Tag: جھنگ

  • جھنگ: پی پی 78میں ضمنی انتخاب،پولنگ جاری

    جھنگ: پی پی 78میں ضمنی انتخاب،پولنگ جاری

    جھنگ: صوبہ پنجاب کے شہر جھنگ میں پی پی 78کے ضمنی انتخاب کے لیے پولنگ کاعمل شروع ہوچکا ہےجو شام پانچ بجے تک جاری رہے گا۔

    تفصیلات کےمطابق حلقہ پی پی 78 کے ضمنی انتخاب میں ایک خواجہ سرا سمیت 25 امیدوار میدان میں ہیں۔ضمنی انتخاب میں مسلم لیگ ن کے آزاد ناصر انصاری اورآزاد امیدوار مولانا مسرور نواز کے درمیان کانٹےکا مقابلہ متوقع ہے۔

    جھنگ حلقہ پی پی78 میں پاکستان پیپلزپارٹی کے سرفراز ربانی،تحریک انصاف کے شیخ ارفع مجید اور عوامی تحریک کے نسیم قادری کے علاوہ خواجہ سرا محمد عارف عرف بوٹا بھی امیدواروں میں شامل ہے۔

    حلقے میں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 2لاکھ 6ہزار 562 ہے جن میں ایک لاکھ 8ہزار 627 مرد اور 97ہزار 935 خواتین ووٹرز شامل ہیں۔

    صوبائی اسمبلی کی نشست حلقہ پی پی78میں 171 پولنگ اسٹیشنز بنائے گئے ہیں اور تمام کو حساس قرار دیا گیا ہےجبکہ سیکیورٹی کےلیے پاک فوج،رینجرز کے711اہلکاروں کےعلاوہ پولیس کے دوہزار اہلکار ڈیوٹی پر تعینات ہیں۔

    واضح رہے کہ پی پی 78کی یہ نشست سابقہ ن لیگی رکن صوبائی اسمبلی راشدہ یعقوب شیخ کی سپریم کورٹ سے نااہلی کے بعد خالی ہوئی تھی۔

  • حکومت کی کمزوری بھارت کو طاقت ور بنارہی ہے، خورشید شاہ

    حکومت کی کمزوری بھارت کو طاقت ور بنارہی ہے، خورشید شاہ

    جھنگ : قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف خورشید شاہ نے کہا ہے کہ پانامالیکس کیس میں ایک فریق نے وزیر جب کہ دوسرے فریق نے وکیل تبدیل کر لیا ہے اب دیکھتے ہیں کہ آگے کیا ہوتا ہے۔

    سید خورشید شاہ جھنگ میں پیپلز پارٹی کے انتخابی جلسے سے خطاب کررہے تھے انہوں نے کہا کہ پانامالیکس کیس میں ایک فریق نے تو اپنا وزیر تبدیل کرلیا ہے جب کہ دوسرا فریق اپنا وکیل سے ہاتھ دھو بیٹھا ہے اب دیکھنا ہے کہ آگے آگے اور کیا ہوتا ہے۔

    لائن آف کنٹرول پر بھارتی فوج کی بلا اشتعال فائرنگ کے واقعات پر مودی سرکار کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے قائدِ حزبِ اختلاف نے کہا کہ پاکستان کی جانب میلی آنکھ سے دیکھنے والوں کو عبرتناک کا نشانہ بنادیا جائے گا اس معاملے پر حکومتی خاموشی بھارت کو طاقتور بنارہی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی حکومت کی کاوشوں سے سندھ میں جرائم کی شرح پہلے سے بہت کم سطح پر آگئی ہے،اب پنجاب کو بھی دیکھنے کی ضرورت ہے جہاں لاقانونیت عروج پر ہے۔

    پیپلز پارٹی کے سینیئر رہنما نے کہا ہے کہ عوام کی اصل طاقت اور ترجمان بھٹو کی پارٹی ہے اور بھٹو سے پنجاب کے عوام کو والہانہ محبت ہے اب پیپلز پارٹی پنجاب میں کسی کے لئے میدان نہیں چھوڑے گی۔

