Tag: جہانگیر ترین

  • وزیراعظم عمران خان نے جہانگیر ترین کو خصوصی ٹاسک سونپ دیا

    وزیراعظم عمران خان نے جہانگیر ترین کو خصوصی ٹاسک سونپ دیا

    اسلام آباد: وفاقی حکومت نے اتحادی جماعتوں کے ساتھ اعتماد سازی کا عمل تیز کرنے کا فیصلہ کرلیا ، اس سلسلے میں وزیراعظم عمران خان نے جہانگیر ترین کو خصوصی ٹاسک سونپ دیا ہے جبکہ کراچی میں وفاقی ترقیاتی منصوبوں میں تیزی لانےکی ہدایت بھی کی۔

    تفصیلات کے مطابق ملکی سیاسی صورتحال میں اتحادی جماعتوں کا اہم کردار ہے، وزیراعظم عمران خان نے اتحادی جماعتوں کےساتھ اعتمادسازی کاعمل تیز کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے جہانگیرترین کوخصوصی ٹاسک سونپ دیا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ جہانگیرترین کی سربراہی میں وفداتحادیوں سےرابطوں میں تسلسل رکھےگا، ایم کیو ایم،ق لیگ،جی ڈی اےاوربی این پی مینگل سے رابطوں میں تیزی آئے گی، جہانگیرترین، شاہ زین بگٹی اوربلوچستان میں اتحادیوں سے بھی ملاقات کریں گے۔

    حکومت نے اتحادیوں کووفاقی ترقیاتی منصوبوں کےمشاورتی عمل میں شامل کرنے کا فیصلہ کیا ہے ، ذرائع کا کہنا ہے کہ سندھ میں وفاق کے نئےترقیاتی منصوبوں میں اتحادیوں کواعتمادمیں لیاجائے گا جبکہ وزیراعظم نے کراچی میں وفاقی ترقیاتی منصوبوں میں تیزی لانےکی ہدایت کی ہے۔

    ذرائع کے مطابق وفاقی ترقیاتی منصوبے اتحادیوں کی مشاورت سے تشکیل دیے جائیں گے ، پی ٹی آئی کراچی ارکان قومی اسمبلی کےتجویزمنصوبوں کو بھی شامل کیا جائے گا۔

    حکومت نے کراچی کے لیے100نئےآراوپلانٹس کےمنصوبےپر بھی غورشروع کر دیا گیا ہے جبکہ 10 موبائل میڈیکل یونٹس بھی وفاق کی جانب سے بنائے جائیں گے۔

  • حکومتی رابطہ کمیٹی کا ایم کیو ایم پاکستان کی قیادت سے ملاقات کا فیصلہ

    حکومتی رابطہ کمیٹی کا ایم کیو ایم پاکستان کی قیادت سے ملاقات کا فیصلہ

    اسلام آباد: حکومتی رابطہ کمیٹی نے ایم کیو ایم پاکستان کی قیادت سے ملاقات کا فیصلہ کیا ہے، ذرایع کا کہنا ہے کہ حکومتی وفد وزیر اعظم عمران خان کی ہدایت پر رواں ہفتے ایم کیو ایم قیادت سے ملے گا۔

    تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی کے سینئر رہنما جہانگیر ترین خان کی قیادت میں حکومتی رابطہ کمیٹی کا وفد متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے رہنماؤں سے رواں ہفتے ملاقات کرے گا، وزیر اعظم نے ہدایت کی ہے کہ ایم کیو ایم قیادت سے ملاقات کی جائے۔

    ذرایع کا کہنا ہے کہ اس ملاقات میں ایم کیو ایم کے تحفظات اور سیاسی صورت حال پر بات ہوگی، ایم کیوایم کے فنڈز، بلدیاتی اختیارات کی واپسی اور دیگر امور پر بھی بات ہوگی، جب کہ اتحادیوں میں ورکنگ ریلیشن شپ سمیت تحریری معاہدے پر غور ہوگا۔

