Tag: جیت لیے

  • کینیا کے شہری نے دبئی میں 10 لاکھ امریکی ڈالر جیت لیے

    کینیا کے شہری نے دبئی میں 10 لاکھ امریکی ڈالر جیت لیے

    ابوظہبی : دبئی کے انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر لاٹری کا ٹکٹ خریدنے والے کینیا کے شہری نے دس لاکھ امریکی ڈالر (15کروڑ سے زائد پاکستانی روپے) انعام میں جیت لیے۔

    تفصیلات کے مطابق متحدہ عرب امارات کی ریاست دبئی کے عالمی ہوائی اڈے پر فروخت ہونے والے ڈیوٹی فری لاٹری ٹکٹ نے شہری کی قسمت تبدیل کردی، پاؤل ویچارا نامی افریقی نے منگل کے روز ہونے والی قرعہ اندازی میں ایک ملین امریکی ڈالر کی رقم اپنے نام کرلی۔

    اماراتی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ پاؤل ویچارا پہلے کینیا کے شہری ہیں جو دبئی ڈیوتی فری لاٹری کے ذریعے 10 لاکھ امریکی ڈالر جیتنے میں کامیاب ہوئے ہیں۔

    مقامی خبر رساں ادارےکے مطابق انعامی ٹکٹ تقسیم کرنے والے ادارے کی انتظامیہ خوش نصیب شہری تک رسائی حاصل نہیں پارہی ہے اور نہ ہی مذکورہ شخص کو علم ہے کہ وہ ایک ملین ڈالر کا مالک بن جاچکا ہے۔

    خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ ویچارا نے آن لائن ٹکٹ خریدا تھا جس کے باعث اس تک رسائی ممکن نہیں ہوپارہی ہے۔

    اماراتی میڈیا کے مطابق تین مزید خوش نصیب ہیں جنہوں نے لاٹری ٹکٹ کے ذرئعے بیش قیمتی گاڑیاں اپنے نام کی ہیں۔

    ملازمت کی غرض سے دبئی میں مقیم راملال سرگارا نے دبئی ڈیوٹی فری سے بینٹلی بینٹیگا وی 8 جیتی ہے جبکہ وریا راحیمی نے رینج روور اور سندُن سمیر انے انڈین اسکوٹ بوبر ابائیک اپنے نام کی ہے۔

    یاد رہے کہ دبئی ڈیوٹی فری ریفل ٹکٹ کے نام سے جانے والے اس ٹکٹ کی قیمت ایک ہزار درہم ہے جو کہ دبئی میں مقیم کسی بھی بھارتی یا پاکستانی کے لیے ایک بڑی رقم ہے۔

  • دبئی میں شامی شہری نے دس لاکھ امریکی ڈالر جیت لیے

    دبئی میں شامی شہری نے دس لاکھ امریکی ڈالر جیت لیے

    دبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر خانہ جنگی کا شکار ملک شام کے شہری نے دس لاکھ امریکی ڈالر (12 کروڑ سے زائد پاکستانی روپے) لاٹری میں جیت لیے۔

    تفصیلات کے مطابق روزگار کے لیے بیرون ملک مقیم شام کی کاروباری شخصیت نے دبئی انٹرنیشنل ایئر پورٹ کے ڈیوٹی فری لکی ڈرا سے خریدی گئے لاٹری ٹکٹ سے 10 لاکھ امریکی ڈالر کی انعامی رقم اپنے نام کرلی۔

    اماراتی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ قسمت بدلنے کا لاٹری ٹکٹ 40 سالہ اسماعیل نامی شامی تاجر نے چھٹیوں کےلیے شام جانے سے قبل 7 جنوری کو خریدا تھا۔

    مقامی میڈیا کا کہنا ہے کہ گزشتہ پانچ برسوں سے دبئی کے رہائشی شامی شہری اسماعیل پر دس لاکھ امریکی ڈالر جیتنے کی خبر سن کر بیک وقت تذبذب اور خوشی کے حالت طاری تھی۔