    قبل ازیں خورشید شاہ نے فیصل آباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا تھا کہ پانامہ کیس میں قطر کے شہزادے کا خط بہ طور ثبوت پیش کرنے سے مسلم لیگ (ن) نے شکوک و شبہات اور مضبوط کردیا ہے،انتہائی شرم کی بات ہے کہ ایک چھوٹے سے دوست ملک سے ذاتی فائدے کے لیے خط منگوایا گیا ہے۔

  • جھنگ میں ٹریفک حادثہ، 13 افراد جاں بحق

    جھنگ میں ٹریفک حادثہ، 13 افراد جاں بحق

    جھنگ: جھنگ میں مسافر بس ڈرائیور کی تیز رفتاری نے 13 افراد کی جان لے لی،بد نصیب بس مسافروں کو لے کرخوشاب سے جھنگ جا رہی تھی۔

    تفصیلات کے مطابق مسافر بس خوشاب سے جھنگ آرہی تھی،راستے میں ریت کے طوفان آنے کا باوجود مذکورہ بس ڈرائیور تیز رفتاری سے باز نہیں آیا،جس کے باعث سامنے سے آتے ٹرک سے ٹکراؤ ہوگیا،تصادم اتنا شدید تھا کہ بس سامنے سے مکمل تباہ ہوگئی،افسوسناک حادثہ میں 13 افراد جاں بحق ہوگئے۔

    Jhang

    ٹریفک حادثے کے بعد جائے وقوعہ پر ریسکیو ٹیمیں پہنچ گئیں،اور زخمیوں کو فوری طور پر ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال جھنگ منتقل کردیا گیا،جہاں ڈاکٹرز نے 13 افراد کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کردی، جبکہ دیگر زخمیوں کو فوری طبی امداد دی جا رہی ہے۔

    rescue

    زخمی مسافروں نے واقعہ کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ حادثہ تیز رفتاری کے باعث پیش آیا، ریتیلے طوفان کے باعث سامنے سے آتا ٹریفک صاف نظر نہیں آرہا تھا،اس کے باوجود بس ڈر ائیور نے بس کی رفتار کم نہیں کی،جس کی وجہ سے سامنے سے آتے ٹرک سے بس کا تصادم ہو گیا۔

    وزیرِ اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے واقعہ پر افسوس کا اظہار کیا ہے،انہوں لواحقین سے تعزیت کی اور ہسپتال انتظامیہ کو زخمیوں کے علاج معالجہ میں کوئی کسر نہ اُٹھا رکھنے کی ہدایات جاری کیں۔

  • لاہورجلسہ حکمرانوں کے تابوت میں آخری کیل ثابت ہوگا،علامہ طاہرالقادری

    لاہورجلسہ حکمرانوں کے تابوت میں آخری کیل ثابت ہوگا،علامہ طاہرالقادری

    جھنگ: علامہ طاہرالقادری نے کہا ہے کہ کمزور اورطاقتور کی جنگ شروع ہو گئی، مینارپاکستان کا جلسہ حکمرانوں کے غبارے کی رہی سہی ہوابھی نکال دے گا، وہ جھنگ میں سیلاب متاثرین میں امدادی اشیاء کی فراہمی کے بعد جلسے سے خطاب کررہے تھے ۔

    اس موقع پرعلامہ طاہرالقادری نے حکمرانوں کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا۔ان کا کہنا تھا کہ مظلوم عوام کو اب جاگیرداروں اور وڈیروں کا مقابلہ کرنا ہوگا۔ ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا کہ عوامی تحریک ملک میں ایسانظام چاہتی ہے جوکرپشن سے پاک ہو۔

    انہوں نے کہا کہ انیس اکتوبر کو مینار پاکستان کا جلسہ حکمرانوں کے تابوت میں آخری کیل ٹھونک دیگا اورانقلاب کی صداہرگھر کی آوازبن جائے گی۔اس سے قبل ڈاکٹرطاہرالقادری نے جھنگ کے مختلف علاقوں کادورہ کیااورسیلاب متاثرین سے ملاقاتیں بھی کی۔

  • حکمرانوں نے سیلاب متاثرین کے ساتھ فوٹو سیشن کیا،ڈاکٹرطاہرالقادری

    حکمرانوں نے سیلاب متاثرین کے ساتھ فوٹو سیشن کیا،ڈاکٹرطاہرالقادری

    جھنگ: پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹرطاہرالقادری نے جھنگ کے دورہ کے دوران سیلاب متاثرین سے ملاقات کی اور ان سے اظہار ہمدردی کیا،اس موقع پرخطاب کرتے ہوئے ڈاکٹرطاہرالقادری نے کہا کہ وہ غریبوں کے لئے لڑ رہے ہیں اور لڑتے رہیں گے۔

