Tag: جہاز

  • جہاز میں موت کو قریب دیکھ کر کلمہ پڑھ لیا تھا، سمیع خان

    جہاز میں موت کو قریب دیکھ کر کلمہ پڑھ لیا تھا، سمیع خان

    پاکستان شوبز انڈسٹری کے معروف اداکار سمیع خان نے اپنی زندگی کا سب سے خطرناک واقعہ بیان کیا جس میں انہوں نے موت کو بہت قریب سے دیکھا۔

    ایک نجی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے سمیع خان نے بتایا کہ ایک مرتبہ بذریعہ جہاز کراچی سے لاہور جا رہا تھا کہ اس دوران مجھ سمیت تمام مسافر مرنے سے بال بال بچ گئے۔

    انہوں نے بتایا کہ ماہ رمضان میں کراچی میں تھا اور عید کیلئے میں کراچی سے لاہور بذریعہ جہاز جارہا تھا اور جہاز میں میری ونڈو سیٹ نہیں بلکہ درمیان والی تھی۔

    سمیع خان نے بتایا کہ لاہور کا موسم بے حد خراب تھا وہاں طوفان آیا ہوا تھا، کھڑکی سے دکھائی سے رہا تھا کہ بارش ہو رہی ہے اور بجلی بھی خوب چمک رہی ہے اور ہمارا جہاز لینڈ کرنے کو تھا لیکن اچانک جہاز نے زور سے ہلنا شروع کردیا۔

    سمیع خان نے انکشاف کیا کہ اس ٹربلنس کو محسوس کرتے ہی میرے برابر میں بیٹھے شخص نے کھڑکی سے باہر دیکھا اور مجھے کہا کہ شاید جہاز کے ٹائر نہیں کھل رہے یہ سن کر میں نے کہا کہ تو پھر کلمہ پڑھ لیں۔

    انہوں نے بتایا کہ یہ دیکھ کر مجھے اچانک یاد آیا کہ ایک سال قبل کراچی میں بھی ایسا ہی حادثہ پیش آیا تھا اور اس وقت موسم بھی خراب نہیں تھا اور اس وقت تو موسم بھی خراب ہے۔ جہاز جس طرح اوپر جا رہا تھا تمام مسافر کلمہ پڑھ رہے تھے۔

    انہوں نے مزید بتایا کہ ہمیں وجہ نہیں بتائی گئی بس اعلان ہوا کہ لینڈ کرنا تھوڑا مشکل ہے اس لیے جہاز اسلام آباد لے جارہے ہیں۔

  • جہازوں سے پرندے ٹکرانے کے واقعات، روک تھام کے لیے اہم اقدام

    جہازوں سے پرندے ٹکرانے کے واقعات، روک تھام کے لیے اہم اقدام

    کراچی: جہازوں سے پرندے ٹکرانے کے واقعات کی روک تھام کے لیے متعلقہ حکام نے پرندوں کو متوجہ کرنے والے مقامات کا دورہ کیا اور تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق پرندوں کی نقل و حرکت کے حوالے سے ماحولیاتی کنٹرول کمیٹی کی میٹنگ ہوئی، ماحولیاتی کنٹرول کمیٹی کے فیصلوں کی روشنی میں ارکان نے ملیر کینٹ اور میمن گوٹھ کا دورہ کیا۔

    دورے میں اے پی ایم اور مینیجر ایئر سائیڈ کے ساتھ سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کے ارکان بھی شریک تھے۔

    دورے کے دوران پرندوں کی توجہ حاصل کرنے کے حامل اہم مقامات کی نشاندہی کی گئی، اس موقع پر پرندوں کے لیے ممکنہ پرکشش مقامات کا دورہ کیا گیا اور اس حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

    متعلقہ افراد کو ہدایت کی گئی کہ جہازوں سے پرندوں کے ٹکرانے کے خطرے کو کم کرنے میں کردار ادا کیا جائے۔

  • متحدہ عرب امارات کے جہازوں کا کراچی بندرگاہ کا دورہ

    متحدہ عرب امارات کے جہازوں کا کراچی بندرگاہ کا دورہ

    کراچی: متحدہ عرب امارات کے 2 جہازوں نے کراچی بندرگاہ کا دورہ کیا، ترجمان پاک بحریہ کا کہنا ہے کہ دورے کا مقصد دونوں بحری افواج کے مابین پیشہ وارانہ تعلقات کا فروغ تھا۔