    ایم کیو ایم پاکستان نے حکومت گرانے کی بلاول کی پیشکش مسترد کردی

    خیال رہے کہ گزشتہ روز پی پی چیئرمین بلاول بھٹو نے ایم کیو ایم کو سندھ حکومت میں شمولیت کی مشروط پیش کش کی تھی، انھوں نے کہا تھا کہ ایم کیو ایم پاکستان تحریک انصاف سے اتحاد ختم کرے اور حکومت گرانے میں پیپلز پارٹی کا ساتھ دے۔

    تاہم ایم کیو ایم پاکستان نے چیئرمین پیپلز پارٹی کی حکومت گرانے کی پیش کش مسترد کرتے ہوئے جواب دیا کہ وفاقی حکومت سے اتحاد کراچی کے مفاد کی خاطر کیا گیا ہے، وزارتوں کے لیے نہیں، اگرچہ وفاقی حکومت کی ڈیڑھ سالہ کارکردگی سے مطمئن نہیں ہیں، لیکن حکومت سے علیحدگی کا فیصلہ کسی کی خواہش پر نہیں کریں گے۔

  • جہانگیر ترین نے میئر کراچی کو خوشخبری سنادی

    جہانگیر ترین نے میئر کراچی کو خوشخبری سنادی

    کراچی: پی ٹی آئی کے سینئر رہنما جہانگیر ترین نے میئر کراچی وسیم اختر کو خوشخبری سنادی۔

    تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی اور ایم کیو ایم رہنماؤں کے اعزاز میں گورنر ہاؤس میں ظہرانہ دیا گیا، گورنر سندھ کے ظہرانے میں جہانگیر ترین، پرویز خٹک، عمر ایوب، کنور نوید، فیصل سبزواری، وسیم اختر، خواجہ اظہار ودیگرنے شرکت کی۔

     ظہرانے کے بعد ایم کیو ایم، تحریک انصاف رہنماؤں کے درمیان ملاقات ہوئی، ملاقات میں صوبے کے مسائل، بلدیاتی اختیارات کے معاملات، تحریری معاہدے پر عملدرآمد اور فنڈز کے معاملات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ ایم کیو ایم نے کراچی پیکیج، نئی اسکیموں کا افتتاح اور فنڈز کے اجرا کا مطالبہ دہرایا، کنور نوید جمیل کا کہنا تھا کہ کراچی سمیت شہری سندھ میں ترقیاتی کاموں کی رفتار انتہائی سست ہے۔

    مزید پڑھیں: ایسا لگتا ہے بھکاری کی طرح کراچی کا شیئر مانگ رہے ہیں، وسیم اختر

    فیصل سبزواری کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومت بالکل ساتھ نہیں دے رہی، وفاقی حکومت ترقیاتی منصوبوں کو جلد پورا کرے۔

    میئر کراچی وسیم اختر نے شکوہ کیا کہ کراچی کے لیے 25، حیدرآباد کے لیے 5 ارب کا فنڈز تاحال نہیں ملا، بلدیاتی اختیارات کی واپسی پر کوئی اقدامات نہیں ہوئے ہیں۔

    وسیم اختر کا کہنا تھا کہ اگر یہی اختیارات رہے تو الیکشن کی ضرورت نہیں، بغیر اختیارات کے کراچی نہیں چل سکتا۔

    پی ٹی آئی سینئر رہنما جہانگیر ترین نے ایم کیو ایم کے مطالبات، تحفظات جلد دور کرنے کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ بجٹ میں جو رقم رکھی گئی ہے جلد جاری ہوگی۔

    تحریک انصاف کے سینئر رہنما جہانگیر ترین نے کہا کہ کراچی کے لیے 8 ارب کے بعد دوسری قسط بھی جلد ملے گی۔

