑواں بچے

  • سعودی ڈاکٹرز کا کامیاب آپریشن، جڑواں بچوں کو علیحدہ کردیا

    سعودی ڈاکٹرز کا کامیاب آپریشن، جڑواں بچوں کو علیحدہ کردیا

    سعودیہ کے دارالحکومت ریاض کے کنگ عبداللہ اسپتال میں سعودی ڈاکٹرز نے 16 گھنٹے طویل آپریشن کے بعد تنزانیہ کے سیامی جڑواں بچے جو آپس میں جڑے ہوئے تھے، انہیں علیحدہ کرنے میں کامیابی حاصل کرلی ہے۔ جس کے بعد کامیاب آپریشنز کی تعداد 59 تک پہنچ گئی۔

    غیر ملکی ذرائع ابلاغ کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ڈاکٹر عبداللہ الربیعہ نے اس حوالے سے وضاحت دیتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے سرجیکل آپریشن کو 9 مرحلوں میں مکمل کیا جاتا ہے۔ جبکہ اس میں 16 گھنٹے کا وقت لگتا ہے۔

    نرسنگ اور ٹیکنیکل کے علاوہ پیڈیاٹرک سرجری، پلاسٹک سرجری،اینستھیزیا، پیڈیاٹرک سرجری اور آرتھوپیڈکس کے شعبوں کے 35 کنسلٹنٹ اور ماہرین اس آپریشن میں حصہ لیتے ہیں۔

    انہوں نے وضاحت دیتے ہوئے کہا کہ سیامی جڑواں بچوں کو الگ کرنے کے سعودی پروگرام نے 33 سال کے دوران 24 ممالک سے 133 کیسز کی نگرانی کی اور 58 کیسز کو الگ کیا اور یہ 59 واں کیس ہے، جو ہماری بڑی کامیابی ہے۔

    دوسری جانب سعودی عرب نے صنعتی اور اقتصادی ترقی کے لیے بڑا فیصلہ کرلیا ہے، مملکت کے تمام صنعتی اور اقتصادی علاقوں کو ریلوے لائن سے جوڑا جائے گا۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق سعودی عرب کی ٹرانسپورٹ جنرل اتھارٹی (ٹی جی اے) نے کہا ہے کہ مملکت کے صنعتی اور اقتصادی علاقوں کو ریلوے لائن سے جوڑا جائے گا جس پر مال گاڑیوں کے ساتھ مسافر ٹرینیں مستقل بنیادوں پر چلائی جائیں گی۔

    عرب اخبار نے ٹی جی اے کے ذرائع کے حوالے سے رپورٹ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اقتصادی اور صنعتی علاقوں کو ریلوے لائن سے جوڑنے سے قبل سروے کیے جائیں گے۔

    ان سرویز ساے حاصل شدہ معلومات کے مطابق صنعتی اور اقتصادی علاقوں کو ریلوے لائن سے جوڑنے کے حوالے سے مکمل منصوبہ بندی ہوگی جو صنعتی ترقی میں اہم کردار ادا کرنے کے ساتھ ٹرانسپورٹ کے شعبے میں بھی بڑی پیش رفت ہوگی۔

  • جڑواں بچے آٹھویں منزل سے پھینکنے کے بعد خاتون خود بھی کود گئی

    جڑواں بچے آٹھویں منزل سے پھینکنے کے بعد خاتون خود بھی کود گئی

    حیدرآباد: بھارت میں ایک خاتون نے اپنے جڑواں بچے آٹھویں منزل سے نیچے پھینک دیے، اور پھر خود کشی کر لی۔

    بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق سکندرآباد میں ایک افسوس ناک واقعہ پیش آیا ہے، جس میں ایک خاتون نے اپنے جڑواں بچوں ڈیڑھ سالہ نتیا اور نیدرش کو اپارٹمنٹ کی آٹھویں منزل سے نیچے پھینکنے کے بعد اسی عمارت سے نیچے چھلانگ لگا کر خود کشی کر لی۔

    پولیس حکام کہنا ہے کہ واقعے میں کوئی بھی زندہ نہ بچ سکا، اور موقع ہی پر تینوں کی موت واقع ہو گئی، یہ واقعہ تلنگانہ کے دارالحکومت حیدرآباد کے جڑواں شہر سکندرآباد میں پیش آیا۔

