Tag: جکارتہ

  • ارکان پارلیمنٹ کی شاہ خرچیوں پر شہری سخت مشتعل، جکارتہ جلنے لگا

    ارکان پارلیمنٹ کی شاہ خرچیوں پر شہری سخت مشتعل، جکارتہ جلنے لگا

    جکارتہ (31 اگست 2025): انڈونیشیا میں ارکان پارلیمنٹ کی شاہ خرچیوں کے خلاف مظاہرے شدت اختیار گر گئے ہیں۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق انڈونیشیا میں ارکان پارلیمنٹ کی تنخواہوں پر مشتعل شہری پر تشدد مظاہرے کرنے لگے ہیں، صدر پرابوو سوبیانتو کو ہفتے کے روز چین کا اپنا طے شدہ دورہ بھی منسوخ کرنا پڑا۔

    مظاہروں کے دوران دارالحکومت جکارتہ میں کئی دنوں سے جاری مظاہرے اور علاقائی پارلیمان کی عمارتوں کو نذر آتش کیا گیا، جکارتہ پارلیمنٹ ہاؤس کے قریب حالات سخت کشیدہ رہے۔

    جنوبی کوریا کی ہولوگرافک پولیس کا حیران کن کارنامہ

    مظاہرین نے پولیس اسٹیشن کو بھسم کر ڈالا، متعدد بس اسٹاپ جلا ڈالے، کئی گاڑیاں پھونک ڈالیں، پولیس سے جھڑپیں بھی جاری رہیں، جب کہ گزشتہ روز صوبہ سولاویسی میں مظاہرین نے اسمبلی کی عمارت کو بھی آگ لگائی، آتش زدگی میں 3 افراد زندہ جل گئے تھے۔

    سنگین صورت حال کی وجہ سے صدر پرابوو سوبیانتو نے چین کا دورہ منسوخ کیا، وہ تین ستمبر کو وکٹری ڈے پریڈ میں شرکت کرنے والے تھے۔ خیال رہے کہ قانون سازوں کی بھاری تنخواہوں اور مراعات کے خلاف طلبہ سڑکوں پر ہیں۔ تاہم جکارتہ کی یونیورسٹی کے ایک انٹیلیجنس تجزیہ کار کا کہنا ہے کہ حالیہ دنوں میں دارالحکومت کو ہلا دینے والے پرتشدد مظاہروں اور لوٹ مار میں تین الگ گروپ شامل تھے، جن میں طلبہ کے علاوہ مزدور گروہ اور موقع پرست نوجوان اور انتشار پسند بھی شامل تھے۔

  • انڈونیشیا میں خوفناک زلزلہ، درجنوں ہلاکتیں

    انڈونیشیا میں خوفناک زلزلہ، درجنوں ہلاکتیں

    جکارتہ: جنوب مشرقی ملک انڈونیشیا میں خوفناک زلزلے نے تباہی مچادی جس میں اب تک 50 کے قریب افراد ہلاک ہونے کی اطلاعات ہیں۔

    مقامی میڈیا کے مطابق زلزلہ صوبہ ویسٹ جاوا میں آیا اور اس کے جھٹکے دارالحکومت جکارتہ میں بھی محسوس کیے گئے۔

    زلزلے کی شدت ریکٹر اسکیل پر 5.6 ریکارڈ کی گئی اور اس کی گہرائی 10 کلو میٹر تھی۔

    حکام کے مطابق زلزلے کے باعث کم از کم 46 افراد ہلاک اور سینکڑوں زخمی ہوئے، زلزلے سے ممکنہ طور پر ہزاروں گھروں کو نقصان پہنچا ہے اور امدادی کام جاری ہے۔

    حکام کی جانب سے کہا گیا کہ زلزلے کے مرکز کے قریب افراد کو محتاط رہنا چاہیئے کیونکہ آفٹر شاکس کا خطرہ موجود ہے۔

    زلزلے کے جھٹکوں سے جکارتہ میں بھی متعدد عمارات 3 منٹ تک لرزتی رہیں جبکہ کچھ کو خالی بھی کروایا گیا۔