  • مشرف کے خلاف تفصیلی فیصلہ دیکھ کر حیرانی اور دکھ ہوا: جہانگیر ترین

    مشرف کے خلاف تفصیلی فیصلہ دیکھ کر حیرانی اور دکھ ہوا: جہانگیر ترین

    لاہور: پاکستان تحریک انصاف کے رہنما جہانگیر ترین کا کہنا ہے کہ مشرف کے خلاف تفصیلی فیصلہ دیکھ کر حیرانی اور بہت دکھ ہوا، صوبہ بنانے کا وعدہ جلد پورا کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے رہنما جہانگیر ترین کا کہنا ہے کہ مشرف کے خلاف فیصلے میں جج صاحب کو اس طرح کے الفاظ استعمال نہیں کرنے چاہئیں، تفصیلی فیصلہ دیکھ کر حیرانی اور بہت دکھ ہوا۔

    جہانگیر ترین کا کہنا تھا کہ اٹارنی جنرل اور وکلا کی مشاورت سے اپیل کا فیصلہ ہوگا، صوبہ بنانے کا وعدہ جلد پورا کریں گے۔ آئین میں سخت شرائط ہیں۔ جنوبی پنجاب صوبے کے لیے سیاسی طور پر کوششیں کر رہے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ گزشتہ حکومتوں نے ملک پر قرضے چڑھا دیے، جو فصل آج ہم کاٹ رہے ہیں وہ بوئی کسی اور نے تھی۔ جنہوں نے یہ فصل بوئی وہ آج پاکستان سے بھاگ رہے ہیں۔

    جہانگیر ترین کا کہنا تھا کہ جنہوں نے غریب عوام کا پیسہ لوٹا انہیں نہیں چھوڑیں گے۔

    تحریک انصاف رہنما نے مزید کہا کہ ہم نہیں چاہتے کہ ریاستی اداروں میں ٹکراؤ ہو، مشرف کے تفصیلی فیصلے پر پوری قوم کو بہت دکھ ہوا ہے۔ یہ عدالتی فیصلہ ہے اس سے زیادہ ہم کچھ نہیں کہہ سکتے۔

  • مریم نواز کے مائنس ہونے کا وقت آگیا ہے، جہانگیر ترین

    مریم نواز کے مائنس ہونے کا وقت آگیا ہے، جہانگیر ترین

    لاہور: تحریک انصاف کے مرکزی رہنما جہانگیر ترین نے کہا ہے کہ مائنس عمران خان کوئی سوچ نہیں سکتا جب کہ مریم نواز کے مائنس ہونے کا وقت آگیا ہے۔

    لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے جہانگیر ترین نے کہا کہ نواز شریف کی تیمارداری کیلئےان کےبیٹے موجود ہیں اور جن پرکیسزہیں وہ خودکوبچانےملک سےباہرجارہےہیں، اس لیے یہی کہہ سکتے ہیں کہ مریم نواز کے مائنس ہونےکاوقت آگیاہے۔

    انہوں نے کہا کہ مائنس عمران خان کوئی سوچ نہیں سکتا اور نہ ایساممکن ہے کیونکہ پی ٹی آئی عمران خان کی وجہ سے ہی ہے۔

    جہانگیر ترین کا کہنا تھا کہ پچھلے 10سال کرپشن ہوئی اور اب ہم معیشت کو سنبھالا دےرہےہیں، معیشت کابیڑہ غرق کرنیوالےپی پی اورمسلم لیگ ن ہیں پچھلے 10سال انہوں نےجو بویاہے وہ کاٹناہمیں پڑرہاہے۔

    پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ پارلیمنٹ سپریم ہے قانون سازی کا اختیار رکھتی ہے اس لیے وقت آئے گا تو اپوزیشن سےمل بیٹھ کرقانون منظور کرائیں گے۔

