Tag: جیف بیزوس

  • جیف بیزوس کی مہنگی ترین شادی کیخلاف وینس میں احتجاج، وجہ کیا ہے؟

    جیف بیزوس کی مہنگی ترین شادی کیخلاف وینس میں احتجاج، وجہ کیا ہے؟

    دنیا کی امیر ترین شخصیات میں شامل جیف بیزوس اور لارین سانچیز کی شادی سے ایک روز قبل اٹلی میں عوامی احتجاج نے سب کو حیران کر دیا ہے۔

    اس وقت پوری دنیا کی نظریں ایمازون کے بانی اور معروف کاروباری شخصیت 61 سالہ چیف بیزوس اور ان کی گرل فرینڈ ایمی ایوارڈ یافتہ صحافی 55 سالہ لارین سانچیز کی شادی پر لگی ہیں، جو جمعہ 27 جون کو اٹلی وینس میں ہو رہی ہے اور اس میں شرکت کے لیے دولہا دلہن سمیت مہمان بھی وینس پہنچ چکے ہیں۔

    میڈیا رپورٹس کے مطابق اس شادی کو رواں سال کی مہنگی ترین اور پرتعیش شادی بھی کہا جا رہا ہے اور ایک اندازے کے مطابق اس شادی میں 56 ملین ڈالر (15 ارب روپے) سے زائد پیسہ لٹایا جائے گا۔

    جیف بیزوس کی شادی کی تین روزہ تقریبات کا آغاز آج (جمعرات) کی شب ہوگا۔ تاہم شادی کی مرکزی تقریب سے ایک روز قبل شادی کے مقام اٹلی وینس میں اس مشہور شادی کے خلاف لوگ سڑکوں پر نکل آئے اور احتجاج کیا۔

    برطانوی خبر رساں ادارے بی بی سی کے مطابق احتجاج کرنے والوں میں وینس کے دولت سے محروم لوگوں پر مشتمل فور بیزوس نامی گروپ سمیت دیگر کئی گروپس، سیاسی اور سماجی کارکن شامل ہیں۔

    کچھ لوگ اس پر تعیش شادی کے خلاف ہیں تو کسی کو شادی کی تقریبات کے لیے وینس شہر کے کئی مقامات کے بند ہونے پر اعتراض ہے۔

    اس احتجاج میں وہ گروپس بھی شامل ہیں جو وینس میں سیاحت کی زیادتی، ماحولیاتی آلودگی اور جیف بیزوس کی ڈونلڈ ٹرمپ کے لیے حمایت کے خلاف ہیں۔

    واضح رہے کہ یہ جیف بیزوس اور لارین سانچیز دونوں کی دوسری شادی ہے اور دونوں کے پہلی شادیوں سے مشترکہ طور پر سات بچے ہیں۔

    اطلاعات کے مطابق جیف بیزوس اور لورین سانچیز کی شادی کی تقریبات اٹلی کے مقامی وقت کے مطابق جمعرات کی رات میڈونا ڈیل اورتو کے قدیم چرچ میں شروع ہونی تھیں، جو کہ اپنی نائٹ لائف کے لیے مشہور علاقے کناریو میں واقع ہے۔

    وینس سٹی ہال نے بدھ کو اس حوالے سے ایک ہدایت نامے میں کہا تھا کہ اس علاقے کو بند کر دیا جائے تاکہ شادی میں شرکت کرنے والے مہمانوں اور گذشتہ کئی ہفتوں سے احتجاج کرنے والے مظاہرین کو علیحدہ رکھا جا سکے۔

    تاہم اس شادی کے شاہانہ اخراجات اور عوام کی زندگی پر پڑنے والے اس کے اثرات اور ان کے احتجاج کے باث منتظمین کو ان تقریبات کے مقامات بھی بدلنے پڑے ہیں۔

    جیف بیزوس اور لورین سانچیز کی شادی تقریبات کے شاہانہ اخراجات کی ایک جھلک:

    اطالوی میڈیا کے مطابق وینس میں تقریباً ہر لگژری ہوٹل اور واٹر ٹیکسیز کو شادی کی تقریبات کے لیے پیشگی بُک کر لیا گیا ہے۔

    پانچ ہوٹل مکمل طور پر بک ہو چکے ہیں اور اطلاعات ہیں کہ سابق امریکی میرینز سکیورٹی فراہم کریں گے۔
    وینس کے ایئرپورٹ پر پرائیویٹ جیٹ طیاروں کی آمد متوقع ہے جبکہ پرائیویٹ بحری جہاز بندرگاہ پر لنگر انداز ہوں گے۔

