Tag: جھگڑا

  • کراچی : شادی ہال میں دلہا اور دلہن کے گھر والوں کی ایک دوسرے کو کرسیاں مارنے کی ویڈیو سامنے آگئی

    کراچی : شادی ہال میں دلہا اور دلہن کے گھر والوں کی ایک دوسرے کو کرسیاں مارنے کی ویڈیو سامنے آگئی

    کراچی : شادی ہال میں دلہا اور دلہن کے گھر والوں ایک دوسرے کو کرسیاں مارنے کی ویڈیو سامنے آگئی۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے عزیز آباد 8 نمبر پر قائم شادی ہال میں جھگڑے کی فوٹیج سامنے آگئی، جس میں دلہا اور دلہن کے گھر والوں کو آپس میں تلخ کلامی کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔

    جھگڑے کے دوران دونوں جانب سے ایک دوسرےکوکرسیاں ماری گئیں ، جس کے بعد ہال انتظامیہ کی جانب سے پولیس کوطلب کیا گیا۔

    پولیس نے بتایا کہ مشتعل افراد نے پولیس کیساتھ بھی ہاتھا پائی کی، ہاتھا پائی کےدوران پولیس اہلکارعثمان زخمی ہوا۔

    پولیس کا کہنا تھا کہ جھگڑا کرنے کے الزام میں تین افراد کو گرفتار کیا گیا جبکہ گرفتار افراد اور 30 سے 40 نامعلوم افراد کیخلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔

    حکام نے کہا کہ توڑ پھوڑ اور پولیس اہلکاروں پر تشدد کی دفعات کے تحت درج کیا گیا، جھگڑا کرنے والے افراد مبینہ طور پر نشے میں تھے، دیگر افراد کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جارہے ہیں۔

  • مٹن پر جھگڑا: دوست نے دوست کی جان لے لی

    مٹن پر جھگڑا: دوست نے دوست کی جان لے لی

    بھارت کے شہر حیدر آباد میں مٹن کھانے پر دو دوستوں کے درمیان جھگڑا ہوا، اس دوران ایک دوست کی جان چلی گئی۔

    بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق یہ واقعہ بھارت کے شہر حیدر آباد میں سکندر آباد کے تکارام گیٹ پی ایس علاقے میں پیش آیا، جہاں نشے میں دھت دو دوستوں کے درمیان جھگڑے میں ایک شخص کا بے دردی سے قتل کردیا گیا۔

    رپورٹس کے مطابق چاری اور اجے نامی دوست کے درمیان مٹن کھانے پر جھگڑا ہوا،  چونکہ وہ دونوں پہلے ہی نشے میں تھے اس لیے لڑائی مار پٹائی میں بدل گئی۔

    اس جھگڑے کے دوران اجے نے چاری پر چاقو سے حملہ کیا جس کے بعد وہ موقع پر ہی دم توڑ دیا، حکام نے جائے وقوعہ کا معائنہ کرنے کے بعد مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم کو حراست میں لے کر پوچھ گچھ کی جا رہی ہے جبکہ لاش کو اسپتال منتقل کردیا گیا۔

  • کبڈی میچ کے دوران پی ٹی آئی اور ن لیگی کارکنوں میں جھگڑا

    کبڈی میچ کے دوران پی ٹی آئی اور ن لیگی کارکنوں میں جھگڑا

    چھانگا مانگا: نواحی گاؤں چھینہ ہٹھاڑ میں کبڈی میچ کے دوران پی ٹی آئی اور ن لیگی کارکنوں میں جھگڑا ہوگیا۔

    لاہور کے چھانگا مانگا چونیاں کے نواحی گاؤں چھینہ ہٹھاڑ میں کبڈی میچ کے دوران پی ٹی آئی اور ن لیگی کارکنوں میں جھگڑا ہوگیا۔

