Tag: جھوٹ

  • بھارتی حکومت کے 100 سمارٹ سٹی بنانے کے دعوے جھوٹ نکلے

    بھارتی حکومت کے 100 سمارٹ سٹی بنانے کے دعوے جھوٹ نکلے

    نئی دہلی : سنہ 2015 میں بھارتی حکومت کے پانچ برس میں 100 اسمارٹ شہر تعمیر کرنے کے وعدے جھٹ نکلے۔

    تفصیلات کے مطابق پانچ سال گزرنے کے بعد بھی اسمارٹ شہروں کی تعمیر پر کوئی پیش رفت نہیں ہوسکی بلکہ حکومت کی جانب سے اس منصوبے کی تکمیل کی تاریخ کو ہی بڑھا دیا گیا ہے۔

    بھارتی خبر رساں ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت کی جانب سے کن کن شہروں کو سمارٹ بنایا جائے گا اس کا فیصلہ ایک ہی وقت پر نہیں کیا گیا تھا۔

    بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ مودی سرکار نے سمارٹ سٹی فنڈ کے لیے مختص رقم کا صرف چھوٹا سا حصہ ہی اب تک خرچ کیا گیا ہے، سنہ 2014 میں لوک سبھا انتخابات کی مہم کے دوران سمارٹ سٹی کی تعمیر کا اعلان کیا گیا تھا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ اسمارٹ سٹی کی تعمیر کے اعلان کے ایک سال بعد 2015 میں سمارٹ سٹی اسکیم لانچ کی گئی تھی۔

    حکومت نے پارلیمنٹ میں بتایا کہ اکتوبر 2017 کے مقابلے میں اسمارٹ سٹی مشن کے تحت مکمل ہونے والے منصوبوں میں 479 فیصد اضافہ ہوا ہے۔

    ہاؤسنگ اور شہری معاملات کے نائب وزیر پردیپ سنگھ پوری نے بتایا کہ اس منصوبے کے تحت 13 مشترکہ مراکز پہلے سے ہی کام کر رہے ہیں۔

    پردیپ سنگھ پوری کا کہنا تھا کہ اگر ہم نے دسمبر سنہ 2019 تک 100 منصوبوں میں 50 سے زائد منصوبے بھی مکمل کر لیے تو میرے مطابق یہ دنیا میں سب سے تیزی سے عمل میں آنے والے منصوبوں میں سے ایک ہوگا۔

    دوسری جانب حزب اختلاف کی جماعتوں نے حکومت کی اسمارٹ سٹی اسکیم کو انتخابی مہم کا حربہ قرار دیا اور سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اس کے اثرات زمین پر نظر نہیں آتے۔

  • سوشل میڈیا پرسب سے بڑا چیلنج ’جعلی خبریں‘ ہے

    سوشل میڈیا پرسب سے بڑا چیلنج ’جعلی خبریں‘ ہے

    فیک نیوز، فیک نیوز سن سن کر آپ کے کان پک گئے ہوں گے، یہ ایک ایسی اصطلاح ہے جو آپ نے دو سال قبل نہیں سنی ہوگی، لیکن آج سوشل میڈیا کی وجہ سے یہ سب کے لیے ایک جانی پہچانی ’چیز‘ بن گئی ہے۔ جی ہاں، سماجی دانش ور اسے ’عالمی اور مقامی منڈی کی حکمت عملی‘ سمجھتے ہیں۔

    جدید دنیا میں آج نظامِ حکومت کے لیے جمہوریت (ڈیمو کریسی) کو درست ترین انتخاب سمجھا جاتا ہے، دل چسپ امر یہ ہے کہ فیک نیوز یعنی جعلی خبر کو اسی جمہوریت کے لیے سب سے بڑا خطرہ قرار دیا جا رہا ہے۔ جعلی خبر آزادانہ بحث اور اس سے بڑھ کر خود ’مغربی نظام‘ کی دشمن بن گئی ہے۔

    ہم ایک ایسی دنیا میں جی رہے ہیں جہاں لوگ اب سوشل میڈیا کو صرف انٹرنیٹ کا دروازہ نہیں سمجھتے، بلکہ ’خبر‘ کا ایک اہم ذریعہ بھی سمجھتے ہیں۔ دو سال سے ابھرنے والا یہ مسئلہ اب ایک زبردست چیلنج کی صورت اختیار کر چکا ہے کیوں کہ جعلی خبروں اور غلط اطلاعات پھیلانے کے لیے زیادہ جدید ٹیکنالوجی وجود میں آ چکی ہے۔

