کیپ ٹاؤن: پاکستان اور جنوبی افریقا کے درمیان کھیلے جانے والے پانچویں ون ڈے میچ میں جنوبی افریقا نے پاکستان کو 7 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز اپنے نام کرلی، ڈی کوک میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے، امام الحق کو مین آف دی سیریز کا ایوارڈ دیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق پانچویں ون ڈے میچ میں پاکستان کی جانب سے دیا جانے والا 241 رنز کا ہدف جنوبی افریقا نے 40 اوورز میں باآسانی 3 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا اور سیریز میں 3-2 سے کامیابی حاصل کرلی۔
ہدف کے تعاقب میں جنوبی افریقا کی پہلی وکٹ 39 رنز پر گری جب ہاشم آملہ شاہین شاہ آفریدی کی گیند پر وکٹ کیپر رضوان کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔
جنوبی افریقا کے ڈی کوک ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوئے لیکن شنواری کی گیند نو بال ہونے کے سبب انہیں چانس ملا، چانس ملنے کے بعد کوئن ٹن ڈی کوک نے جارحانہ انداز اپنایا اور صرف 58 گیندوں پر 83 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، انہیں شنواری نے ہی حسن علی کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کرایا۔
ہینڈرکس کو محمد عامر نے آؤٹ کیا، وہ 34 رنز بناسکے، جنوبی افریقی کپتان فاف ڈوپلیسی اور وین در ڈوسن نے بالترتیب 50 اور 50 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔
پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی، عثمان شنواری اور محمد عامر ایک، ایک وکٹ حاصل کرسکے۔
قبل ازیں پاکستان اور جنوبی افریقا کے درمیان پانچویں اور آخری ون ڈے میچ میں پاکستان نے مقررہ اوورز میں 240 رنز بنائے اور جنوبی افریقا کو جیت کے لیے 241 رنز کا ہدف دے دیا، فخر زمان نے 70 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔
جنوبی افریقی کپتان فاف ڈوپلیسی نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تو امام الحق صرف 8 رنز بنا کر ڈیل اسٹین کی گیند پر آؤٹ ہوکر پویلین روانہ ہوگئے۔
قومی ٹیم کی دوسری وکٹ 64 رنز پر گری جب بابر اعظم 24 رنز بنا کر کلین بولڈ ہوگئے، محمد حفیظ 17 رنز بنا کر فلک کوائیو کی گیند پر ڈی کوک کو کیچ دے بیٹھے۔
فخر زمان نے 73 گیندوں پر 70 رنز کی اننگز کھیلی انہیں فلک کوائیو نے آؤٹ کیا، کپتان شعیب ملک 31 رنز پر رن آؤٹ ہوئے، وکٹ کیپر محمد رضوان 10 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔
لیگ اسپنر شاداب خان 19 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، فاسٹ بولر محمد عامر کو 6 رنز پر ربادا نے کلین بولڈ کیا، آل راؤنڈر عماد وسیم نے 47 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔
جنوبی افریقا کی جانب سے فلک کوائیو اور پیٹروئس نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں، ڈیل اسٹین، ملڈر اور ربادا کے حصے میں ایک، ایک وکٹ آئی۔
جنوبی افریقی کرکٹ ٹیم کے کپتان نے بتایا کہ ٹیم میں دو تبدیلیاں کی گئی ہیں۔
پاکستان کی قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان شعیب ملک کا کہنا ہے کہ پاکستانی ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی، وکٹ اچھی لگ رہی ہے۔
کپتان شعیب ملک کا کہنا ہے کہ جنوبی افریقہ کی ٹیم بڑا ہدف دے کر ٹیم کو دباؤ میں ڈال سکتی ہے۔
اسکواڈ پاکستانی ٹیم
قومی ٹیم محمد حفیظ، بابر اعظم، امام الحق، کپتان شعیب ملک، شاداب خان، فخر زمان، رضوان احمد، عثمان شنواری، محمد عامر، عماد وسیم اور شاہین آفریدی پر مشتمل ہے۔
جنوبی افریقا ٹیم اسکواڈ
دوسری جانب جنوبی افریقہ کی ٹیم میں کوئنٹن ڈی کوک، کپتان فاف ڈوپلیسی، ہاشم آملہ، ریزا ہینڈرک، ریسی وین دیر ڈیسن، اینڈلے فلکوایو، پی ڈبلیو اے مولڈر، ڈیل اسٹین، کگیسورا بادا، ڈی پریٹورئس، اور عمران طاہر پرمشتمل ہے۔
چوتھا ون ڈے، پاکستان نے جنوبی افریقا کو 8 وکٹوں سے شکست دے دی
یاد رہے کہ دو روز قبل پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان کھیلے جانے والے چوتھے ون ڈے میچ میں پاکستان نے جنوبی افریقا کو چوتھے ون ڈے میچ میں 8 وکٹوں سے شکست دی تھی، عثمان شنواری کو شاندار کارکردگی پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا تھا۔