    وینیتو کی مقامی حکومت کے صدر لوکا زئیا کے مطابق اس شادی پر پانچ کروڑ پچاس لاکھ ڈالرز اخراجات آئیں گے۔

    اطلاعات کے مطابق اس شادی کی دنیا بھر سے 200 مشہور شخصیات کو مدعو کیا گیا ہے جو وینس پہنچ چکی ہیں۔ ان میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی بیٹی ایوانکا ٹرمپ اور داماد جیرڈ کشنر بھی شامل ہیں۔

  • جیف بیزوس اور لورین سانچیز کی مہنگی ترین اور تاریخی شادی کل ہوگی

    جیف بیزوس اور لورین سانچیز کی مہنگی ترین اور تاریخی شادی کل ہوگی

    ایمازون کے بانی اور بزنس مین 61 سالہ جیف بیزوس اور ان کی گرل فرینڈ ایمی ایوارڈ یافتہ صحافی 55 سالہ لارین سانچیز کل بروز جمعہ 27 جون کو اٹلی کے شہر وینس میں رشتہ ازدواج میں منسلک ہوں گے۔

    اس شادی کو صدی کی شاندار شادی تصور کیا جارہا ہے، شادی کے انتظامات کے علاوہ پیشے کے اعتبار سے رائٹر اور جرنلسٹ سانچیز کے اسٹائل اور فیشن سینس نے بھی خاص توجہ حاصل کی ہے۔

    اس شادی کو بگ ویڈنگ اس لیے بھی کہا جا رہا ہے کیونکہ اس میں دنیا بھر کی مشہور ترین شخصیات کو مدعو کیا گیا ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق جیف بیزوس اور لارین سانچیز اپنی شادی کے مقام یعنی وینس اٹلی پہنچ گئے، دونوں جیف بیزوس کی بوٹ میں وینس پہنچے۔

    جیف بیزوس اور لارین سانچیز

    رپورٹ کے مطابق اس شادی پر 56 ملین ڈالرز یعنی 15 ارب روپے سے زائد کے اخراجات آئیں گے۔ جیف بیزوس اور لارین سانچیز کی 3 روزہ شادی کی تقریبات کل (جمعرات کی) رات سے شروع ہوں گی۔

    شادی میں شرکت کے لیے صدر ٹرمپ کی بیٹی ایوانکا سمیت دنیا بھر سے وی آئی پی مہمانوں کی آمد کا سلسلہ جاری ہے۔

  • ایمیزون کے بانی جیف بیزوس سے متعلق کارٹون شائع نہ ہونے پر واشگنٹن پوسٹ کی کارٹونسٹ مستعفی

    ایمیزون کے بانی جیف بیزوس سے متعلق کارٹون شائع نہ ہونے پر واشگنٹن پوسٹ کی کارٹونسٹ مستعفی

    واشنگٹن: امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ کی ایوارڈ یافتہ سیاسی کارٹونسٹ این ٹیلنس مستعفی ہو گئیں۔

    تفصیلات کے مطابق ایمیزون کے بانی اور واشنگٹن پوسٹ کے مالک جیف بیزوس سے متعلق طنزیہ کارٹون شائع نہ ہونے پر واشگنٹن پوسٹ کی کارٹونسٹ این ٹیلنس مستعفی ہو گئیں۔

    کارٹونسٹ این ٹیلنس نے اخبار کے مالک امریکی ارب پتی تاجر جیف بیزوس کے کاروبار سے متعلق کارٹون شائع نہ ہونے پر احتجاجاً نوکری چھوڑی، اخبار نے کارٹون شائع کرنے سے انکار کر دیا تھا۔

    کارٹون میں جیف بیزوس کے ساتھ ساتھ فیس بک اور میٹا کے بانی مارک زکربرگ اور اوپن اے آئی کے مالک سیم آلٹ مین کو ٹرمپ کے سامنے گھٹنے ٹیکتے اور پیسوں کے تھیلے اٹھائے ہوئے دکھایا گیا تھا۔

    کارٹون میں مکی ماؤس کو بھی سجدے کی حالت میں دکھایا گیا ہے، ڈزنی کی ملکیت اے بی سی نیوز نے پچھلے مہینے ٹرمپ کے دائر کردہ ہتک عزت کے مقدمے کو حل کرنے کے لیے 15 ملین ڈالر ادا کرنے پر اتفاق کیا تھا۔