    اتحادیوں کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ اخترمینگل سے آج صبح بات ہوئی ہے مل بیٹھ کر مسائل حل کریں گے چوہدری برادران سےبھی میری ملاقات ہوئی ہے ان کو کوئی ایسی ریزرویشن نہیں ہے۔

  • جہانگیر ترین نے بھی مراد سعید کی کارکردگی کی تعریف کر دی

    جہانگیر ترین نے بھی مراد سعید کی کارکردگی کی تعریف کر دی

    اسلام آباد: پی ٹی آئی رہنما جہانگیر ترین نے بھی وفاقی وزیر مراد سعید کی کارکردگی کی تعریف کر دی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق جہانگیر ترین نے ٹویٹ کرتے ہوئے کہا ہے کہ نیشنل ہائی وے اتھارٹی (این ایچ اے) میں اصلاحات کے لیے مراد سعید نے زبردست محنت کی ہے، جس کی وجہ سے ادارے کی آمدن میں رواں سال 62 فی صد سے زائد اضافہ ہوا۔

    جہانگیر ترین نے ٹویٹ میں لکھا کہ کرپشن کے خلاف مہم سے 11 اعشاریہ 7 ارب وصولی کی گئی، ادارہ جاتی اخراجات کم کر کے 24 کروڑ روپے بچائے گئے، نتائج مراد سعید اور ان کی ٹیم کی محنت کا منہ بولتا ثبوت ہیں۔

    پی ٹی آئی رہنما نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ کے ذریعے وفاقی وزیر مراد سعید اور ان کی ٹیم کو کام یابی پر مبارک باد بھی پیش کی۔

    یہ بھی پڑھیں:  وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید نے بڑی کامیابی حاصل کرلی

    یاد رہے کہ گزشتہ روز وزارت مواصلات نے 15 مہینے کی کارکردگی رپورٹ جاری کی تھی جس میں کہا گیا تھا کہ وزارت مواصلات کے ریونیو میں 24 ارب 42 کروڑ کا اضافہ ہوا ہے، جب کہ بڑے منصوبوں میں خورد برد کے 11 ارب 90 کروڑ روپے وصول کیے گئے، اسے وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید کی بڑی کام یابی قرار دیا گیا۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق ادارے نے قومی خزانے پر انحصار کی بجائے اپنے بزنس پروگرام کا آغاز بھی کر دیا ہے جب کہ پاکستان کے سب سے بڑے پبلک پرائویٹ پارٹنر شپ منصوبے کے آغاز کا بھی اعلان کیا جا چکا ہے۔

  • جہانگیر ترین نے وزیر اعظم کے استعفے کا سوال پھر مسترد کر دیا

    جہانگیر ترین نے وزیر اعظم کے استعفے کا سوال پھر مسترد کر دیا

    اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما جہانگیر ترین نے ایک بار پھر وزیر اعظم عمران خان کے استعفے کا سوال مسترد کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق جہانگیر ترین سے ایک صحافی نے سوال کیا کہ کیا وزیر اعظم عمران خان مستعفی ہوں گے، انھوں نے جواب دیتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم کے استعفیٰ دینے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔

    پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ وزیر اعظم کے استعفے کی بات کہیں ہوئی اور نہ ہوگی، حکومت آزادی مارچ سے پریشان نہیں، مولانا کا یہ جمہوری حق ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  یقین سے نہیں کہہ سکتے کہ عمران خان استعفیٰ دیں گے، مولانا فضل الرحمان

    خیال رہے کہ وزیر اعظم عمران خان بھی اپوزیشن پر واضح کر چکے ہیں کہ وہ احتجاجی جلسے یا مارچ کرنا چاہیں تو کریں لیکن استعفیٰ نہیں دیں گے، استعفے کا سوال ہی نہیں پیدا ہوتا۔ ادھر مولانا فضل الرحمان نے کل کہا تھا کہ وہ یقین سے نہیں کہہ سکتے کہ عمران خان استعفیٰ دیں گے، اس سے قبل بلاول بھٹو دعویٰ کر چکے ہیں کہ وزیر اعظم استعفے دینے والے ہیں۔