    خود کشی کرنے والی 21 سالہ سوندریا کے والدین بھی اسی اپارٹمنٹ میں رہائش پذیر تھے، انھوں نے انکشاف کیا کہ سوندریا کو اس کا شوہر گنیش جہیز کے لیے مسلسل ہراساں کر رہا تھا، جس پر اس نے یہ انتہائی قدم اٹھا لیا۔

    والدین کی شکایت پر پولیس نے گاندھی نگر پولیس اسٹیشن میں مقدمہ درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔

  • جناح اسپتال جڑواں بچوں کے معاملے کی تحقیقاتی رپورٹ محکمہ صحت کو پیش

    جناح اسپتال جڑواں بچوں کے معاملے کی تحقیقاتی رپورٹ محکمہ صحت کو پیش

    کراچی: جناح اسپتال میں جڑواں بچوں کے معاملے کی تحقیقاتی رپورٹ محکمہ صحت کو پیش کر دی گئی۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق جناح اسپتال کراچی سے جڑواں بچوں میں سے ایک کے اغوا کے معاملے پر ڈاکٹر طارق کی سربراہی میں اسپتال کی تحقیقاتی کمیٹی نے رپورٹ محکمہ صحت کو پیش کر دی۔

    رپورٹ میں والدین کا دعویٰ مسترد کر دیا گیا ہے، کمیٹی نے تمام متعلقہ افراد کے بیانات ریکارڈ کیے۔

    رپورٹ کے مطابق جڑواں بچوں سے متعلق والدین کا مؤقف درست نہیں، والدین کی جمع کرائی گئی 14 ہفتے کی الٹرا ساؤنڈ رپورٹ درست ہے، جس میں صرف ایک بچے کی نشان دہی ہوئی تھی۔

    جناح اسپتال میں 2 بچوں کی پیدائش کا دعویٰ، انکوائری مکمل

    رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ لانڈھی کورنگی کی لیب سے دوسری الٹرا ساؤنڈ رپورٹ میں بچوں کی تعداد، عمر، مریضہ کا نام، ایم آر نمبر اور ڈاکٹر کا نام تک نہیں ہے۔

    دوسری طرف بچی کے والد نے کمیٹی کی رپورٹ مسترد کر دی ہے، اور سندھ ہائی کورٹ سے رجوع کر لیا ہے۔

    کمیٹی کی رپورٹ کے مطابق 5 فروری 2021 کو حمیرا زوجہ خالد کو سندھ گورنمنٹ اسپتال کورنگی سے جناح اسپتال لایا گیا تھا، 6 فروری کو سی سیکشن آپریشن کے ذریعے ایک بچی کی ولادت ہوئی تھی، تاہم بچی کے والد نے 2 بچوں کا دعویٰ کر دیا تھا۔

    والدین کی درخواست پر سینئر ڈاکٹرز پر مشتمل میڈیکل کمیٹی تشکیل دی گئی تھی، ذرائع ابلاغ پر بغیر تصدیق کے خبریں چلتی رہیں جس کے پیش نظر کمیٹی تشکیل دی گئی، میڈیکل کمیٹی نے کہا کہ 18 اور 23 فروری کو شکایات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا، اس کے بعد اپنی رپورٹ مرتب کر کے محکمہ صحت کو ارسال کر دی ہے۔

  • مختلف دہائیوں میں پیدا ہونے والے جڑواں بہن بھائی

    مختلف دہائیوں میں پیدا ہونے والے جڑواں بہن بھائی

    جڑواں بچوں کی پیدائش کے وقت تاریخ کا بدل جانا تو معمول کی بات ہے تاہم ایک امریکی جوڑے کے یہاں جڑواں بچوں کی پیدائش اس طرح ہوئی کہ دونوں کا سال تو کیا دہائی بھی بدل گئی۔

    امریکی ریاست انڈیانا میں ڈان گیلیم اور جیسن ٹیلو نامی جوڑے کے یہاں صرف 30 منٹ کے وقفے سے جڑواں بچوں کی پیدائش ہوئی، تاہم اس 30 منٹ میں نہ صرف سال 2019 سے 2020 ہوگیا بلکہ دہائی بھی بدل گئی۔