    تفصیلات کے مطابق متحدہ عرب امارات کے جہازوں ابو دبی اور الفطیسی نے کراچی بندرگاہ کا دورہ کیا، بندرگاہ آمد پر پاک بحریہ کے اعلیٰ حکام اور عرب امارات کے سفارتی عملے نے جہاز کا استقبال کیا۔

    ترجمان پاک بحریہ کا کہنا ہے کہ دورے کا مقصد دونوں بحری افواج کے مابین پیشہ وارانہ تعلقات کا فروغ تھا۔

    ترجمان کے مطابق دورے کے اختتام پر دونوں بحری افواج کے مابین مشترکہ مشقوں کا انعقاد بھی کیا جائے گا، دورے سے خطے میں قیام امن کی کاوشوں کو مزید فروغ حاصل ہو گا۔

  • کیا 2 منٹ کی بھی کوئی پرواز ہوسکتی ہے؟

    کیا 2 منٹ کی بھی کوئی پرواز ہوسکتی ہے؟

    کیا آپ جانتے ہیں دنیا کی مختصر ترین پرواز کا دورانیہ کتنا ہے؟ آپ جان کر حیران ہوجائیں گے کہ دنیا میں ایک پرواز ایسی بھی ہے جس کا دورانیہ صرف 2 منٹ ہے۔

    بین الاقوامی ویب سائٹ کے مطابق دنیا کی مختصر ترین پرواز کا دورانیہ صرف 2 منٹ ہے اور اگر ہوا کا بہاؤ موزوں ہو تو یہ فاصلہ محض 47 سیکنڈز میں بھی طے کیا جاسکتا ہے۔

    یہ دنگ کردینے والا دورانیہ اسکاٹ لینڈ کے دو جزائر کے درمیان چلنے والی پرواز کا ہے جو اسکاٹ لینڈ کے جزیرے ویس ٹرے سے پاپا ویس ٹرے کے درمیان چلتی ہے۔

    یہ پرواز محض 1.7 میل کا فاصلہ طے کرتی ہے۔

    اس پرواز کو گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ نے بھی دنیا کی مختصر ترین کمرشل پرواز کے طور پر شامل کیا ہے۔

    اس روٹ پر اسکاٹ لینڈ کی فضائی کمپنی لوگن ایئر 1967 سے اپنی سروس فراہم کر رہی ہے جس سے لاکھوں افراد مستفید ہوچکے ہیں جس میں اسکول کے طالب علم، پولیس اہلکار سمیت ڈاکٹرز بھی شامل ہیں جو اپنے روزمرہ کے معمولات کے لیے اس میں سفر کرتے ہیں۔

    بنیادی طور پر یہ پرواز اورکنے سے شروع ہوتی ہے جس کے بعد یہ جزیرے ویس ٹرے پر کچھ دیر رکنے کے بعد پاپا ویس ٹرے جاتی ہے جبکہ روزانہ 2 سے 3 پروازیں اس روٹ پر آپریٹ ہوتی ہیں۔

  • کراچی کے ساحل پر پھنسے جہاز کو نکالنے کے لیے سنگاپور سے ماہرین آئیں گے

    کراچی کے ساحل پر پھنسے جہاز کو نکالنے کے لیے سنگاپور سے ماہرین آئیں گے

    کراچی: صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی کے ساحل پر پھنسے جہاز کو نکالنے کے لیے سنگاپور سے ماہرین کی ٹیم آج کراچی پہنچے گی۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے ساحل سمندر پر پھنسے جہاز کو نکالنے کے لیے سنگاپور سے وی میکس مرین پرائیوٹ لمیٹڈ سے ماہرین کی ٹیم آج کراچی پہنچ رہی ہے، ماہرین کی ٹیم منگل کو یعنی آج متعلقہ جگہ کا دورہ کرے گی۔

    بین الاقوامی ٹیم کے ہمراہ کراچی پورٹ ٹرسٹ (کے پی ٹی) حکام بھی مذکورہ جگہ جائیں گے، کے پی ٹی حکام پھنسے ہوئے جہاز کو نکالنے کے حوالے سے اپنی رپورٹ دیں گے۔