    مولانا فضل الرحمان کا آزادی مارچ آج شہر اقتدار میں داخل ہوگا، ایچ نائن سیکٹر میں سو ایکڑ کے میدان پر تیاریاں بھی آخری مراحل میں ہیں۔

    آزادی مارچ اس وقت پنجاب میں رواں دواں ہے، حکومت کی جانب سے ریڈ زون میں داخلے کی کوشش پر طاقت کا استعمال کیا جا سکتا ہے، پولیس کے اضافی دستے تیار رکھنے کی بھی ہدایت جاری کی جا چکی ہے۔

  • سب اکٹھے ہو جائیں عمران خان مقابلہ کریں گے: جہانگیر ترین

    سب اکٹھے ہو جائیں عمران خان مقابلہ کریں گے: جہانگیر ترین

    پشاور: پاکستان تحریک انصاف کے رہنما جہانگیر ترین نے کہا ہے کہ مخالفین اکٹھے ہونے کی کوشش کر رہے ہیں، سب اکھٹے ہو جائیں عمران خان سب کا مقابلہ کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق جہانگیر ترین نے پشاور میں منعقدہ ایک تقریب سے خطاب میں کہا کہ بڑی پارٹیوں کے لیڈر پیسا بنانے سیاست میں آتے تھے، عمران خان نے آ کر لوٹ مار بند کر دی ہے۔

    جہانگیر ترین کا کہنا تھا مجھے پتا ہے مہنگائی کا مسئلہ ہے، تھوڑا صبر کرنے کی ضرورت ہے، چھ ماہ سے ایک سال میں حالات بدلنا شروع ہو جائیں گے، پھر پاکستان پائیدار ترقی کرے گا۔

    انھوں نے کہا ملک میں اوپر کی سطح پر معیشت میں استحکام آ رہا ہے، عمران خان نے اقتدار میں آتے ہی نئے پروجیکٹس پر کام شروع کر دیا جس سے ملک آگے بڑھے گا اور لوگوں میں خوش حالی آئے گی۔

    ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ لوگوں کو پیسا دینے کی بجائے انھیں خود مختار بنانے کی ضرورت ہے، وزیر اعظم نے یہ کام شروع کیا، لوگ اگر مرغی اور چوزے پالیں تو معیشت بہتر ہو سکتی ہے۔

    تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ کے پی محمود خان نے کہا کہ حالات نہ بگاڑے جائیں، پانچ سال انتظار کریں، اگلے چار سال پی ٹی آئی کے ہیں جو ہم ضرور گزاریں گے۔

    قبل ازیں، وزیر اعلیٰ خیبر پختون خوا محمود خان نے صوبے میں وزیر اعظم کے اقدام برائے دیہی گھریلو مرغ بانی پروگرام کا باضابطہ افتتاح کیا، بتایا گیا کہ یہ پروگرام نیشنل ایگریکلچرل ایمرجنسی پروگرام کا حصہ ہے جس کے تحت آیندہ چار سالوں میں صوبے میں 10 لاکھ مرغیاں تقسیم کی جائیں گی۔

  • آئیں سب مل کر وزیر اعظم کا شان دار استقبال کریں: جہانگیر ترین کا ٹویٹ

    آئیں سب مل کر وزیر اعظم کا شان دار استقبال کریں: جہانگیر ترین کا ٹویٹ

    اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما جہانگیر ترین نے ٹویٹ کے ذریعے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان نے دلیرانہ انداز میں کشمیر کا مقدمہ لڑا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کی امریکا سے وطن واپسی پر جہانگیر ترین نے ٹویٹ کرتے ہوئے کہا ہے وزیر اعظم کام یاب دورۂ امریکا کے بعد کل اسلام آباد پہنچ رہے ہیں۔