    حکمران سیلاب متاثرین کی مدد کرنے کی بجائے مدد کی بجائے صرف فوٹو سیشن کرانے میں مصروف ہیں, ڈاکٹرطاہرالقادری نے جھنگ کا دورہ کیا اور سیلاب متاثرین سے ملاقاتیں کیں اور ان کے مسائل سنے ۔

    انہوں نے کہا کہ حکمرانوں نے صرف فوٹو سیشن کے لئے اس علاقے کا رخ کیا اورکسی کی داد رسی نہ کی، متاثرین کو جعلی چیک دیئے ،تصویریں بنوائیں اور چلتے بنے۔

    انہوں نے کہا کہ جعلی چیک دینے والوں پر چار سو بیس کا مقدمہ ہونا چاہئیے۔  اس سے قبل ڈاکٹر طاہرالقادری نے حضرت سخی سلطان باہو کے دربارپرحاضری دی اور فاتحہ پڑھی،ملک کی سلامتی اوراستحکام کیلئے خصوصی دعائیں بھی کیں۔

  • علامہ طاہرالقادری سیلاب ذدگان کی امداد کیلئے ہہنچ گئے

    علامہ طاہرالقادری سیلاب ذدگان کی امداد کیلئے ہہنچ گئے

    جھنگ: علامہ طاہرالقادری سیلاب زدگان کے زخموں پرمرہم رکھنے کیلئے اٹھارہ ہزاری پہنچ گئے ۔کہتے ہیں انقلاب کی عظیم جنگ کاآغاز ہوگیاہے۔

    تفصیلات کے مطابق علامہ طاہرالقادری سیلاب زدگان کی خبرگیری کیلئے آبائی علاقے جھنگ پہنچ گئے۔سربراہ پاکستان عوامی تحریک کے قافلے میں پارٹی پرچم تھامے درجنوں گاڑیوں پرہزاروں کارکن سوار تھے۔

    گونوازگو کے نعروں کی گونج میں ہیڈ تریموں پہنچنے پرشاندار استقبال ہوا توعلامہ طاہرالقادری مسرور ہوگئے. سربراہ پاکستان عوامی تحریک فیصل آباد سے جھنگ کیلئے صبح گیارہ بجے روانہ ہوئے۔

    کارکنوں نے پینسرہ ،نواں لاہور ،گوجرہ موڑ موچی والا ،چنیوٹ موڑ پروالہانہ استقبال کیاجس کے باعث دو گھنٹے کا سفر چھ گھنٹےطویل ہوگیا۔ اٹھارہ ہزاری میں مختصر خطاب کے دوران علامہ طاہرالقادری کاکہناتھا کہ عظیم انقلاب کی جنگ کا آغازہوگیا ہے۔،

    انہوں نے کہا کہ حق چھیننے کے لئےبغاوت کرنا ہوگی، آئندہ عام انتخابات میں ووٹ کی طاقت سے حکمرانوں کا تختہ الٹ دیں گے۔

  • سیلاب متاثرین کی بحالی تک چین سے نہیں بیٹھیں گے، وزیرِاعظم

    سیلاب متاثرین کی بحالی تک چین سے نہیں بیٹھیں گے، وزیرِاعظم

    جھنگ: وزیرِاعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ سیلاب متاثرین کی بحالی تک چین سے نہیں بیٹھیں گے، متاثرین کی بحالی کے لیے دن رات کام کر رہے ہیں۔

    جھنگ میں متاثرین سیلاب سے خطاب کرتے ہوئے وزیرِاعظم کا کہنا تھا کہ حکومت سیلاب زدگان کی خدمت کے فرض سے غافل نہیں ہے، دنیا میں کہیں بھی اس تیز رفتاری سے امدادی کام نہیں کئےگئے۔

    وزیرِاعظم نے خطاب میں جس تیز رفتار امدادی سرگرمیوں کا ذکر کیا اس کا عملی مظاہرہ بھی بہت جلد لوگوں نے دیکھ لیا، وزیرِاعظم کے رخصت ہوتے ہی امدادی سامان کا ٹرک بھی انتظامیہ واپس لے گئی، متاثرین سیلاب دور تک ٹرک کے پیچھے امداد کیلئے بھاگتے رہے۔