    خیال رہے کہ انڈونیشیا رنگ آف فائر یعنی مسلسل زلزلے اور آتش فشاں کے دھماکوں والے علاقے میں آباد ہے، فروری 2022 میں 6.2 شدت کے زلزلے سے مغربی سماٹرا میں 25 افراد ہلاک اور 460 زخمی ہوگئے تھے۔

    اس سے قبل جنوری 2021 میں صوبے مغربی سولوویسی میں 6.2 شدت کے زلزلے سے 100 سے زیادہ افراد ہلاک اور ساڑھے 6 ہزار کے قریب زخمی ہوئے تھے۔

    انڈونیشیا میں 2004 میں آنے والی تباہ کن سونامی کے نتیجے میں ایک لاکھ 20 ہزار افراد ہلاک ہو گئے تھے۔

  • پائلٹ کی موت، طیارے کی ایمرجنسی لینڈنگ

    پائلٹ کی موت، طیارے کی ایمرجنسی لینڈنگ

    جکارتہ: انڈونیشیا میں دوران پرواز پائلٹ کی طبیعت خراب ہونے پر طیارے کی ایمرجنسی لینڈنگ کرنی پڑی، بعد ازاں پائلٹ کی اسپتال میں موت واقع ہوگئی۔

    بین الاقوامی ویب سائٹ کے مطابق انڈونیشیا کی ایئر لائن سٹی لنک کے ایک طیارے کو جمعرات کی صبح مشرقی جاوا ومیں اقع جوانڈا بین الاقوامی ہوائی اڈے پر ایمرجنسی لینڈنگ کرنی پڑی کیونکہ پائلٹ کی طبیعت ٹھیک نہیں تھی۔

    مقامی میڈیا رپورٹ کے مطابق سٹی لنک کے سربراہ دیوا کدیک رائے نے واقعہ کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ جس پائلٹ نے طیارہ کی لینڈنگ کی ذمہ داری سنبھالی تھی اس کی قریب کے ایک اسپتال میں داخل ہونے کے بعد موت ہوگئی۔

    دیوا کدیک نے کہا کہ کیو جی 307 پرواز نے ٹیک آف کے تقریباً 15 منٹ بعد ایمرجنسی لینڈنگ کی گزارش کی۔

    مقامی میڈیا کے مطابق سٹی لنک افسران نے مسافروں کو وضاحت پیش کر دی اور انہیں منزل تک پہنچانے کے لیے دوسرے طیارے کا بندوبست کردیا۔

  • انڈونیشیا کی جیل میں ہولناک آتشزدگی، 41 قیدی ہلاک

    انڈونیشیا کی جیل میں ہولناک آتشزدگی، 41 قیدی ہلاک

    جکارتہ: انڈونیشیا کی جیل میں آگ لگنے سے 41 قیدی ہلاک اور درجنوں زخمی ہوگئے، آگ ممکنہ طور پر شارٹ سرکٹ کے باعث لگی۔

    بین الاقوامی میڈیا کے مطابق جکارتہ پولیس چیف نے بتایا کہ جکارتہ کے قریب واقع تانگیر انگ جیل میں رات گئے آگ لگنے سے 41 قیدی ہلاک ہوئے، 8 شدید زخمی اور 72 معمولی زخمی ہوئے۔

    حکام کا کہنا ہے کہ جیل میں آگ ممکنہ طور پر شارٹ سرکٹ سے لگی جس پر فائر فائٹرز نے صبح تک قابو پالیا۔ جب آگ لگی اس وقت زیادہ تر قیدی سو رہے تھے۔

    پولیس کے مطابق آگ سے متاثرہ جیل کے 40 قیدیوں کی گنجائش والے بلاک میں 120 قیدی رکھے گئے تھے، اس بلاک میں منشیات سے متعلق جرائم کی سزا کاٹنے والے قیدیوں کو رکھا جاتا ہے۔

  • ندی میں پراسرار سفید جھاگ کی وجہ کیا ہے؟

    ندی میں پراسرار سفید جھاگ کی وجہ کیا ہے؟

    انڈونیشی دارالحکومت جکارتہ میں برف جیسا گاڑھا پراسرار سفید جھاگ ایک کینال میں پانی کی سطح پر پھیل گیا ہے جس سے مقامی افراد تشویش کا شکار ہوگئے۔