    فیک نیوز یعنی جعلی خبر کیا ہے؟ ماہرین کا کہنا ہے کہ ’فیک نیوز غلط اطلاع دینے کی ایک شکل ہے، یہ ایک غلط اور جھوٹی خبر کو کہتے ہیں۔‘ بعض اوقات جعلی خبر پوری طرح جعلی نہیں ہوتی اس لیے اسے پکڑنا آسان نہیں ہوتا، اور اکثر لوگ طنزیہ انداز میں دی جانے والی خبر کو بھی سنجیدہ سمجھ کر اسے فیک نیوز کے زمرے میں شامل کر دیتے ہیں جو درست نہیں ہے۔ اس کا مطلب یہ بھی ہے کہ لوگوں میں طنز کو سمجھنے کی صلاحیت کی کمی ہے۔

    آپ نے پاکستانی اخبارات میں اور برقی میڈیا پر ’زرد صحافت‘ کی اصطلاح بھی بہت سنی ہوگی، فیک نیوز اسی ’یلو جرنلزم‘ یا پروپگینڈے کی ایک قسم ہے، جو جان بوجھ کر پرنٹ، براڈ کاسٹ نیوز میڈیا یا آن لائن سوشل میڈیا کے ذریعے پھیلایا جاتا ہے۔ دل چسپ بات یہ ہے کہ پہلے پہل سوشل میڈیا پر پھیلائی جانے والی جھوٹی اطلاع آخر کار مرکزی دھارے کی میڈیا میں بھی جگہ بنا لیتی ہے۔

    سوال یہ ہے کہ جعلی خبر کا مقصد کیا ہوتا ہے؟ زیادہ تر اس کا تعلق سیاست سے جڑا ہوا ہے جیسا کہ عالمی سطح پر بھی اسے جمہوریت کو نقصان پہچانے کے لیے بنایا جانے والا ہتھیار سمجھا جاتا ہے۔ خود پاکستان میں بھی اس سے یہ کام وسیع سطح پر لیا گیا ہے۔ سیاست دانوں کے بارے میں لاتعداد غلط خبریں پھیلائی گئیں، آج ملک میں سیاست کا نام ہی گالی بن چکا ہے۔ اس میں شک نہیں کہ سیاست دانوں کی اپنی حرکتیں زیادہ تر مشکوک رہی ہیں تاہم ملک میں جمہوریت کو کم زور کرنے کے لیے اس ہتھیار سے بہت کام لیا گیا ہے۔

    غلط خبر، جھوٹی خبر یا فیک نیوز کی زد میں ریاستی ایجنسی بھی ہوتی ہے، سرکاری ادارہ بھی، کوئی اہم اور نمایاں شخصیت بھی، اور فیک نیوز کے ذریعے مالی یا سیاسی فائدہ بھی حاصل کیا جاتا ہے۔ اس کے علاوہ انٹرنیٹ کلک ریونیو بڑھانے کے لیے بھی سنسنی خیزی سے کام لیا جاتا ہے جو جھوٹی خبر یا غلط انداز سے لکھی اور شایع کی گئی خبر کے ذریعے پیدا کی جاتی ہے۔

    فرخ ندیم انٹرنیشنل اسلامک یونی ورسٹی کے شعبۂ انگریزی میں لیکچرار کے عہدے پر فائز ہیں، یہ ادبی اور ثقافتی نقاد ہیں اور ثقافتی تنقید کے موضوع پر دو ماہ قبل ان کی ایک بے حد وقیع کتاب بھی شایع ہوئی ہے، فیک نیوز کے حوالے سے کہتے ہیں ’فیک نیوز دراصل سرمایہ دارانہ کلچر کا ایک بڑا بحران ہے۔‘ یعنی جعلی خبر کا تعلق سرمائے سے بھی ہے، اس کے پیچھے سرمائے کی طاقت ہوتی ہے، دولت کے پجاری ادارے عوام کی ذہن سازی کی خاطر فیک نیوز کا استعمال کرتے ہیں۔ فرخ ندیم نے ایک زبردست مثال دی، انھوں نے کہا ’جیسے اسٹاک ایکس چینج کو بعض اوقات فیک نیوز سے تحریک دی جاتی ہے۔‘