    اسماعیل نے اماراتی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’یہ میرا چھٹا لاٹری ٹکٹ ہے لیکن مجھے یقین نہیں تھا کہ میں اتنی بڑی رقم جیت پاؤں گا، یہ میرے لیے تعجب تھا‘۔

    دبئی ڈیوٹی فری لاٹری انتظامیہ کا کہنا تھا کہ سنہ 1999 سے شروع ہونے والی میلینئم میلینئر لاٹری میں دس لاکھ امریکی ڈالر جیتنے والا ساتواں شامی شہری ہے۔

    مزید پڑھیں : دبئی : اردن کے شہری نے 10 لاکھ امریکی ڈالر کی لاٹری جیت لی

    یاد رہے کہ دو ماہ قبل ملازمت کے سلسلے میں متحدہ عرب امارات کا سفر کرنے والے اردنی شہری نے 19 برس بعد دبئی کے عالمی ہوائی اڈے پر ڈیوٹی فری ملینیئر لاٹری سے 10 لاکھ امریکی ڈالر جیتے تھے۔

    اماراتی میڈیا کا کہنا ہے کہ 48 سالہ مروان طہٰ جب بھی دبئی کا سفر کرتا تھا ڈیوٹی فری ریفل لاٹری کا ٹکٹ خریدتا تھا اور سنہ 1999 سے اب تک 300 ٹکٹ خرید چکا تھا۔

  • دبئی : اردن کے شہری نے 10 لاکھ امریکی ڈالر کی لاٹری جیت لی

    دبئی : اردن کے شہری نے 10 لاکھ امریکی ڈالر کی لاٹری جیت لی

    دبئی: لاٹری ٹکٹ خریدنا ہر کسی کے لیے ممکن نہیں ہوتا لیکن جو اسے ممکن بنالے ، اس کے لیے کچھ بھی ناممکن نہیں رہتا، اردن کے شہری نے دبئی میں یو ایس ڈالر ملینیئر لاٹری جیت لی۔

    تفصیلات کے مطابق ملازمت کے سلسلے میں متحدہ عرب امارات کا سفر کرنے والے اردنی شہری نے 19 برس بعد دبئی کے عالمی ہوائی اڈے پر ڈیوٹی فری ملینیئر لاٹری جیت کر 10 لاکھ امریکی ڈالر اپنے نام کرلیے ہیں۔

    اماراتی میڈیا کا کہنا ہے کہ 48 سالہ مروان طہٰ جب بھی دبئی کا سفر اختیار کرتا ہے ڈیوٹی فری ریفل لاٹری کا ٹکٹ خریدتا ہے اور سنہ 1999 سے اب تک 300 ٹکٹ خرید چکا ہے۔

    مروان طہٰ کا کہنا ہے کہ میں گذشتہ 19 برسوں سے سیکڑوں ٹکٹ خرید چکا ہے اور اس مرتبہ بھی میں نے ڈیوٹی فری لاٹری کے 3 ٹکٹ خریدے تھے، میں شکر گزار ہوں کہ ایک ٹکٹ نے میری قسمت بدل دی۔

    اماراتی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ ڈیوٹی فری ملینئم ملینیئر لاٹری کا ٹکٹ خریدنا بھی مروان طہٰ کے سفر کا حصّہ بن چکا ہے، جس طرح کوئی دبئی ڈیوٹی فری سے شاپنگ کرتا ہے اسی طرح مذکورہ شخص ایک ہزار درہم کا لاٹری کا ٹکٹ خریدتا ہے۔

    مروان شہری کا کہنا ہے کہ میں ملینئم ملینیئر لاٹری میں شرکت کاموقع کھونا نہیں چاہتا، جب بھی دبئی کا سفر اختیار کروں گا ڈیوٹی فری لاٹری کا ٹکٹ خریدتا رہوں گا۔