    بین الاقوامی ویب سائٹ کے مطابق جکارتہ کے علاقے مارونڈا میں مشرقی برساتی کینال میں حالیہ برسوں کے دوران اس طرح کا جھاگ عموماً بارشوں کے سیزن میں نظر آتا ہے۔

    اس جھاگ کی وجہ کیا ہے وہ تو مکمل طور پر واضح نہیں مگر سیال فضلے بشمول گھروں میں استعمال ہونے والے ڈیٹرجنٹ اور کارخانوں سے خارج ہونے والے مواد کو اس کا ذمہ دار سمجھا جاتا ہے۔

    انڈونیشیا میں گرین پیس کے رکن عطا رشیدی کے مطابق حالیہ دنوں میں کینال میں جھاگ کی حقیقی وجہ تو واضح نہیں، مگر اس کی سب سے عام وجہ ممکنہ طور پر جکارتہ میں دریا میں گھروں کے فضلے اور کچرے کو ڈالنا ہے۔

    انہوں نے بتایا کہ بارش کے موسم میں عموماً دریا میں اوپری بہاؤ بڑھنے سے پلاسٹک کا کچرا اور دیگر مواد ایک جگہ اکٹھا ہوجاتا ہے، شہر کے اندر پانی کی صفائی کا نظام درست کیا جانا چاہیئے جبکہ کچرا پھینکنے پر سخت سزائیں دی جانی چاہیئے۔

    اس سے قبل جال پھیلا کر کچرے کو سمندر میں جانے سے روکا جاتا تھا اور سطح پر موجود چیزوں کو اٹھانے کے لیے ٹیموں کو تعینات کیا جاتا تھا۔ مگر جکارتہ کے دریاؤں کی آلودگی میں حالیہ مہینوں میں طبی فضلے جیسے فیس ماسک کی وجہ سے اضافہ ہوا ہے۔

    ایک حالیہ تحقیق کے مطابق جکارتہ کے 2 دریاؤں میں کچرے میں 5 فیصد اضافہ ہوا ہے جس میں فیس ماسک، دستانے اور حفاظتی سوٹس شامل ہیں۔

  • پی آئی اے کی خصوصی پرواز جکارتہ سے کراچی پہنچ گئی

    پی آئی اے کی خصوصی پرواز جکارتہ سے کراچی پہنچ گئی

    کراچی: پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن (پی آئی اے) کی خصوصی پرواز 221 مسافروں کو لے کر جکارتہ سے کراچی پہنچ گئی۔

    تفصیلات کے مطابق انڈونیشیا کے دارالحکومت جکارتہ سے پی آئی اے کی خصوصی پرواز پی کے8889 221 مسافروں کو لے کر کراچی پہنچی۔طیارے سے نکلتے ہی مسافروں پر اسپرے اور سینٹی ٹائز کیاگیا۔

    جکارتہ سے آنے والے تمام مسافروں کی طبی جانچ بھی کی جائے گی، ایمیگریشن کے بعد تمام مسافروں کو قرنطینہ بھیجا جائے گا۔

    پی آئی اے نے خصوصی پروازوں کا شیڈول جاری کر دیا

    خیال رہے کہ دو روز قبل پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن (پی آئی اے) نے برطانیہ ، چین ، الجیریا، دبئی اور انڈونیشیا کے لیے خصوصی پروازوں کا اعلان کیا تھا۔

    سول ایوی ایشن اتھارٹی نے پی آئی اے کو خصوصی پروازوں کی اجازت دی تھی جس کے بعد پی آئی اے نے خصوصی پروازوں کا شیڈول جاری کیا تھا۔

    اس سے قبل 15 اپریل کو ترجمان پی آئی اے کا کہنا تھا کہ کینیڈا سے خصوصی پروازوں کے ذریعے 377 مسافروں کووطن پہنچایا گیا، تاجکستان اور ازبکستان سے 140 مسافروں جبکہ 136 کو عراق سے وطن لایا گیا۔