    جوڑے کے یہاں پہلے بچی کی پیدائش رات 11 بج کر 37 منٹ پر ہوئی جبکہ 30 منٹ بعد بچے کی پیدائش 12 بج کر 7 منٹ پر ہوئی۔

    یوں 2 جڑواں بہن بھائیوں کی تاریخ پیدائش دو مختلف دہائیوں کی ہوگئی۔

    جوڑے کا کہنا ہے کہ ان بچوں کی پیدائش فروری میں ہونی تھی تاہم گزرے سال کی آخری شام بچوں کی حرکت میں سست روی کی وجہ سے انہوں نے ڈاکٹر کے پاس جانے کا فیصلہ کیا۔

    ڈاکٹر نے انہیں بتایا بچوں کی پیدائش اسی وقت متوقع ہے۔

    والد کا کہنا ہے کہ انہیں یہ تو امید تھی کہ دونوں کی پیدائش میں تاریخ بدل سکتی ہے تاہم یہ اندازہ نہیں تھا کہ سال بلکہ دہائی بھی مختلف ہوسکتی ہے۔

    یونیسف کا کہنا ہے کہ نئی دہائی اور نئے سال کے پہلے دن دنیا بھر میں 4 لاکھ سے زائد بچوں کی پیدائش ہوئی جن میں سے 10 ہزار امریکا میں پیدا ہوئے۔

  • چڑیا گھر میں سرخ پانڈا کے ننھے بچوں کا استقبال

    چڑیا گھر میں سرخ پانڈا کے ننھے بچوں کا استقبال

    برطانیہ کے چڑیا گھر میں ایشیائی علاقوں میں پائے جانے والے جانور سرخ پانڈا نے دو جڑواں بچوں کو جنم دیا جس سے ماہرین میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔

    سرخ پانڈا، پانڈا کی ایک نایاب نسل ہے جو مغربی چین، بھارت، لاؤس، نیپال اور برما کے علاقوں میں پایا جاتا ہے۔ اسے سرخ بھالو بلی بھی کہا جاتا ہے اور اس کی خوراک میں بانس کے علاوہ انڈے، پرندے اور کیڑے مکوڑے بھی شامل ہیں۔

    عالمی ادارہ برائے تحفظ فطرت آئی یو سی این کے مطابق سرخ پانڈا کو اپنی پناہ گاہوں یا رہائشی مقامات میں کمی کے باعث بقا کا خطرہ لاحق ہے۔

    گزشتہ 50 برس میں اس پانڈا کی آبادی میں 40 فیصد کمی آئی ہے جس کے بعد دنیا بھر میں اس پانڈا کی تعداد اب صرف 10 ہزار ہے۔ اسے اس کے نرم فر (بالوں) کی وجہ سے غیر قانونی طور پر شکار بھی کیا جاتا ہے۔

    برطانیہ میں اس پانڈا کی افزائش نسل بھی کی جارہی ہے اور انہی اقدامات کے تحت انگلینڈ کے چیسٹر زو میں موجود سرخ پانڈا نے دو جڑواں بچوں کو جنم دیا ہے۔

    ان بچوں کی پیدائش نے سرخ پانڈا کو لاحق خطرات پر متفکر ماہرین میں خوشی کی لہر دوڑا دی ہے۔

  • ’اچھے‘ باپ کی سنگین غلطی، جڑواں شیرخوار بچوں نے بند گاڑی میں جان دے دی

    ’اچھے‘ باپ کی سنگین غلطی، جڑواں شیرخوار بچوں نے بند گاڑی میں جان دے دی

    نیویارک: ایک امریکی باپ کی سنگین غلطی نے گیارہ ماہ کے جڑواں بچوں کی جان لے لی، پولیس نے بچوں کے قتل کے الزام میں باپ کو گرفتار کر لیا۔

    تفصیلات کے مطابق نیویارک میں ایک باپ اپنے بچوں کو کار کے اندر بھول گیا، گیارہ ماہ کے جڑواں بچوں کو گاڑی میں بھولنے کی فاش غلطی نے بچوں کی جان لے لی۔

    پولیس کے مطابق بچوں کے انتالیس سالہ باپ جوآن روڈرگز نے شیرخوار بچوں کو گاڑی میں چھوڑ کر آٹھ گھنٹے تک پلٹ کر خبر نہیں لی۔