    وزارت میری ٹائم نے جہاز نکالنے کے لیے 15 اگست کا وقت دیا ہے، واقعے کی ابتدائی رپورٹ بھی آج جاری کی جائے گی۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ جہاز سے نکالے گئے عملے کے انٹرویوز کا کام بھی شروع کردیا گیا ہے، عملے کے جو ارکان جہاز سے تبدیل کیے گئے تھے سب کو بلا کر انٹرویو کیا جارہا ہے۔

    یاد رہے کہ ہانگ کانگ سے ترکی جانے والا جہاز 18 جولائی کو کراچی ہاربر پہنچا تھا، کے پی ٹی نے جہاز کو ہاربر پر لگنے کی اجازت نہیں دی تھی۔ مذکورہ جہاز راں کمپنی کا ایک اور جہاز پہلے سے ہاربر پر موجود تھا۔

    کے پی ٹی ذرائع کے مطابق ہینگ ٹونگ کو دوسرے جہاز سے عملہ تبدیل کرنا تھا، کے پی ٹی نے عملے کی تبدیلی کا عمل کھلے سمندر میں کرنے کی ہدایت کی تاہم ہدایات کی خلاف ورزی کی گئی جس کے باعث جہاز تیز موجوں سے بہہ کر کلفٹن کے ساحل پر پھنس گیا تھا۔

  • کراچی: ریت میں پھنسے جہاز کو نکالنے کے لیے بڑی ٹگ بوٹ منگوالی گئی

    کراچی: ریت میں پھنسے جہاز کو نکالنے کے لیے بڑی ٹگ بوٹ منگوالی گئی

    کراچی: صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی کے ساحل پر ریت میں پھنسے جہاز کو نکالنے کے لیے بڑی ٹگ بوٹ منگوالی گئی، جہاز سے تیل کے ممکنہ رساؤ کو روکنے کے لیے انسداد آلودگی بند لگا دیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے ساحل پر ریت میں پھنسنے والے جہاز سے تیل کے ممکنہ رساؤ کو روکنے کے لیے انسداد آلودگی بند لگا دیا گیا، بھاری مشینری کے پی ٹی کے شعبہ میرین پلوشن کنٹرول نے نصب کی ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ ہینگ ٹونگ 77 میں 118 ٹن بنکر آئل موجود ہے، سمندر میں موجیں جہاز کو نقصان پہنچا سکتی ہیں۔ موجوں کی وجہ سے جہاز کے ٹوٹنے کا بھی اندیشہ ہے۔

    یاد رہے کہ ہانگ کانگ سے ترکی جانے والا جہاز 18 جولائی کو کراچی ہاربر پہنچا تھا، کے پی ٹی نے جہاز کو ہاربر پر لگنے کی اجازت نہیں دی تھی۔ مذکورہ جہاز راں کمپنی کا ایک اور جہاز پہلے سے ہاربر پر موجود تھا۔

    کے پی ٹی ذرائع کے مطابق ہینگ ٹونگ کو دوسرے جہاز سے عملہ تبدیل کرنا تھا، کے پی ٹی نے عملے کی تبدیلی کا عمل کھلے سمندر میں کرنے کی ہدایت کی تاہم ہدایات ی خلاف ورزی کی گئی جس کے باعث جہاز تیز موجوں سے بہہ کر کلفٹن کے ساحل پر پھنس گیا تھا۔

    دوسری جانب جہاز کو نکالنے کے لیے مالک نے بڑی ٹگ بوٹ منگوالی ہے، ٹگ بوٹ متحدہ عرب امارات سے منگوائی گئی ہے جو آج دوپہر پہنچے گی۔ ٹگ بوٹ اور کے پی ٹی عملہ مشترکہ آپریشن سے جہاز کو نکالنے کی کوشش کریں گے۔

    جہاز کے مالک کو ریسکیو آپریشن سے پہلے تیل نکالنے کی ہدایت کی گئی ہے، میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی اور متعلقہ ادارے جہاز کی نگرانی کے لیے ساحل پر موجود ہیں۔

