Tag: جیب کترے

  • کراچی  میں شہریوں کا جیب کترے پر بدترین تشدد ، پیٹرول ڈال کر جلانے کی کوشش

    کراچی میں شہریوں کا جیب کترے پر بدترین تشدد ، پیٹرول ڈال کر جلانے کی کوشش

    کراچی: شہریوں نے بس میں جیب کترے کو پکڑ کر بدترین تشدد کا نشانہ بنایا جبکہ مشتعل افراد نے چور کو جلانے کی بھی کوشش کی تاہم پولیس نے چور کو چھڑا کر تھانے منتقل کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے گلستان جوہر میں مبینہ جیب کترا عوام کے ہتھے چڑھ گیا، مشتعل عوام نے مبینہ چور پر بدترین تشدد کیا اور جیب کترے پر پیٹرول ڈال کر جلانے کی کوشش کی۔

    شہری مبینہ جیب کترے پر پیٹرول بھی ڈالتے رہے اور تشدد بھی کرتے رہے تاہم اطلاع ملتے ہی پولیس کی نفری موقع پر پہنچ گئی، پولیس نے بمشکل عوام کے چنگل سے جیب کترے کو چھڑایا۔

    پولیس مبینہ ملزم کو موبائل میں ڈال کر شارع فیصل روانہ ہوگئی، پولیس زرائع نے بتایا کہ شہریوں نے بس میں جیب کترے کو پکڑا ،عوام کی جانب سے بدترین تشدد کا نشانہ بنایا جا رہا تھا اور موٹر سائیکل کا پیٹرول نکال کر جلانے کی کوشش بھی کی۔

    پولیس کا کہنا تھا کہ عوام کے چنگل سے ملزم کو نکال کر اس کی جان بچائی ہے، موبائل میں چور کو تھانے منتقل کر رہے ہیں۔

  • ویڈیو: ڈیوٹی افسر نے کم عمر جیب کترے کو آفس میں زنجیر سے باندھ دیا

    ویڈیو: ڈیوٹی افسر نے کم عمر جیب کترے کو آفس میں زنجیر سے باندھ دیا

    کراچی: شہر قائد کے علاقے تھانہ سپر مارکیٹ میں ایک جیب کترے کو زنجیر سے باندھنے کی ویڈیو سامنے آ گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے ایک اور تھانے میں متنازع معاملہ سامنے آ گیا، تھانہ سپرمارکیٹ میں کم عمر جیب کترے کو زنجیر سے باندھنے کی ویڈیو سامنے آ گئی ہے، جس میں غیر انسانی طریقے سے لڑکے کو زنجیر سے بندھا زمین پر پڑا دیکھا جا سکتا ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ جیب کترے کو تاجروں نے پکڑ کر پولیس کے حوالے کیا تھا، ڈیوٹی افسر نے ملزم کو لاک اپ کرنے کی بجائے آفس میں ہی باندھ دیا۔

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ تھانے میں ملزم سے بدسلوکی کا علم ہوا ہے جس کی تحقیقات کی جا رہی ہے، غفلت برتنے والے پولیس افسر کو معطل کر دیا گیا ہے۔

    بعد ازاں، پولیس حکام کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ مارکیٹ ایسوسی ایشن کے نمائندوں نے جیب کترے کو پکڑ کر پولیس کے حوالے کیا تھا، بچے کی عمر کم ہونے کی وجہ سے اسے لاک اپ میں بند نہیں کیا گیا، جب کہ تھانے کے لاک اپ میں جرائم پیشہ ملزمان پہلے ہی موجود تھے۔

    پولیس حکام کے مطابق بچے کی عمر کم ہونے کی وجہ سے والدین کو تھانے میں طلب کیا گیا، اور بچے کے والدین کی معافی کے بعد بچے کو چھوڑ دیا گیا، مارکیٹ کے نمائندے بھی بچے پر مقدمہ درج کرانا نہیں چاہتے تھے، تاہم بچے کو زنجیر سے باندھنے پر متعلقہ افسران سے پوچھ گچھ جاری ہے۔