    جعلی خبر کو پکڑنا آسان نہیں ہوتا لیکن بعض اوقات اسے پکڑا بھی جاسکتا ہے۔ سوشل میڈیا پر یہ ضرور دیکھا جانا چاہیے کہ کوئی خبر اگر معمول سے ہٹ کر آ رہی ہے تو کیا اس کو زیادہ ویریفائیڈ اکاؤنٹس اور ذمہ دار لوگ شیئر کر رہے ہیں۔ اکثر آپ نے دیکھا ہوگا کہ خبر ٹویٹر اور فیس بک پر ٹرینڈ بنی ہوئی ہے لیکن ذمہ دار لوگ اسے شیئر نہیں کر رہے ہوتے۔ اس سلسلے میں یہ کرنا چاہیے کہ ذمہ دار اداروں اور لوگوں کے اکاؤنٹس چیک کیے جائیں کہ کیا وہاں سے بھی خبر دی گئی ہے یا نہیں۔

    فیک نیوز اور انتخابات کا قریبی تعلق ہے۔ پاکستان میں انتخابات 2018 سے قبل سوشل میڈیا جعلی خبروں کے طوفان کی زد میں تھا جس کی بے شمار مثالیں پڑی ہیں۔ سابق وزیرِ اعظم نواز شریف کی بیگم کلثوم کی موت خبر، خود نواز شریف کے وطن واپس نہ آنے کی خبریں، انتخابات میں اکثریت حاصل کرنے والی جماعت پاکستان تحریکِ انصاف کے چیئرمین عمران خان کے خلاف سابقہ بیوی ریحام خان کی کتاب کے مندرجات کے حوالے سے بے تحاشا غلط خبریں، پاک فوج کے شعبۂ اطلاعات (آئی ایس پی آر) کے حوالے سے خبریں، اور ان فیک نیوز کے درمیان کرکٹر عبد الرزاق کی موت کی خبر، اس کی محض چند مثالیں ہیں۔

    عالمی سطح پر امریکی انتخابات اس کی تازہ اور بڑی مثال ہے جس کے سلسلے میں ابھی بھی فیس بک ایسے جعلی اکاؤنٹس اور پیجز کی تلاش میں لگا ہوا جہاں سے امریکی انتخابات میں رائے عامہ پر باقاعدہ طور پر اثرات ڈالے گئے۔ امریکا نے روس پر بھی الزام لگایا کہ اس نے مداخلت کی ہے اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو جتوانے کے لیے اہم کردار ادا کیا۔ اس سلسلے میں روس کی انٹرنیٹ ریسرچ ایجنسی کو بھی ملوث قرار دیا گیا جس نے وسیع پیمانے پر غلط خبریں اور اطلاعات پھیلا کر رائے عامہ تبدیل کی۔

    پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا کے ماہرین کہتے ہیں کہ فیک نیوز کی ایک بڑی پہچان ’ہیٹ اسپیچ‘ بھی ہوتی ہے، ایک ایسا مواد جو نفرت پر مبنی ہوتا ہے، جس کے ذریعے کسی فرد، کسی جماعت، کسی ادارے، کسی صوبے یا حکومت کے بارے میں حقایق کو مسخ کیا جاتا ہے اور لوگوں کو نفرت پر ابھارا جاتا ہے۔ اس سلسلے میں انتہائی دائیں بازو کی جماعتیں بھی اپنا کردار ادا کیا کرتی ہیں اور دشمن ممالک کی ایجنسیاں بھی، جس کی روک تھام کے لیے ریاستیں قانون سازی کرتی ہیں۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • الیکشن اصلاحاتی بل2017 پرختم نبوت سےمتعلق جھوٹ نہ بولاجائے‘ سعد رفیق

    الیکشن اصلاحاتی بل2017 پرختم نبوت سےمتعلق جھوٹ نہ بولاجائے‘ سعد رفیق

    اسلام آباد : وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کا کہنا ہے کہ الیکشن اصلاحاتی بل2017 پرختم نبوت سےمتعلق جھوٹ نہ بولا جائے۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیرریلوے خواجہ سعد رفیق نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ انتخابی اصلاحاتی بل 2017 میں ختم نبوت کےاقرارنامےمیں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی،عوام کسی قسم کے منفی پراپیگنڈہ کا شکارنہ ہوں۔

    خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ الیکشن اصلاحاتی بل قومی اسمبلی کی ویب سائٹ پرموجود ہے، ختم نبوت سےمتعلق قوم کوگمراہ نہ کیا جائے۔

    وفاقی وزیرریلوے کا کہنا تھا کہ الیکشن اصلاحاتی بل2017پرختم نبوت سےمتعلق جھوٹ بول کر اور نبی کریم ۖ کا نام مبارک استعمال کرکے قوم کو گمراہ نہ کیا جائے۔