  • دوران پرواز خاتون کی جہاز کا دروازہ کھولنے کی کوشش

    دوران پرواز خاتون کی جہاز کا دروازہ کھولنے کی کوشش

    امریکا میں ایک طیارے کی پرواز پر اس وقت ہنگامی صورتحال پیدا ہوگئی جب ایک مسافر خاتون نے طیارے کا دروازہ کھولنے کی کوشش شروع کردی، طیارے کے عملے نے خاتون کو ٹیپ کی مدد سے سیٹ سے باندھ دیا۔

    امریکی میڈیا کے مطابق واقعہ امریکن ایئر لائنز کی ٹیکسس سے نارتھ کیرولینا جانے والی پرواز میں پیش آیا۔ فلائٹ 3 گھنٹے تاخیر کا شکار تھی جس کی وجہ سے مسافر پہلے ہی پریشانی میں مبتلا تھے۔

    دوران پرواز ایک خاتون مسافر اچانک اپنی جگہ سے اٹھیں اور ہیجانی کیفیت میں طیارے کا دروازہ کھولنا شروع کردیا۔ عملے نے انہیں منع کرنے کی کوشش کی تو انہوں نے عملے کے افراد کے بازوؤں پر نوچا اور دانتوں سے کاٹا۔

    خاتون اس دوران چلاتی رہیں کہ جہاز کا دروازہ کھولا جائے انہیں باہر جانا ہے، عملے نے کسی طرح ان پر قابو پایا اور ڈکٹ ٹیپ کی مدد سے انہیں سیٹ سے باندھ دیا۔

    خاتون طیارے کے منزل پر پہنچنے تک اسی طرح بندھی ہوئی رہیں، طیارہ لینڈ کر جانے کے بعد خاتون کو کھول دیا گیا۔

  • امریکا: ماسک کے جھگڑے پر حاملہ خاتون کو جہاز سے اتار دیا گیا

    امریکا: ماسک کے جھگڑے پر حاملہ خاتون کو جہاز سے اتار دیا گیا

    واشنگٹن: امریکا میں ایک خاتون کو جہاز سے اس لیے بے دخل کردیا گیا کیونکہ انہوں نے 2 سالہ بیٹی کو کھانا کھلانے کے لیے اس کا ماسک اتار دیا تھا۔

    بین الاقوامی میڈیا کے مطابق امریکی ریاست نیو جرسی کے ایئرپورٹ سے اڑنے والی پرواز سے ایک حاملہ خاتون کو بچوں سمیت جہاز سے اتار دیا گیا۔

    جہاز کے عملے نے حاملہ خاتون کو اس کی کمسن بیٹی کی جانب سے فیس ماسک نہ پہننے پر جہاز سے اتار دیا جو نیو جرسی سے اپنے گھر فلوریڈا جا رہی تھی۔

    خاتون جہاز کے عملے سے درخواست کرتی رہی کہ وہ بیٹی کو دہی کھلا کر ماسک پہنا دے گی تاہم عملے نے ان کی ایک نہ سنی اور سات ماہ کی حاملہ خاتون کو اس کے 2 کمسن بچوں سمیت جہاز سے بے دخل کر دیا۔

    بعد ازاں متاثرہ خاتون نے ایک امریکی چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے بتایا کہ انہیں صرف اس لیے جہاز سے اتارا گیا کیونکہ ان کی 2 سالہ بیٹی نے ماسک نہیں پہنا تھا۔

    خاتون نے بتایا کہ میرے ساتھ میرا 7 سالہ بیٹا بھی موجود تھا جسے خاص توجہ کی ضرورت رہتی ہے کیونکہ زیادہ دیر تک منہ ڈھانپنے سے اسے دورے پڑ سکتے ہیں۔

    سوشل میڈیا پر متاثرہ خاتون کی ویڈیو بھی گردش کر رہی ہے جس میں واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے کہ جہاز کا عملہ خاتون کو اس وقت جہاز سے نکلنے پر مجبور کر رہا ہے جب وہ اپنی بیٹی کو گود میں بٹھا کر کھانا کھلانے میں مصروف ہے۔

    اس موقع پر جہاز میں موجود دیگر مسافروں نے بھی عملے سے بحث کی اور کہا کہ کھانا کھا کر بچی ماسک پہن لے گی لیکن عملے نے ایک نہ سنی اور خاتون کو باہر نکال کر ہی دم لیا۔