    کینیڈین وزیراعظم جسٹن ٹروڈو کا رواں ہفتے مستعفی ہونے کا امکان

    این ٹیلنس کا کہنا ہے کہ اس کے پچھلے کارٹون بھی مسترد کیے گئے تھے، لیکن یہ پہلی بار تھا کہ اس کے ”نقطہ نظر“ کی وجہ سے کارٹون نہ چھپا ہو، یہ گیم چینجراور آزاد صحافت کے لیے خطرہ ہے۔

    این ٹیلنس طویل عرصے سے واشنگٹن پوسٹ سے بہ طور کارٹونسٹ وابستہ رہی ہیں، اخبار کے ادارتی صفحے کے ایڈیٹر ڈیوڈ شپلی نے اپنا مؤقف پیش کرتے ہوئے کہا کہ اس نے کارٹون کو ’دہرائے جانے‘ سے بچنے کے لیے شائع نہ کرنے کا فیصلہ کیا، اس لیے نہیں کہ اس نے اخبار کے مالک کا مذاق اڑایا۔

  • جیف بیزوس نے منگنی کر لی

    جیف بیزوس نے منگنی کر لی

    ایمیزون کے بانی جیف بیزوس نے امریکی صحافی لورین سانچیز نے منگنی کر لی۔

    جیف بیزوس کے قریبی ذرائع نے غیر ملکی میڈیا کو بتایا کہ جیف بیزوس اور لورین سانچیز کی منگنی ہو گئی ہے، 59 سالہ جیف بیزوس اور 53 سالہ صحافی لورین نے جنوری 2019 میں اپنے تعلق کا اعلان کیا تھا۔

    دونوں کا تعلق اس وقت جڑا تھا جب بیزوس نے اپنی 25 سالہ شریک حیات کو طلاق دی تھی، اور لورین نے اپنی 13 سالہ شادی ختم کر دی تھی، پچھلے چند برسوں میں بیزوس اور لورین کو متعدد مواقع پر ایک ساتھ دیکھا گیا۔

    بیزوس اور لورین کب شادی کے بندھن میں بندھیں گے، اس حوالے سے ابھی کوئی تفصیلات سامنے نہیں آئی ہیں۔ جب سے دونوں میں تعلقات استوار ہوئے ہیں تب سے انھوں نے مختلف تقریبات میں تصویر کھنچوانے کے علاوہ اپنی نجی زندگی کی تفصیلات کی تشہیر نہیں ہونے دی۔

    2022 میں دونوں نے سی این این کو پہلا مشترکہ انٹرویو دیا تھا، جس میں انھوں نے بیزوف کی بے پناہ دولت کو خیراتی کاموں میں خرچ کرنے سے متعلق کھل کر گفتگو کی تھی۔

    بیزوس نے ایمی ایوارڈ یافتہ صحافی لورین سانچیز کے بارے میں کہا کہ وہ بہت زیادہ فیاض اور بڑے دل والی خاتون ہیں، اور یہ کہ وہ ان سے متاثر ہوئے ہیں۔

  • جیف بیزوس کی سپر کشتی لانے کے لیے ناقابل یقین کام کیا جائے گا

    جیف بیزوس کی سپر کشتی لانے کے لیے ناقابل یقین کام کیا جائے گا

    ایمازون کے بانی جیف بیزوس کی نئی سپر کشتی تکمیل کے قریب ہے، لیکن اسے اس کے مالک تک پہنچانے کے لیے ایک پل توڑنے کی ضرورت ہوگی، جو اس کے راستے کی بڑی رکاوٹ ہے۔

    جیف بیزوز امیر ترین افراد کی فہرست میں دوسرے نمبر پر ہیں انھوں نے اپنے لیے دنیا کی سب سے بڑی یاٹ یا کشتی تیار کروائی ہے، جو جلد ہی مکمل ہو جائے گی۔

    یہ کشتی 417 فٹ اونچی ہے، اس کا کوڈ نام Y721 ہے، جسے نیدرلینڈ کی کمپنی البلاسرڈیم نے بنایا ہے، اس کی مالیت 40 کروڑ برطانوی پاؤنڈز ہے، مگر یہ کشتی جہاں تیار کی جا رہی ہے وہاں سے اسے منتقل کرنے میں ایک تاریخی برج رکاوٹ بن رہا ہے، جسے کشتی گزارنے کے لیے توڑا جائے گا۔

