Tag: جہلم

  • جہلم میں سلنڈر دھماکے سے ہوٹل زمیں بوس، متعدد افراد دب گئے، 7 جاں‌ بحق

    جہلم میں سلنڈر دھماکے سے ہوٹل زمیں بوس، متعدد افراد دب گئے، 7 جاں‌ بحق

    جہلم: پنجاب کے شہر جہلم میں سلنڈر دھماکے سے ہوٹل زمیں بوس ہو گیا، حادثے 7 افراد جاں بحق اور 14 زخمی ہو گئے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق جہلم میں داڑھیاں کے قریب جی ٹی روڈ پر ایک ہوٹل میں سلنڈر دھماکے سے پھٹ گیا، ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ 2 منزلہ عمارت ایک دہشت ناک دھماکے سے منہدم ہوئی، اور 20 سے زائد افراد ملبے تلے دب گئے۔

    حادثے میں 17 افراد کو ریسکیو کر کے زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا، ملبے تلے دبے افراد کو نکالنے کا عمل بدستور جاری ہے، اور ملبے کو بھاری مشینری کے ذریعے ہٹایا جا رہا ہے، جب کہ ہلاکتیں بڑھنے کا خدشہ بھی ہے۔

    ترجمان پنجاب پولیس کا کہنا ہے کہ آئی جی پنجاب نے ڈی پی او جہلم کو ریسکیو اینڈ ریلیف سرگرمیوں میں مکمل معاونت کی ہدایت کی ہے، نیز ریسکیو ٹیموں کے ہمراہ پولیس کی جانب سے بھی امدادی سرگرمیاں جاری ہیں۔

  • نکاح رجسٹرار رشوت لیتے رنگے ہاتھوں گرفتار

    نکاح رجسٹرار رشوت لیتے رنگے ہاتھوں گرفتار

    جہلم: پنجاب کے شہر جہلم میں ایک نکاح رجسٹرار کو رشوت لیتے رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق اینٹی کرپشن حکام نے جہلم میں رشوت لیتے ہوئے نکاح رجسٹرار کو رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا ہے۔

    حکام کا کہنا ہے کہ گرفتار نکاح رجسٹرار سے اینٹی کرپشن عملے نے نشان زدہ نوٹ بھی برآمد کر لیے۔

    ذرائع کے مطابق ایک شہری نے اپنے بھائی کے غیر شادی شدہ ہونے کے سرٹیفکیٹ کی تصدیق کرانی تھی، جب وہ رجسٹرار کے پاس گیا تو اس نے تصدیق کے لیے رشوت طلب کی۔

    شہری کے پاس موجود نوٹ پہلے سے نشان زد کر دیے گئے تھے، رشوت وصولی کے بعد نکاح رجسٹرار نے سرٹیفکیٹ کی تصدیق کرا دی۔

    بعد ازاں، اینٹی کرپشن حکام نے چھاپا مار کر نکاح رجسٹرار کے قبضے سے نشان زدہ نوٹ برآمد کر لیے، اور رجسٹرار کو گرفتار کر لیا۔

  • موجودہ حکومت نے 16 رب روپے کا بڑا پراجیکٹ روک دیا: فواد چوہدری

    موجودہ حکومت نے 16 رب روپے کا بڑا پراجیکٹ روک دیا: فواد چوہدری

    لاہور: سابق وفاقی وزیر اور پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ پنڈ دادن خان اور جہلم میں 16 ارب روپے کا بڑا پراجیکٹ موجودہ حکومت نے روک دیا، منصوبے پر ساڑھے 3 سے 4 ارب روپے کے فنڈ لگ چکے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری نے لاہور ہائیکورٹ راولپنڈی بینچ میں پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنڈ دادن خان اور جہلم میں 16 ارب روپے کا بڑا پراجیکٹ موجودہ حکومت نے روک دیا، منصوبہ اس سال میں کچھ حد تک مکمل ہو جانا تھا۔

    فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ منصوبے پر ساڑھے 3 سے 4 ارب کے جاری فنڈ لگ چکے ہیں، ظلم ہے حکومت ختم ہوتے ہی موجودہ حکومت نےمنصوبے پر کام روک دیا۔ ہمارے منظور شدہ فنڈز اپنے منصوبوں پر منتقل کر رہے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ ظلم کی انتہا ہے کہ آپ لوگوں کو مصیبت اور مشکلات میں ڈال دیں، امید ہے ہائیکورٹ سے اس معاملے پر ہماری شنوائی ہوگی۔

    فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن ضمنی الیکشن میں کوئی سیٹ نہیں لے سکتی، ملک کی مقبول ترین جماعت تحریک انصاف ہے۔

  • جہلم میں خوفناک حادثہ، کئی افراد جاں بحق

    جہلم میں خوفناک حادثہ، کئی افراد جاں بحق

    جہلم: صوبہ پنجاب کے ضلع جہلم میں ڈمپر اور مسافر وین کے درمیان ٹکر ہوئی ہے، حادثے میں آٹھ افراد جاں بحق جبکہ پانچ زخمی ہوگئے ہیں۔

    ریسکیوذرائع کے مطابق واقعہ جہلم کے نواحی علاقے غریب وال میں پیش آیا، وین سیمنٹ فیکٹری کے قریب سے مسافروں کو لےکر نواحی گاؤں جارہی تھی کہ پہاڑی موڑ پر کراسنگ کے دوران بے قابو ڈمپر وین سےٹکرایا گئی۔

    حادثے میں آٹھ افراد جاں بحق جبکہ پانچ زخمی ہوئے، واقعے کے بعد امدادی ٹیموں نے جائے حادثے پر پہنچ کر لاشوں اور زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا، واقعے کے بعد ٹریفک کی روانی کو بحال کرنے کے لئے امدادی کارروائی جاری ہے۔دوسری جانب وفاقی وزیر برائے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے غریب وال کے قریب حادثےمیں آٹھ افراد کی اموات پراظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ ٹریفک حادثےمیں جاں بحق افراد کو جوار رحمت میں جگہ عطا فرمائے۔

    فوادچوہدری نے بتایا کہ حادثے میں جاں بحق ہونے والے مرد اور خواتین مزدور تھے، فیکٹری مالکان اور پنجاب حکومت متاثرہ خاندانوں کی مدد کریں۔

  • وفاقی وزیر فواد چوہدری کا اپنے حلقے کا دورہ، بارش سے نقصانات پر دکھ کا اظہار

    وفاقی وزیر فواد چوہدری کا اپنے حلقے کا دورہ، بارش سے نقصانات پر دکھ کا اظہار

    جہلم: وفاقی وزیر فواد چوہدری نے اپنے حلقے کا دورہ کیا اور بارش سے ہونے والے نقصانات پر دکھ کا اظہار کیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے جہلم میں اپنے حلقے کا تفصیلی دورہ کیا، انھوں نے حالیہ بارش سے علاقے میں نقصانات کا جائزہ لیا اور کندوال میں نقصانات پر گہرے دکھ کا اظہار کیا۔

    فواد چوہدری نے کہا کہ کراچی میں بارشوں سے ہونے والے تباہی پر میڈیا میں بات ہو رہی ہے مگر ملک کے دیگر دور افتادہ علاقوں کا کوئی ذکر نہیں ہے۔

    وفاقی وزیر کا کہنا تھا حالیہ بارشوں سے پنڈدادن خان تحصیل میں بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی، کندوال میں 100 کے قریب گھر بارشوں سے تباہ ہوئے، وزیر اعلیٰ پنجاب پنڈدادن خان کا تفصیلی دورہ کر کے اپنا کردار ادا کریں۔

    انھوں نے مطالبہ کیا کہ پنجاب حکومت ریلیف اور بحالی کے کاموں کا جلد آغاز کرے، ہم مستقبل میں برساتی نالے کا رخ تبدیل کرنے کے لیے حفاظتی بند تعمیر کریں گے، تحصیل پنڈدادن خان میں لوگوں کو سہولتیں فراہم کرنے کے لیے ہم کوشاں ہیں۔

    اس موقع پر فواد چوہدری نے اے پی سی سے متعلق بھی بات کی، انھوں نے کہا اپوزیشن کی آل پارٹیز کانفرنس سے حکومت کو کوئی مسئلہ نہیں، دراصل فضل الرحمان صاحب نے حلوہ زیادہ بنا لیا اور لوگ کم تھے، تو انھوں نے باقیوں کو بھی ساتھ ملا لیا، اس لیے یہ ساری حلوہ پارٹی ہے۔