    ذرائع کے مطابق کبڈی کے دوران 2 سیاسی جماعتوں کےکارکنوں نے ایک دوسرے پر حملہ کیا جس کے نتیجے میں متعدد افراد زخمی ہوگئے، کبڈی ٹیموں کے حامیوں میں تھپڑ، گھونسے اور ڈنڈے چلے۔

    ذرائع کا بتانا ہے کہ زخمیوں کو طبی امداد کے لیے قریبی اسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا ہے۔

  • اداکارہ سونالی کلکرنی کا سری دیوی سے جھگڑا کیوں ہوا تھا؟

    اداکارہ سونالی کلکرنی کا سری دیوی سے جھگڑا کیوں ہوا تھا؟

    جس عمر میں بچے اپنے کیریئر کے بارے میں سوچنا شروع کر تے ہیں، اسی عمر میں اداکارہ سونالی کلکرنی  نے فلموں میں کام کرنا شروع کر دیا تھا، ان کی کارکردگی کا آج بھی چرچا ہے جبکہ انہوں نے کئی شعبوں میں اپنی پہچان بنائی ہے۔

    سونالی کلکرنی نے بالی ووڈ میں امول پالیکر کی فلم ’دائرہ‘ سے ہندی فلموں ڈیبیو کیا تھا اور اس فلم سے انہیں پہچان ملی تھی سونالی اب تک ہندی، انگریزی، مراٹھی، گجراتی، کنڑ اور تامل فلموں میں کام کر چکی ہیں۔

    اداکارہ کا خیال ہے کہ زبان سے کوئی فرق نہیں پڑتا، فلم میں اصل کھیل کردار کا ہوتا ہے۔ سونالی نے اطالوی فلم میں بھی کام کیا ہے۔ انہیں 2006 میں میلان انٹرنیشنل فلم فیسٹیول میں اطالوی فلم ’فوکو سو دی می‘ کے لیے ایوارڈ بھی ملا۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق سونالی کلکرنی کا آنجہانی اداکارہ سری دیوی کے ساتھ ایک بار جھگڑا ہوا تھا،  دراصل جس سال سری دیوی کی فلم ’انگلش ونگلش‘ ریلیز ہوئی تھی، اسی سال سونالی کی گجراتی فلم ’دی گڈ روڈ‘ بھی آئی تھی۔

    سونالی کی فلم ’دی گڈ روڈ‘ کو آسکرز میں بطور بھارتی فلم منتخب کیا گیا تھا جب کہ ’انگلش ونگلش‘ بھی اس دوڑ میں شامل تھی۔

     اس پر سری دیوی نے کہا تھا کہ اس نے ’دی گڈ روڈ‘ کے بارے میں، میں نے کبھی نہیں سنا،  یہ فلم آسکر میں کیسے جا سکتی ہے؟ اس پر اداکارہ سونالی کو غصہ آگیا تھا۔

     انہوں نے کہا تھا کہ صرف ہندی فلمیں اچھی نہیں ہوتیں، اچھی فلمیں ہر زبان میں بنتی ہیں اور جو فلم بہترین ہو اسے آسکر میں ہندوستان کی نمائندگی کرنی چاہیے۔

    واضح رہے کہ ایک بار سونالی تنازع میں  بھی پھنس چکی ہیں۔ دراصل انہوں نے اپنے ایک بیان میں خواتین کو کاہل کہا تھا۔ انہوں  نے کہا تھا کہ آج کل اکثر لڑکیاں کاہل ہو گئی ہیں۔ وہ ایک ایسا ساتھی چاہتی ہیں جس کے پاس پیسہ ہو، لیکن وہ خود کام نہیں کرنا چاہتی۔

     اس بیان پر تنازع اتنا بڑھ گیا کہ انہیں معافی مانگنی پڑی، انہوں نے کہا تھا کہ ایک خاتون ہونے کے ناطے ان کا مقصد دوسری خواتین کو تکلیف پہنچانا نہیں تھا۔