    یہ کشتی سمندر تک تبھی پہنچ سکتی ہے جب اسے روٹرڈیم سے گزارا جائے، جہاں ڈی ہیف کے نام سے مشہور اسٹیل پل بنا ہوا ہے، یہ ایک لفٹ برج ہے، اسے توڑے یعنی کھولے بغیر بھی اسے ہوا میں 130 فٹ سے زیادہ بلند کیا جا سکتا ہے، لیکن یہ پھر بھی اتنا اونچا نہیں ہے کہ جیف بیزوس کی کشتی اس کے نیچے سے گزر سکے۔

    شپ یارڈ اور جیف بیزوز نے مقامی کونسل کو اس بات پر قائل کر لیا ہے کہ اس یاٹ کو گزارنے کے لیے پل کو پھر سے توڑا جائے، دراصل یہ پل 1927 میں تعمیر کیا گیا تھا جس کی تعمیر نو 2017 میں کی گئی ہے، اور اس وقت مقامی کونسل نے وعدہ کیا تھا کہ اسے دوبارہ نہیں توڑا جائے گا۔

    ڈچ میڈیا کے مطابق اس وعدے کو جیف بیزوز کی کشتی کے لیے توڑا جا رہا ہے، تاہم پل کے توڑنے اور دوبارہ جوڑنے کے اخراجات ایمازون کے بانی ادا کریں گے، خیال رہے کہ مقامی تاریخ دانوں اور شہریوں نے اس کی مخالفت کی ہے۔

  • کرونا وبا کے دوران ارب پتیوں کی دولت میں کتنا اضافہ ہوا؟

    کرونا وبا کے دوران ارب پتیوں کی دولت میں کتنا اضافہ ہوا؟

    نیروبی: دنیا سے غربت کے خاتمے پر مرتکز بین الاقوامی تنظیم آکسفیم نے کہا ہے کہ دسمبر 2021 تک امیر ترین افراد کی دولت 7 کھرب ڈالر سے بڑھ کر 15 کھرب ہوگئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق آکسفیم کنفیڈریشن نے ایک رپورٹ جاری کی ہے جس میں‌کہا گیا ہے کہ وبا کے گزشتہ 2 سال کے دوران دنیا کے 10 امیر ترین افراد کی دولت دُگنی ہو چکی ہے۔

    رپورٹ کے مطابق ایلون مسک، جیف بیزوس سمیت دنیا کے دس امیر ترین آدمیوں کی دولت کرونا وبا سے قبل 700 ارب ڈالرز تھی جو اَب 1500 ارب ڈالرز ہوگئی ہے۔

    فوربز میگزین کے ارب پتیوں کی فہرست سے لیے گئے اعداد و شمار کے مطابق وبا سے قبل 20 مہینوں میں ٹیسلا موٹرز کے مالک ایلون مسک کی دولت میں 10 گنا اضافہ ہوا اور وہ 294 بلین ڈالرز تک پہنچ گئی۔

    اسی عرصے کے دوران جب وال سٹریٹ پر ٹیکنالوجی کے ذخائر بڑھ رہے تھے، ایمازون کے مالک جیف بیزوس کی دولت 67 فی صد بڑھ کر 203 بلین ڈالر ہو گئی، فیس بک کے مارک زکربرگ کی دولت دگنی ہو کر 118 بلین ڈالر ہو گئی، جب کہ مائیکرو سافٹ کے بانی بل گیٹس کی دولت 31 فی صد بڑھ کر 137 بلین ڈالر ہو گئی۔

    آکسفیم کی رپورٹ کے مطابق وبا کے دوران ہی دوسری طرف دنیا بھر میں عدم مساوات کے باعث نہ صرف غربت بڑھی بلکہ ہر 4 سیکنڈز میں ایک موت بھی واقع ہوئی۔

  • ایلون مسک نے ایمیزون کے مالک کو ایک بار پھر شکست دے دی

    ایلون مسک نے ایمیزون کے مالک کو ایک بار پھر شکست دے دی

    اسپیکس ایکس اور ٹیسلا موٹرز جیسی کمپنیوں‌ کے مالک ایلون مسک نے ایک بار پھر ایمیزون کے مالک جیف بیزوس کو شکست دے کر امیر ترین شخص ہونے کا اعزاز چھین لیا۔