  • سیلاب ہیررانجھا کے شہر جھنگ کی دہلیزپر پہنچ گیا

    سیلاب ہیررانجھا کے شہر جھنگ کی دہلیزپر پہنچ گیا

    جھنگ : بھارت سے آنے والا سیلاب جھنگ کی دہلیز پر پہنچ گیا  ہے، جسے بچانے کیلئے اٹھارہ ہزاری بند توڑنے کی تیاریاں مکمل کرلی گئیں ہیں ، منہ زور لہروں نے آج بھی کئی بستیاں صفحہ ہستی سے مٹادیں۔

    سپر فلڈ اب پنجاب بھر میں تباہی مچانے کے درپے ہے، ہیر رانجھا کا شہر جھنگ سیلابی ریلوں کی تند و تیز موجوں کا مقابلہ کرنے سے قاصر ہے، سیلابی ریلے میں تین افراد بہہ گئے، جس میں سے دو کی لاشیں مل گئیں ہیں، جھنگ چنیوٹ روڈ غرقِ آب ہونے سے زمینی رابطہ کٹ چکا ہے، پکے والا کے قریب ریلوے ٹریک سیلابی پانی میں بہہ گیا، جھنگ سے پنڈی ریلوے سروس معطل ہوگئی ہے۔

    چنیوٹ کے قریب سیلابی پانی بوآنہ شہر میں داخل ہوگیا ،چنیوٹ اور بوآنہ کا زمینی رابطہ منقطع ہوگیا ہے، دریائے جہلم سے ملحقہ پیالہ بند میں تریموں کے مقام پر شگاف پڑگیا، ضلع جھنگ کے قصبوں اٹھارہ ہزاری ، ھنانا، جمال والا، جبوآنہ، کوٹ مراد، علی کھٹانہ، جوسہ اور گڑھ مہاراجہ میں شدید سیلاب کا خطرہ ہے، لوگوں کو علاقہ خالی کرنے کی ہدایت کر دی گئی ہے۔

    جلال پور بھٹیاں میں ایک لاکھ ایکڑ اراضی کا رقبہ زیرِآب آ گیا ہے، حافظ آباد کے دو سو چالیس میں سے دو سو دیہات غرقِ آب ہوگئے، رات گئے دریائے چناب میں ساڑھے چھ لاکھ کیوسک سیلابی ریلہ ضلع جھنگ کی حدود میں داخل ہوا اور تباہی مچ گئی، دریائے چناب کا ساڑھے چھ لاکھ کیوسک کا سیلابی ریلہ ان ہیڈ تریموں سے گزرے گا، پنڈی بھٹیاں میں سیلاب کے ماروں نے موٹروے کے اسپل ویز کھول دیئے۔

    پانی شہر میں داخل ہوگیا، دریائے چناب کے سیلابی ریلے میں کوٹ مومن کے بیالس دیہات زیرِ آب آگئے، ستر ہزار ایکڑ سے زائد رقبے پر کھڑی فصلیں تباہ ہوگئیں ہیں، پانچ ہزار مویشی تند و تیز موجوں کی نذر ہوگئے ہیں، کوٹ مومن کے لوگوں نے چھتوں اور درکٹوں پر پناہ لے رکھی ہے۔

    ساہیوال میں دریائے راوی میں کٹاؤ پڑ گیا، موضع داد بلوچ میں اکیس مکان زمین بوس ہوگئے جبکہ بہاولنگر کے نواحی علاقے زیرِ آب آچکے ہیں۔

  • جھنگ:تریموں ہیڈورکس پر دریائے چناب میں اونچے درجے کا سیلاب

    جھنگ:تریموں ہیڈورکس پر دریائے چناب میں اونچے درجے کا سیلاب

    جھنگ : تریموں ہیڈ ورکس پر دریائے چناب میں اونچےدرجے کا سیلابی ریلا گزر رہا ہے، بپھرے دریا نے جھنگ کے نواحی علاقوں میں سیکڑوں بستیوں کا نام و نشان مٹا دیا ہے، ہزاروں افراد پانی میں پھنس کر رہ گئے ہیں۔