  • مرغی کے سالن پر جھگڑا، باپ نے بیٹے کی جان لے لی

    مرغی کے سالن پر جھگڑا، باپ نے بیٹے کی جان لے لی

    بھارت کی ریاست کرناٹک میں گھر میں بنے مرغی کے سالن پر باپ اور بیٹے کا جھگڑا ہوا بات نے تعیش میں آکر بیٹے کی جان لے لی۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق 32 سالہ شیورام کا گھر میں بنا چکن سالن کھانے کے معاملے پر اپنے والد شینا کے ساتھ جھگڑا ہوا کہ اسی دوران والد نے بیٹے کو لکڑی کا ڈنڈا مارا جس سے اس کی موت ہوگئی۔

    بھارت میں کئی ماہ سے لاپتہ لڑکی کی لاش کھیتوں سے برآمد

    رپورٹس کے مطابق بیٹے کے گھر پہنچنے سے پہلے والد نے گھر میں بنا سالن کھا لیا تھا جس پر دونوں میں تلخ کلامی اور جھگڑا ہوا۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق مرنے والے شخص کی اہلیہ اور 2 بچے ہیں جبکہ پولیس نے باپ کو گرفتار کرلیا ہے۔

  • آم کھانے پر جھگڑا، بھائی نے بھائی پر چاقو سے حملہ کردیا

    آم کھانے پر جھگڑا، بھائی نے بھائی پر چاقو سے حملہ کردیا

    قاہرہ: مصر میں ایک گھر میں آم کھانے کے جھگڑے پر ایک بھائی نے دوسرے کو چاقو کے وار سے شدید زخمی کردیا۔

    بین الاقوامی ویب سائٹ کے مطابق الحرم پولیس اسٹیشن کو ایک اسپتال انتظامیہ نے اطلاع دی کہ ایک زخمی نوجوان کو لایا گیا ہے جس کے سینے پر چاقو سے وار کیا گیا ہے۔

    اطلاع ملنے پر پولیس اہلکار فوری طور پر اسپتال پہنچے۔

    ابتدائی تحقیقات سے علم ہوا کہ گھر کے ریفریجریٹر میں ایک آم باقی بچا تھا، دونوں بھائیوں میں اس بات پر جھگڑا ہوگیا کہ ان میں سے کون وہ آم کھائے گا۔

    ایک بھائی آم لینے میں کامیاب ہوگیا، دوسرے نے باورچی خانے سے چاقو اٹھایا اور اس کے سینے پر وار کیا جس سے بھائی شدید زخمی ہوگیا۔

    پولیس کی حراست میں ملزم نے اعتراف جرم کرلیا جسے پوچھ گچھ کے بعد پبلک پراسیکیوشن کے حوالے کردیا، ملزم کو 4 دن کے جسمانی ریمانڈ پر دیا گیا ہے۔

  • ن لیگ، پی ٹی آئی کارکنوں میں جھگڑا، فائرنگ سے متعدد زخمی

    ن لیگ، پی ٹی آئی کارکنوں میں جھگڑا، فائرنگ سے متعدد زخمی

    لاہور: پاکستان مسلم لیگ ن اور پاکستان تحریک انصاف کے کارکنوں میں جھگڑے کے دوران فائرنگ سے متعدد افراد زخمی ہو گئے۔

    تفصیلات کے مطابق پنجاب میں ضمنی الیکشن سے پہلے لیگی امیدوار آپے سے باہر ہو گئے، پی پی 167 جوہر ٹاؤن میں پی ٹی آئی کے انتخابی دفتر پر حملہ کر کے ہنگامہ آرائی اور فائرنگ کر دی، جس سے متعدد افراد زخمی ہو گئے، جب کہ اس دوران پولیس تماشائی بنی رہی۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ لاہور کے علاقے جوہر ٹاؤن میں ہنگامہ آرائی اور فائرنگ سے متعدد افراد زخمی ہو گئے، جھگڑا ن لیگ اور پی ٹی آئی کے کارکنوں کے درمیان ہوا۔