    انھوں نے کہا یہ لوگ آئیں گے، بیٹھیں گے اور چلے جائیں گے، اور اے پی سی ختم ہو جائے گی، ہم نے اپنی توانائیاں مثبت کاموں پر صرف کرنی ہیں۔

  • بھارت کی جانب سے چھوڑا گیا سیلابی ریلا پاکستان پہنچ گیا

    بھارت کی جانب سے چھوڑا گیا سیلابی ریلا پاکستان پہنچ گیا

    لاہور: بھارت کی جانب سے چھوڑا گیا سیلابی ریلا پاکستان پہنچ گیا، منگلا ڈیم کے مقام پر پانی کی آمد ایک لاکھ 70 ہزار کیوسک ہے۔

    تفصیلات کے مطابق بھارت کی جانب سے چھوڑا گیا سیلابی ریلا پاکستان آمد کے بعد منگلا ڈیم سے پانی کا اخراج ایک لاکھ کیوسک کر دیا گیا ہے۔

    دوپہر کے وقت منگلا ڈیم پر پانی کی آمد 3 لاکھ 20 ہزار کیوسک تھی، ایک روز قبل منگلا ڈیم میں پانی کی آمد صرف 31 ہزار کیوسک تھی، دریائے چناب میں بھی پانی کے بہاؤ میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔

    فلڈ فارکاسٹنگ ڈویژن کے مطابق ہیڈ مرالہ کے مقام پر پانی کی آمد 1 لاکھ 60 ہزار کیوسک ہے جب کہ اخراج 98 ہزار کیوسک ہے، اور پانی کا بہاؤ ایک لاکھ 40 ہزار ہے۔

    ادھر دریائے جہلم میں ممکنہ سیلاب کے پیش نظر ہائی الرٹ جاری کر دی گئی ہے، حکام کا کہنا ہے کہ پانی کے بہاؤمیں کمی نہ ہوئی تو جہلم، منڈی بہاؤالدین متاثر ہو سکتے ہیں۔

    حکام کے مطابق پانی کے بہاؤ سے خوشاب، سرگودھا اور جھنگ کے اضلاع بھی متاثر ہو سکتے ہیں، حکومت نے متعلقہ اداروں کو ہدایت جاری کر دی ہے کہ دریا کنارے آبادیوں کو محفوظ مقام پر منتقل کیا جائے۔

  • بیٹے نے ماں اور 4 بہن بھائیوں کو قتل کردیا

    بیٹے نے ماں اور 4 بہن بھائیوں کو قتل کردیا

    جہلم: پنجاب کے شہر جہلم میں سوتیلے بیٹے نے جائیداد کی لالچ میں ماں اور 4 بہن بھائیوں کو قتل کردیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق صوبہ پنجاب کے شہر جہلم میں بدبخت سوتیلے بیٹے نے جائیداد کی لالچ میں ماں اور 4 بہن بھائیوں کو قتل کردیا، ملزم صداقت واردات کے بعد فرار ہوگیا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ مقتولین میرپور سے گھر آرہے تھے ملزم صداقت نے بڈھار کے مقام پر فائرنگ کرکے پانچوں افراد کو قتل کیا۔

    نمائندہ اے آر وائی نیوز کے مطابق ماں بیٹوں کی لاشوں کو ضابطے کی کارروائی کے لیے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

    جاں بحق بچوں کے والد کا کہنا ہے کہ میرے خاندان کو میرے بیٹے نے مارا ہے اور قتل کرانے والا میرا چھوٹا بھائی، میرا بھتیجا،میری بڑی بیٹی ہے ان لوگوں نے قتل کرایا ہے۔

    مزید پڑھیں: سفاک بیٹے نے ماں اور اپنے بھائی کو موت کے گھاٹ اتار دیا، باپ شدید زخمی

    واضح رہے کہ نومبر 2018 میں لاہور میں سفاک بیٹے نے باپ کی قبر پر بلا کر سوتیلی ماں اور دو بہنوں کو فائرنگ کرکے قتل کردیا تھا، تیسری بہن بھاگ کر جان بچانے میں کامیاب ہوگئی تھی۔

