Tag: جہاز سے آف لوڈ کرنے کا کیس

  • جہاز سے آف لوڈ کرنے پر ایف آئی اے حکام کو طالبعلم کو ٹکٹ کے پیسے ادا کرنے کا حکم

    جہاز سے آف لوڈ کرنے پر ایف آئی اے حکام کو طالبعلم کو ٹکٹ کے پیسے ادا کرنے کا حکم

    کراچی : سندھ ہائی کورٹ نے طالبعلم کو جہاز سے آف لوڈ کرنے پر ایف آئی اے حکام پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ٹکٹ کے پیسے ادا کرنے کا حکم دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ ہائیکورٹ میں امیگریشن حکام کی جانب سے طالبعلم کو جہاز سے آف لوڈ کرنے کے کیس کی سماعت ہوئی۔

    عدالتی حکم پر ڈائریکٹر ایف آئی اے امیگریشن اورایڈیشنل اٹارنی جنرل پاکستان پیش ہوئے۔

    ایف آئی اے امیگریشن نے بتایا کہ درخواست گزار محمد فرقان کوغلطی کی وجہ سےآف لوڈ کیا گیا، جس پر عدالت کا کہنا تھا کہ کسی کو روکنا یہ کوئی عام غلطی نہیں ہے، ذمہ داروں کو خمیازہ بھگتنا پڑے گا۔

    وکیل درخواست گزار نے کہا کہ طالبعلم محمد فرقان کراچی سے وزٹ پر جاپان جارہا تھا، ایف آئی اے امیگریشن حکام نے درخواست گزار کو آف لوڈ کرنے کی وجہ بھی نہیں بتائی۔

    طالبعلم کو بیرون ملک سفر سے روکنے پر عدالت نے ایف آئی اے امیگریشن اور دیگر پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ غلطی کی ہے تو سزا بھگتنا ہوگی۔

    عدالت نے ایف آئی اے حکام کو ٹکٹ کے پیسے ادا کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ جو ٹکٹ ضائع ہوا اس کی رقم ایف آئی اے امیگریشن درخواست گزار کو سزا کے طور پر ادا کرے۔