    جہانگیر ترین نے کہا کہ آئیں ہم سب مل کر وزیر اعظم کا وطن واپسی پر شان دار استقبال کریں۔

    ٹویٹ میں انھوں نے لکھا کہ اقوام متحدہ میں وزیر اعظم کی تقریر نے عالمی سطح پر پاکستان کا تشخص بدل کر رکھ دیا۔

    واضح رہے کہ وزیر اعظم عمران خان نیویارک سے وطن واپسی کے لیے روانہ ہو چکے ہیں، وہ جدہ ایئرپورٹ پر اتریں گے، جہاں وہ تین گھنٹے قیام کریں گے، اور ان کا رائل ٹرمینل پر استقبال ہوگا۔

    یہ بھی پڑھیں:  وزیر اعظم عمران خان کا یو این جنرل اسمبلی سے خطاب

    وزیر اعظم نے اقوام متحدہ میں مقبوضہ کشمیر کا مقدمہ شان دار طریقے سے لڑ کر دنیا کو باور کرا دیا ہے کہ بھارت جموں و کشمیر میں لوگوں پر بے پناہ مظالم ڈھا رہا ہے اور دنیا کو اس صورت حال میں فوری ایکشن لینا چاہیے۔

    کشمیریوں کے مؤقف کی درست ترجمانی کرنے، گزشتہ روز اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں وزیر اعظم عمران خان کے خطاب پر مقبوضہ کشمیر میں جشن بھی منایا گیا۔

  • وفاقی حکومت کا ڈیجیٹل پیمنٹ سسٹم متعارف کروانے کا فیصلہ

    وفاقی حکومت کا ڈیجیٹل پیمنٹ سسٹم متعارف کروانے کا فیصلہ

    اسلام آباد: وفاقی حکومت نے ملکی معیشت سے متعلق ایک اور بڑا فیصلہ کرتے ہوئے ڈیجیٹل پیمنٹ سسٹم متعارف کروانے کا فیصلہ کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق معیشت کو ڈیجیٹلائز کرنے کے لیے ڈیجیٹل پیمنٹ سسٹم متعارف کروانے پر غور شروع کردیا گیا ہے۔ ا س سلسلے میں وزیر اعظم عمران خان نے ڈیجٹیل پیمنٹ سسٹم کی منظوری دے دی۔

    سنگاپور میں گوگل کمپنی کی سینئر ایگزیکٹو سے معاملات طے پاگئے ہیں، گوگل سے وابستہ پاکستانی خاتون حکومتی اداروں کی ڈیجیٹلائزیشن پر آمادہ ہیں۔

    پاکستان تحریک انصاف کے رہنما جہانگیر ترین کا کہنا ہے کہ مذکورہ ایگزیکٹو نے گوگل کو خیر آباد کہہ دیا ہے اور جلد پاکستان آرہی ہیں۔

    جہانگیر ترین کا کہنا ہے کہ خاتون وزیر اعظم آفس سے ڈیجیٹلائزیشن سسٹم کی سربراہی کریں گی، وزیر اعظم آفس میں اسٹریٹجک ریفارمز یونٹ قائم کر دیا گیا ہے۔ پروفیشنل ٹیم ریفارمز پر عملدرآمد اور ڈیٹا بیس کو مانیٹر کرے گی۔

    انہوں نے کہا کہ کاروبار کے لیے رقوم کی ادائیگی کا نظام ڈیجیٹلائز اور آسان کریں گے، ڈیجیٹل پیمنٹ سسٹم ٹھیک نہ کیا تو ہم کچھ نہیں کر سکیں گے۔

    جہانگیر ترین کا مزید کہنا تھا کہ ڈیجیٹلائزیشن کا خیال وزیر اعظم عمران خان کا تھا، گورنر اسٹیٹ بینک سمیت اہم اداروں کو اعتماد میں لیا گیا ہے۔