    جھگڑے سے متعلق پی ٹی آئی امیدوار خالد گجر نے اے آر وائی نیوز کو بتایا کہ پی پی167 پر میں ہمارے دفتر پر حملہ کیا گیا تھا، لیگی امیدوار نذیر چوہان نے آ کر ہمارے انتخابی پوسٹر اتار ے۔

    خالد گجر کا کہنا تھا کہ گاڑی کی ٹکر سے ان کا بیٹا زخمی ہوا جو جناح اسپتال میں زیر علاج ہے، انھوں نے بتایا کہ دفتر پر حملے کے مقدمے کے لیے ان کی جانب سے تھانے میں درخواست بھی دے دی گئی ہے۔

  • بھارت: بھینس نے خود ہی اپنے مالک کا فیصلہ کر لیا

    بھارت: بھینس نے خود ہی اپنے مالک کا فیصلہ کر لیا

    نئی دہلی: بھارت میں ایک بھینس نے خود ہی اپنے مالک کا فیصلہ کر کے سب کو ورطہ حیرت میں ڈال دیا، بھینس کی ملکیت پر 2 افراد آپس میں بحث و تکرار کر رہے تھے۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست مدھیہ پردیش میں پیش آئے اس واقعے نے سوشل میڈیا پر لوگوں کو حیرت میں مبتلا کردیا۔ ریاست کے ایک گاؤں میں ایک بھینس کے مالکانہ حقوق کی وجہ سے دو افراد میں بحث و تکرار ہوگئی۔

    گوپال نامی فریق کی بھینس چوری ہوگئی تھی، اسے علم ہوا کہ مقامی تھانے میں ایک چوری شدہ بھینس لائی گئی ہے۔ جب وہ وہاں پہنچا تو بھینس پہلے ہی کوئی اور لے جاچکا تھا۔

    گوپال مذکورہ شخص کمل کے گھر پہنچا اور اس کی بھینس پر اپنی بھینس ہونے کا دعویٰ کردیا۔ کمل کا کہنا تھا کہ وہ یہ بھینس تھانے سے خرید کر لایا ہے لیکن گوپال نہ مانا۔

    اس بات پر دونوں میں خاصی بحث و تکرار ہوئی، معاملہ بڑھتا دیکھ کر بھینس کو کھلا چھوڑ دیا گیا۔ بھینس گوپال کے گھر جانے کے بجائے کہیں اور چلی گئی جس کے بعد کمل کو بھینس کا مالک قرار دیا گیا۔

    سوشل میڈیا صارفین کا کہنا ہے کہ بھینس نے خود ہی بتا دیا کہ اس کا مالک کون ہے۔

  • جائیداد کا تنازعہ: چچا نے بھتیجے کے جسم میں کیلیں ٹھونک دیں

    جائیداد کا تنازعہ: چچا نے بھتیجے کے جسم میں کیلیں ٹھونک دیں

    اٹک: صوبہ پنجاب کے شہر اٹک میں جائیداد کے تنازعہ پر چچا نے بھتیجے پر انسانیت سوز ظلم کرتے ہوئے اس کے جسم میں کیلیں ٹھونک دیں۔

    تفصیلات کے مطابق اٹک کے علاقے جنڈ میں چچا نے جائیداد کی خاطر بھتیجے پر تشدد کیا اور اس کے جسم میں کیلیں ٹھوک دیں، 28 سالہ مظہر حسین والدین کے انتقال کے بعد چچا کے ساتھ رہا تھا۔

    متاثرہ نوجوان کو ڈی ایچ کیو اسپتال داخل کیا گیا ہے جہاں ڈاکٹر نے آپریشن کے ذریعے نوجوان کے جسم سے کیلیں نکالیں۔