  • موبائل ایپ جو آپ سے گھر کا کوڑا کرکٹ خریدے گی

    موبائل ایپ جو آپ سے گھر کا کوڑا کرکٹ خریدے گی

    کراچی جیسے بڑے شہر میں کچرا اور گندگی سنگین مسئلہ ہے جسے ٹھکانے لگانے کا کوئی مناسب انتظام نہیں ہے۔ یومیہ بنیادوں پر گھروں سے نکلنے والا کوڑا ماحول اور انسانی صحت کے لیے خطرہ بن چکا ہے۔ صرف کراچی ہی نہیں ملک بھر میں سب سے زیادہ غیر نامیاتی کوڑا گھروں سے نکلتا ہے جسے کسی استعمال کے قابل بنانے یا مناسب طریقے سے ٹھکانے لگانے کا کوئی انتظام نہیں ہے۔ اس ضمن میں اقوام متحدہ کی ذیلی تنظیم کی ایک رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ ملک میں کوڑے کو مناسب انداز سے ٹھکانے نہیں لگایا جا رہا اور جس طریقۂ کار پر عمل کیا جارہا ہے، وہ آلودگی میں اضافے کا سبب بن رہا ہے۔

    یہ تو وہ باتیں ہیں جو کراچی کے باسی اور اس ملک کا ہر شہری جانتا ہے، لیکن کیا آپ کو معلوم ہے کہ اس ڈیجیٹل دور میں موبائل ایپلیکیشن کے ذریعے کچرے کو ٹھکانے لگانے اور اس سے فائدہ اٹھانے کی کوشش بھی کی جارہی ہے۔ اس طرح لوگ اپنے گھروں کا ٹھوس اور غیرنامیاتی کوڑا جلانے یا اسے کھلی جگہوں پر پھینکنے کی عادت ترک کرکے غلاظت اور آلودگی میں کمی لانے میں کردار ادا کرسکتے ہیں۔

    عام طور پر گھروں کا کوڑا کرکٹ یا تو کھلی جگہوں پر پھینک دیا جاتا ہے یا اسے آگ لگا دی جاتی ہے جو ماحول اور فضا کے لیے خطرناک ہے۔ جکارتا کے شہری اب اپنے گھر کے کوڑے سے مختلف اشیا جیسے پلاسٹک، کاغذ وغیرہ کو خود ہی الگ کرکے راپل نامی ایپلیکیشن پر اس کی تصاویر اور ضروری تفصیل بھیج رہے ہیں جس کے بعد ان کا نمائندہ مالک سے غیرنامیاتی کوڑا بامعاوضہ حاصل کر لیتا ہے۔ اس موبائل ایپ کے ذریعے صرف غیرنامیاتی کوڑا اکٹھا کیا جاتا ہے۔ موبائل ایپ کا استعمال آسان بنایا گیا ہے جس پر شہری کوڑے کا اندازاً وزن اور چند ضروری باتیں بتاتے ہوئے اس کی تصاویر بھیجے تو اسے بتا دیا جاتا ہے کہ اس کے بدلے وہ کتنی رقم حاصل کرسکتا ہے۔

    یہ مالی طور پر سود مند سروس ہے اور اسے لوگوں نے سراہا ہے۔ اس موبائل ایپ پر صارف اور راپل کے درمیان رابطے کے بعد قریب ترین موجود گاربیج کلیکٹر گھر پہنچ جاتا ہے اور صارف کی جمع کردہ اشیا دیکھ کر اس کا اصل معاوضہ بتا دیتا ہے۔

    راپل سے منسلک گاربیج کلیکٹرز کو کوڑا اٹھانے پر بونس بھی دیا جاتا ہے۔ اسی طرح خوش اخلاق اور بہتر خدمات انجام دینے والے کلیکٹر کو بھی مخصوص مدت میں بونس دیا جاتا ہے۔ راپل یہ کوڑا شہر کے گاربیج بینک کو فروخت کرتا ہے۔

    یہ صرف ایک کاروبار اور تجارتی سروس نہیں ہے بلکہ ٹیکنالوجی کے ذریعے ماحول اور فطرت کی حفاظت ہے جب کہ اس کا ایک مقصد آلودگی پر قابو پانے کے لیے لوگوں میں انفرادی کوشش کا شعور اجاگر کرنا ہے۔