    پنجاب میں آنے والے سیلابی ریلوں نے سینکڑوں ہستے بستے دیہات صفحہ ہستی سے مٹا دیئے ہیں، موسلادھار بارشیں اور بھارت کی جانب سے اضافی پانی چھوڑے جانے کے بعد دریائے چناب ،راوی اور جہلم ایسے بپھرے کہ پنجاب کے بالائی علاقوں میں تباہی ہی تباہی پھیل گئی۔

    دریائے چناب میں چنیوٹ کے مقام پر پانی کا بہاؤ سات لاکھ کیوسک تک پہنچ گیا ہے، سیلابی پانی بوانہ شہر میں داخل ہونے سے زمینی رابطہ منقطع ہوگیا ہے۔ شہری چھتوں پر پناہ لینے پر مجبور ہیں۔

    جھنگ کے مقام پر تریموں ہیڈ ورکس پر دریائے چناب میں اونچےدرجے کا سیلاب ہے، انتظامیہ کا کہنا ہے کہ پانی کی سطح میں اضافے کے باعث مزید پندرہ دیہات ڈوب گئے، پکے والا کے قریب ریلوے ٹریک سیلابی پانی میں بہہ گیا، جس سے جھنگ سے پنڈی ریلوے سروس معطل ہوگئی ہے۔

    بہاولنگرمیں سیم نالہ ٹوٹنے سے سیلابی پانی نواحی علاقے حسین آباد، سعید پورہ سمیت متعدد بستیوں میں داخل ہوگیا ہے، سینکڑوں ایکٹر زمین زیر آب آگئی ہے، احمد پور سیال میں دریائے راوی میں سیال فقیر کے مقام پر اونچے درجے کے سیلابی ریلے کے باعث پندرہ دیہات زیر آب آگئے ہیں۔

    مختلف علاقوں میں ہزاروں افراد اب بھی پانی میں محصور ہیں، پاک فوج ، مقامی پولیس اور ریسکیو کے جوان محصور افراد کو نکالنے میں مصروف ہیں۔

  • جھنگ: تریموں بیراج پر پانی کی سطح میں اضافے،شہری علاقوں کو خطرہ

    جھنگ: تریموں بیراج پر پانی کی سطح میں اضافے،شہری علاقوں کو خطرہ

    جھنگ : دریائے چناب پر تریموں بیراج میں پانی کی سطح میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے اور بیراج کو بچانے کے لیے بند توڑنے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے۔

    سیلاب کی صورت حال کے پیشِ نظر اٹھارہ ہزاری بند کو توڑنے کیلئے بارود نصب کردیا گیا ہے تاہم بند توڑنے کے درست وقت کا تعین کیا جارہا ہے۔

    تریموں بیراج پر پانی کی سطح ساڑھے تین لاکھ کیوسک تک جا پہنچی ہے، پانی کے بہاؤ میں مسلسل اضافے اور بند نہ توڑنے کے باعث شہری علاقوں کو شدید خطرات لاحق ہیں، اونچے درجے کے سیلابی ریلا کے باعث جھنگ کے علاقے پکے والا کے قریب موجود ریلوے ٹریک بھی بہہ گیا۔

    سیلابی صورت حال سے نمٹنے کے لیے اٹھارہ ہزاری بند کی سیکورٹی کو فوج کے حوالے کردیا گیا ہے، تریموں بیراج پر دریائے چناب کا آٹھ لاکھ کیوسک اور دریائے جہلم کا چار لاکھ کیوسک سے زائد کا ریلا گزرے گا۔

    محکمہ انہار پنجاب کے مطابق تریموں بیراج کی زیادہ سے زیادہ پانی گزرنے کی صلاحیت چھ لاکھ پینتالیس ہزار کیوسک ہے لیکن ریت کی صفائی نہ ہونے کی وجہ سے یہ گنجائش کم ہو کر چار لاکھ کیوسک رہ گئی ہے، جہاں سے سات لاکھ کیوسک پانی گزرنے کا خدشہ ہے۔

    سیلابی ریلہ تریموں بیراج کی قوت برداشت کا آج امتحان لے گا، اٹھارہ ہزاری کا بند نہ توڑنے کے باعث اب تک کئی علاقے پانی کی نذر ہوگئے ہیں، جن میں موضع چیلا ، رجانہ ، پیر کوٹ اور مسن شامل ہیں۔