    ان کا کہنا ہے کہ لاٹری کے ذریعے جیتی گئی دس لاکھ امریکی ڈالر کی رقم کا ایک حصّہ خیراتی ادارے کو چندے میں دے دوں گا جبکہ باقی کی رقم ذاتی سرمایہ داری میں خرچ کروں گا۔

    اماراتی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ مروان طہٰ نویں اردنی شہری ہیں جنہوں نے سنہ 1999 کے بعد اب تک لاٹری جیتی ہے۔

    یاد رہے کہ دبئی ڈیوٹی فری ریفل ٹکٹ کے نام سے جانے والے اس ٹکٹ کی قیمت ایک ہزار درہم ہے جوکہ دبئی میں مقیم کسی بھی پاکستانی کے لیے ایک بڑی رقم ہے۔

    مروان طہٰ ایک امید پر 19 برسوں میں اب تک کل 30 ہزار درہم اس لاٹری میں لگاچکے ہیں کہ اگر انعام نکل آیا تو ان کے تمام مسائل حل ہوجائیں گے۔

  • امریکی شہری نے لاٹری ٹکٹ سے 24 کروڑ 56 لاکھ ڈالر جیت لیے

    امریکی شہری نے لاٹری ٹکٹ سے 24 کروڑ 56 لاکھ ڈالر جیت لیے

    نیو یارک : امریکی شہری منگل نے اپنی ناقابل یقین قسمت کے باعث امریکا کی پاور بال نامی لاٹری کے ٹکٹ سے 24 کروڑ 56 لاکھ ڈالر کی خطیر رقم انعام میں جیت لی۔

    تفصیلات کے مطابق براعظم امریکا کے ملک متحدہ ہائے امریکا کے شہر نیویارک کے اسٹیٹن آئس لینڈ میں مقیم شہری 42 سالہ نندلال منگل پر قسمت کی دیوی ایسی مہربان ہوئی کہ اس نے ایک ہی دفعہ میں لاٹری ٹکٹ کے ذریعے کروڑوں ڈالر کی رقم جیت لی۔

    امریکی خبر رساں ادارے فوکس نیوز کا کہنا ہے کہ منگل نے 6 ڈالر خرچ کرکے 11 اگست 2018 کو لاٹری کا ٹکٹ خریدا تھا اور امریکی شہری اپنا ٹکٹ باورچی خانے میں رکھ کر بھول گیا اور شہر سے باہر چلا گیا۔

    کروڑوں ڈالر کی لاٹری جیتنے والے خوش نصیب امریکی شہری نے میڈیا کو بتایا کہ ’میں اپنا ٹکٹ کچن میں ہی بھول گیا تھا اور جب ایک ہفتے بعد میں نے ویب سائٹ چیک کی تو میں حیران رہ گیا کیونکہ میرا بمبر انعام نکلا تھا۔

    نند لال منگل کا کہنا تھا کہ میں نے گروسری کی دکان سے پاور بال جیکٹ پاٹ لاٹری کا ٹکٹ خریدا تھا، میں نے سوچا کہ اپنی قسمت آزمانے کا یہ اچھا موقع ہے۔

    امریکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ منگل کروڑوں ڈالر کی لاٹری جیتنے والے 91 ویں شخص جنہوں نے رواں برس 24 کروڑ 56 لاکھ امریکی ڈالر جیتے ہیں۔

    یاد رہے کہ رواں برس مئی میں کیلیفورنیا کے ایک رہائشی نے اپنی ناقابل یقین قسمت کے باعث 6 مہینوں 60 لاکھ امریکن ڈالر کی لاٹریاں جیتی تھیں، امریکی ریاست کیلیفورنیا کے رہائشی 30 سالہ شخص اینٹونیو مزاریگوز نے لاٹری کے چار ٹکٹ خریدے تھے۔