سعودی عرب مکہ مکرمہ میں پولیس نے ایک عوامی مقام پر اجتماعی جھگڑے میں ملوث چھ غیرملکیوں کو حراست میں لے لیا۔
سعودی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق محکمہ امن عامہ کے بیان میں بتایا گیا ہے کہ ایک وائرل ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ پاکستانی اور بنگلہ دیشی شہری کسی تنازع پر جھگڑا کررہے تھے۔
رپورٹس کے مطابق مکہ مکرمہ سے زیر حراست ملزمان کو ابتدائی قانونی کارروائی کے بعد پبلک پراسیکوشن کے حوالے کردیا گیا۔
علاوہ ازیں قصیم ریجن میں پولیس نے جنرل ڈیپارٹمنٹ آف کمیونٹی سکیورٹی اینڈ کامبیٹنگ ہیومن ٹریفکنگ کرائمز کے تعاون سے ایک خاتون کو ہراساں کرنے کے الزام میں غیرملکی کو گرفتار کیا ہے۔
بیان کے مطابق یمنی باشندے صادق سعید فرحان کو ابتدائی قانونی کارروائی کے بعد پبلک پراسیکیوشن کے حوالے کردیا گیا۔
اس سے قبل سعودی عرب میں سکیورٹی حکام کی جانب سے ریاض اور حائل سے منشیات کی اسمگلنگ میں ملوث کریمنل گینگ کے 37 ارکان کو حراست میں لے لیا گیا تھا۔
سعودی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق وزارت داخلہ کے سرکاری ذرائع کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ گرفتار شدگان میں وزارت داخلہ کے 6 ملازمین شامل ہیں۔
رپورٹس کے مطابق زیر حراست افراد میں 28 سعودی، 5 شامی، دو ایتھوپین، اور دو یمنی شہری شامل ہیں، جو نشہ آور اشیا اور منشیات کے حصول اور اسمگلنگ میں ملوث پائے گئے۔
سعودی عرب: سنگین جرم میں دو غیر ملکیوں کو سزائے موت
اس کے علاوہ سعودی شہریوں میں وزارت دفاع اور وزارت نیشنل گارڈ کے دو، دو جبکہ وزارت داخلہ اور وزارت صحت کا ایک اہلکار شامل ہے۔
وزارت داخلہ کی جانب سے حراست میں لئے گئے افراد کو ضروری قانونی کارروائی کے بعد پبلک پراسیکوشن کے حوالے کردیا گیا ہے۔
بیان کے مطابق سکیورٹی ایجنسیاں منشیات کے ذریعے مملکت اور اس کے نوجوانوں کو ہدف بنانے کی تمام مجرمانہ سازشوں کے خلاف چوکس ہیں۔