    پولیس کو بیان دیتے ہوئے مظہر حسین کا کہنا تھا کہ ملزم حبیب (چچا) نے اپنے داماد کے ساتھ مل کر تشدد کیا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ میڈیکو لیگل افسر کے دستخط کے ساتھ ایف آئی آر درج کرلی گئی ہے جس کے بعد قانونی کارروائی کا آغاز کردیا گیا ہے۔

  • جھگڑے کے بعد پڑوسی نے عجیب و غریب حرکت کر ڈالی

    جھگڑے کے بعد پڑوسی نے عجیب و غریب حرکت کر ڈالی

    شیفلڈ: پڑوسیوں میں جھگڑے ہوتے رہتے ہیں، لیکن برطانیہ میں ایک پڑوسی نے عجیب و غریب حرکت کر ڈالی، اس نے غصے میں آ کر گھر کے سامنے کھڑے چیڑ کے درخت کا اپنی گھر کی طرف کا آدھا حصہ ہی کاٹ ڈالا۔

    یہ واقعہ برطانوی کاؤنٹی ساؤتھ یارکشائر کے شہر شیفلڈ میں پیش آیا، دو پڑوسیوں میں اس بات پر جھگڑا ہوا کہ دروازے کے پاس کھڑے درخت پر کبوتر آ کر بیٹ کر جاتے ہیں جو گھر کے دروازے کے پاس گرتی ہے اور راستہ گندا ہو جاتا ہے، جھگڑے کے بعد ایک پڑوسی نے اپنی طرف کا درخت کا آدھا حصہ کاٹ دیا۔

    صفائی سے بالکل نصف کٹنے کے بعد درخت کی شکل عجیب لگنے لگی ہے، جس کے سبب اب لوگ اسے دیکھنے آنے لگے ہیں، اور درخت سیاحوں کے لیے دل چسپی کا سامان بن گیا ہے۔

    معلوم ہوا کہ چیڑ کا درخت 25 سال سے وہاں کھڑا تھا، 56 سالہ بھرت مسٹری اور اس کی فیملی یہ دیکھ کر سخت مایوسی کا شکار ہو گئی، جب اس کے پڑوسی نے اسپیشلسٹس کو بلوایا اور درخت کی نصف شاخیں کٹوا دیں۔

    ان پڑوسیوں کے درمیان ایک سال سے اس بات پر جھگڑا چل رہا تھا کہ درخت پر کبوتر آ کر شور مچاتے ہیں اور بیٹ کر جاتے ہیں، جس سے ڈرائیو وے میں گندگی پھیل جاتی ہے۔

    بھرت مسٹری نے بتایا کہ ہم پڑوسیوں نے متفقہ طور پر درخت کو گیند کی شکل میں ترشوایا تھا، لیکن حال ہی میں اس پر پرندے آنے لگے، کیوں کہ سال کے اس وقت پرندوں کا آنا متوقع ہوتا ہے، لیکن پڑوسی نے پرندوں کو وہاں بیٹھنے سے روکنے کے لیے سیاہ شاپنگ بیگز رکھنا شروع کر دیا۔

    بھرت مسٹری کے مطابق گزشتہ ہفتے پڑوسی نے اچانک ایک ٹری سرجن بلوایا اور ہمارے منع کرنے کے باوجود اس نے درخت کی اپنی طرف والی شاخیں کٹوا دیں، ہمیں سخت دکھ ہوا اس سے، ہم نے منتیں کر کر کے روکا لیکن وہ نہ مانا۔

    بھرت کا کہنا تھا کہ پڑوسی کو درخت کاٹنے کا حق تھا کہ وہ اس کی پراپرٹی پر مسئلہ پیدا کر رہا تھا لیکن 25 سال سے کھڑے درخت کو کاٹنا تکلیف دہ ہے۔

    تاہم جب اس باقی ماندہ درخت کی تصویر آن لائن پوسٹ کی گئی تو انٹرنیٹ صارفین میں یہ تیزی سے وائرل ہو گئی، اور اس کے بعد بڑی تعداد میں لوگ اس درخت کو ایک نظر دیکھنے آنے لگے ہیں۔