    واضح رہے کہ گزشتہ روز مسلم لیگ ق کے صدر چودھری شجاعت حسین اور پرویزالٰہی کا کہنا تھا کہ ختم نبوت ایمان کا معاملہ ہے، شق میں تبدیلی پر کوئی مسلمان خاموش نہیں رہ سکتا۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی وال پر شیئر کریں۔

  • کپتان جوڈیشل کمیشن کا قیام چاہتے ہیں تو پارلیمنٹ میں آئیں، سعد رفیق

    کپتان جوڈیشل کمیشن کا قیام چاہتے ہیں تو پارلیمنٹ میں آئیں، سعد رفیق

    لاہور: وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کے چیئرمین اگر جوڈیشل کمیشن کا قیام چاہتے ہیں تو پارلیمنٹ میں آئیں وگرنہ ان کی حرکتیں انھیں پاکستانی سیاست کا بال ٹھاکرے بناتی جارہی ہیں۔

    ریلوے ہیڈ کوارٹر لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ لاہور کی عوام نے عمران خان کی احتجاج کی کال مسترد کردی ہے ،تحریک انصاف نے ضلعی انتظامیہ کے ساتھ اپنے احتجاج کے حوالے سے کیے وعدے نہ صرف توڑے بلکہ بزرگوں عورتوں بچوں اور حتی کہ جانوروں پر بھی تشدد نے واضح کردیا ہے کہ وہ کونسا نیا پاکستان بنانا چاہتے ہیں۔

    وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ عمران خان جوڈیشل کمیشن کے قیام کےلیے جو اڑتالیس گھنٹے کی ڈیڈ لائن دے رہے ہیں انھیں بتانا چاہتے ہیں کہ کمیشن کا راستہ پارلیمنٹ سے گزرے گا۔

     اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے پنجاب حکومت کے ترجمان زعیم قادری نے کہا کہ پی ٹی آئی کے کارکنوں نے آج جس نہج پر پہنچ کر غنڈہ گردی کی وہ پوری قوم کی آنکھیں کھول دینے کے لیے کافی ہے جبکہ وزیر اعلی کے مشیر برائے صحت سلمان رفیق کا کہنا تھا کہ آج احتجاج کے دوران جاں بحق ہونے والوں کے لواحقین کے ساتھ اظہار ہمدردی کے لیے وزیر اعلی نے پانچ لاکھ روپے فی کس امداد کا اعلان کیا ہے۔

  • اعداد و شمار پی ٹی آئی پراپیگنڈہ سیل کا تیارکردہ تھا، سعد رفیق

    اعداد و شمار پی ٹی آئی پراپیگنڈہ سیل کا تیارکردہ تھا، سعد رفیق

    وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کا کہنا ہے عمران خان جعل ساز انسان ہیں ، وہ بددیانتی کا مظاہرہ کررہے ہیں ، اپنی باتوں سے نفرتوں کے بیج بوتےہیں، تحریک انصاف کی ناکامی کے سب سے بڑے ذمے دار عمران خان ہیں، تحریک انصاف نےامیدواروں کوٹکٹ فروخت کئے ۔

    اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا عمران خان کی پریس کانفرنس کھودا پہاڑ نکلا چوہا کے مترادف ہے،عمران خان اعداد شمار کو چیلنج اور مسترد کرتے ہیں، عمران خان کی درخواست پرچیف جسٹس صاحبان نےسیشن ججزکوآراوزمنتخب کیا، وزیراعظم کا خواب چکنا چور ہونے پرعمران خان کو سب دشمن نظر آتے ہیں، چیف الیکشن کمشنر فخرالدین جی ابراہیم پرعمران خان نے اعتماد کا اظہار کیا تھا، ابھی تک عمران خان نے کسی ریٹرننگ افسر کیخلاف کوئی ریفرنس دائر نہیں کیا، انوکھے لاڈلے عمران خان نے ضد کی کہ جوڈیشل افسران انتخابات کرائینگے ۔

    خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا آئین کے مطابق بننے والی حکومت پرعمران سمیت تمام جماعتوں نے اعتماد کا اظہار کیا، جن حلقوں میں دھاندلی کا عمران خان رونا رو رہے ہیں اس کی کوئی ویڈیو یا تصویر کیوں پیش نہیں کرتے، اور وہ سب حلقے الیکشن ٹربیونل میں کھلے ہوئے ہیں ۔ اگر4 میں سے 3 حلقوں میں غنڈہ گردی تھی توسیکیورٹی فورسزکوشکایت کیوں نہیں کی ۔