    ایلون مسک کی دولت کی مجموعی مالیت 230 بلین ڈالر تک پہنچ گئی ہے، جس کے بعد وہ ایمیزون کے مالک جیف بیزوس کو ایک بار پھر ہرانے میں کامیاب ہو گئے ہیں، مسک کی دولت اب بل گیٹس اور وارن بفٹ دونوں کی دولت سے بھی زیادہ ہو گئی ہے۔

    ایلون مسک گزشتہ سال کے وسط میں فوربز کی ٹاپ ٹین بلینئرز کی فہرست میں شامل ہوئے تھے، لیکن اب وہ اس پر راج کر رہے ہیں، اور بیزوس دوسرے نمبر پر چلے گئے ہیں۔

    ایلون مسک نے اس فتح کی خوشی ایک شریر ایموجی ٹوئٹ کرتے ہوئے منائی، انھوں نے جیف بیزوس کی ایک ٹوئٹ پر دوسرے نمبر کا میڈل ٹوئٹ کیا، یہ بتانے کے لیے ان کا حریف اس بار دوسرے نمبر پر آیا ہے۔

    ڈیلی میل کے مطابق اسپیس ایکس نے 8 اکتوبر کو 100 بلین ڈالر کے شئیرز فروخت کیے تھے، جس سے کمپنی کی دولت میں ایک دم اضافہ ہوا، شیئرز کی قیمت میں 33 فی صد اضافے نے کمپنی کے حصص کو 100 اعشاریہ 3 بلین تک پہنچا دیا جو فروری میں 74 بلین ڈالرز پر تھی۔

    واضح رہے کہ ایمیزون اور بلیو اوریجن کے بانی جیف بیزوس اس وقت 197 بلین ڈالرز کی مالیت کے ساتھ دنیا کے دوسرے امیر ترین شخص ہیں۔

  • ایمازون کے بانی نے استعفیٰ دے دیا، وجہ سامنے آ گئی

    ایمازون کے بانی نے استعفیٰ دے دیا، وجہ سامنے آ گئی

    واشنگٹن: دنیا کی مشہور ترین ای کامرس کمپنی ایمازون کے بانی اور سی ای او جیف بیزوس سے استعفیٰ دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق جیف بیزوس نے پیر کو ایمازون سے باس کی حیثیت سے استعفیٰ دے دیا ہے، 27 سال قبل جولائی 1994 میں انھوں نے اس کمپنی کی بنیاد رکھی تھی۔

    دنیا کی سب سے بڑی آن لائن کاروباری کمپنی ایمازون آج ایک ملٹی بلین ڈالر کمپنی ہے، بیزوس نے اپنے کیرئیر میں ایمازون کو بہت فائدہ دیا، انھوں نے ہمیشہ مستقبل کو دیکھتے کاروبار کیا جس کی وجہ سے کمپنی دنیا کی بہترین کمپنیز میں سے ایک ہے۔

    ایمازون پر ای کامرس کو متعارف کروانے میں بھی 57 سالہ بیزوس کا بہت بڑا کردار رہا ہے، اگرچہ اس کمپنی نے انیس سو چورانوے میں ایک آن لائن کتاب فروخت کرنے سے آغاز کیا تھا تاہم آج یہ ایک بہت بڑی ای کامرس کمپنی ہے، جس کی مالیت 1.7 ٹریلین ڈالر ہے۔

    اس کمپنی نے جیف بیزوس کو دنیا کے مال دار ترین افراد میں سے ایک بنا دیا تھا، اور ان کے اثاثوں کی مالیت 200 ارب ڈالر ہے۔

    جیف بیزوس گزشتہ ماہ سے ٹیکس نہ دینے کی وجہ سے خبروں کی زینت بنے ہوئے تھے، جس کی وجہ سے انھوں نے استعفی دینے کا فیصلہ کیا، بیزوس نے 2007 اور 2011 میں ٹیکس نہیں دیا تھا۔

    ان کے ساتھ کام کرنے والے افراد کا کہنا ہے کہ بیزوس نہ تو اپنے کام کو لے کر خودغرض تھے اور نہ ہی لاپروا، یہ ان کے خلاف سازش تھی۔ جیف بیزوس ریٹائرمنٹ کے بعد خلائی سفر کریں گے۔

