Tag: جڑواں بہن بھائی

  • دنیا کے منفرد جڑواں بچے، جو الگ الگ سال میں پیدا ہوئے

    دنیا کے منفرد جڑواں بچے، جو الگ الگ سال میں پیدا ہوئے

    کیلیفورنیا: امریکا میں جڑواں بچوں کی پیدائش کا ایک ایسا حیرت انگیز واقعہ رونما ہوا ہے جس کے بارے میں جان کر لوگ حیران رہ گئے ہیں۔

    یہ واقعہ امریکی ریاست کیلیفورنیا کا ہے، جہاں ایک اسپتال میں ایک خاتون فاطمہ مدریگال نے جڑواں بچوں کو جنم دیا، لیکن یہ دنیا کے منفرد جڑواں بچے بن گئے کیوں کہ یہ الگ الگ سال میں پیدا ہوئے۔

    سال کے فرق سے پیدا ہونے والے ان جڑواں بہن بھائی کی نہ صرف سال گرہ کا دن الگ ہوگا، بلکہ مہینہ اور سال بھی الگ ہوگا۔

    یہ بچے دراصل 15 منٹ کے فرق سے پیدا ہوئے، جس کی وجہ سے یہ عجیب صورت حال پیدا ہوئی ہے، بتایا جاتا ہے کہ اس طرح کے امکان کی شرح 20 لاکھ پیدائشوں میں سے ایک ہوتی ہے۔

    اسپتال کی جانب سے کیے گئے ٹوئٹ کے مطابق خاتون فاطمہ نے بیٹے الفریڈو کو 31 دسمبر کو رات 11 بج کر 45 منٹ پر جنم دیا، جب کہ 15 منٹ بعد رات کے 12 بجنے کے بعد یکم جنوری کو بیٹی آئلن کی پیدائش ہوئی۔

    اس طرح ایک بچہ 2021 اور دوسرا 2022 میں پیدا ہوا، اس 15 منٹ کے وقفے سے بچوں کی سالگرہ مختلف دن، مہینے اور سال میں ہوگی۔

    ایک رپورٹ کے مطابق امریکا میں ہر سال ایک لاکھ 20 ہزار جڑواں بچوں کی پیدائش ہوتی ہے جو تمام بچوں کی پیدائش کا 3 فی صد ہے مگر سالگرہ کی مختلف تاریخ کی شرح نہ ہونے کے برابر ہے۔

  • مختلف دہائیوں میں پیدا ہونے والے جڑواں بہن بھائی

    مختلف دہائیوں میں پیدا ہونے والے جڑواں بہن بھائی

    جڑواں بچوں کی پیدائش کے وقت تاریخ کا بدل جانا تو معمول کی بات ہے تاہم ایک امریکی جوڑے کے یہاں جڑواں بچوں کی پیدائش اس طرح ہوئی کہ دونوں کا سال تو کیا دہائی بھی بدل گئی۔

    امریکی ریاست انڈیانا میں ڈان گیلیم اور جیسن ٹیلو نامی جوڑے کے یہاں صرف 30 منٹ کے وقفے سے جڑواں بچوں کی پیدائش ہوئی، تاہم اس 30 منٹ میں نہ صرف سال 2019 سے 2020 ہوگیا بلکہ دہائی بھی بدل گئی۔

    جوڑے کے یہاں پہلے بچی کی پیدائش رات 11 بج کر 37 منٹ پر ہوئی جبکہ 30 منٹ بعد بچے کی پیدائش 12 بج کر 7 منٹ پر ہوئی۔

    یوں 2 جڑواں بہن بھائیوں کی تاریخ پیدائش دو مختلف دہائیوں کی ہوگئی۔

    جوڑے کا کہنا ہے کہ ان بچوں کی پیدائش فروری میں ہونی تھی تاہم گزرے سال کی آخری شام بچوں کی حرکت میں سست روی کی وجہ سے انہوں نے ڈاکٹر کے پاس جانے کا فیصلہ کیا۔

    ڈاکٹر نے انہیں بتایا بچوں کی پیدائش اسی وقت متوقع ہے۔

    والد کا کہنا ہے کہ انہیں یہ تو امید تھی کہ دونوں کی پیدائش میں تاریخ بدل سکتی ہے تاہم یہ اندازہ نہیں تھا کہ سال بلکہ دہائی بھی مختلف ہوسکتی ہے۔

    یونیسف کا کہنا ہے کہ نئی دہائی اور نئے سال کے پہلے دن دنیا بھر میں 4 لاکھ سے زائد بچوں کی پیدائش ہوئی جن میں سے 10 ہزار امریکا میں پیدا ہوئے۔