Tag: جھنڈا

  • پاکستان کا جھنڈا اور نام بغیر اجازت استعمال کرنا ممنوع ہے، پی ایس بی

    پاکستان کا جھنڈا اور نام بغیر اجازت استعمال کرنا ممنوع ہے، پی ایس بی

    اسلام آباد (19 اگست 2025): پاکستان اسپورٹس بورڈ نے ایک نوٹس میں خبردار کیا ہے کہ پاکستان کا جھنڈا اور نام وفاقی حکومت کی اجازت کے بغیر استعمال کرنا ممنوع ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان اسپورٹس بورڈ نے بڑا ایکشن لیتے ہوئے معطل شدہ ویٹ لفٹنگ فیڈریشن پر پاکستان کا نام اور جھنڈا استعمال کرنے پر پابندی لگا دی ہے۔

    بورڈ نے اعلامیے میں کہا ہے کہ پی ایس بی آئین 2022 کے مطابق صرف الحاق شدہ فیڈریشنز قومی کہلا سکتی ہیں، غیر الحاق شدہ غیر رجسٹرڈ تنظیمیں نام پاکستان استعمال کرنے کی مجاز نہیں ہیں، وہ پاکستان کا نام استعمال نہیں کر سکتیں اور کھیل منظم کرنے کی حق دار نہیں۔

    پی سی بی کا سینٹرل کنٹریکٹ کا اعلان: بڑے نام بی کیٹیگری میں شامل

    بورڈ کا کہنا ہے کہ ویٹ لفٹنگ فیڈریشن پی ایس بی سے معطل ہے اور کمپنیز ایکٹ سیکشن 42 کے تحت رجسٹرڈ نہیں ہے، اس لیے پی ڈبلیو ایل ایف پاکستانی قوانین اور آئی ڈبلیو ایف آئین کی خلاف ورزی کر رہا ہے، جب کہ آئی ڈبلیو ایف کی ویب سائٹ پر پی ڈبلیو ایل ایف کا اسٹیٹس عارضی طور پر معطل درج ہے، عارضی معطلی ممبر فیڈریشن کے آئینی فرائض پورے نہ کرنے پر ہوتی ہے۔

    اسپورٹس بورڈ نے کہا ہے کہ 25 ویں پی ایس بی میٹنگ 6 جولائی 2022 میں پی ڈبلیو ایل ایف کو معطل کیا گیا تھا، یہ معطلی بے ضابطگیوں، بدعنوانیوں اور اینٹی ڈوپنگ کوڈ خلاف ورزیوں پر کی گئی تھی، جب کہ معطل عہدیداران کے خلاف انکوائری بھی جاری ہے۔

    بورڈ کے مطابق انٹرنیشنل ٹیسٹنگ ایجنسی رپورٹ میں عمران بٹ اور عرفان بٹ پر ڈوپنگ قوانین خلاف ورزی ثابت ہو چکی ہے، ڈوپنگ خلاف ورزیاں ممنوعہ ادویات رکھنے، پلانے اور اعانت پر تھیں۔

    بورڈ کے مطابق یکم فروری 2025 کے انتخابات پی ایس بی آئین اور ہائی کورٹ فیصلے کی خلاف ورزی ہیں، الیکشن کمیشن سے نوٹیفکیشن کے بغیر انتخابات غیر قانونی قرار دیے گئے۔

    پاکستان اسپورٹس کا کہنا ہے کہ پی ڈبلیو ایل ایف کو پاکستان کا نام، کھیل منظم کرنے اور نمائندگی کا کوئی اختیار نہیں ہے، یہ معاملہ ایف آئی اے کو قانونی کارروائی کے لیے بھیجا جا رہا ہے۔

  • ٹرمپ کی دھمکیوں کا دل چسپ اثر، کینیڈا میں جھنڈوں کی فروخت میں اضافہ

    ٹرمپ کی دھمکیوں کا دل چسپ اثر، کینیڈا میں جھنڈوں کی فروخت میں اضافہ

    اوٹاوا: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی دھمکیوں کا دل چسپ اثر ہوا ہے، کینیڈا میں جھنڈوں کی فروخت میں اضافہ ہو گیا۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی صدر کی دھمکی کے بعد کینیڈا میں جھنڈوں کی مانگ بڑھ گئی، کینیڈین شہریوں نے جذبہ حب الوطنی کے تحت ٹرمپ کو جواب دینے کے لیے جھنڈوں کا استعمال بڑھا دیا، امریکی صدر نے کینیڈا کو امریکا کی 51 ویں ریاست بنانے کی دھمکی دی تھی۔

