Tag: جڑی بوٹیوں

  • کن جڑی بوٹیوں کی بھاپ لینا جلد کے لئے بہتر ہے؟

    کن جڑی بوٹیوں کی بھاپ لینا جلد کے لئے بہتر ہے؟

    مردوں کی نسبت خواتین اپنی جلد کے لئے نہایت فکرمند رہتی ہیں اور طرح طرح کے ٹوٹکے استعمال کرتی ہیں، ان میں بھاپ لینا بھی شامل ہیں ،لیکن کیا آپ جانتے ہیں کہ کس جڑی بوٹی سے بھاپ لینا زیادہ فائدے مند ہے۔

    تحقیق سے ثابت ہوچکا کہ قدرتی اجزا سے لی گئی بھاپ چہرے کی تازگی اور خوبصورتی برقرار رکھنے میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔ بھاپ لینے سے جلد کے مساموں کے اندرکی گندگی دور ہوجاتی ہے۔

    یہ گندگی مٹی اور گردوغبار کے ذرّات ہوتے ہیں، جو مساوں میں جمع ہوجاتے ہیں، گندگی دور ہونے سے چہرہ حسین اور شاداب ہوجاتا ہے۔ ماہرین کے مطابق اگر پابندی سے بھاپ لی جائے تو اس سے جلد پر موجود دانوں میں کافی حد تک کمی آجاتی ہے۔

    ہم آج آپ کو چند مفید ٹوٹکے بتانے جارہے ہیں جن کی مدد سے آپ جلد کی صحت کو برقرار رکھ سکتے ہیں۔

    خشک اور کھردری جلد کے لئے

    جن خواتین کی جلد خشک اور کھردری ہوتی ہے، ان کو چاہیے کہ بھاپ لینے کے لیے پانی میں ضروری جڑی بوٹیاں ضرور شامل کریں۔ ایک صاف پتیلی میں پانی اُبالیں اور اس میں چائے کے دو بڑے چمچے بابونہ کے خشک پھول ، دو چمچے گلاب کی خشک پتیاں، ایک چمچہ روغن بادام، پانچ قطرے لوبان کا تیل، پانچ قطرے گلاب کا تیل اور تین قطرے صندل کا تیل شامل کردیں۔

    اب پانی کو پانچ منٹ ڈھانپ کررکھنے کے بعد بھاپ لیں، پانی میں شامل کی گئی گلاب کی پتیاں خشک اور خارش زدہ جلد کو سکون دیتی ہیں اور بابونہ کے پھول رنگ گورا کرتے اور جلد کو نرم و ملائم بناتے ہیں جب کہ روغن بادام جلد کو قدرتی طور پر نمی بخشتا ہے۔

    چکنی جلد والی خواتین کے لیے بھی بھاپ لینا ضروری ہے، بھاپ لینے کے لیے ایک برتن میں پانی ابالیں۔ پھر اس میں ایک چوتھائی کپ خشک روز میری کے پتے، ایک چوتھائی کپ خشک اجمود کے پتے، دو چمچے پودینے کے خشک پتے، دس قطرے اسطوخودوس اور دس قطرے لیموں کے شامل کرکے بھاپ لیں۔ اس سے چہرے پر بہترین اثرات مرتب ہوں گے۔

    نارمل جلد والی خواتین بھی بھاپ لیں۔ جلد کو نمی اور تازگی بخشنے کے لیے ایک بڑے اور کھلے منہ والے برتن میں پانی لیں۔ پھر اس میں ایک چائے کا چمچہ گیندے کے پھول کے پتیاں، ایک چمچہ بابونہ کے پھول، ایک چمچہ رس بھری کے پتے، ایک چمچہ پودینے کے پتے اور ایک چمچہ اسٹرابیری کے پتے ڈال کر چند سکینڈ تک اُبالیں۔ پھر اسے تھوڑی دیر کے لئے ڈھانپ کررکھ دیں۔ اب تولیا سر پر ڈال کر بھاپ لیں۔ ہر قسم کی جلد کے لیے بھاپ لینے کا یہ طریقہ بہترین ثابت ہوگا۔

    داغ دھبوں اور بے رونق جلد کو رعنائی بخشنے کے لیے ایک برتن میں پانی ابالیں۔ پھر اس میں دوچائے کے چمچے پودینہ صحرائی کے پتے (جواپنی تیز خوشبو کی وجہ سے مشہور ہیں ) دو کھانے کے چمچے گاؤ چشم کے پھول اور دو کھانے کے چمچے پودینے کے پتے شامل کرکے بھاپ لیں۔

    بھاپ لینے کے بعد چہرے پر گلاب کا عرق لگائیں۔ یہ عرق بہت اچھا ”ٹونر“ ثابت ہوتا ہے۔ خوشبودار قدرتی جڑی بوٹیوں اور پھولوں سے کشیدکردہ تیل کی بھاپ لینے سے نہ صرف جلد پر خوشگوار اثرات مرتب ہوتے ہیں، بلکہ اعصاب کو سکون اور راحت بھی ملتی ہے۔

  • سعودی فوڈ اینڈ ڈرگس اتھارٹی کا بڑا اعلان

    سعودی فوڈ اینڈ ڈرگس اتھارٹی کا بڑا اعلان

    ریاض: سعودی فوڈ اینڈ ڈرگس اتھارٹی نے مملکت میں 70 سے زیادہ جڑی بوٹیوں کی خرید وفروخت پر پابندی عائد کر دی۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی فوڈ اینڈ ڈرگس اتھارٹی نے (ایس ایف ڈی اے) نے ممنوعہ جڑی بوٹیوں کی فہرست اپنی ویب سائٹ پر جاری کی ہے جس میں جڑی بوٹی کے نام، عوام میں رائج نام، سائنٹیفک نام اور انسانی صحت کے لیے اس کے نقصانات بھی بتائے گئے ہیں۔

    ایس ایف ڈی اے کا کہنا ہے کہ جڑی بوٹیاں فروخت کرنے والی دکانوں پر چھاپے مارے جائیں گے، چھاپہ مار ٹیم میں وزارت بلدیات و دیہی امور کے نمائندے شامل ہوں گے۔

    سعودی فوڈ اینڈ ڈرگس اتھارٹی نے ہدایت کی ہے کہ جڑی بوٹیاں فروخت کرنے والے جڑی بوٹی کے ساتھ اس کا تعارف، اس کے استعمال کی آخری تاریخ چسپاں کریں۔دکان میں نمایاں جگہ پر جڑی بوٹیوں کا چارٹ جاری کریں۔

    اس کے علاوہ ایس ایف ڈی اے اور وزارت بلدیہ کے مونو گرام کے ساتھ یہ تنبیہ بھی نمایاں کریں جڑی بوٹیوں سے علاج سائنٹیفک بنیادوں پر ثابت نہیں ہے۔

    جڑی بوٹیاں فروخت کرنے والے دکان داروں‌ پر یہ پابندی لگائی گئی ہے کہ وہ کسی بھی جڑی بوٹی یا مرکب جڑی بوٹیوں پر ایسی کوئی تحریر چسپاں نہ کریں جس میں دعوی کیا جا رہا ہو کہ اس جڑی بوٹی یا دیسی دواؤں سے فلاں مرض کا علاج ہوگا۔

    سعودی فوڈ اینڈ ڈرگس اتھارٹی نے کہا کہ جڑی بوٹیاں کسی دعوے کے بغیر فروخت کی جاسکتی ہیں۔ایس ایف ڈی کی طرف سے اس کی اجازت ہے۔