    وزیرریلوے کا کہنا تھا 1970ء سے لیکر اب تک اضافی بیلٹ پیپرز چھاپے جاتے ہیں، عمران خان نے ہمارے حلقوں میں اضافی بیلٹ پیپرز کی بات کی، جہاں تحریک انصاف والےجیتیں ہیں کیاوہاں اضافی بیلٹ پیپرزکی بات مانیں گے؟ عمران خان نے ووٹنگ والےدن چیلنج ووٹ کااختیارکیوں استعمال نہیں کیا؟ عمران خان کوسیاست نہیں آتی تواس میں ہمارا کیا گناہ ہے۔ انتخابی مہم کے دوران بھی عمران خان نے نفرت کے تمام ہتھیار استعمال کیے۔

  • خواجہ سعد رفیق کا دعویٰ غلط ثابت ہوگیا

    خواجہ سعد رفیق کا دعویٰ غلط ثابت ہوگیا

    ملتان :وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے جمعرات کی صبح دعویٰ کیا تھاکہ آج ملتان کے باشعور عوام یہ فیصلہ کرینگے کہ وہ جمہوریت کے ساتھ ہیں یا جھوٹ کے۔خواجہ سعد رفیق ن لیگ کے اُن رہنماؤں میں سے ہیں جن کا شمار سب سے زیادہ بولنے والوں میں ہوتا ہے۔ .

    عمران خان شروع ہی سے جن چار حلقوں میں دھاندلی اوران حلقوں میں شفاف تحقیقات کامطالبہ کرتے رہے ہیں اُن میں سے ایک حلقہ سعد رفیق کا بھی ہے ۔ سعد رفیق نے ملتان میں جمعرات کی صبح ایک پریس کانفرنس کی اور دعویٰ کیاکہ آج جمہوریت اور جھوٹ کامقابلہ ہے۔

    جھوٹ سے مراد ن لیگ یہ مؤقف یہ ہے کہ دھاندلی سے متعلق عمران خان کے تمام الزامات غلط ہیں، اب جب کہ ملتان کے عوام نے فیصلہ دے دیا ہے جوجاوید ہاشمی کیخلاف ہے توکیا سعد رفیق اعتراف کرینگے کہ ملتان نے عمران خان کے دھاندلی کے الزامات کے حق میں فیصلہ دے دیا ، اور کیان لیگ  اس عوامی فیصلے کے بعددھاندلی کی شفاف تحقیقات کے مطالبے کو پذیرائی بخشے گی ؟

  • حکمرانوں نے ظلم و بربریت کی انتہا کردی ہے ، ڈاکٹرطاہرالقادری

    حکمرانوں نے ظلم و بربریت کی انتہا کردی ہے ، ڈاکٹرطاہرالقادری

    اسلام آباد : ڈاکٹر طاہرالقادری کا نے کہا کہ شریف فیمیلی صرف اپنے کاروبار اور لوٹ مار کے لئے سیاست کرتی ہے۔

    پارلیمنٹ کے سامنے انقلاب مارچ کے شرکاء سے خطاب میں پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر علامہ طاہرالقادری کا کہنا تھا کہ انقلاب اور آزادی کے شرکاء کو سلام پیش کرتا ہوں،انقلاب اور آزادی ساتھ ساتھ چلتے ہیں۔

    نواز شریف کو مخاطب کرتے ہوئے ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا کہ خود کو مسلم لیگ کے وارث کہنے والے کرپشن کے علمبردار ہیں، ایشیا کے سب سے بڑے انوسٹر نواز فیملی ہے،شریف فیمیلی صرف اپنے کاروبار اور لوٹ مار کے لئے سیاست کرتی ہے، 15 ممالک کی فہرست میرے پاس ہے جہاں نواز فیملی کے کاروبار چل رہے ہیں۔

    ملک میں حکمرانوں نے کرپشن کو عروج پر پہنچادیا ہے، کرپشن ختم ہوجائے تو ملک قائم رہے گا، موجودہ حکمران کے مزاج میں جمہوریت نہیں، افسوس سے کہ رہا ہوں پاکستان کو دینت دار قیادت نہیں ملی۔