    ایما زون دنیا کی سب سے بڑی آن لائن کاروباری کمپنی ہے، کرونا وبا کے دوران ایمازون کی آن لائن خریدو فروخت میں نمایاں اضافہ ہوا تھا، ایمازون پر دنیا بھر سے ہر قسم کے سامان کی خرید و فروخت ہوتی ہے اور انھوں نے صرف سال 2020 میں 386 ارب ڈالر کمائے جو کہ 2019 کے مقابلے میں 38 فی صد زیادہ تھے۔

    ایمازون پر خرید و فروخت کے لیے دنیا بھر کے کم از کم 104 ممالک سیلرز لسٹ پر ہیں، ان ممالک کے شہری اور کاروباری افراد ایمازون کی ویب سائٹ پر اپنی مصنوعات فروخت کے لیے رکھ سکتے ہیں۔

  • جیف بیزوس کے گھر کے باہر احتجاج کیوں ہوا؟

    جیف بیزوس کے گھر کے باہر احتجاج کیوں ہوا؟

    دنیا کے امیر ترین شخص جیف بیزوس کے گھر کے باہر لوگوں نے احتجاج شروع کردیا، مظاہرین کا مطالبہ تھا کہ جیف بیزوس ایمانداری سے ٹیکس ادا کریں۔

    بین الاقوامی یوب سائٹ کے مطابق دنیا کے سب سے امیر ترین شخص جیف بیزوس کے گھر کے باہر کروڑ پتی افراد نے جمع ہو کر احتجاج کیا اور ان سے مزید ٹیکس دینے کا مطالبہ کر دیا۔

    جیف بیزوس کا فلیٹ جس کی مالیت 10 ارب روپے ہے، اس کے باہر جمع ہونے والے شہریوں کا کہنا تھا کہ جیف بیزوس ایمانداری سے ٹیکس ادا نہیں کررہے۔

    مظاہرین کا کہنا تھا کہ ایمازون کے مالک نے کووڈ وبا کے دوران بے حساب دولت کمائی لیکن اسی شہر کے لوگ بے روزگاری اور مسائل میں گرفتار ہیں۔

    مظاہرین نے شہر میں اشتہاری بورڈ والے ٹرک بھی چلائے جن پر امیروں پر ٹیکس لگاؤ اور جیف بیزوس کی تصویر کے ساتھ مجھ سے ٹیکس لے کر دکھاؤ جیسے نعرے درج تھے۔

  • دنیا کے 2 امیر ترین افراد آمنے سامنے، وجہ؟

    دنیا کے 2 امیر ترین افراد آمنے سامنے، وجہ؟

    آج کل کی مصروف زندگی میں ہر شخص مقابلے اور مسابقت کا شکار نظر آتا ہے اور اپنے ارد گرد والوں سے آگے نکلنا چاہتا ہے، کچھ ایسا ہی حال دنیا کے 2 امیر ترین افراد کا بھی ہے جو اپنی دولت میں مزید اضافے اور ایک دوسرے سے آگے نکلنے کی تگ و دو میں مصروف ہیں۔

    امیزون کے بانی جیف بیزوز اور ٹیسلا و اسپیس ایکس کی ملکیت رکھنے والے ایلون مسک دنیا کے 2 امیر ترین افراد ہیں جو خلا کو تسخیر کرنا چاہتے ہیں اور اسی وجہ سے دنیا کے 2 امیر ترین افراد کے درمیان ایک جنگ کا آغاز ہوچکا ہے۔

    جیف بیزوز کی ملکیت میں موجود خلائی کمپنی بلیو اوریجن نے امریکا کے خلائی ادارے ناسا کی جانب سے ایلون مسک کی اسپیس ایکس ٹیم کو مختلف معاہدے دینے پر احتجاج کرتے ہوئے عدالت جانے کا اعلان کیا ہے۔

    تجزیہ کار ڈینئیل آئیوس نے بتایا کہ یہ صرف خلا کی جنگ نہیں، بلکہ انا کی جنگ بھی ہے، یہ ذاتی مسئلہ زیادہ بننے والا ہے۔

    57 سالہ جیف بیزوز بلیو اوریجن کے ساتھ ساتھ امیزون کے بھی بانی ہیں اور 202 ارب ڈالرز کے ساتھ دنیا کے امیر ترین شخص ہیں۔

    دوسری جانب 49 سالہ ایلون مسک ٹیسلا اور اسپیس ایکس کے ساتھ دیگر کمپنیوں کے بانی ہیں اور وہ 182 ارب ڈالرز کے ساتھ دنیا کے دوسرے امیر ترین شخص ہیں۔