    پولیس کا کہنا تھا کہ ملک اصغر عرف بلو کو بھی چند دن پہلے قتل کردیا گیا تھا، اس کی دیگر دو بیویاں قتل کےالزام میں گرفتار ہیں، ملک اصغر عرف بلو علاقے کی سیاسی شخصیت تھا۔

    پولیس کا کہنا تھا کہ ملک اصغر عرف بلو نے چھ شادیاں کر رکھی تھیں، تہرے قتل کی واردات بھی خاندانی جھگڑا اور جائیداد کی ملکیت کا شاخسانہ ہوسکتا ہے۔

  • جہلم، 15 سال کی لڑکی سے چلتی گاڑی میں زیادتی، ڈرائیور گرفتار

    جہلم، 15 سال کی لڑکی سے چلتی گاڑی میں زیادتی، ڈرائیور گرفتار

    جہلم: صوبہ پنجاب کے شہر جہلم میں 15 سال کی لڑکی کو چلتی گاڑی میں زیادتی کا نشانہ بنادیا گیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق صوبہ پنجاب کے شہر جہلم میں 15 سالہ لڑکی کو چلتی گاڑی میں زیادتی کا نشانہ بنانے والے ڈرائیور کو گرفتار کرلیا گیا۔

    ڈی پی او جہلم کا کہنا ہے کہ میری اور ایس پی انویسٹی گیشن کی طالبہ اور والدہ سے ملاقات ہوئی ہے، ابتدائی بیان ریکارڈ کراتے ہوئے طالبہ کا کہنا تھا کہ مدرسے سے آتے ہوئے زیادتی کا نشانہ بنایا گیا۔

    حماد عابد کے مطابق طالبہ تلہ گنگ میں مدرسے سے آرہی تھی، دینہ اسٹاپ پر گاڑی میں تنہا رہ گئی تھی اسے ڈرائیور نے اپنی ہوس کا نشانہ بنایا۔

    پولیس کے مطابق ریسکیو اہلکاروں کو طالبہ بے ہوشی کی حالت میں ملی تھی، سواریوں سے تصدیق کرنے کے بعد معلوم ہوا ہے کہ گاڑی میں کنڈیکٹر موجود نہیں تھا۔

    ڈی پی او جہلم حماد عابد نے اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ طالبہ کا طبی معائنہ اور سیمپلز پی ایف ایس اے لاہور بھجوائے جاچکے ہیں، طالبہ کی والدہ کی مدعیت میں مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔

  • جہلم میں زلزلے کے جھٹکے

    جہلم میں زلزلے کے جھٹکے

    جہلم: صوبہ پنجاب کے شہر جہلم میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے، لوگ خوفزدہ ہو کر کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے گھروں سے باہر نکل آئے۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ پنجاب کے شہر جہلم اور گرد و نواح میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے، زلزلے کی شدت 2.9 ریکارڈ کی گئی۔ زلزلے کا مرکز شہر سے جنوب کی جانب 9 کلو میٹر کے فاصلے پر تھا۔

    ڈپٹی ڈائریکٹر پی ڈی ایم اے کے مطابق زلزلے کی گہرائی 12 کلو میٹر تھی، تاجکستان اور جہلم میں ایک ہی ٹائم پر زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے، تاجکستان میں محسوس کیے جانے والے زلزلے کی شدت 5.8 ریکارڈ کی گئی۔

    زلزلے کے بعد لوگ خوفزدہ ہو کر کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے گھروں سے باہر نکل آئے۔ زلزلے میں کسی قسم کا جانی یا مالی نقصان رپورٹ نہیں کیا گیا۔

    خیال رہے کہ چند روز قبل بھی سوات سمیت متعدد بالائی علاقوں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے تھے جن میں دیر بالا، وادی نیلم اور گرد و نواح کے علاقے شامل تھے۔

    زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کی شدت 4.7 تھی، زلزلے کا مرکز چلاس سے 58 کلو میٹر دور اور گہرائی 15 کلو میٹر تھی۔