    اُنہوں نے کہاکہ چین پاکستان سے ایک سال بعد آزادہوالیکن آج ہرکسی سے آگے نکل گیا، امریکہ کو بھی آنکھیں دکھاسکتاہے کیونکہ وہاں قیادت ملی ،دیگراقوام کی تقدیر بدل سکتی تو پاکستانی عوام کی کیوں نہیں ؟ کیونکہ یہاں حکمران اپنی نسل اور خاندانوں کا سوچتے ہیں ، سارے پاکستان میں اُنہیں اپنے خاندان سے باہر کوئی قابل اعتبار بندہ ہی نظر نہیں آتا جس کی وجہ سے تقدیر نہیں بدلتی ۔

    شرکاء سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ پہلے میں اور عمران الگ الگ جنگ لڑرہے تھے اب متحد ہیں، ملکی خوشحالی کے لئے اللہ نے مجھے اور عمران کو ملا دیا ہے، لوگوں کا سمندر حکمرانوں کے ظلم اور بربریت کا خاتمہ کرے گی۔

    طاہرالقادری نے کہا کہ مجھے جینے سے محبت نہیں رہی عوام نے میری جان خرید لی ہے، پہلے بھی کارکنوں کے لئے جیتا تھا اب بھی ان کے لئے جیتا ہوں۔

  • نوازشریف نے اسمبلی فلور پرجھوٹ بولا، ڈاکٹر طاہرالقادری

    نوازشریف نے اسمبلی فلور پرجھوٹ بولا، ڈاکٹر طاہرالقادری

    اسلام آباد : طاہر القادری نے کہا کہ وزیر داخلہ اور وزیر اعظم کی تقریر سن کر ایک منٹ ضائع کیے بغیر ان کا جھوٹ رد کرنے آیا ہوں، اگرچہ میری طبیعت ٹھیک نہیں ہے۔ وزیراعظم اور ان کے رفقاء پارلیمنٹ کے تقدس کو پامال کر رہے ہیں۔

    پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری کا کہنا ہے کہ آج  پارلیمنٹ کے فلور پر وزیراعظم  اور  وزیر داخلہ نے جھوٹ بولا، آرمی چیف جنرل راحیل شریف کو ثالثی کی درخواست ہم نے نہیں بلکہ نواز شریف اور وفاقی حکومت نے کی ہے، میں ان کے جھوٹے بیان کو رد کرتا ہوں۔ جھوٹ بولنے پر وزیراعظم کا مواخدہ کرنا چاہیے، ایک جھوٹا شخص وزیراعظم نہیں ہوسکتا، قومی اسمبلی میں جھوٹ بولنے پر وزیراعظم اور وزیرداخلہ استعفی دیں۔

    طاہرالقادری نے کہا کہ آرمی چیف کا ثالثی کا کردار ادا کرنے کا کوئی ارادہ نہیں تھا مگر وزیراعظم اور وفاقی حکومت نے کل انہیں ایسا کرنے کی درخواست کی اور یہ خبر کئی ٹی وی چینلز پر بھی چلتی رہی۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں تو خود جنرل راحیل شریف کے ثالثی کے کردار سے متعلق خبر ٹی وی چینلز کے ذریعے ملی۔ نواز شریف نے قومی اسمبلی میں جھوٹ بولا اور قوم کو دھوکا دیا ہے۔

    آرمی چیف نے ایک ادارے کے سربراہ کے ذریعے پیغام بھیجا تھا، ڈاکٹر طاہرالقادری کا کہنا تھا کہ فوج کو ثالث بنانے سے متعلق وزیراعظم کا بیان جھوٹ کا پلندہ ہے۔ پارلیمنٹ میں جھوٹ بولنے پرانہیں برطرف کرنے کا جواز بنتا ہے۔

    ڈاکٹر طاہرالقادری کا کہنا تھا کہ جنرل راحیل شریف وزیراعظم اور وزراء کے جھوٹے بیانات کا نوٹس لیں، ایسے بیانات پاک فوج کو بدنام کرنے کی سازش ہے۔ ڈاکٹر طاہرالقادری کا مزید کہنا تھا کہ جھوٹی انا کو بچانے کے لئے غلط بیانات دیئے جارہے ہیں۔

    طاہرالقادری کا کہنا تھا کہ اگر آج شام تک نواز شریف اور شہباز شریف نے استعفیٰ نہ دیا تو معاملہ آگے نہیں چلے گا اور ثالثی کی بات آگے نہیں چلےگی۔

    واضح رہے کہ آج قومی اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نواز شریف نے کہا تھا کہ عمران خان اور طاہر القادری کی درخواست پر آرمی چیف نے ثالثی کا کردارادا کیا۔