    روئٹرز کے مطابق کینیڈین پرچم ساز کمپنی ’فلیگ ان لمیٹڈ‘ کی فروخت ایک سال پہلے کے مقابلے میں دگنی ہو گئی ہے، کمپنی کے مالکان نے کہا کہ پڑوسی ملک امریکا کے ساتھ تناؤ نے حب الوطنی کی لہر کو ہوا دی ہے۔

    آج 15 فروری کو کینیڈا کے قومی پرچم کا دن ہے، جس سے قبل ہی جھنڈوں کی فروخت میں زبردست اضافہ دیکھا گیا، یہ دن اوٹاوا میں میپل کے سرخ اور سفید پتے والے جھنڈے کے آغاز کی 60 ویں سالگرہ کے طور پر منایا جا رہا ہے۔

    جھنڈا بنانے والی کمپنی کے شریک مالک میٹ اسکپ نے بتایا کہ یہ سیاسی ماحول کا براہ راست ردعمل ہے، کینیڈا کے شہری اپنے پرچم کے پیچھے اتحاد کی علامت کے طور پر ریلی نکال رہے ہیں۔ دوسری طرف کینیڈا کے سیاست دانوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ قومی پرچم کو اتحاد اور اپنے قومی فخر کا مظاہرہ کرنے کے لیے لہرائیں۔

    لاکھوں ڈالر واپس کرو، ٹرمپ نے روئٹرز، نیویارک ٹائمز سمیت میڈیا اداروں کو لتاڑ دیا

    واضح رہے کہ کینیڈا کے شہریوں نے نہ صرف امریکی دورے منسوخ کر دیئے ہیں بلکہ امریکی شراب اور دیگر مصنوعات کا بائیکاٹ بھی شروع کر دیا ہے اور یہاں تک کہ کھیلوں کے باہمی مقابلے بھی مسترد کر دیے ہیں۔

    میٹ اسکپ کے مطابق ان کی کمپنی سالانہ 5 لاکھ سے زیادہ جھنڈے تیار کرتی ہے، اب دگنی تعداد میں تیار کرنے پڑ رہے ہیں، اس لیے اضافی شفٹوں پر غور کیا جا رہا ہے اور طلب میں اضافے کو پورا کرنے کے لیے اضافی خام مال بھی حاصل کیا جا رہا ہے۔ اس کمپنی جھنڈوں کی تیاری کے لیے کچھ خاممال بیرون ملک سے درآمد کرنا پڑتا ہے۔

  • قومی پرچم چھاپتے وقت سبز حصہ کتنا ہونا ضروری ہے؟ عدالتی فیصلہ جاری

    قومی پرچم چھاپتے وقت سبز حصہ کتنا ہونا ضروری ہے؟ عدالتی فیصلہ جاری

    لاہور: ہائی کورٹ نے قومی پرچم کی حرمت کے حوالے سے قواعد و ضوابط پر مبنی فیصلہ جاری کر دیا۔

    جسٹس علی باقر نجفی نے فیصلے میں قرار دیا کہ ہمارا پرچم محض کپڑے کا ٹکڑا نہیں، سبز رنگ خوش حالی، سفید رنگ اقلیتوں کے لیے امن ، ہلال ترقی، پانچ کونوں کا ستارہ روشنی کی عکاسی کرتا ہے۔

    عدالت نے فیصلے میں لکھا کہ پرچم چھاپنے کے دوران اس امر کو یقینی بنایا جائے کہ قومی پرچم میں گہرا سبز حصہ تین چوتھائی، جب کہ سفید حصہ ایک چوتھائی ہو۔

    قومی پرچم کو دیگر رنگوں، بد نما پورٹریٹ یا کارٹون کی شکل میں ہرگز نہ چھاپا جائے، اور پرچم کے اوپر بھی کچھ نہ لکھا جائے۔

    قومی پرچم لہراتے اور اتارتے وقت سب کھڑے ہو کر پرچم کو سلامی دیں، قومی پرچم اندھیرے میں لہرایا نہ جائے، قومی پرچم زمین پر نہ گرنے دیا جائے، یہ پاؤں کے نیچے ہرگز نہ آئے۔

    پرچم ایسی جگہ نہ لہرایا جائے جہاں گندہ ہونے کا خدشہ ہو، قومی پرچم کو نذر آتش نہ کیا جائے اور اسے قبر میں دفن نہ کیا جائے، قومی پرچم کی بے حرمتی پر آئین میں 3 سال قیدکی سزا مقرر ہے۔