    خلا کی تسخیر کا عزم رکھنے والی ان دونوں افراد کی کمپنیاں سیٹلائیٹ نیٹ ورکس کو تشکیل دے رہی ہیں تاکہ انٹرنیٹ سروس اور خلائی سیاحت کا مقصد حاصل کیا جاسکے۔

    اسپیس ایکس اور بلیو اوریجن کو اپنے بانیوں کے اثاثوں سے فائدہ تو ہوتا ہے مگر ان دونوں کے درمیان امریکی فوج یا خلائی اداروں کے معاہدوں کے لیے بھی مسابقت موجود ہے۔

    اس معاملے میں ایلون مسک کو جیف بیزوز پر واضح برتری حاصل ہے۔

    اسپیس ایکس نے اب تک زمین کے مدار میں سیکڑوں سیٹلائیٹس بھیجے ہیں جبکہ ایلون مسک نے مائیکرو سافٹ کے ساتھ ایک شراکت داری بھی قائم کی ہے۔

    مائیکرو سافٹ کلاؤڈ مارکیٹ میں امیزون کی سب سے بڑی حریف کمپنی ہے جس کے پلیٹ فارم کو استعمال کرکے اسپیس ایکس سیٹلائیٹ کی مدد سے انٹرنیٹ سروس فراہم کرے گی۔

    اس شراکت داری کا اعلان 2020 کے آخر میں کیا گیا تھا اور مائیکرو سافٹ نے یہ بھی بتایا ہے کہ وہ اسپیس ایکس کے ساتھ مل کر ایک حکومتی معاہدے کے تحت دماغی نظام کی اہلیت رکھنے والے سیٹلائیٹس تیار کرے گی، جو میزائلوں کو ٹریک اور انہیں روک سکے گا۔

    گزشتہ برس امریکی محکمہ دفاع نے 10 ارب ڈالرز کا کلاؤڈ کمپیوٹنگ کا کنٹریکٹ بھی امیزون کی بجائے مائیکرو سافٹ کو دیا۔ امیزون کا الزام ہے کہ سابق امریکی صدر جیف بیزوز اور ان کی کمپنی کے مخالف تھے اور اسی لیے یہ معاہدہ اسے نہیں مل سکا۔

    امریکی خلائی ادارے ناسا کو بھی اسپیس ایکس پر اعتماد ہے جس نے انٹرنیشنل اسپیس اسٹیشن تک خلا بازوں اور سپلائیز کو پہنچایا ہے۔ اس کے مقابلے میں بلیو اوریجن ناسا کا اعتماد حاصل کرنے میں کامیاب نہیں ہوسکی۔

    جیف بیزوز نے رواں سال کے شروع میں امیزون کے چیف ایگزیکٹیو کا عہدہ چھوڑنے کا اعلان کیا تھا اور بلیو اوریجن سمیت دیگر منصوبوں پر کام کرنے کا فیصلہ کیا۔

    جیف بیزوز کی جانب سے ایلون مسک کے مریخ پر انسانی آبادیاں بسانے کے منصوبوں کا مذاق بھی اڑایا جاتا ہے، جیف بیزوز نے واضح الفاظ میں کہا ہے کہ سرخ سیارہ انسانوں کے قیام کے لیے نہیں ہے۔

    سنہ 2019 میں ایک کانفرنس کے دوران انہوں نے کہا کہ کون مریخ پر منتقل ہونا چاہتا ہے؟ تو مجھ پر ایک احسان کریں اور ماؤنٹ ایورسٹ کی چوٹی پر ایک سال تک قیام کریں اور دیکھیں کیا آپ اسے پسند کریں گے، کیونکہ وہ مریخ کے مقابلے میں کسی جنت سے کم نہیں۔

    ایلون مسک اور جیف بیزوز کے درمیان یہ مسابقت خلا سے حاصل ہونے والی مالی مفادات کے لیے ہے۔ تجزیہ کاروں نے پیشگوئی کی ہے کہ خلا سے آمدنی کے منصوبوں پر بہت جلد کام شروع ہوجائے گا اور کھربوں ڈالرز کمائے جائیں گے۔

    تجزیہ نگاروں کے مطابق جیف بیزوز اور ایلون مسک جانتے ہیں کہ خلائی جنگ کے فاتح کا فیصلہ آئندہ ایک سے 2 سال میں ہوجائے گا۔