    اس دوران جڑواں شیر خوار بچے حبس اور گرمی کے باعث جاں بحق ہو گئے، پولیس کا کہنا ہے کہ شیر خوار لڑکا اور لڑکی گاڑی میں بے حس و حرکت پائے گئے تھے۔

    پولیس نے بچوں کے باپ کو غیر ارادی قتل اور مجرمانہ غفلت کے باعث قتل کے الزامات میں گرفتار کر لیا ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  چار جڑواں فلسطینی بہنوں کی میٹرک کے امتحان میں شاندار کامیابی

    بتایا گیا کہ جب گزشتہ روز جڑواں بچے کار میں تھے تو والد قریبی اسپتال میں کام پر تھا، جمعے کے روز گرمی زوروں پر تھی۔ مرنے والے بچوں کے نام میریزا اور فینکس روڈرگز بتائے گئے۔

    پانچ بچوں کے باپ کے بارے میں پڑوسیوں اور دوستوں کا کہنا تھا کہ وہ ایک اچھا باپ ہے، ہمیشہ بچوں کا خیال رکھا۔ رپورٹس کے مطابق جب بچوں کے والد کام سے واپسی پر گاڑی کے پاس آئے اور بچوں کو بے حس و حرکت دیکھا تو بدحواس ہو کر چیخنے لگے۔

    بتایا گیا کہ جب ایمرجنسی میڈیکل سروسز والے پہنچے تو بچے کے منہ سے جھاگ نکل رہی تھی، انھوں نے بچوں کو موقع ہی پر مردہ قرار دے دیا۔

    واضح رہے کہ بعض اوقات سنگین غلطی ایک ہی بار کی جاتی ہے لیکن باقی ساری زندگی اسی غلطی کے درد کے ساتھ جینا پڑتا ہے۔

  • اٹھارہ سال بعد جڑواں بچوں کی پیدائش، خاتون جانبر نہ ہوسکیں

    اٹھارہ سال بعد جڑواں بچوں کی پیدائش، خاتون جانبر نہ ہوسکیں

    کیرالہ : اٹھارہ سال بعد ماں بننے والی خاتون نے جڑواں بچوں کی پیدائش کے تین دن بعد اسپتال میں ہی دم توڑ دیا، افسوسناک واقعے سے اہل خانہ میں کہرام مچ گیا۔

    تفصیلات کے مطابق غم زدہ واقعہ گزشتہ روز کیرالہ کے ضلع کوٹیام کے مقامی اسپتال میں پیش آیا جہاں 18 سال سے بے اولاد جوڑا خزاں کے موسم کی آمد سے بے خبر اپنے گھر کے آنگن میں جڑواں کلیوں کے کھلنے کا منتظر تھا۔

    بیالیس سالہ شیبا نے 18 سال کے طویل انتظار کے بعد ایک نہیں بلکہ دو بچے جنم دیئے جن میں سے ایک کو وزن کی کمی کے باعث انتہائی نگہداشت کے وارڈ میں داخل کردیا گیا اور دوسرے کو ممتا کی پیاسی اپنے دودھ سے سیراب کرتی رہی جہاں اسے دو دن بعد بچوں کے ہمراہ رخصت ملنے والی تھی تاہم کسے معلوم تھا وہ زندہ حالت میں اسپتال سے واپس نہیں جا پائے گی۔

    اسپتال انتظامیہ کے مطابق سب کچھ ٹھیک جا رہا تھا کہ اچانک بیالیس سالہ شیبا کو نقاہت محسوس ہونا شروع ہوجاتی ہے اور بلڈ پریشر تیزی سے کم ہونے لگتا ہے جس کے باعث وہ کومے میں چلی جاتی ہے اور اسے وینٹی لیٹر پر منتقل کرنا پڑ جاتا ہے جہاں ڈاکٹرز کی تمام کاوشیں ناکام ثابت ہوئیں اور شیبا جانبر نہ ہو سکی۔

    زچہ و بچہ کی صحت سے متعلق کام کرنے والی ایک غیر سرکاری تنظیم کی نمائندہ کا کہنا تھا کہ کیرالہ میں زچہ و بچہ کو سب سے زیادہ خطرہ خوراک میں کمی کا ہے جس کی وجہ سے مائیں بچوں کو اپنا دودھ نہیں پلا پاتیں اور جو خواتین بساط بھر کوشش کر بھی لیتی ہیں تو خود ان کی صحت کو خطرات لاحق ہو جاتے ہیں جس کی مثال مذکورہ واقعہ بھی ہے ۔