  • میک اپ کے سامان کی تیاری میں چھپکلیوں کے استعمال کا انکشاف

    میک اپ کے سامان کی تیاری میں چھپکلیوں کے استعمال کا انکشاف

    جکارتہ: انڈونیشیا میں میک اپ کے سامان کی تیاری میں چھپکلیوں کے استعمال کا انکشاف ہوا ہے۔

    وائس آف انڈونیشیا کے مطابق انڈونیشیا کے کیپتا کان نامی گاؤں کے باسی چھپکلیاں پکڑ کر سپلائی کرتے ہیں اور اس سے اچھی خاصی رقم حاصل کرتے ہیں۔

    جریدے کے مطابق انڈویشیا کے اس گاؤں میں آپ کو جگہ جگہ چھپکلیوں کے ڈھیر لگے نظر آئیں گے۔

    گاؤں کے رہائشی رات کے وقت چھپکلیوں کو تلاش کرکے پکڑنے کے لیے نکلتے ہیں، چھپکلیوں کو پکڑنے کے لیے ایک خاص قسم کی چھڑی کا استعمال کیا جاتا ہے جس پر گلو لگی ہوتی ہے، گلو لگی چھڑی کے ذریعے چھپکلی کو پکڑنا آسان ہوجاتا ہے۔

    چھپکلیاں پکڑنے والے انہیں جمع کرکے اس کام کی سربراہی کرنے والے کے حوالے کردیتے ہیں جو انہیں ایک کلو چھپکلیوں کے عوض تین ڈالر دیتا ہے۔

    مزید پڑھیں: رنگ گورا کرنے کی کریمز میں لال بیگوں کا استعمال

    چھپکلیاں جمع کرنے کے بعد انہیں پانی سے دھویا جاتا ہے اور پھر ان پر سرف میں پانی ملا کر تیار کیا جانے والا آمیزہ لگایا جاتا ہے، چھپکلیوں کو کچھ گھنٹے بھونے جانے کے بعد دھوپ میں سکھایا جاتا ہے جس کے بعد یہ مارکیٹ میں فروخت کے لیے تیار ہوجاتی ہیں۔

    رپورٹ کے مطابق اس گاؤں میں چھپکلیوں کے علاوہ مینڈک اور سانپوں کے بیچنے کا کاروبار بھی کیا جاتا ہے لیکن سب سے زیادہ پیسہ چھپکلیوں سے کمایا جاتا ہے۔

    چھپکلیوں کے کاروبار سے جڑے ایک شخص کے مطابق سب سے زیادہ چین اور امریکا سے لوگ اسے خریدتے ہیں.

    یہ چھپکلیاں میک اپ کے سامان کے علاوہ جلد الرجی اور خارش کی ادویات کی تیاری میں بھی استعمال کی جاتی ہیں۔

  • حکام کا انڈونیشین دارالحکومت تبدیل کرنے کا فیصلہ

    حکام کا انڈونیشین دارالحکومت تبدیل کرنے کا فیصلہ

    جکارتہ: انڈونیشیا کی حکومت نے ملک کا دارالحکومت تبدیل کرنے کا فیصلہ کرلیا، نیا دارالحکومت کہاں ہوگا یہ فی الحال طے نہیں ہوا۔

    تفصیلات کے مطابق انڈونیشیا کے وزیر منصوبہ بندی بیم بینگ روڈجو نیگرو نے کہا ہے کہ صدر جوکو ودودو نے دارالحکومت جکارتہ سے کسی اور شہر منتقل کرنے کا اہم فیصلہ کیا ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق نیا دارالحکومت کہاں ہوگا یہ فی الحال طے نہیں ہوا تاہم رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ جریزہ بورنیو پر واقع شہر پالانگ کارایا کو دارالحکومت بنائے جانے کے قوی امکانات موجود ہیں۔

    دارالحکومت کی تبدیلی کا اعلان صدر جوکو ودودو نے رواں ماہ ہونے والے صدارتی انتخابات میں دوبارہ کامیابی کے بعد کیا ہے تاہم انتخابات کے سرکاری نتائج کا اعلان 22 مئی کو کیا جائے گا۔