  • پرانے سسٹم سے پیسہ بنانے والے مافیا کے لیے 2020 مشکل سال ہوگا، وزیراعظم

    پرانے سسٹم سے پیسہ بنانے والے مافیا کے لیے 2020 مشکل سال ہوگا، وزیراعظم

    جہلم: وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ پرانے سسٹم سے پیسہ بنانے والے مافیا کے لیے 2020 مشکل سال ہوگا، 2020 میں عوام کو بہتر تبدیلی نظر آئے گی۔

    تفصیلات کے مطابق جہلم میں جلالپورایری گیشن کینال منصوبے کے سنگ بنیاد کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ آج میں اس علاقے کو اپنا علاقہ کہتا ہوں، یہاں سے میانوالی تک میرا علاقہ ہے۔

    وزیراعظم نے کہا کہ اس منصوبے سے جہلم ،پنڈدادن خان کی تقدیر بدل جائے گی، منصوبہ شروع کرنے پر وزیراعلیٰ پنجاب کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں، ایسے منصوبے سے لوگوں کی تقدیریں بدلی جاتی ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ میانوالی پہلے ریگستان تھا، نہر آئی اس کے بعد علاقہ بدل گیا، ضلع جہلم میں پینے کے پانی کا بہت بڑا مسئلہ ہے، 117 کلو میٹرطویل نہر پونے 2 لاکھ ایکڑ زمین کو زرخیز کرے گی۔

    وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ ہم نے ایک سال بڑی مشکل میں گزارا ہے، دونوں حکومت نے 10سال میں باریاں کیں، 4 گنا قرضہ بڑھایا، ہم نے جو پہلے سال ٹیکس اکٹھا کیا اس کا آدھا قرضوں کے سود میں چلا گیا۔

    انہوں نے کہا کہ ہماری لیڈر شپ پیسہ چوری کرکے باہر بھیجتی رہی، 30 فیصد روپے کی قدر کم ہوئی تو باہر سے آنے والی چیزیں بھی مہنگی ہوگئی، 10 سال میں جو ظلم ہوا قوم کو اس کا خمیازہ مہنگائی کی صورت میں دیکھنا پڑا، اب معیشت سنبھل رہی ہے، باہر سے سرمایہ کاری آ رہی ہے۔

    وزیراعظم پاکستان نے کہا کہ 2019 میں ہم نے معیشت کو مستحکم کیا، انشا اللہ 2020 ہماری ترقی اور روزگار کی فراہمی کا سال ہوگا، 2020 سال میں ملک ترقی کرے اور خوشحالی آئے گی۔

    انہوں نے کہا کہ تبدیلی اور اصلاحات کرنا چاہتے ہیں تو راستے میں مافیا کھڑا ہوتا ہے، کرپٹ نظام سے فائدہ اٹھانے والا مافیا ہر جگہ ہوتا ہے، مافیا ایف بی آر ، سرکاری محکموں سمیت ہر جگہ پر موجود ہے۔

    وزیراعظم نے کہا کہ کرپٹ مافیا اخباروں میں بھی بیٹھا ہے، کئی ایسے اخباری صحافی ہیں جو پرانے نظام سے فائدہ اٹھا رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ پرانے نظام کے تحت ایک کسٹم کلیکٹر ماہانہ 70کروڑ روپے کما رہا تھا۔

    وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ ہماری حکومت آئی تو قوم سے کہا گھبرانا نہیں ہے مشکل وقت سے گزرنا ہوگا، جب اصلاحات کرتے ہیں تو مشکل بھی ہوتی ہے، جب ایک گھر مقروض ہو تو تھوڑی دیر کے لیے مشکل وقت سے گزرنا پڑتا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ چین نے ساڑھے400 وزیر کرپشن پر جیلوں میں ڈالے، امریکا میں 30 سال بعد بھی کرپٹ لوگوں کو پکڑا جاتا ہے، جب تک کرپشن ختم نہیں ہوتی معاشرہ آگے نہیں جاسکتا۔

    وزیراعظم پاکستان نے کہا کہ کرپشن ختم نہیں ہوتی تو ادارے تباہ اور منی لانڈرنگ ہوتی ہے، ہم کرپٹ لوگوں کے پیچھے ہیں کسی سے ذاتی دشمنی نہیں، ہم اپنے ملک کو آگے بڑھتے دیکھناچاہتے ہیں۔