    انہوں نے کہا کہ دوسرا بڑا خطرہ خواتین کی جنسی صحت سے متعلق معلومات کا ناکافی ہونا اور جنسی صحت کے مراکز اور سہولیات کا فقدان ہونا ہے جس کے باعث ہر سال سیکڑوں خواتین زچگی کے دوران جاں سے چلی جاتی ہیں۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔

  • کرن جوہرجڑواں بچوں کے باپ بن گئے

    کرن جوہرجڑواں بچوں کے باپ بن گئے

    ممبئی : بالی ووڈ کےنامور ڈائریکٹر کرن جوہرکاکہناہےکہ وہ جڑواں بچوں کے باپ بن گئے ہیں اور اب سے ان کے بچے ہی ان کی دنیا اور پہلی ترجیح ہیں۔

    تفصیلات کےمطابق بالی ووڈ کے مشہور ہدایت کار کرن جوہر نے جڑواں بچوں کے باپ بننے پر خوشی کااظہاکرتے ہوئےکہاکہ بیٹی کانام ماں کےنام ’ہیرو‘ کو ترتیب دے کر ’روہی‘ اور بیٹے کا نام ’یش‘ رکھا ہے۔

    کرن جوہر نےسماجی رابطےکی ویب سائٹ ٹویٹر پرمداحوں سے اپنی خوشی کوشیئرکرتے ہوئےکہاکہ کہ میں آپ سب کو بتاناچاہتاہوں کہ روہی اور یش میری زندگی میں بہت ہی خوبصورت اضافہ ہیں اور یہ دونوں میری زندگی ہیں۔

    بالی ووڈ ہدایت کار نےکہاکہ میں فخرمحسوس کرتا ہوں کہ طبی سائنس کےعجائبات کی مدد سے میرے دل کے ٹکرے روہی اور یش میری زندگی کاحصہ بنے۔44سالہ فلم ساز جوکہ پوری دنیا میں سفرکرتے رہتے ہیں جانتے ہیں کہ بچوں کا باپ ہونا ایک بڑی ذمہ داری ہے اور بچے ان کے کام سے بھی پہلے ہیں۔

    واضح رہےکہ ہدایت کارکرن جوہرجوکہ بالی ووڈ میں اپنی فلموں ’کچھ کچھ ہوتا ہے‘ ’کبھی خوشی کبھی غم‘ ’دل والے‘ سمیت دیگرشاندار فلموں کےحوالے سےجانے جاتے ہیں۔

  • امریکہ میں جڑواں بچوں کی انوکھی پیدائش

    امریکہ میں جڑواں بچوں کی انوکھی پیدائش

    کیلیفورنیا: امریکہ کے شہر کیلیفورنیا میں جڑواں بچوں کی پیدائش میں چند منٹ کا فرق سال بھر کا فرق بن گیا، بچوں کی پیدائش میں صرف تین منٹ کے وقفے نے جڑواں بہن بھائی کے یوم پیدائش میں سال بھر کافرق ڈال دیا۔

    کیلیفورنیا میں جڑواں ننھی پری جیلن کی پیدائش اکتیس دسمبر کو رات گیارہ بج کر انسٹھ منٹ پرہوئی تو اس کا بھائی لوئیس صرف تین منٹ بعد نئے سال پر دنیا میں آیا لیکن یہی تین منٹ کا فرق ان کے یوم پیدائش میں ایک سال کے فرق کا باعث بن گیا۔

    اسپتال کی نرس لینیٹ کوٹیزی کا کہنا ہے کہ جڑواں بچوں میں سال کی پیدائش کا فرق شاذ ہی ہوتا ہے اور ان کے چونتیس سالہ کیرئر میں پہلی بار ایسا ہوا کہ جڑواں بہن بھائی کی پیدائش کا سال مختلف ہے۔

    جڑواں بچوں کے والد کا کہنا تھا کہ بچوں کی والدہ کو امید تھی کہ ان کا یوم پیدائش ایک ہی ہو گا تاہم اب انہیں بچوں کی سالگرہ کی دو الگ الگ پارٹیوں کا اہتمام کرنا پڑے گا۔