    غیر ملکی میڈیا کا کہنا ہے کہ یہ فیصلہ جکارتہ کے تیزی سے سمندر میں ڈوبنے کی وجہ سے کیا گیا ہے، ایک کروڑ آبادی کا شہر جکارتہ25 سینٹی میٹر سالانہ کی شرح سے سمندر میں ڈوب رہا ہے جو دنیا بھر میں سب سے زیادہ ہے۔

    خیال رہے کہ جکارتہ دلدل زمین پر قائم ہے جس کے ساتھ جاوا سمندر ہے اور 13 دریا شہر سے گذرتے ہیں تو اس میں ایسی کوئی حیرانی کی بات نہیں ہے کہ یہاں سیلاب اتنی فراوانی سے آتے ہیں۔

    دوسری جانب دارالحکومت میں شہریوں کو آبی مسائل کا سامنا ہے، جس کے باعث شہری از خود بورنگ کے ذریعے زمینی کھدائی کرکے پانی نکالتے اور استعمال کرتے ہیں۔

  • انڈونیشیا: سیلاب اور مٹی کے تودے گرنے سے ہلاکتوں کی تعداد 31 ہو گئی

    انڈونیشیا: سیلاب اور مٹی کے تودے گرنے سے ہلاکتوں کی تعداد 31 ہو گئی

    جکارتہ: انڈونیشیا میں سیلاب اور مٹی کے تودے گرنے سے ہلاکتوں کی تعداد 31 ہوگئی، اب تک ہزاروں افراد بے گھر ہو چکے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق انڈونیشیا کے جزیرے سماٹرا میں سیلاب اور مٹی کے تودے گرنے سے ہلاکتوں کی تعداد بڑھ کر اکتیس ہو گئی ہے جب کہ 13 افراد لا پتا ہیں۔

    انڈونیشین حکام کا کہنا ہے کہ بینگ کولو صوبے میں 12 ہزار سے زائد افراد نقل مکانی کر چکے ہیں، سیلاب سے سینکڑوں عمارتوں، پلوں اور سڑکوں کو نقصان پہنچا ہے۔

    حکام کے مطابق سیلاب شدید ہے تاہم مقامی اور قومی اتھارٹیز مستعدی سے اپنا کام کر رہی ہیں جب کہ ریڈ کراس نے بھی متاثرہ علاقوں میں رضا کار بھیج دیے ہیں۔

    پیش گوئی کی جا رہی ہے کہ اگلے چوبیس گھنٹوں میں جنوبی جزیرہ سماٹرا میں درمیانے درجے کی بارش ہوگی۔

    حکام کی جانب سے مختلف بیماریاں پھیلنے کے حوالے سے بھی خبردار کر دیا گیا ہے کیوں کہ صاف پانی کی قلت ہو گئی ہے جس کی وجہ سے بیماریاں پھیلنے کا شدید خطرہ لاحق ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  جل، اجل بن گیا، موزمبیق میں سیلاب نے تباہی مچا دی

    خیال رہے کہ انڈونیشیا میں سیلاب نے بڑے پیمانے پر تباہی مچا دی ہے، سارا نظام زندگی درہم برہم ہو گیا ہے۔

    انڈونیشین حکام کے مطابق متاثرین کے لیے پناہ گاہوں کا انتظام کیا گیا ہے جہاں تقریباََ 13 ہزار متاثرین کو رکھا گیا ہے جب کہ امدادی کارکن متاثرہ علاقوں تک پہنچنے کے لیے کشتیوں کی مدد سے کوششوں میں مصروف ہیں۔

    انڈونیشیا دنیا کے ان چند ممالک میں سے ایک ہے جو اکثر تباہ کن زلزلوں، سیلاب اور سونامی کی زد میں رہتے ہیں۔

    یاد رہے کہ گزشتہ ماہ بھی مشرقی صوبے پاپوا میں سیلاب کے نتیجے میں 88 افراد ہلاک ہو گئے تھے جب کہ 70 افراد زخمی اور 15 لا پتا ہوگئے تھے۔