  • لنڈی کوتل میں دنیا کے سب سے بڑے اور طویل قومی پرچم کی رونمائی

    لنڈی کوتل میں دنیا کے سب سے بڑے اور طویل قومی پرچم کی رونمائی

    پشاور: خیبر پختون خوا کے ٹاؤن لنڈی کوتل میں دنیا کے سب سے بڑے اور طویل قومی پرچم کی رونمائی کی گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان کے یوم آزادی پر کے پی کے علاقے لنڈی کوتل میں طویل ترین قومی پرچم تیار کیا گیا، لوگوں کی ایک کثیر تعداد نے پرچم کو سروں پر بلند کر کے مارچ کیا۔

    یہ قومی پرچم 3 ہزار 600 فٹ طویل ہے،جب کہ اس کی چوڑائی 34 فٹ اور وزن 24 من ہے۔

    اس طویل ترین قومی پرچم کی تیاری پر 9 لاکھ روپے لاگت آئی ہے، جھنڈے کو خیبر سے میچنی پوسٹ تک لے جانے کے لیے ایک ہزار رضاکاروں نے حصہ لیا۔

    رضا کاروں کا تعلق اسکولوں اور کالجز سے تھا، طلبہ کے ساتھ مقامی افراد نے بھی اس میں حصہ لیا، یہ پرچم مقامی شہری نے تیار کرایا۔

    واضح رہے کہ آج ملک بھر میں یوم آزادی کشمیریوں سے اظہار یک جہتی کے طور پر منایا جا رہا ہے، آج دن کا آغاز اسلام آباد میں 31 توپوں کی سلامی سے کیا گیا۔

    یہ بھی پڑھیں:  یوم آزادی بطور یوم یک جہتی کشمیر منایا جا رہا ہے

    ملک بھر میں یومِ آزادی روایتی جوش و خروش اور جذبے سے منائے جانے کا سلسلہ جاری ہے، سرکاری عمارتوں، سڑکوں اور راستوں کو قومی پرچموں سے سجایا گیا ہے۔

    صوبائی دارالحکومتوں میں آج دن کا آغاز 21،21 توپوں کی سلامی سے ہوا، اس موقع پر ملک کی سلامتی اور یک جہتی کے لیے خصوصی دعائیں بھی کی گئیں۔

    یوم آزادی پر اکیس توپوں کی سلامی لاہور، پشاور، کوئٹہ اور کراچی میں دی گئی، پرچم کشائی کی مرکزی تقریب اسلام آباد میں منعقد ہوئی جب کہ کشمیری عوام سے یک جہتی کے لیے قومی پرچم کے ساتھ کشمیر کا جھنڈا بھی لہرایا گیا۔

  • بھارتی یوم جمہوریہ کے موقع پر پلاسٹک کے ترنگے لہرانے پر پابندی عائد

    بھارتی یوم جمہوریہ کے موقع پر پلاسٹک کے ترنگے لہرانے پر پابندی عائد

    نئی دہلی: بھارتی وزارت داخلہ نے رواں برس بھارت کے یوم جمہوریہ کے موقع پر پلاسٹک کے جھنڈوں کی تیاری اور خرید و فروخت پر پابندی عائد کردی۔

    بھارتی وزارت داخلہ کی جانب سے تمام ریاستوں کو ہدایات جاری کردی گئی ہیں کہ پلاسٹک کے جھنڈے بنانے اور ان کی خرید و فروخت پر مکمل طور پر پابندی عائد کردی جائے۔

    وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ چونکہ پلاسٹک تلف نہیں ہوتا لہٰذا چند دن بعد یہ جھنڈے جابجا زمین پر بکھرے نظر آتے ہیں جس سے ترنگے کی بے حرمتی ہوتی ہے۔

    وزارت کی جانب سے پلاسٹک کے ترنگے لہرانے والوں کو قومی پرچم کی بے حرمتی کا مرتکب قرار دیا جائے گا۔

    بھارتی آئین کے مطابق ترنگے کی بے حرمتی کرنے والے پر جرمانہ عائد کیا جاسکتا ہے، اسے جیل بھیجا جاسکتا ہے یا دونوں سزائیں لاگو کی جاسکتی ہیں۔

    جاری کردہ حکم کے مطابق یوم جمہوریہ کے علاوہ بھی دیگر قومی و ثقافتی مواقعوں پر پلاسٹک کے جھنڈوں سے اجتناب کیا جائے اور ان کی جگہ کاغذ کے بنے جھنڈے استعمال کیے جائیں تاکہ اسے فلیگ کوڈ آف انڈیا 2002 کے تحت بحفاظت تلف کیا جاسکے۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