  • زیر آب اور فضا میں مار کرنے والے ہتھیاروں سے لیس جہاز کی تعمیر کا آغاز

    زیر آب اور فضا میں مار کرنے والے ہتھیاروں سے لیس جہاز کی تعمیر کا آغاز

    کراچی: پاک بحریہ کے لیے ملجم کلاس کارویٹ جہاز کی تعمیر کا آغاز ہوگیا، جہاز سطح آب، زیر آب اور فضا میں مار کرنے والے ہتھیاروں اور سینسرز سے لیس ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ترجمان پاک بحریہ کا کہنا ہے کہ پاک بحریہ کے لیے ملجم کلاس کارویٹ جہاز کی تعمیر کا آغاز ہوگیا۔ تعمیر کے آغاز کی تقریب کراچی شپ یارڈ میں منعقد ہوئی۔

    ترجمان پاک بحریہ کے مطابق ترکی کے وزیر برائے قومی دفاع تقریب کے مہمان خصوصی تھے، وزیر برائے دفاعی پیداوار زبیدہ جلال اور نیول چیف ایڈمرل امجد نیازی بھی تقریب میں شریک تھے۔

    ترکی کے وزیر برائے قومی دفاع کا کہنا تھا کہ بہترین کوالٹی، کم لاگت اور انتہائی کم مدت میں جہاز کی تعمیر اہم کامیابی ہوگی۔ منصوبہ پاکستان اور ترکی کے دفاعی تعلقات کو مزید فروغ دے گا۔

    وزیر برائے دفاعی پیداوار زبیدہ جلال نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی سے آراستہ بحری جہاز کی مقامی سطح پر تعمیر خوش آئند ہے، منصوبے سے جہاز سازی کی صنعت اور صلاحیتوں میں اضافہ ہوگا۔

    ترجمان کے مطابق جہاز سطح آب، زیر آب اور فضا میں مار کرنے والے ہتھیاروں اور سینسرز سے لیس ہے۔

    ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ جہاز کی تعمیر سنہ 2024 میں مکمل ہو جائے گی، جہاز کی بیڑے میں شمولیت سے امن و استحکام کو فروغ حاصل ہوگا۔

  • سفری پابندیوں کے باجود جہاز کا سفر ممکن، مگر کیسے؟

    سفری پابندیوں کے باجود جہاز کا سفر ممکن، مگر کیسے؟

    کرونا وائرس نے جہاں دنیا کے تمام شعبوں کو متاثر کیا ہے وہیں سیاحت بھی اس سے بری طرح متاثر ہوئی ہے، باقاعدگی سے سفر اور سیاحت کرنے والے بے حد پریشان ہیں، ایسے ہی افراد کے لیے تھائی لینڈ میں انوکھا اقدام کیا گیا ہے۔

    دنیا بھر میں کرونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے لگائی گئی سفری پابندیاں ابھی مکمل طور پر ختم نہیں ہوئی ہیں۔ ایسے میں لوگوں کو ہوائی سفر کا تجربہ دینے کے لیے تھائی لینڈ میں جہاز کے اندر کیفے بنایا گیا ہے۔

    کیفے تھائی لینڈ کے شہر پٹایا میں کھڑے ایک کمرشل جہاز کے اندر بنایا گیا ہے جس میں جہاز کے فرسٹ کلاس کیبن جیسی بیٹھنے کی سہولیات موجود ہیں۔

    جہاز میں بنے کیفے میں جانے والے کچھ افراد کاک پٹ کا بھی دورہ کرتے ہیں۔

    تھائی لینڈ کی معیشت کا انحصار سیاحت پر ہے جسے کرونا وائرس کی وجہ سے کافی نقصان ہوا ہے۔

    چین کے بعد تھائی لینڈ ہی وہ پہلا ملک تھا جہاں کرونا وائرس کے پہلے مریض کی تشخیص ہوئی تھی تاہم اب تک ملک میں بہت کم کیسز سامنے آئے ہیں، جن کی تعداد 3 ہزار 400 ہے۔

    ملک میں اب تک کرونا وائرس سے ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد 58 ہے۔ تھائی لینڈ کی حکومت ان ممالک کے ساتھ سفری پابندیاں ختم کرنے پر غور کر رہی ہے جہاں وائرس کے کیسز کی تعداد کم ہے۔